(25 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے جی بی میں گلیشیئر پھٹنے کی بروقت اطلاع دے کر 300 انسانی جانیں بچانے والے 3 ہیروز کو 25، 25 لاکھ انعام سے نوازا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ دنوں گلگت بلتستان میں گلیشیئر پھٹنے اور سیلابی ریلے کی بروقت اطلاع دے کر 300 انسانی جانیں بچانے والے تین ہیروز نے وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر اسلام آباد آکر ان سے ملاقات کی۔
ملاقات کرنے والوں میں وصیت خان، انصار اور محمد خان شامل تھے، جو پیشے کے اعتبار سے چرواہے ہیں اور گلگت بلتستان کے علاقے غذر میں گلیشیئر پھٹنے سے آنے والے سیلابی ریلے کی بروقت اطلاع دے کر اطراف کے دیہات کے 300 رہائشیوں کی زندگی بچائی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تینوں ہیروز سے ملاقات میں ان کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ مجھ سمیت پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ان تینوں کے اقدام کا اعتراف کرتے ہوئے وصیت خان، انصار اور محمد خان کو خصوصی انعام سے نوازتے ہوئے 25، 25 لاکھ کے چیک دیے۔
دریں اثنا ترجمان جی حکومت فیض اللہ فراق نے وزیراعظم کی جانب سے تینوں ہیروز کو 25 لاکھ فی کس انعام دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی حکومت بھی ان ہیروز کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات کا اعلان کر چکی ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر اور چیف سیکرٹری کی خصوصی کاوشیں نمایاں رہیں، جن کی وجہ سے چرواہوں کی قربانی اور جذبہ وزیراعظم سیکریٹریٹ تک پہنچا۔
گلیشیئر پھٹنے کے بعد سیکڑوں افراد کی جانیں کس طرح بچیں؟ غذر کے بہادر چرواہے نے بتا دیا
انہوں نے کہا کہ ہنزہ کے کریم اللہ بیگ اور چٹور کھنڈ دائن کے ناصر نے بھی سیلاب میں درجنوں جانیں بچائیں۔ جلد وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں خصوصی تقریب میں ان ہیروز کو خراج تحسین پیش اور انعامات سے نوازا جائے گا۔