Tag: جیل

  • گوانتانامو بے جیل میں 19 سال سے قید پاکستانی شہری رہائی کے بعد گھر پہنچ گیا

    گوانتانامو بے جیل میں 19 سال سے قید پاکستانی شہری رہائی کے بعد گھر پہنچ گیا

    اسلام آباد: امریکا کی گوانتانامو بے جیل میں 19 سال سے قید پاکستانی شہری سیف اللہ پراچہ کو رہا کردیا گیا جس کے بعد وہ اپنے گھر کراچی پہنچ گئے، انہیں سنہ 2003 میں بنکاک ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ گوانتانامو بے جیل میں قید پاکستانی شہری سیف اللہ پراچہ کو رہا کر دیا گیا، گوانتانامو بے جیل سے رہا ہونے کے بعد سیف اللہ پراچہ پاکستان پہنچ گئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ نے سیف اللہ پراچہ کی وطن واپسی کے لیے وسیع انٹر ایجنسی عمل مکمل کیا، خوشی ہے بیرون ملک زیر حراست پاکستانی شہری بالآخر اپنے خاندان سے مل گیا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سیف اللہ پراچہ کو امریکی سی آئی اے نے جولائی سنہ 2003 میں بنکاک ایئر پورٹ سے حراست میں لیا تھا۔

    بعد ازاں انہیں افغانستان کے بگرام ایئر بیس پر منتقل کیا گیا جہاں انہیں بتایا گیا کہ انہیں القاعدہ کو معاونت فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    حراست میں لیے جانے کے بعد ستمبر 2004 تک سیف اللہ پراچہ کو افغانستان میں بگرام کے فضائی اڈے پر واقع حراستی مرکز میں قید رکھا گیا اور پھر گوانتانامو بے کی امریکی جیل منتقل کر دیا گیا۔

    گوانتا نامو میں وہ 17 سال تک قید میں رہنے والے واحد قیدی تھے جن پر نہ تو کوئی فرد جرم عائد کی گئی ہے اور نہ ہی ان پر مقدمہ چلایا گیا، ان کی اپنے گھر واپسی اب 19 برس بعد ہو رہی ہے۔

  • سعودی شاعر کو قید کی سزا کیوں ہوئی؟

    سعودی شاعر کو قید کی سزا کیوں ہوئی؟

    ریاض: سعودی عرب میں ایک سعودی شاعر کو ایک معروف شخصیت کے خلاف جھوٹے دعویٰ پر جیل کی ہوا کھانی پڑ گئی، عدالت نے شاعر کو قید کی سزا سنائی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سنیپ چیٹ اسٹار سعودی شاعر کو سنیپ چیٹ کی ایک معروف شخصیت ولید الدواس کے خلاف دعویٰ دائر کرنا مہنگا پڑ گیا، جھوٹے دعوے نے اسے جیل پہنچا دیا۔

    سعودی شاعر نے دعوے میں خود کو بدنام کرنے اور سماج میں اس کی حیثیت کو نقصان پہنچانے پر معاوضے کا مطالبہ کیا تھا۔

    بریدہ فوجداری عدالت نے دعویٰ مسترد کرتے ہوئے جھوٹے دعوے پر قید کی سزا سنا دی۔

    سعوی عرب میں دعویٰ قانون کی دفعہ 3 کے مطابق اگر کوئی شخص کسی کے خلاف جھوٹا دعویٰ دائر کرے اور اپنے حریف کو نقصان پہنچانے کے لیے غلط بیانی سے کام لے اور اسے معلوم ہو کہ وہ اپنے دعوے میں حق بجانب نہیں تو ایسی صورت میں جھوٹے دعوے دار کو قید کی سزا دی جاتی ہے۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ دعوے کے حق میں جن باتوں کا تذکرہ کیا گیا وہ درست نہیں تھیں جبکہ ولید الدواس نے بھی ان کی تردید کی تھی۔

  • قیدی جیل کا ٹوائلٹ توڑ کر فرار

    قیدی جیل کا ٹوائلٹ توڑ کر فرار

    بیلجیئم میں گرفتار ہونے والا ایک ملزم تھوڑی دیر بعد ہی جیل کا ٹوائلٹ توڑ کر فرار ہوگیا، قیدی قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق بیلجیئم کے شہر برسلز میں 25 سالہ شخص گرفتاری کے چند گھنٹے بعد ہی جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، اس نے دیوار کے ساتھ نصب ٹوائلٹ توڑا اور سیوریج کا سورخ بڑا کر کے فرار ہو گیا۔

    برسلز پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مفرور ملزم نے سیوریج ہول کو توڑ کر صرف اتنا ہی سوراخ بڑا کیا، جتنا کہ اے فور سائز کا پیپر ہوتا ہے۔

    ترجمان کے مطابق اس سوراخ کے ذریعے اس قیدی نے جیل میں موجود زیر زمین راہداری تک رسائی حاصل کی، جہاں وہ ایک کھڑکی سے باہر سڑک تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔

    اس واقعے کے وقت حراستی سیل میں موجود سیکیورٹی کیمرے کام نہیں کر رہے تھے۔

    مشتبہ شخص قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور منشیات سے متعلق الزامات میں ویسٹ فلینڈرز پراسیکیوٹر کے دفتر کو مطلوب تھا۔

    اس شخص کو پولیس کے سامنے پیش ہونے کے حکم کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں رواں ہفتے پیر کے روز گرفتار کیا گیا تھا، جس کے چند گھنٹے بعد ہی وہ جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

  • خطرناک قیدی خاتون کا حلیہ بنا کر جیل سے فرار

    خطرناک قیدی خاتون کا حلیہ بنا کر جیل سے فرار

    جنوبی امریکی ملک پیراگوئے میں ایک خطرناک قیدی خاتون کا حلیہ بنا کر جیل کے محافظوں کے سامنے سے نہایت آسانی سے گزرا اور جیل سے فرار ہوگیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق جنوبی امریکی ملک پیراگوئے میں گزشتہ دنوں ایک خطرناک قیدی کے جیل سے فرار ہونے کی خبر سامنے آئی تھی، جو اس لیے دلچسپی کا باعث بنا کہ فرار ہونے والا مجرم خاتون جیسا حلیہ بدل کر گارڈز کے سامنے سے پیدل چلتے ہوئے جیل سے نکلا۔

    اس کے اس اقدام پر اسے گوردیٹو لینڈو (کیوٹ فیٹی) کی عرفیت دی گئی۔

    روٹیلا کرائم گینگ کے سرغنہ سیزر اورٹز کے پیراگوئے کی جیل کے مرکزی گیٹ سے چلتے ہوئے نکلنے کی اطلاع سامنے آئی تو حکام دم بخود رہ گئے۔

    اس حوالے سے تصاویر کے مطابق اس نے لمبے بالوں والی وگ، آئی لیشز، لپ اسٹک، فنگر نیلز اور خواتین کے مخصوص لباس کا استعمال کیا۔

    ہوا یوں کہ ایک خاتون جب اس سے ملنے کے لیے اس کے پرائیوٹ کمرے میں آئیں تو یہ اس کے ساتھ نظر آیا، بعد ازاں یہ خاتون جیسا حلیہ بدل کر باآسانی باہر نکل گیا۔

    تاہم اس کے فرار کا یہ منصوبہ چند گھنٹوں پر ہی محیط رہا اور پولیس نے اسے دوبارہ پکڑ کر مزید محفوظ قید خانے میں منتقل کردیا۔

    سیزر اورٹز لوگوں پر جسمانی حملے اور ڈکیتی جیسے جرائم پر قید کی سزا کاٹ رہا ہے، تاہم اب اس کی سزا مزید بڑھ سکتی ہے۔

  • معروف گلوکارہ شکیرا کو جیل بھیجے جانے کا امکان

    معروف گلوکارہ شکیرا کو جیل بھیجے جانے کا امکان

    معروف کولمبین گلوکارہ شکیرا کو ٹیکس فراڈ کے مقدمے میں مشکلات کا سامنا ہے، حال ہی میں ان کی اپیل مسترد کردی گئی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسپین کی ایک عدالت نے ٹیکس فراڈ کے مقدمے میں کولمبین گلوکارہ شکیرا کی اپیل مسترد کر دی ہے۔

    دورانِ سماعت ایک جج نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ پاپ اسٹار نے ریاست کے لیے اپنی مالی ذمہ داریوں سے بچنے کے لیے کئی اقدامات کیے جس کے کافی ثبوت موجود ہیں۔

    یہ کیس دسمبر 2018 میں پہلی بار سرخیوں میں آیا تھا جب ہسپانوی پراسیکیوٹرز نے گلوکار پر 2012 اور 2014 کے درمیان کمائی گئی آمدنی پر 14.5 ملین یورو ٹیکس کی عدم ادائیگی کا الزام لگایا۔

    45 سالہ شکیرا نے جون 2019 میں گواہی دیتے ہوئے کسی بھی غلط کام سے انکار کیا، استغاثہ کا الزام ہے کہ شکیرا بہاماز میں اپنی رہائش گاہ ہونے کے باوجود زیادہ تر اسپین میں رہتی تھیں۔

    جمعرات کو جاری کیے گئے اپنے فیصلے میں، ہسپانوی عدالت کا کہنا تھا کہ شواہد سے پتہ چلتا ہے شکیرا اسپین کی ایک عادی رہائشی تھیں۔

    عدالت نے مزید کہا کہ دستاویزات کسی دوسرے ملک میں ٹیکس کے مقاصد کے لیے ان کی رہائش کو ثابت کرنے میں ناکام رہے۔

    عدالت نے جولائی کے اس فیصلے کو برقرار رکھا جس میں ہسپانوی جج مارکو جوبیریاس نے لکھا تھا کہ ان کی 3 سالہ تحقیقات میں پایا گیا کہ مقدمہ چلانے کے لیے جرائم کے کافی ثبوت موجود ہیں۔

    شکیرا کی تعلقات عامہ کی فرم نے جمعرات کو کہا کہ اسپین کے ٹیکس آفس کی طرف سے قرض کے بارے میں مطلع ہونے کے بعد اس نے فوری طور پر اپنی واجب الادا رقم ادا کر دی ہے۔

    پی آر فرم نے ایک بیان میں کہا کہ ٹیکس کے معاملات پر شکیرا کا طرز عمل ان تمام ممالک میں ہمیشہ ہی بے عیب رہا ہے جہاں انہیں ٹیکس ادا کرنا پڑا، اور انہوں نے بہترین ماہرین اور مشیروں کی سفارشات پر بھروسے اور وفاداری سے عمل کیا ہے۔

    بیان کے مطابق شکیرا کی قانونی ٹیم اپنی بے گناہی کا دفاع کرتی رہے گی، گلوکارہ کو ٹیکس چوری کا الزام ثابت ہونے پر ممکنہ جرمانے اور جیل کی سزا کا سامنا ہے۔

    تاہم، ایک جج پہلی بار مجرموں کے لیے قید کا وقت معاف کر سکتا ہے، اگر ایسا نہ ہوا تو انہیں دو سال سے کم قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔

  • جیلوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹ طلب

    جیلوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹ طلب

    اسلام آباد: چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے جیلوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذمہ داران سے رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے کہا کہ بظاہر غیر انسانی رویے کے ذمے دار چیف منسٹر اور چیف ایگزیکٹو ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں جیلوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کیس کی سماعت ہوئی، درخواست اڈیالہ جیل کے قیدی کی جانب سے دی گئی، کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ جیل وزٹ کے لئے میڈیا کو جانے کی اجازت کیوں نہیں ہے؟ جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ نے جواب دیا کہ جس صحافی کو جانا ہے وہ وزارت داخلہ کو درخواست دے۔

    انہوں نے کہا کہ جیل میں صرف غریب قیدی ہیں، کچھ قیدی ایسے ہیں کہ درخواست بھی نہیں لکھ سکتے۔ جیل کے اندر انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی کی جا رہی ہے، وفاقی حکومت کا کام ہے کہ تمام معاملات دیکھے۔

    دوران سماعت عدالت کا کہنا تھا کہ بظاہر غیر انسانی رویے کے ذمے دار چیف منسٹر اور چیف ایگزیکٹو ہیں، کیوں نہ غیر انسانی رویے کی وجہ سے قیدیوں کو معاوضہ دیا جائے؟

    عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ ایک سال قبل قیدیوں سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر حکم دیا تھا، ریاست اپنے شہریوں پر ظلم نہیں کر سکتی اگر ظلم ہو رہا ہے تو کوئی ذمہ دار ہوگا۔

    چیف جسٹس نے 1 ماہ میں وزارت انسانی حقوق سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

  • آریان خان جیل میں ذہنی الجھنوں اور بے آرامی کا شکار

    آریان خان جیل میں ذہنی الجھنوں اور بے آرامی کا شکار

    نئی دہلی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان جیل میں ذہنی الجھنوں اور بے آرامی کا شکار ہوگئے، ان کی درخواست ضمانت پر گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا گیا ہے۔

    بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ کے صاحبزادے آریان خان جیل میں بے آرام اور پریشان دکھائی دیتے ہیں جبکہ وہ ذہنی الجھن کا شکار بھی ہیں۔

    جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات کیس میں ممبئی کی آرتھر جیل میں موجود آریان خان اور دیگر ملزمان کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر جیل کی الگ الگ بیرکس میں رکھا گیا ہے۔

    ممبئی کی خصوصی عدالت میں گزشتہ روز بھی آریان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جس میں جج نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

    جج نے کہا ہے کہ فیصلہ 20 اکتوبر کو سنایاجائے گا تب تک آریان خان جیل میں رہیں گے۔

    آریان خان 3 اکتوبر سے پولیس کی حراست میں ہیں،ان پر ممبئی کے کروز شپ تک ممنوعہ منشیات لے جانے کا الزام لگایا گیا ہے۔

    اس مقدمے میں 20 کے قریب افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے آریان خان پر منشیات سے متعلق سنگین الزامات لگائے ہیں۔

  • انڈونیشیا کی جیل میں ہولناک آتشزدگی، 41 قیدی ہلاک

    انڈونیشیا کی جیل میں ہولناک آتشزدگی، 41 قیدی ہلاک

    جکارتہ: انڈونیشیا کی جیل میں آگ لگنے سے 41 قیدی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جکارتہ پولیس چیف نے بتایا کہ جکارتہ کے قریب واقع تانگیر انگ جیل میں رات گئے آگ لگنے سے 41 قیدی ہلاک ہوئے، 8 شدید زخمی اور 72 معمولی زخمی ہوئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ جیل میں آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ سے لگی جس پر فائر فائٹرز نے صبح تک قابو پالیا۔ جب آگ لگی اس وقت زیادہ تر قیدی سو رہے تھے۔

    پولیس کے مطابق آگ سے متاثرہ جیل کے 40 قیدیوں کی گنجائش والے بلاک میں 120 قیدی رکھے گئے تھے، اس بلاک میں منشیات سے متعلق جرائم کی سزا کاٹنے والے قیدیوں کو رکھا جاتا ہے۔

  • پنجاب کی جیلوں میں 80 فیصد سے زائد قیدیوں اور عملے کی کرونا ویکسی نیشن

    پنجاب کی جیلوں میں 80 فیصد سے زائد قیدیوں اور عملے کی کرونا ویکسی نیشن

    لاہور: صوبہ پنجاب کی جیلوں میں 80 فیصد سے زائد قیدیوں اور عملے کو کرونا ویکسین لگا دی گئی، 48 ہزار میں سے 38 ہزار قیدیوں کو کرونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی جیلوں میں کرونا ویکسی نیشن کا عمل تیز کردیا گیا، 80 فیصد سے زائد قیدیوں اور عملے کو ویکسین لگا دی گئی۔

    جیل حکام کا کہنا ہے کہ 48 ہزار میں سے 38 ہزار قیدیوں کو کرونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگا دی گئی جبکہ 12 ہزار کے عملے میں سے 9 ہزار 800 افراد کی ویکسی نیشن کرلی گئی۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 7.8 فیصد ہوچکی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک میں 4 ہزار 119 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

    گزشتہ روز ملک میں کووڈ 19 کے 44 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 23 ہزار 133 ہوچکی ہے۔

    ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 7 لاکھ سے زائد افراد کو کرونا ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 54 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگ چکی ہیں۔

  • امریکا: گھر میں آگ لگا کر بچوں کو مارنے والی ماں رہا!

    امریکا: گھر میں آگ لگا کر بچوں کو مارنے والی ماں رہا!

    امریکا میں ایک خاتون کو تہرے قتل کے الزام میں 32 سال بعد جیل سے رہا کردیا گیا۔ خاتون پر الزام تھا کہ انہوں نے دانستہ طور پر گھر کو آگ لگا کر بچوں کو مار ڈالا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست کیلی فورنیا کی رہائشی 59 سالہ جو این پارکس کو سنہ 1989 میں گرفتار کیا گیا تھا، ان کے گھر میں آگ لگی تھی جس میں ان کے تینوں بچے ہلاک ہوگئے تھے۔

    پولیس کے مطابق لونگ روم میں رکھے گئے وی سی آر کی ایک تار خراب تھی جہاں سے آگ شروع ہوئی، بعد ازاں آگ بچوں کے کمرے تک پھیل گئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ایسے شواہد ملے جس سے ماں کی غفلت اور لاپرواہی ظاہر ہوتی تھی، بچوں کے کمرے میں بھاری فرنیچر رکھا گیا تھا جس کی وجہ سے باہر نکلنے کا راستہ بھی بلاک تھا۔

    ایک پڑوسی نے پولیس کو بیان دیا کہ پارکس اپنے بچوں کا خیال نہیں رکھتی تھی، اس نے ایک بار ایک بچے کو فرش سے کتے کا کھانا اٹھا کر کھاتے دیکھا تھا۔

    ادھر ماں نے اپنے بیان میں کہا کہ آتشزگی کی رات وہ بچوں کے چیخنے کی آوازوں سے نیند سے اٹھی، آگ اتنی شدید تھی کہ وہ بچوں کے کمرے تک نہیں پہنچ سکتی تھی۔ وہ باہر نکل کر پڑوسیوں تک گئی لیکن پڑوسی بھی بچوں تک نہیں پہنچ سکے۔

    سنہ 2011 میں ججز کے ایک پینل نے واقعے کو حادثہ قرار دیا، تب تک پارکس 2 دہائیاں جیل میں گزار چکی تھی۔

    دی انوسینس نامی ایک ادارے کی کوششوں سے، جو بے گناہ قیدیوں کے لیے کام کرتے ہیں، پارکس کا کیس دوبارہ چلا اور بالآخر 32 سال بعد اسے ضمانت پر جیل سے رہا کردیا گیا۔ پارکس کا کیس عدالت میں جاری ہے۔