Tag: جیل

  • سینٹرل جیل کراچی نے مخصوص قیدیوں کو رہا کرنے کی سفارش کر دی

    سینٹرل جیل کراچی نے مخصوص قیدیوں کو رہا کرنے کی سفارش کر دی

    کراچی: کرونا وائرس سے بچنے کی احتیاطی تدابیر جیل انتظامیہ کے لیے درد سر بن گئی ہیں، سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل نے مخصوص قیدیوں کو رہا کرنے کی سفارش کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی سینٹرل جیل میں گنجایش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی سے صورت حال انتہائی تشویش ناک ہو گئی ہے، سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل نے آئی جی جیل خانہ جات کو خط لکھ کر مخصوص قیدیوں کی رہائی کی سفارش کر دی۔

    سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل نے خط میں کہا ہے کہ 3 طرز کے قیدیوں کو رہا کیا جائے، ایسے قیدی جن کی عمر 65 سال اور 15 سال سزا کاٹ چکے ہیں، ایسے قیدی جو اپنی سزائیں ایک تہائی پوری کر چکے ہوں، اور وہ قیدی جو پے رول پر پورا اترتے ہوں ان کو پے رول گرانٹ کی جائے۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ آئی جی جیل نے اس خط سے متعلق محکمہ جیل خانہ جات سندھ اور داخلہ کو آگاہ کر دیا۔

    کراچی بچہ جیل کے قیدیوں کو اے کلاس ماسک فراہم کیے گئے

    ایکسپو سینٹر کراچی میں پاک فوج کے تعاون سے فیلڈ اسپتال کے قیام کا بڑا فیصلہ

    قبل ازیں، اتوار کو کرونا وائرس کے باعث سندھ کی جیلوں میں قیدیوں کی 3 ماہ کی سزا معاف کی گئی تھی، جس کے بعد سندھ کی جیلوں سے 7 قیدی رہا کیے گئے تھے، اور 2 ہزار 692 قیدیوں کو فائدہ پہنچا، اس سلسلے میں کراچی سینٹرل جیل سے ایک اور ملیر جیل سے 4 قیدی رہا ہوئے جب کہ حیدر آباد سینٹرل جیل سے 2 قیدیوں کو آزاد کیا گیا۔

    بچہ جیل کراچی کے قیدیوں میں جراثیم کش صابن تقسیم کیے جا رہے ہیں

    پیر کو سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر کراچی سینٹرل جیل میں موجود 4 ہزار قیدیوں کی پہلی بار اسکریننگ کی گئی، جیل میں قیدیوں کا جدید مشینری سے چیک اپ کیا گیا، قیدیوں میں دوبارہ ماسک اور سینیٹائزر بھی تقسیم کیے گئے۔ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر سینٹرل جیل کے بعد بچہ جیل میں بھی فوری اقدامات کیے گئے، جیلر جوینائیل جیل گل محمد شیخ کا کہنا تھا کہ جیل میں قید بچوں میں اے کوالٹی ماسک تقسیم کیے گئے، بچہ جیل کے تمام ملازمین کو بھی ماسک تقسیم کیے گئے، جیل میں وافر مقدار میں جراثیم کش صابن بھی موجود ہیں، ڈاکٹروں کی جانب سے جیل ملازمین اور قیدیوں کو مکمل بریفنگ دی گئی اور کرونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر بتائی گئیں۔

  • وزیر اعظم نے مجرموں کو جیل میں ڈالنے کا مقصد بتا دیا

    وزیر اعظم نے مجرموں کو جیل میں ڈالنے کا مقصد بتا دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی فرد کو قید کرنے کا مقصد اسے بنیادی حقوق سے محروم کرنا نہیں ہے۔

    وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جیل اصلاحاتی پیکج سے قیدیوں کا سماجی تحفظ اور ان کی بحالی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

    وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی فرد کو جیل میں ڈالا جاتا ہے تو اس کا مقصد یہ نہیں ہے کہ اسے حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے، یہ مجرموں کی مدد کا ایک ذریعہ ہے۔

    انھوں نے قیدیوں کی معاونت کے لیے تشکیل کر دہ کمیٹی کے چیئرمین بیرسٹر علی ظفر اور دیگر ارکان کو مبارک باد دی، اور کہا کہ اس کمیٹی کے ارکان نے جیل اصلاحاتی پیکج رپورٹ کو حتمی شکل دی ہے، اس پیکج سے قیدیوں کی بحالی میں حکومت کو مدد ملے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کی مخالفت کرتے ہوئے 15 ارب ریلیف پیکج کی منظوری دی ہے، انھوں نے اجلاس میں واضح کیا کہ عوام پر مہنگائی کا پہلے ہی بوجھ ہے، حکومت مزید بوجھ نہیں ڈال سکتی۔ اجلاس میں مہنگائی کم کرنے کے لیے اور بھی فیصلے کیے گئے۔

    وزیراعظم عمران خان نے گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کی مخالفت کردی

    وزیر اعظم نے چینی کے معاملے پر کہا کہ عوام کو پریشان نہیں ہونے دوں گا، ای سی سی کے چینی کی درآمد کے فیصلے کو منسوخ کرتے ہوئے انھوں نے چینی کی برآمد پر پابندی کے فیصلے کی توثیق کی، اجلاس میں دالوں پر امپورٹ ڈیوٹی ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اس فیصلے سے ملک بھر میں دالوں کی قیمت کم ہو جائے گی جب کہ 50 ہزار نوجوانوں کو یوتھ اسٹورز کے لیے قرض دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

  • کروناوائرس جیل پہنچ گیا؟

    کروناوائرس جیل پہنچ گیا؟

    آکسفورڈ: کروناوائرس کا جن بے قابو ہوگیا، برطانوی جیل تک مہلک وائرس کے پہنچنے کا خدشہ سامنے آگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہر آکسفورڈ میں قائم جیل میں بھی کروناوائرس کے پہنچے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، جس کے پیش نظر 2 قیدیوں کے ٹیسٹ کیے گئے، ایک قیدی تھائی لینڈ سے آیا تھا۔

    برطانوی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اب تک برطانیہ میں 1358افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، برطانیہ میں اب تک8افراد میں کروناوائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، متعلقہ ادارے وائرس پر قابو پانے کے لیے متحرک ہوچکے ہیں۔

    خیال رہے کہ حکومت برطانیہ نے کرونا وائرس کو سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کرونا سے متاثرہ افراد کو جبراً علیحدہ رکھنے کے خصوصی اختیار کا اعلان کردیا ہے جبکہ برطانیہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 8ہو گئی ہے۔

    چین میں مہلک کرونا وائرس سے اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ مختلف اور مؤثر اقدامات کے باوجود وائرس کی ہلاکت خیزی پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔

  • 4 ہزار سعودی قیدی جیل میں ہی زیور تعلیم سے آراستہ

    4 ہزار سعودی قیدی جیل میں ہی زیور تعلیم سے آراستہ

    ریاض: رواں برس سعودی عرب کی مختلف جیلوں اور اصلاح خانوں میں موجود 4 ہزار سے زائد قیدیوں نے مختلف اقسام کے سالانہ امتحانات دیے۔

    سعودی عرب کی جیلوں اور اصلاح خانوں میں قیدیوں کی تعلیم و تربیت اور اصلاح کے بہترین انتظامات کیے ہوئے ہے۔ رواں تعلیمی سال کے دوران 4 ہزار سے زائد قیدیوں نے جن میں خواتین اور مرد دونوں شامل ہیں، سالانہ امتحانات دیے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق تعلیم بالغاں کے زمرے میں 900 قیدیوں نے امتحانات میں حصہ لیا جبکہ مڈل اسکول میں زیر تعلیم ایک ہزار، ثانوی اسکول میں زیر تعلیم 1500 اور کالج میں زیر تعلیم 700 سے زائد قیدیوں نے امتحانات دیے۔

    سعودی محکمہ جیل خانہ جات نے قیدی طلبا و طالبات کو امتحانات دینے کے لیے مناسب ماحول مہیا کیا۔ ہر جیل میں طلبا و طالبات کے لیے امتحانی ہال تیار کروائے۔

    سعودی محکمہ جیل خانہ جات کو پرائمری، مڈل اور ثانوی کے اسکولوں نیز کالجوں میں زیر تعلیم قیدیوں کی مدد کے لیے وزارت تعلیم کا تعاون حاصل ہے۔ سال بھر قیدی طلبا و طالبات کو ماہر اساتذہ مقررہ کورس پڑھانے کے لیے جیلوں میں لگائی جانے والی کلاسوں تک پہنچتے ہیں۔

    محکمہ جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد ہے کہ قیدی جیلوں سے نکلنے کے بعد معاشرے کے بہترین فرد کے طور پر کام کریں۔ یہ بہترین تعلیم و تربیت سے آراستہ ہوں اور قید و بند کی زندگی گزارنے کے بعد کسی مشکل کے بغیر آئندہ زندگی بہتر انداز میں گزار سکیں۔

  • پیپلزپارٹی کا غریب قیدیوں کو رہا کروانے کا فیصلہ

    پیپلزپارٹی کا غریب قیدیوں کو رہا کروانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پیپلزپارٹی نے ملک بھر کی جیلوں میں قید غریب قیدیوں کو رہاکروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے صوبوں کےآئی جی جیلز کو خط لکھا ہے جس میں جیلوں میں قیدغریب قیدیوں کا تمام ریکارڈ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    خط کے مطابق ایسے معمولی جرائم کے قیدی جو جرمانہ ادا نہ کرنے کے باعث سلاخوں کے پیچھے ہیں اور رہائی کے منتظر ہیں ان کی رہائی کے لیے تمام تفصیلات ارسال کی جائیں۔

    یہ بھی پڑھیں: بااثرشخصیت کو قید میں سہولتیں اور غریب بنیادی سہولت سے محروم ہے ،چیف جسٹس اطہرمن اللہ

    پیپلزپارٹی کی جانب سے یہ اقدام شریک چیئرمین پیپلزپارٹی و سابق صدر آصف علی زرداری کو طبی بنیادوں پر ضمانت ملنے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

    دوسری جانب آج چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے اڈیالہ جیل کے قیدی کےعلاج سے متعلق کیس میں ریمارکس میں کہا تھا کہ بااثر شخصیت کو قید میں سہولتیں غریب کو بنیادی سہولت تک نہیں ملتی، قوانین کے مطابق ریاست کو بیمار قیدی کو آزاد کرنے کا اختیار ہے۔

  • ’وزیراعظم کا عمر رسیدہ بیمار قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ‘

    ’وزیراعظم کا عمر رسیدہ بیمار قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ‘

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 65سال سے زائد عمر کے بیمار قیدیوں کورہاکرنےکافیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے لکھا کہ وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ 65سال سے زائد عمر کے ایسے قیدی جو بیمار ہیں اور کسی گھناؤنے جرم کے مرتکب نہیں ان کی رہائی کے لیے پالیسی بنانے ہدایت کی ہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ حکومت نے ایک ایسے پاکستان کی جانب کے ایک اور قدم بڑھایا ہے جس میں حکومت کی اولین ترجیح ملک کا کمزور طبقہ ہے۔

    واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیرون ملک روانگی کے بعد عوامی حلقوں سے حکومت پر دباؤ آ رہا تھا کہ عمر رسیدہ ، بیمار اور معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث قیدیوں کی رہائی اور صحت کی کوئی ٹھوس پالیسی بنائی جائے۔

    اس حوالے سے حکام کو ملک بھر کی جیلوں میں قید بیمار اور ضعیف العمر افراد کی فہرستیں بھی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • کیا آصف زرداری دوران قید اخبارات اور کتابیں‌ پڑھ سکتے ہیں؟

    کیا آصف زرداری دوران قید اخبارات اور کتابیں‌ پڑھ سکتے ہیں؟

    لاہور: آصف زرداری کو جیل میں دی جانے والی تمام سہولیات کی تفصیلات سامنے آگئیں.

    عدالتی حکم پر  جمع کروائی  جانے والی اے ایس پی عدیل کی خصوصی رپورٹ  کے مطابق آصف زرداری کوایل سی ڈی،اخبار،کتابوں کی سہولت دی گئی۔

    پی پی کے شریک چیئرمین کو ڈاکٹرکی ہدایت پرفزیو تھراپی چیئرکی سہولت بھی حاصل ہے.

    سابق صدر کو ادویہ کی حفاظت کے لئے دو آئس باکس بھی فراہم کیے گئے ہیں، 3 ستمبر2019 سے پمزاسپتال کےفزیو تھراپی ٹیکنیشن روزانہ آ رہے ہیں.

    قوانین کے مطابق باہر سے اٹینڈنٹ نہیں رکھا جا سکتا، صحت کی نگہداشت کے لئے میڈیکل اسٹاف ڈیوٹی پر تعینات ہے.

    عدالت میں جمع کروائی جانے والی رپورٹ کے مطابق میڈیکل اسٹاف وقفے وقفے سے سابق صدر لا شوگر لیول مانیٹر کرتا ہے، پمز اسپتال کی رپورٹ کے مطابق اے سی کی سہولت نہیں، اس ضمن میں ہدایات نہیں تھیں۔

    مزید پڑھیں:  آصف زرداری کی صحت اور زندگی کو خطرات لاحق ہیں: آصفہ بھٹو

    خیال رہے کہ  پی پی پی کے شریک چیئرمین  کو ایک روز پمز اسپتال میں رکھنے کے بعد اڈیالہ جیل روانہ کر دیا گیا تھا۔

    آصف زرداری کو میڈیکل بورڈکی سفارش پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کے خون اور یورین کے ٹیسٹ ہوئے.

  • جیلوں میں عام قیدیوں کی سہولت کے لیے حکومت پنجاب کا بڑا فیصلہ

    جیلوں میں عام قیدیوں کی سہولت کے لیے حکومت پنجاب کا بڑا فیصلہ

    لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے کی جیلوں میں عام قیدیوں کی سہولت کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا ہے، اب عام قیدی بھی اسپیشلسٹ سے علاج کرا سکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب نے عام قیدیوں کو بیمار ہونے کی صورت میں اسپیشلسٹ سے علاج کرانے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اس سلسلے میں حکومت پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات کو ہدایت جاری کر دی ہے۔ حکومتی ہدایت پر آئی جی جیل شاہد سلیم نے بھی تمام جیل سپرٹنڈنٹس کو احکامات جاری کر دیے۔

    آئی جی جیل نے ہدایت کی ہے کہ عام قیدیوں کو جیل میں علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، عام قیدیوں کے جیل میں رہنے کے انتظامات میں بھی بہتری لائی جائے۔

    آئی جی جیل خانہ جات کی جانب سے صوبے کی جیلوں میں عام قیدیوں کو مطالعے کے لیے کتابیں فراہم کرنے سے متعلق بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آصف زرداری اورفریال تالپور کوجیل میں اے کلاس دینے کی درخواستیں مسترد

    واضح رہے کہ پنجاب کی جیلوں میں سیاسی رہنماؤں کے لیے قید کے دوران اے کلاس کی سہولتوں سے متعلق بحث اور کشمکش چلتی رہی ہے، اس سلسلے میں سیاسی رہنماؤں کی جانب سے عدالتوں کے دروازے بھی کھٹکھٹائے جاتے ہیں۔

    گزشتہ روز احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو جیل میں اے کلاس دینے کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں اور اضافی سہولتیں دینے کی منظوری دیتے ہوئے ہفتے میں 2 مرتبہ اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی تھی۔

    سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لیے بھی کوٹ لکھپت جیل میں طبی سہولتیں بڑھائی جا چکی ہیں، انھیں جیل میں وی آئی پی سہولتیں فراہم کی گئیں، خوراک اور آرام کے سلسلے میں بھی انھیں خصوصی سہولتیں دی گئیں۔

    سیاسی قیدیوں کے لیے سہولتوں کی خبروں کے بعد عام قیدیوں کے لیے بھی سہولتوں کی آواز اٹھائی جانے لگی تھی۔

  • آصف زرداری نے جیل میں  اے کلاس کی سہولتیں  مانگ لیں

    آصف زرداری نے جیل میں اے کلاس کی سہولتیں مانگ لیں

    اسلام آباد : سابق صدر آصف زرداری نے جیل میں اے کلاس ، ایئرکنڈیشن، فریج کی سہولتیں مانگ لیں ، عدالت کاآصف زرداری کوسہولتیں دینے کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وکیل لطیف کھوسہ نے سابق صدر آصف زرداری کے لئے جیل میں سہولتیں دینے کی درخواست دے دی ، وکیل کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں اے کلاس سہولتیں فراہم کی جائیں جبکہ ایئرکنڈیشن ، فریج کی سہولت اور اخبارات ، کتابیں ، جرنلز بھی دیے جائیں۔

    عدالت نے آصف زرداری کو سہولتیں دینے کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا نیب سہولتیں فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر جواب دے۔

    یاد رہے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار آصف زرداری کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر اسلام آبادکی احتساب عدالت میں پیش کیاگیا، دوران سماعت وہ روسٹرم پرآئے اور شکوہ کیا کہ انھیں عید کی نماز نہیں پڑھنے دی گئی جبکہ عدالتی اجازت کے باوجود بیٹی کو بھی ملنے نہیں دیا جاتا۔

    مزید پڑھیں : آصف زرداری کو 19 اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیاگیا

    نیب وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کیس میں نئی پیش رفت ہوئی ہے، ایک ملزم نے بیان دیا ہے اس کا آصف زرداری سے سامنا کرانا ہے، اس لئے مزید جسمانی ریمانڈ چاہیئے۔

    وکیل صفائی نے کہا پہلےہی کہاتھاایک ہی بار نوے روزکا ریمانڈدے دیں، بار بار پیشی سے قومی خزانے کا نقصان ہورہا ہے، عدالت نے فریقین کو سننے کے بعد آصف زرداری کو انیس اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، جس کے بعد آصف زرداری کو جیل منتقل کردیا گیا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر قطر سے 53 پاکستانی قیدی رہا

    وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر قطر سے 53 پاکستانی قیدی رہا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر قطر نے 53 پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا۔ رہا ہونے والے پاکستانی شہریوں نے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر قطر نے 53 پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے امریکا سے واپسی پر قطر میں قیام کے دوران قیدیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی۔

    مذکورہ درخواست وزیر اعظم عمران خان نے قطری ہم منصب سے ملاقات کے دوران کی تھی۔ رہا ہونے والے پاکستانی شہریوں نے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان خلیجی ممالک میں روزگار کے لیے جانے والے ان پاکستانیوں کے لیے بے حد فکر مند تھے جو معمولی جرائم میں قید کرلیے گئے۔

    رواں برس فروری میں جب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا تب وزیر اعظم نے اس جانب ان کی توجہ مبذول کروائی تھی جس کے بعد سعودی ولی عہد نے سعودی عرب میں قید 2107 پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا تھا۔

    مذکورہ قیدی سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں قید تھے، سعودی حکومت کی جانب سے باقی پاکستانی قیدیوں کے کیسز کا جائزہ لینے کا بھی عندیہ دیا گیا تھا۔

    مئی میں متحدہ عرب امارات سے بھی 572 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا۔ ان قیدیوں کے لیے بھی وزیر اعظم نے اماراتی ولی عہد شہزاد محمد بن زید سے درخواست کی تھی جنہوں نے فوری ان قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق رواں برس متحدہ عرب امارات سے 3500 پاکستانی قیدی رہا کیے جائیں گے اور 572 قیدیوں کی رہائی اس کا پہلا مرحلہ ہے۔ ان میں سے ابو ظہبی سے 262، عجمان سے 65، فجیرہ سے 62 اور شارجہ سے 52 پاکستانی قیدی رہا ہوں گے۔