Tag: جیل

  • جیلوں میں موجود متعدد قیدی کرونا وائرس کا شکار

    جیلوں میں موجود متعدد قیدی کرونا وائرس کا شکار

    اسلام آباد: جیلوں میں قید خواتین کی حالت زار سے متعلق از خود نوٹس کیس میں وفاقی محتسب نے پیش رفت رپورٹ میں بتایا کہ متعدد قیدی کرونا وائرس کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جیلوں میں قید خواتین کی حالت زار سے متعلق از خود نوٹس کیس میں وفاقی محتسب نے آٹھویں پیش رفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی، رپورٹ میں سینکڑوں کرونا کا شکار قیدی جیلوں میں قید ہونے کا انکشاف ہوا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ کی جیلوں میں سب سے زیادہ 291 کرونا مثبت قیدی موجود ہیں، پختونخواہ میں 126، بلوچستان میں 80، پنجاب کی جیلوں میں 3 کرونا مثبت قیدی موجود ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے علاوہ تینوں صوبوں کی جیلوں میں استعداد سے زیادہ قیدی موجود ہیں، صوبوں میں سب سے زیادہ خواتین پنجاب کی جیلوں میں قید ہیں۔

    وفاقی محتسب نے رپورٹ میں ہر ضلع اور اسلام آباد میں جیل قائم کرنے کی تجویز دی، محتسب کی جانب سے کہا گیا کہ جیلوں میں خواتین، کمسن اور نشے کے عادی قیدیوں کے لیے الگ جگہ مختص ہونی چاہیئے۔ قیدیوں کی فلاح اور تعلیم کے لیے مناسب انتظام کیا جائے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ وفاق اور صوبوں کے ہر ضلع میں جیلیں قائم کرنے کا کام جاری ہے، وفاق اور صوبوں نے انڈر ٹرائل قیدیوں کی قانونی امداد کے لیے کمیٹیاں قائم کر دی ہیں، قیدیوں کی تعلیم اور ہنر سکھانے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

  • جیل سے فرار کی کوشش میں چور بری طرح پھنس گیا

    جیل سے فرار کی کوشش میں چور بری طرح پھنس گیا

    برازیل میں ایک چور جیل سے فرار ہونے کی کوشش میں ایسا پھنسا کہ پھر پولیس کو ہی اس کی مدد کرنی پڑی، چور دروازے میں سوراخ کر کے فرار کی کوشش میں وہیں پھنس گیا۔

    یہ انوکھا واقعہ برازیل کی ایک جیل میں پیش آیا جہاں ایک 18 سالہ چور نے دورازے میں سوراخ کر کے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی۔

    تاہم وہ سوراخ میں پھنس گیا اور اس کا آدھا دھڑ ایک طرف اور بقیہ آدھا دوسری طرف ہوا میں لٹک گیا۔

    پولیس اہلکاروں نے اسے اس حالت میں دیکھا تو اس کی مدد کرنے کی کوشش کی، پہلے دروازے کو تیل لگایا گیا جبکہ اس کی ہوا میں لٹکتی ٹانگوں کے نیچے کرسی رکھی گئی۔

    بعد ازاں فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکار پولیس اسٹیشن پہنچے اور دروازے کو ہائیڈرولک اوزار کی مدد سے توڑا جس کے بعد چور کو دروازے سے نجات ملی۔

    رہائی کے بعد چور کو ایک بار پھر اس کے سیل میں پہنچا دیا گیا۔

    مذکورہ چور کو ایک دکان لوٹنے کے جرم میں سزا دی گئی تھی جہاں اس نے ایک گھڑی اور 48 ڈالرز چرائے تھے۔ اس پر ایک گودام میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہونے کا بھی الزام ہے تاہم وہاں سے وہ کچھ نہیں چرا سکا۔

  • قیدیوں کو ‘بے بی شارک’ سننے کی سزا

    قیدیوں کو ‘بے بی شارک’ سننے کی سزا

    امریکا میں جیل کے 3 ملازمین کو قیدیوں کو انوکھی لیکن تکلیف دہ سزا دینے پر عدالتی کارروائی کا سامنا ہے، ملازمین کو جیل کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

    امریکی ریاست اوکلاہوما میں جیل کے 2 سابق ملازمین اور ان کا سپروائزر پولیس کے زیر تفتیش ہے، جیل ملازمین نے قیدیوں کو سزا کے طور پر بلند آواز میں بار بار گانا سننے پر مجبور کیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق 21 سالہ جیل ملازمین قیدیوں کو دیوار کے ساتھ ہتھکڑیوں سے باندھ دیتے اور بلند آواز میں بچوں کا مقبول گانا بے بی شارک چلا دیتے۔ قیدیوں کو یہ گانا بطور سزا کئی گھنٹوں تک بار بار سنایا جاتا۔

    دونوں ملزمان پر قیدیوں سے ناروا سلوک رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، ان کے 50 سالہ سپروائزر کو بھی اس کا ذمہ دار بنایا گیا ہے جو قوانین کی اس خلاف ورزی کو جانتے ہوئے بھی خاموش رہا۔

    ڈسٹرکٹ اٹارنی کا کہنا ہے کہ اگر ان کے اختیار میں ہوتا تو وہ تینوں پر اس سے بھی سنگین الزامات عائد کرتے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ دونوں ملازمین نے قیدیوں کو سبق سکھانے کے لیے یہ کام سرانجام دیا، دونوں کا خیال تھا کہ قیدیوں کا رویہ سدھارنے کے لیے انہیں ایسی سزا دینی ضروری ہے جس سے ان کا دماغ درست ہو۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ سزا سے قیدی سخت ذہنی و جذباتی تناؤ کا شکار ہوئے۔

    جیل میں یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے اس کی تفتیش شروع کی تھی جس پر دونوں ملازمین نے استعفیٰ دے دیا تھا، تاہم اب دونوں کو عدالتی کارروائی کا سامنا ہے اور دونوں کو سزا بھی ہوسکتی ہے۔

  • بیٹے کو جیل سے چھڑانے کے لیے ماں نے گہری سرنگ کھود ڈالی

    بیٹے کو جیل سے چھڑانے کے لیے ماں نے گہری سرنگ کھود ڈالی

    یوکرین میں ایک ماں نے اپنے سزا یافتہ بیٹے کو قید سے چھڑانے کے لیے 35 فٹ گہری سرنگ کھود ڈالی، تاہم سرنگ پولیس کی نظروں میں آگئی جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

    یوکرینی میڈیا کے مطابق 51 سالہ خاتون کا بیٹا جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا تھا۔ ماں نے اسے جیل سے نکالنے کے لیے پہلے ایک قریبی علاقے میں گھر کرائے پر لیا۔

    اس کے بعد اس نے پھاؤڑے اور کدال حاصل کیے اور گھر کے قریب سے سرنگ کھودنی شروع کردی، 51 سالہ ماں رات کے وقت اسکوٹر پر نکلتی اور اپنا کام شروع کردیتی۔

    دن کے وقت وہ اپنا زیادہ تر وقت گھر کے اندر گزارتی تاکہ کم سے کم لوگ اس سے واقف ہوں۔

    سرنگ کھودنے کے بعد مٹی اٹھانے کے لیے وہ ایک چھوٹی ٹرالی بھی استعمال کر رہی تھی۔ بالآخر وہ ایک 35 فٹ گہری سرنگ کھودنے میں کامیاب ہوئی جو جیل تک پہنچ رہی تھی تاہم جلد ہی وہ پولیس کی نظروں میں آگئی۔

    پولیس نے خاتون کے حوالے سے آس پاس کے لوگوں سے دریافت کیا تو کوئی بھی اسے نہیں پہچان سکا، تاہم لوگ اس کی ہمت سے بے حد متاثر ہوئے۔

    ایک مقامی شہری کا کہنا تھا کہ جس مہارت سے عورت نے یہ سرنگ کھودی ہے اس سے یوں لگتا ہے جیسے یہ کسی کان کن کی بیٹی ہو، ایک اور شخص کا کہنا تھا کہ اصل ماں یہ ہے، وہ نہیں جو اپنے بچوں کو چھوڑ جاتی ہے۔

    عدالت کی جانب سے ماں کو سزا بھی سنائی گئی جسے اب وہ جیل میں پوری کر رہی ہے۔

  • پنجاب کی جیلوں میں کرونا وائرس کی اسمارٹ سیمپلنگ کا فیصلہ

    پنجاب کی جیلوں میں کرونا وائرس کی اسمارٹ سیمپلنگ کا فیصلہ

    لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر کی جیلوں میں کرونا وائرس کی اسمارٹ سیمپلنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے، کرونا کیسز کی تصدیق ہونے پر قیدیوں کو علیحدہ کر دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر کی جیلوں میں کرونا وائرس کی اسمارٹ سیمپلنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 30 قیدیوں اور اسٹاف کے 10 افراد کی اسمارٹ سیمپلنگ کی جائے گی۔

    انسپکٹر جنرل (آئی جی) جیل مرزا شاہد سلیم بیگ کا کہنا ہے کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر قیدیوں اور اسٹاف کی اسمارٹ سیمپلنگ کرے گا، رواں ہفتے کے بعد اسمارٹ سیمپلنگ کا اگلہ مرحلہ شروع کیا جائے گا۔

    مرزا شاہد سلیم بیگ کے مطابق اسمارٹ سیمپلنگ سے کرونا وائرس کے مریضوں کا پتہ چلایا جا سکے گا، کرونا کیسز کی تصدیق ہونے پر قیدیوں کو علیحدہ کر دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 487 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد پنجاب میں کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 87 ہزار 43 ہوگئی ہے۔

    پنجاب سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 51 ہزار 652 ہوچکی ہے، صرف 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 2 ہزار 769 نئے کیسز سامنے آئے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 69 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 5 ہزار 266 ہوگئی۔

  • شہباز شریف کو جیل جانا ہوگا، شیخ رشید

    شہباز شریف کو جیل جانا ہوگا، شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے اسے جیل جانا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں،اور انہوں نے ایک نئی تھیوری پیش کی ہے کہ ملک کو بھارت کی جانب سے خطرات کا سامنا ہے،اس لیے سب یکجا ہو کر افہام و تفہیم سے معاملات لے کر چلیں لیکن عمران خان کو اس مفاہمت میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ میں کچھ نہ کچھ چھیڑ چھاڑ ضرور کی گئی ہے لیکن میں اس بات کا حامی ہوں کہ وہ ملک سے باہر گئے تو چلے جانے دو۔

    اسٹیل ملز ملازمین کی برطرفی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے وہی کرے گی جو فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سمجھ رہے ہیں کہ ان کی کمپنی کی مشہوری ہو رہی ہے حالانکہ ان کی کمپنی پر ریجکٹڈ کا ٹھپہ لگ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے اسے جیل جانا ہوگا۔

    آن لائن بکنگ کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام کی بڑی تعداد کو آن لائن بکنگ کرنا نہیں آتی اور جن علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں وہاں بھی لوگ کرنٹ بکنگ دفاتر سے بکنگ کروا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ مجھے لاتعداد لوگ کال کرتے ہیں جنہیں آن لائن بکنگ کا طریقہ کار معلوم نہیں۔

    شیخ رشید احمد کا مزید کہنا تھا کہ آج رحمٰن بابا ایکسپریس اور ہرازہ ایکسپریس سمیت 10 ٹرینیں دوبارہ چلانے کا اعلان کرنا تھا لیکن کرونا کیسز میں اضافے کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا ہے کیوں کہ ہم نہیں چاہتے کہ 60 فیصد سے زیادہ مسافر سوار ہوں۔

    وفاقی وزیر ریلوے کے مطابق ریلوے کو روزانہ تقریباََ ایک کروڑ روپے کے خسارے کا سامنا ہے جو پٹرول سستا ہونے کی وجہ سے 75 لاکھ روپے ہوگیا ہے لیکن اگر پٹرول مہنگا ہوگیا تو پھر یہ دوبارہ ایک کروڑ روپے تک پہنچ جائے گا۔

  • پنجاب کی جیلوں میں 94 قیدیوں میں کرونا کی تصدیق

    پنجاب کی جیلوں میں 94 قیدیوں میں کرونا کی تصدیق

    لاہور: صوبہ پنجاب کی 8 جیلوں میں 94 قیدیوں میں کرونا کی تصدیق ہوگئی، قیدیوں کو اسپتالوں میں قائم آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جیل حکام کا کہنا ہے کہ کیمپ جیل لاہور میں 59، سیالکوٹ میں 14، گوجرانوالہ جیل میں 7،ڈی جی خان میں 9، بھکر جیل میں 2، فیصل آباد، قصور، حافظ آباد جیل میں ایک ایک قیدی میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    جیل حکام کے مطابق قیدیوں کو اسپتالوں میں قائم آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا،کیمپ جیل لاہور میں مجموعی طور پر527 قیدیوں کےٹیسٹ کرائےگئے،اب تک 438 قیدیوں کی رپورٹ موصول ہوئیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ 59 قیدیوں کی رپورٹ مثبت ،379 کی کرونا رپورٹس منفی آئی ہیں، 89قیدیوں کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ آنا باقی ہے۔کرونا کے زیادہ کیسز آنے پر کیمپ جیل سے 1500 قیدیوں کو دوسری جیلوں میں منتقل کیاگیا۔

    جیل حکام کے مطابق کیمپ جیل میں 21 مارچ کو پہلے قیدی میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جو ٹھیک ہوگیا۔

    واضح رہے کہ ملک میں نئے کرونا وائرس COVID 19 کے مریضوں کی تعداد 8348 ہو گئی ہے جبکہ 168 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

  • کرونا وائرس کے پیش نظر جیل سے رہا قیدی اگلے ہی دن قتل کر بیٹھا

    کرونا وائرس کے پیش نظر جیل سے رہا قیدی اگلے ہی دن قتل کر بیٹھا

    امریکی ریاست فلوریڈا میں جیل سے رہا ہونے والے شخص نے رہائی کے اگلے ہی دن پھر سے قتل کا ارتکاب کردیا، پولیس نے اس بار مذکورہ ملزم کو خطرناک مجرموں کی فہرست میں ڈال کر قید کردیا۔

    فلوریڈا کے رہائشی 26 سالہ جوزف کو 13 مارچ کو منشیات رکھنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم ایک ہفتے سے بھی قبل اس کی رہائی عمل میں آگئی۔

    اس کی وجہ یہ تھی کہ کرونا وائرس کی وجہ سے جب کم خطرناک ملزمان کو جیل سے رہا کرنے کا حکم جاری کیا گیا تو جوزف بھی ان 164 قیدیوں میں شامل تھا جنہیں رہا کیا گیا۔

    جوزف کی رہائی صبح 8 بجے عمل میں آئی اور اگلے ہی دن صبح 10 بجے پولیس ایک بار پھر اس کے گھر کے باہر کھڑی تھی کیونکہ انہیں ایک شخص کو قتل کیے جانے کی اطلاع ملی۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کی لاش کو پڑوسیوں نے دیکھا اور پولیس کو طلب کیا، جلد ہی تفتیش سے علم ہوا کہ جوزف ہی اس کا قاتل ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جوزف نے ایک بحران کے وقت کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کیا اور پھر سے جرائم میں ملوث ہوا جس کے بعد اب اس کی سزا مزید سخت کردی جائے گی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت جیل سے رہا کیے جانے والے قیدی وہ ہیں جو معمولی جرائم میں قید تھے، پرتشدد جرائم میں ملوث کسی قیدی کی رہائی نہیں کی گئی۔

    خیال رہے کہ صرف ریاست فلوریڈا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 21 ہزار 628 ہوچکی ہے جبکہ اب تک 571 افراد وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔

  • عمان میں 500 سے زائد قیدیوں کی رہائی کا حکم

    عمان میں 500 سے زائد قیدیوں کی رہائی کا حکم

    مسقط: سلطنت عمان میں 376 غیر ملکی قیدیوں سمیت 599 قیدیوں کی رہائی کا شاہی فرمان جاری کردیا گیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق آل سعید نے 376 غیر ملکیوں سمیت 599 قیدیوں کی رہائی کا فرمان جاری کیا ہے۔

    یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ سلطان عمان نے قیدیوں کی معافی کا فیصلہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی تدبیر کے طور پر کیا ہے یا اس کا تعلق رمضان المبارک سے ہے۔

    خیال رہے کہ سلطان عمان ہر سال رمضان المبارک کی آمد پر قیدیوں کی رہائی کا فرمان جاری کرتے ہیں، کہا جارہا ہے کہ اس فیصلے کا تعلق رمضان سے نہیں بلکہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے متعلق ہے۔

    عمان میں چند روز قبل عوامی مقامات پر ڈرون کے ذریعے جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ عمان میں اب تک کرونا وائرس کے 419 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وائرس سے 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    عمان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سلطنت میں جان لیوا وبا میں مبتلا مزید 34 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 72 ہوگئی ہے۔

  • ملک بھر کی جیلوں میں سینکڑوں قیدی مختلف ذہنی و جسمانی بیماریوں کا شکار

    ملک بھر کی جیلوں میں سینکڑوں قیدی مختلف ذہنی و جسمانی بیماریوں کا شکار

    اسلام آباد: سپریم کورٹ کو دی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق ملک بھر کی جیلوں میں موجود 21 سو قیدی مختلف جسمانی بیماریوں جبکہ 594 قیدی ذہنی بیماریوں کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ‏صدر سپریم کورٹ بار سید قلب حسن کی سپریم کورٹ کو دی گئی رپورٹ میں جیلوں سے متعلق اہم انکشافات‏ کیے گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ملک بھر کی جیلوں میں سزا یافتہ قیدیوں کی تعداد 25 ہزار 456 ہے جبکہ انڈر ٹرائل قیدیوں کی تعداد 48 ہزار 8 ہے۔ ملک بھر کی 114 جیلوں میں 60 سال سے زائد عمر کے 15 سو 27 افراد موجود ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ مختلف جیلوں میں 11 سو 84 خواتین بھی جیلوں میں بند ہیں، پنجاب اور پختونخواہ کی جیلوں میں 140 نوزائیدہ بچے بھی ماؤں کے ہمراہ بند ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ملک کی مختلف جیلوں میں 33 فیصد سے زائد اضافی قیدیوں کو رکھا گیا ہے، جیلوں میں موجود 21 سو قیدی مختلف جسمانی بیماریوں کا شکار ہیں۔ ملک بھر کی مختلف جیلوں میں قید 594 قیدی ذہنی بیماریوں کا شکار ہیں۔

    سپریم کورٹ کو دی جانے والی رپورٹ کے مطابق 24 سو قیدی ایڈز اور ہیپاٹائٹس جیسی مہلک بیماریوں کا شکار ہیں، صرف پنجاب میں 66 معذور قیدی مختلف جیلوں میں بند ہیں، جیلوں میں بند ٹی بی کے مریضوں کی تعداد 173 ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پنجاب کی 10 فیصد جیلوں میں ایمبولینس کی سہولت موجود نہیں، جیلوں میں نفسیاتی معالج کی 58 اسامیاں بھی خالی ہیں، جیلوں میں ڈاکٹروں کی 108 اسامیاں بھی خالی ہیں۔