Tag: جیل

  • جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا معاملہ، اہم خبر آ گئی

    جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا معاملہ، اہم خبر آ گئی

    اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کرانے یا نہ کرانے سے متعلق جیل انتظامیہ کا اہم موقف سامنے آ گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو اڈیالہ جیل راولپنڈی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ان کی جیل میں اسیر تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کرانے یا نہ کرانے کا اختیار جیل انتظامیہ کے پاس نہیں ہے۔

    جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان جیل کی تحویل میں نہیں بلکہ راولپنڈی پولیس کی حراست میں ہیں۔ اس لیے ان سے ملاقات کے خواہشمند افراد پنڈی پولیس سے رابطہ کریں۔

    بانی پی ٹی آئی عمران خان تھانہ نیو ٹاؤن کے ایک مقدمے میں جسمانی ریمانڈ پر راولپنڈی پولیس کی حراست میں ہیں اور ان کے سیل کو راولپنڈی تھانہ نیو ٹاؤن کا حصہ قرار دیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ ہفتے عمران خان کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

    تاہم اس فیصلے کے چند گھنٹے بعد عمران خان کی گرفتاری تھانہ نیو ٹاؤن میں دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں ڈال دی گئی تھی

    بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور اسلام آباد سے کیسے نکلے ؟ ویڈیو سامنے آگئی 

     

    عمران خان سے متعلق خبریں

  • جیل سے رہائی کی خوشی میں گینگسٹرز کا جشن، پولیس نے دوبارہ بھیج دیا جیل

    جیل سے رہائی کی خوشی میں گینگسٹرز کا جشن، پولیس نے دوبارہ بھیج دیا جیل

    ممبئی: مہاراشٹرا کے ناسک شہر میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا، جیل سے رہائی کی خوشی میں گینگسٹر ہرشد پاٹنکر نے اپنے حامیوں کے ساتھ شہر میں جشن منایا، پولیس نے گینگسٹر کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے دوبارہ جیل روانہ کردیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گینگسٹر کے خلاف اقدام قتل، لوٹ مار، دہشت پیدا کرنا اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے جیسے متعدد مقدمات درج ہیں، 23 جولائی کو اس کی جیل سے رہائی ہوئی تھی۔

    گینگسٹر کی جانب سے رہائی کی خوشی میں جشن منانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ جس کے بعد پولیس بھی حرکت میں آگئی، پولیس نے اسے دوبارہ گرفتار کرکے جشن میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی ضبط کر لیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق گینگسٹر کی جانب سے رہائی کی خوشی میں نکالے گئے جلوس میں مہندرا ایکس یو وی 300 اور 10-15 بائک سمیت کئی گاڑیاں شامل تھیں۔ یہ جلوس بیتل نگر سے امبیڈکر چوک، سادھو واسوانی روڈ اور شرن پور روڈ تک نکالا گیا۔

    ایلون مسک کی ٹرانسجینڈر بیٹی نے والد کو بے نقاب کردیا

    اس دوران جلوس کے شرکا نے شدید نعرے بازی بھی کی، گینگسٹر کے حامیوں نے اس جلوس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی، جو تیزی سے وائرل ہوگئی اور پولیس کارروائی پر مجبور ہوئی۔

  • بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کو جیل میں عالمی قوانین کے تحت سہولت دینے کی درخواست دائر

    بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کو جیل میں عالمی قوانین کے تحت سہولت دینے کی درخواست دائر

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کو جیل میں عالمی قوانین کے تحت سہولت دینے کی درخواست دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کو جیل میں عالمی قوانین کے تحت سہولت دینے کی درخواست دائر کردی گئی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی، اہلیہ اور دیگرسیاسی قیدیوں کواعلیٰ کلاس کی سہولتیں دی جائیں، دونوں کے سیل اور فراہم سہولتوں کی رپورٹ طلب کی جائے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ جیل انتظامیہ کو عالمی کنونشنز،آئینی شقوں،جیل رولزپرعمل کاحکم دیاجائے اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے آنے والوں کی فہرست،دورانیہ پررپورٹ لی جائے۔

    درخواست میں مزید کہا گیا کہ پوچھا جائے بانی پی ٹی آئی کو کبھی قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، اگر ہاں تو کیا جواز ہیں؟

    درخواست میں سیکرٹری کابینہ،سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری قانون، چیف سیکرٹری پنجاب، نیب ، ایف آئی اے اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔

  • وزیراعلیٰ دہلی کو جیل میں کون مارنا چاہتا ہے؟

    وزیراعلیٰ دہلی کو جیل میں کون مارنا چاہتا ہے؟

    وزیراعلیٰ دہلی اروند کیجریوال جو شراب پرمٹ کیس میں تہاڑ جیل میں ہیں ان کی وزیر نے بی جے پی پر کجریوال کو جیل میں مارنے کی سازش کا الزام عائد کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں سی بی آئی اور ای ڈی کیسز کی خصوصی جج کاویری باویجا کے سامنے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ عام آدمی پارٹی کے سربراہ کیجریوال ذیابیطس ٹائپ 2 کے مریض ہیں اور اس کے باوجود وہ ہر روز آم اور مٹھائی جیسی ہائی شوگر والی چیزیں کھا رہے ہیں تاکہ انہیں طبی بنیاد پر ضمانت مل سکے۔

    رپورٹ کے مطابق دہلی حکومت کی وزیر آتشی نے ای ڈی کے اس بیان کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بی جے پی کر اروند کیجریوال کو جیل میں گھر سے آنے والے کھانے پر پابندی لگا کر ان کی جان لینے کی سازش کا الزام عائد کر دیا ہے۔

    سی بی آئی اور ای ڈی معاملوں کی خصوصی جج کاویری باویجا کے سامنے ای ڈی نے مذکورہ بالا دعویٰ کیا ہے۔ اس معاملے میں جج نے تہاڑ جیل کے افسران کو تفصیلی رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے جس میں کیجریوال کے کھانے کا چارٹ بھی شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔

    آتشی کا کہنا تھا کہ بی جے پی کیجریوال کی صحت کو نقصان پہنچانے کے لیے ای ڈی کا استعمال کر رہی ہے۔ ان کا عدالت میں اس بیان کا مقصد انہیں گھر سے ملنے والے کھانے پر پابندی لگوانا ہے جس کے بعد نہ جانے انہیں جیل میں کیسا کھانا دیا جائے جس سے ان کی صحت متاثر ہوسکتی ہے اور جان بھی جا سکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شوگر کے مریض کو ڈاکٹر اپنے ساتھ کیلا یا کوئی ٹافی، چاکلیٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہیں کیونکہ خون میں شوگر کی کمی سے زندگی کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ ای ڈی نے عدالت میں ان کے میٹھا کھانے کا جھوٹا بیان دیا۔

    پریس کانفرنس کے دوران آتشی نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے وزیراعلیٰ دہلی کے خون میں شگر کی سطح 300 ایم جی/ ڈی ایل سے زیادہ ہے، لیکن جیل افسران انہیں انسولین لینے کی اجازت نہیں دے رہے۔ عدالت میں بیان اور جیل افسران کا یہ اقدام کیجریوال کیلیے گھر سے آنے والے کھانے پر پابندی لگانے اور ان کی جان لینے کی سازش ہے۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں کس طرح وقت گزار رہے ہیں؟ وکیل نے احوال بتا دیا

    چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں کس طرح وقت گزار رہے ہیں؟ وکیل نے احوال بتا دیا

    اٹک: جیل میں سماعت کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے جیل کا احوال بتادیا۔

    تفصیلات کے مطابق سائفرکیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں تیرہ ستمبر تک توسیع کردی گئی۔

    ڈپٹی سپرٹنڈنٹ جیل اٹک کے دفتر میں سائفر کیس کی سماعت ہوئی، عدالتی عملے، ایف آئی اے حکام اورپی ٹی آئی وکلا کی موجودگی میں چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کیا گیا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین سماعت کے بعد اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات اور سماعت کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، 15 منٹ کی بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفرپر اپنا مؤقف دیا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے بتایا کہ سائفر کی اصل دستاویز دفتر خارجہ کے پاس رہتی ہے، سائفر کی اصل دستاویز دفترخارجہ میں ہے تو یہ مقدمہ کس بات کا ہے ایسی دستاویز کی صرف کاپی متعلقہ حکام کو دی جاتی ہے،۔

    وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ سائفر کو کابینہ نے ڈی کلاسیفائیڈ کیا تو یہ آفیشل سیکرٹ نہیں رہا، ڈی کلاسیفائیڈ ہونے کے بعد معاملہ قومی سلامتی کونسل میں بھی رکھا گیا، قومی سلامتی کونسل میں سائفر آنے کے بعد سیکریٹری خارجہ نے سائفر پر ڈی مارش بھی کیا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے مزید کہا کہ سائفر کیس میں کسی بھی جرم کا اطلاق چیئرمین پی ٹی آئی پر نہیں ہوتا، چیئرمین پی ٹی آئی کا جوڈیشل ریمانڈ رات کے اندھیرے میں لیا گیا۔

    وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سائفر کیس میں جلد ضمانت پر رہا ہونگے، بدقسمتی سے جیل کے اندر کیس کی سماعت کی جارہی ہے۔

    جیل کا احوال

    وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ چیئرمین صاحب جیل میں کسی چیز سے پریشان نہیں ہیں، انہوں نےکہا پہلے 7 دن صرف دال روٹی کھائی اب کبھی کبھی مرغی کا شوربہ مل جاتا ہے۔

    وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ چھوٹا سا کمرہ ہے، ایک کموڈ، فلیش ہے، چیئرمین صاحب نے کہا اپنا وقت کتابیں پڑھ کر گزارتا ہوں، انہوں نے کہا پاکستان اور سیاسی تاریخ پرکتابیں دی جائیں۔

    ’’چیئرمین پی ٹی آئی نےکہا پاکستان بھی جیل کی مانند ہے، انہوں نے کہا چھوٹا سیل ہے مگر میں ایڈجسٹ کرچکا ہوں، چیئرمین پی ٹی آئی کو اب ایک ملزم کی طرح ٹریٹ کیا جارہا ہے‘‘۔

    وکلاچیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی خوش تھے کہ انہیں پین اور کاغذ فراہم کردی گئی، وہ بالکل ٹھیک اور فریش ہیں آج شیو بھی بنائی ہوئی تھی۔

  • سعودی عرب میں اطالوی ایئر ہوسٹس کو 6 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا

    سعودی عرب میں اطالوی ایئر ہوسٹس کو 6 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا

    روم: سعودی عدالت نے جمعرات کو ایک اطالوی ایئر ہوسٹس کو منشیات رکھنے کے الزام میں سنائی گئی چھ ماہ کی سزا کو برقرار رکھا اور جیل بھیجنے کا حکم دیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی وینیٹو کے صوبے ٹریویزو کے ریسانا سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ الاریہ ڈی روز کو اب نومبر تک جدہ کی جیل میں رہنا ہوگا۔

    لتھونین کمپنی ایون ایکسپریس کی فلائٹ اٹینڈنٹ کو 5 مئی کو سعودی عرب میں ایک پارٹی میں مبینہ طور پر چرس لے جانے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق 24 سالہ الاریہ ڈی روز نے شروع سے ہی اپنے خلاف الزامات کی تردید کی ہے۔

  • جیل میں قیدی خواتین سے ناروا سلوک کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا گیا: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب

    جیل میں قیدی خواتین سے ناروا سلوک کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا گیا: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ جیل میں قیدی خواتین سے ناروا سلوک کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا گیا، 500 خواتین 9 مئی کے واقعات میں مطلوب تھیں لیکن گرفتاری سے گریز کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات کے دوران نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جیل میں قیدی خواتین سے ناروا سلوک کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا گیا، 2، 2 سال کی پرانی ویڈیوز دکھا کر بے بنیاد پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے میں ملوث 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، پورے پنجاب سے مجموعی طور پر 32 خواتین کو گرفتار کیا گیا جبکہ 21 کو رہا کر دیا گیا۔

    نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جیل میں خواتین کو جیل مینوئل کے مطابق رکھا گیا ہے۔ 500 خواتین 9 مئی کے واقعات میں مطلوب تھیں لیکن گرفتاری سے گریز کیا گیا۔

    محسن نقوی نے مزید کہا کہ معاشی صورتحال میں بہتری کے حوالے سے جلد اچھی خبریں آئیں گی، نگران حکومت 4 ماہ کا بجٹ پیش کرے گی۔

  • پی ٹی آئی رہنما ملک عامر ڈوگر جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار

    پی ٹی آئی رہنما ملک عامر ڈوگر جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار

    ملتان: پولیس نے سابق ایم این اے ملک عامر ڈوگر جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کرلیا ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق ایم این اے ملک عامر ڈوگر کو پولیس نے جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کرلیا، ملک عامر ڈوگر 12 روز  بعد جھنگ جیل سے رہا ہوئے تھے۔

    ملتان، ملک عامر ڈوگر کو ہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا

    ملک عامر ڈوگر نے اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرفتاریاں، دہشتگردی کے مقدمات ہمارے ارادے کمزور نہیں کر سکتے، نو مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتا ہوں۔

    سابق ایم این اے ملک عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ ایک بار پھر ملتان پولیس مجھے گرفتار کر کے لے جارہی ہے۔

  • جیل جو کسی فائیو اسٹار ہوٹل سے کم نہیں

    جیل جو کسی فائیو اسٹار ہوٹل سے کم نہیں

    آپ نے دنیا کی سب سے خطرناک جیل کے بارے میں تو کئی جگہ پڑھا ہوگا لیکن آپ یہ سن کر حیران ہوجائیں گے کہ دنیا میں ایک مجرم کے لیے پرتعش جیل ہوسکتی ہے۔

    اس جیل میں  فائیو اسٹار ہوٹل جیسے کمرے موجود ہیں جن میں فلیٹ اسکرین ٹی وی، باتھ روم اور کچن سمیت دیگر سہولیات بھی موجود ہیں۔

    یورپی ملک ناروے کی ہالڈن نامی جیل ہے جہاں مجرموں کے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا جاتا ہے، اس جیل میں قتل اور دیگر سنگین جرائم میں سزا پانے والے قیدیوں کو پرتعیش کمروں میں رکھا جاتا ہے جہاں وہ سپر مارکیٹ، جم اور جدید ترین ریکارڈنگ اسٹوڈیو جیسی سہولیات سے مستفید ہوتے ہیں۔

    یہاں تک کہ ان قیدیوں کو ہر ہفتے کے اختتام پر اپنے خاندان کے ساتھ ایک خصوصی فیملی لاج میں رہنے کی اجازت بھی حاصل ہے، اس جیل کو دینا کا بہترین جیل کہا جاتا ہے۔

    ناروے کے حکام کے مطابق ہماری جیلوں کے لیے سخت ترین سکیورٹی کی بجائے زیادہ سے زیادہ آرام پہنچانے کو ترجیح دی جاتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں جرائم کی شرح دنیا میں سب سے کم ہے۔

    اس جگہ کا ڈیزائن دانستہ طور پر ایسا رکھا گیا ہے کہ یہ کسی طرح جیل نظر نہ آئے، اس جیل کی کھڑکیوں یا دروازوں میں سلاخیں نہیں اور یہ ایک سر سبز جنگل کے درمیان 78 ایکڑ رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔

    اس جیل میں دانتوں کی سرجری بھی کرائی جاسکتی ہے جبکہ سپر مارکیٹ میں ایسے تمام کھانے دستیاب ہیں جن تک رسائی کے بارے میں عام افراد سوچ بھی نہیں سکتے۔

    اس جیل میں قیدیوں کو کمپیوٹر کی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ مختلف تکنیکی کام بھی سکھائے جاتے ہیں تاکہ وہ جیل سے نکلنے کے بعد بیروزگاری سے بچ سکیں۔

  • جیل بھرو تحریک کا چھٹا روز، رہنماؤں کیخلاف مزید مقدمات درج

    جیل بھرو تحریک کا چھٹا روز، رہنماؤں کیخلاف مزید مقدمات درج

    سرگودھا/ سیالکوٹ / گجرانوالہ: پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے چھٹے روز بھی کارکنان کی جانب سے گرفتاریاں دینے کا سلسلہ جاری رہا، رہنماؤں کیخلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے پی ٹی آئی کے گرفتار مزید رہنماؤں کیخلاف16ایم پی او کے تحت مقدمات درج کرلیے، سیالکوٹ سے سعید احمد، شمس پرویز سمیت 12رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر میں پی ٹی آئی رہنماؤں پر بلا اجازت جلوس، ہلڑبازی اور امن و امان میں خلل ڈالنے کے الزام عائد کیے گئے ہیں، مذکورہ رہنماؤں کا تعلق سیالکوٹ، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں سمیت دیگر علاقوں سے ہے مقدمہ سیٹلائٹ ٹاون تھانہ میں درج کیا گیا۔

    سرگودھا میں پی ٹی آئی کے عنصرمجید نیازی اور مقامی رہنماؤں سمیت 47کارکنوں نے گرفتاری دے دی، جیل بھرو تحریک میں گرفتار افراد کو مختلف تھانوں کے حوالات میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کے گرفتار افراد کو مقامی جیل سے دوسرے اضلاع بھجوا دیا گیا ہے، گرفتار40افراد کو پاکپتن جیل بھجوایا گیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے75گرفتار کارکنان کو لودھراں جیل منتقل کیا گیاہے۔

    علاوہ ازیں لاڑکانہ میں بھی پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں کارکنان میں کوش و خروش پایا جارہا ہے، قمبر، شہداد کوٹ ضلع میں پی ٹی آئی کارکنوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا کارکنوں کی فہرست اور تیاری کا عمل جاری ہے۔