Tag: جی ایچ کیو

  • جی ایچ کیو کا ارشد شریف کی موت کی مکمل تحقیقات کے لئے حکومتِ پاکستان کو خط

    جی ایچ کیو کا ارشد شریف کی موت کی مکمل تحقیقات کے لئے حکومتِ پاکستان کو خط

    راولپنڈی : جی ایچ کیو نے صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے کمیشن تشکیل دینے کیلئے حکومت پاکستان کو خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کے کینیا میں جاں بحق ہونے کے معاملے پر جی ایچ کیو نے حکومت پاکستان سے مکمل تحقیقات کے لئے کمیشن تشکیل دینے کے لئے خط لکھ دیا۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کینیا پولیس کے ہاتھوں ارشد شریف کی موت کی مکمل تحقیقات کرے۔

    خط میں بے بنیاد الزامات لگانے والوں کے خلاف آئین وقانون کے مطابق کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔

    اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے صحافی ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

    وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعظم نے ہائی کورٹ کےجج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے ، کمیشن سربراہ حقائق کے تعین کیلئے سول سوسائٹی ،میڈیا سےبھی رکن لے سکیں گے۔

    مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ارشد شریف کی شہادت کے اصل حقائق کے تعین کیلئے کیا گیا۔

  • امریکی سینٹ کام کے نئے کمانڈر کی جی ایچ کیو آمد

    امریکی سینٹ کام کے نئے کمانڈر کی جی ایچ کیو آمد

    راولپنڈی: یو ایس سینٹ کام کے نئے کمانڈر جنرل کینتھ مکینزی جونئیر نے آج جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی سینٹ کام کے نئے کمانڈر جنرل کینتھ مکینزی جونئیر نے پاک فوج کے جنرل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کی ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دل چسپی اور علاقائی سیکیورٹی صورت حال پرگفتگو کی گئی، جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغان صورت حال کے سیاسی حل کی اہمیت پر دونوں فریقین نے اتفاق کیا۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پاکستان افغانستان میں امن کی کوششوں کو اہمیت دیتا ہے، افغانستان میں امن پاکستان کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔

    ملاقات میں امریکی کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا، امریکی کمانڈر نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔

  • آرمی چیف سے امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد کی ملاقات

    آرمی چیف سے امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد کی ملاقات

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد نے آج وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آج جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں باہمی دل چسپی، علاقائی سیکورٹی اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال ہوا، زلمے خلیل زاد نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔

    امریکی نمائندہ خصوصی نے کہا کہ افغانستان میں فریقین کے درمیان جاری امن عمل میں پاکستان کی سنجیدہ اور غیر مشروط حمایت کے بغیر کام یابی ممکن نہ تھی۔

    امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اسلام آباد پہنچ گئے

    آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا امن اور علاقائی رابطوں کے لیے وژن واضح ہے، قومی طاقت کے تمام عناصر متحد ہو کر اس وژن کو حقیقت کی شکل دے رہے ہیں۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ اس وژن پر عمل کرتے ہوئے خطے میں دیرپا امن، ترقی اور استحکام کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد انٹرا افغان مذاکرات کے سلسلے میں آج اسلام آباد پہنچے تھے، اس دوران وہ سیاسی قیادتوں سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں افغان امن انٹرا ڈائیلاگ امور زیر غور آئیں گے۔

    یاد رہے کہ بین الافغان مذاکرات کا آغاز چند دن قبل ہو گیا ہے، اس سلسلے میں دو دن قبل دوحا، قطر میں بین الافغان مذاکرات کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی تھی، قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کی دعوت پر شاہ محمود نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اس تقریب میں شرکت کی تھی۔

  • پاکستان امن پسند ملک ہے، جنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے: آرمی چیف

    پاکستان امن پسند ملک ہے، جنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے: آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ چھ ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا لازوال باب ہے، وہ دن جب محبت، قربانی اور بہادری کی داستانیں رقم ہوئیں، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اگر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج آرمی چیف جی ایچ کیو راولپنڈی میں فوجی اعزازات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا میری بہنوں اور بھائیوں کی توجہ ایک اور چیلنج کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں، یہ چیلنج ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پر مسلط کیا گیا ہے، اس چیلنج کا مقصد ملک اور افواجِ پاکستان کو بد نام کر کے انتشار پھیلانا ہے، لیکن ہم اس خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں، قوم کے تعاون سے اس جنگ کو جیتنے میں بھی ہم ان شاء اللہ ضرور کامیاب رہیں گے۔

    آرمی چیف نے متنبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ہم کسی لچک کا مظاہرہ نہیں کریں گے، ہمیں نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا، نہ ہی ہم پر کوئی دھمکی اثر انداز ہو سکتی ہے، افواج پاکستان پوری قوت سے لیس، چوکنا اور باخبر ہیں، ہم دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری اور پوری قوت سے جواب دینے کو تیار ہیں، وقت ہمیں کئی بار آزما چکا، ہم ہر بار سرخرو ہوئے ہیں۔

    انھوں نے کہا ہمسایہ ملک ہندوستان نے ہمیشہ کی طرح غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے خطے کو خطرات سے دوچار کیا، کوئی شک نہیں جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے، اس حوالے سے ہم کسی بھی یک طرفہ فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے۔

    آرمی چیف نے اعزازات حاصل کرنے والے آفیسرز، جونئیر کمیشنڈ آفیسرز اور جوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا آپ نے فرض کی ادائیگی کے دوران پاک فوج کی اعلیٰ روایت کو مقدم رکھا، آپ نے جس پیشہ ورانہ معیار کا ثبوت دیا ہم سب کو اس پر ناز ہے۔

    انھوں نے کہا گزشتہ بیس سالوں میں ہم بڑی آزمائش سے گزرے ہیں، مشرقی و مغربی سرحدوں پر حالتِ جنگ کا سامنا رہا، ہمیں زلزلے اور سیلاب جیسی آزمائشیں بھی درپیش رہیں، دہشت گردی، شدت پسندی کے خلاف ہم نے اعصاب شکن جنگ لڑی، ہزاروں افراد کی قربانی دی، لاکھوں دربدر ہوئے، حال ہی میں کرونا جیسی وبا، ٹڈی دل جیسی آفت کا بھی سامنا رہا، لیکن ہم نے کامیابی سے ان کا مقابلہ کیا۔

    قبل ازیں، جی ایچ کیو راولپنڈی میں فوجی اعزازات دینے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی تھے، آرمی چیف نے جرات کا مظاہرہ کرنے والے افسروں اور جوانوں کو اعزازات سے نوازا، تقریب میں شہدا، غازیوں کے اہل خانہ، حاضر سروس افسران نے شرکت کی۔

    آرمی چیف نے 40 افسروں کو ستارہ امتیاز ملٹری، 24 افسروں اور جوانوں کو تمغہ بسالت، اور ایک جوان کو یونائیٹڈ نیشن میڈل سے نوازا۔ شہدا کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔

  • منظم کوششوں سے پولیوکا مکمل خاتمہ ممکن ہوسکےگا، آرمی چیف

    منظم کوششوں سے پولیوکا مکمل خاتمہ ممکن ہوسکےگا، آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ منظم کوششوں سے پولیوکا مکمل خاتمہ ممکن ہوسکےگا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ادارے روٹری انٹرنیشنل کی ٹیم نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں ہیلتھ کیئر بالخصوص پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کے عزم کے بارے میں بات چیت کی گئی۔

    اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کی منظم کوششوں سے پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ آرمی چیف نے پاکستان میں صحت کے شعبے میں روٹری انٹرنیشنل کی خدمات کو بھی سراہا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ملک میں مزید 3 پولیو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولیو کیسز کا تعلق سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان سے ہے۔

    رواں برس کے پہلے ماہ میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 6 ہوگئی، پولیو کیسز کا تعلق سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان سے ہے۔

  • آرمی چیف سے جاپان کے خصوصی مشیر برائے امور خارجہ کی ملاقات

    آرمی چیف سے جاپان کے خصوصی مشیر برائے امور خارجہ کی ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جاپانی وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے امور خارجہ کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ جاپانی وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے امور خارجہ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ان کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

    ملاقات میں باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ خطے میں امن اور سیکیورٹی کے وسعت دینے پر بھی اتفاق ہوا۔

    اس سے قبل امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا تھا جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ان کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سینیٹر نے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا تھا۔

  • تمام سیاست دان جی ایچ کیو گیٹ 4 کی پیداوار ہیں: شیخ رشید

    تمام سیاست دان جی ایچ کیو گیٹ 4 کی پیداوار ہیں: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر شیخ رشید نے تمام سیاست دانوں کو جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریلوے وزیر شیخ رشید نے کہا کہ بھٹو سے لے کر نواز شریف تک مارشل لا کی نرسیوں سے پیدا ہوئے لیکن اب وہ فوج نہیں رہی، فوج جمہوریت کو لازم و ملزوم سمجھتی ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام سیاست دان جی ایچ کیو گیٹ نمبر 4 کی پیدوار ہیں، جتنے سیاست دان ہیں وہ زیادہ تر فوج کے گملے اور نرسریوں سے نکلے ہیں، سیاست دان جی ایچ کیو کے آٹھویں گیٹ سے نکل کر حکومت تک پہنچے، ایک دن تمام صحافیوں کو گیٹ نمبر 4 لے جاؤں گا اور 8 سے نکالوں گا۔

    انھوں نے کہا کہ عمران خان گیٹ نمبر 4 سے نہیں نکلے نہ ہی وہ فوج رہی، گیٹ نمبر چار نہیں رہا، میرے بعد بدل گیا، نواز شریف اور زرداری کی پارٹی نے مشرف سے ہاتھ ملایا، دونوں کو ساتھ دینے پر شرمندگی نہیں، شہباز شریف لندن میں بیٹھ کر انجوائے کر رہے ہیں لیکن جلد ان کی اچھی خبر آنے والی ہے۔ عمران خان کو نواز شریف کے باہر جانے کا دکھ رہے گا، بلاول نے پلی بارگین نہ کیا تو سیاست سے آؤٹ ہو جائیں گے۔

    شیخ رشید نے کوالالمپور سمٹ میں وزیر اعظم عمران خان کی عدم شرکت کے فیصلے پر کہا کہ اس مسئلے پر عمران خان ملک کے لیے پیچھے ہٹے۔ مشرف کیس میں پیرا 66 ان کے خلاف جوڈیشل مارشل لا کے مترداف ہے، پیرا 66 کا میں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔

    قبل ازیں، شیخ رشید نے لاہور میں ریلوے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی، جس کے بعد انھوں نے ریلوے اسپورٹس کی گرانٹ 5 کروڑ کرنے کا اعلان کیا، اور کہا کہ آیندہ سال اسپورٹس گرانٹ 10 کروڑ روپے کر دی جائے گی، انھوں نے کہا کہ ریل کی نوکریوں میں کھلاڑیوں کا کوٹہ ہوگا، کھلاڑیوں کی تقرریاں میرٹ پر کی جائیں گی۔

    انھوں نے تقریب میں کہا کہ نئے سال میرا ہدف ہے کہ فریٹ اور ٹریک پر کام کیا جائے، اور ریلوے کی زمینیں استعمال میں لائی جائیں، مسافروں کے لیے اسٹیشن اور سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے، 4 نئی ٹرینیں چلانے اور 4 نئی فریٹ ٹرینوں کی پیش کش بھی کرنے جا رہے ہیں، 7 ٹرینیں نجی سیکٹرز کو دینے جا رہے ہیں، جب کہ ایم ایل ون کا اس شان سے افتتاح کریں گے کہ میرے بعد بھی یاد رہے گا۔

  • مشرف کو سزائے موت: جی ایچ کیو میں خصوصی کانفرنس طلب

    مشرف کو سزائے موت: جی ایچ کیو میں خصوصی کانفرنس طلب

    اسلام آباد: پاک فوج کے سابق سربراہ و سابق صدر مملکت پرویز مشرف کو سزائے موت کے حکم کے بعد پاک فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں خصوصی کانفرنس طلب کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں خصوصی کانفرنس طلب کرلی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر ملٹری لیڈر شپ سے موجودہ صورتحال پر مشاورت جاری ہے۔

    خیال رہے کہ آج خصوصی عدالت نے آئین شکنی کیس میں محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے سابق صدر و سابق آرمی چیف پرویز مشرف کو سزائے موت دینے کا حکم دیا ہے۔

    عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف پر آئین کے آرٹیکل 6 کو توڑنے کا جرم ثابت ہوا ہے۔

    خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کے خلاف 6 سال آئین شکنی کیس چلا۔

    سابق صدر پرویز مشرف اس وقت دبئی میں مقیم ہیں اور شدید علیل ہیں۔ وہ اپنے کیس کی پیروی کے لیے ایک بار بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

  • کشمیر کے لیے آخری گولی، آخری سانس، آخری سپاہی تک لڑنے کے لیے تیار ہیں، آرمی چیف

    کشمیر کے لیے آخری گولی، آخری سانس، آخری سپاہی تک لڑنے کے لیے تیار ہیں، آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر کو تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے لیے آخری گولی، آخری سانس، آخری سپاہی تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    یوم دفاع کی مرکزی تقریب میں بگل بجا کر شہداء کو سلام پیش کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی۔

    یوم دفاع وشہداء کی تقریب میں غیرملکی سفارت کار، حکومتی ارکان اور اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک تھے۔

    تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ پڑھا گیا جس میں تمام شرکا نے کھڑے ہوکر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شہداء کے حوالے سے ایک ڈاکیومینٹری بھی پیش کی گئی جس میں شہدا کے اہل خانہ کے مختصر انٹرویو شامل کیے گئے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع و شہداء کی تقریب سے خطاب میرے لیے باعث فخرہے۔

    پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا خون شامل ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں نہ ہی جائیں گی۔

    آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ دنیا کے لیے ایک مثال ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ طویل تھی لیکن ہم اس میں کامیاب ہوئے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے آج پاکستان میں امن کی فضا ہے۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے اپنی ذمہ داریاں بھرپو راندازمیں ادا کی ہیں، اب دنیا کی باری ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو پھیلنے نہ دیں۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اب ہماری جنگ غربت، معاشی پسماندگی اور بے روزگاری کے خلاف ہے، چاہتے ہیں ہمارے شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہ جائیں۔

    آرمی چیف نے کہا کہ کشمیرتکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیرنامکمل ایجنڈا اس وقت تک رہے گا جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہ کرلیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لیے آخری گولی، آخری سانس، آخری سپاہی تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بدترین ریاستی دہشت گردی جاری ہے، نہتے اور مظلوم کشمیریوں پرظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

    پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ خطےمیں پاکستان کا کردارمثبت رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن وسلامتی پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن واستحکام کے خواہاں ہے، موجودہ افغان مصالحتی عمل میں بھی پاکستان کا بھرپورکر دار شامل ہے۔

    آرمی چیف نے افواج پاکستان اورقوم کی جانب سے غازیوں اورشہداء کے لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جانتا ہوں آپ کے دکھوں کا کوئی بدل نہیں لیکن آپ کا حوصلہ ہمارے لیے مثال ہے۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں پر ناز کرتی ہیں، پاکستان ایک زندہ اور تابندہ قوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادروطن کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور نہ آئندہ کریں گے۔

  • چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن کا جی ایچ کیو کا دورہ

    چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن کا جی ایچ کیو کا دورہ

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن چین جنرل ژو کلیانگ نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

    پاک فوج کے ادارے نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔

    آرمی چیف اور چینی جنرل کے درمیان ملاقات میں باہمی دل چسپی، علاقائی سیکورٹی اور دفاعی تعاون پر گفتگو ہوئی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیرکی صورت حال پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر سمیت اہم معاملات پر چین کی حمایت کو سراہا۔

    چینی جنرل نے اس موقع پر کہا کہ ہم پاکستان سے اپنے مثالی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔

    دریں اثنا، وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد دفاعی تعاون کے ایم او یو پر دستخط کیے گئے، چینی جنرل نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔