Tag: جی بی الیکشن

  • جی بی الیکشن: پی ٹی آئی 13 نشستیں پوری کرلے گی، شیخ  رشید

    جی بی الیکشن: پی ٹی آئی 13 نشستیں پوری کرلے گی، شیخ رشید

    راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان انتخابات میں تحریک انصاف کو 13 نشستیں چاہئیں جو وہ پوری کرلے گی۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ گلگت بلتستان انتخابات میں تحریک انصاف کو 13 نشستیں چاہئیں جو وہ پوری کرلے گی، پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کا مقابلہ ہوگا، ن لیگ کو چوتھے نمبر پر دیکھتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی 5 سے 7 کے درمیان سیٹیں دیکھ رہا ہوں، ن لیگ کی گلگت بلتستان میں ایک یا دو نشستیں دیکھ رہا ہوں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تمام پارٹیوں نے پر امن جلسے کیے، پر امن اور شفاف الیکشن ہوئے ہیں، گلگت بلتستان حساس علاقہ ہے عالمی سازش کا حب ہے، جی بی میں پر امن الیکشن اس سے قبل کبھی نہیں دیکھے۔

    مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں پولنگ ختم ، گنتی کا عمل جاری

    وزیر ریلوے نے کہا کہ پہاڑوں پر رہنے والے لوگ معاملہ فہم اور دور اندیش ہوتے ہیں، گلگت بلتستان کے لوگوں نے اپنے مسائل کے حل کیے لیے ووٹ دیا۔

    واضح رہے کہ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے، ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے۔

    گلگت بلتستان کی 24 میں سے 23 نشستوں کے لیے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔قانون کے مطابق شام 5 بجے تک پولنگ اسٹیشنز میں موجود افراد ووٹ ڈال سکیں گے۔

  • جی بی الیکشن: ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان مفاہمتی یادداشت سامنے آ گئی

    جی بی الیکشن: ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان مفاہمتی یادداشت سامنے آ گئی

    کراچی: گلگت بلتستان انتخابات کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والی مفاہمتی یادداشت اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، اس یادداشت پر دو دن قبل دستخط کیے گئے ہیں۔

    مفاہمتی یادداشت کے تحت ایم کیو ایم نے 2 نشستوں پر اپنے امیدوار تحریک انصاف کے امیدوار کے حق میں دست بردار کرائے، معاہدے پر دستخظ ایم کیو ایم کے امین الحق اور تحریک انصاف کے زلفی بخاری کی جانب سے کیے گئے ہیں۔

    ایم کیو ایم نے مذکورہ دونوں نشستوں (اسکردو 1 اور دیامیر 1) پر تحریک انصاف کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا، ایم کیو ایم کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام سے تحریک انصاف کے امیدواروں کی مکمل حمایت اور ووٹ ڈالنے کی اپیل بھی کی گئی تھی۔

    گلگت بلتستان انتخابی معرکہ: بلے پہ ٹھپہ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

    یادداشت کے مطابق ایم کیو ایم نے 9 نکاتی ایجنڈے پر پی ٹی آئی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

    اس مفاہمتی یادداشت میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کو جلد آئینی صوبہ بنایا جائے گا، جی بی کے لیے جلد میڈیکل اور انجینئرنگ یونی ورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا، کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے۔

    دیامر بھاشا ڈیم کے ذریعے پیدا ہونے والے روزگار کے مواقع پر پہلا حق گلگت بلتستان کا ہوگا، فوری طور پر ایسے اقدامات کیے جائیں گے جس سے عوام کو 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے نجات مل سکے۔سست ڈرائی پورٹ کو پورا سال کھلا رکھتے ہوئے ٹیکس کی خصوصی چھوٹ دی جائے گی، گلگت بلتستان کو سی پیک سے پہلے مستفید ہونے والا صوبہ قرار دیتے ہوئے ترقیاتی منصوبے دیے جائیں گے۔

    یادداشت کے مطابق اگر گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوتی ہے تو وہ ایم کیو ایم کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی مشاورتی ٹیم کا حصہ بناتے ہوئے حکومت میں شریک کرے گی۔

  • گلگت بلتستان انتخابی معرکہ: بلے پہ ٹھپہ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

    گلگت بلتستان انتخابی معرکہ: بلے پہ ٹھپہ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

    گلگت: ملک کے شمالی علاقے گلگت بلتستان میں جہاں ایک طرف انتخابی معرکہ زور و شور سے جاری ہے، وہاں دوسری طرف بلے پہ ٹھپہ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ’بلے پہ ٹھپہ‘ کے عنوان سے ٹرینڈ پر 63 ہزار سے زائد ٹویٹس کیے جا چکے ہیں۔

    جی بی انتخابات پر گیلپ پاکستان اور پلس کنسلٹنٹس کے تازہ ترین سروے بھی سامنے آ گئے ہی، سرویز کے مطابق عمران خان اور پی ٹی آئی گلگت بلتستان میں مقبول ترین سطح پر ہیں۔

    ٹویٹر پر بھی پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے، تاہم بلے نے شیر کو پچھاڑ دیا ہے، ن لیگ کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے چلایا جانے والا ٹرینڈ ’شیر پہ ٹھپہ‘ بلے کے مقابل بہت پیچھے رہ گیا ہے۔

    جی بی الیکشن: برف باری اور منفی 6 سینٹی گریڈ میں لوگ ووٹ ڈالنے نکل آئے (تصاویر)

    ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ٹویٹر پر ’جیت کا نشان تیر‘ کے عنوان سے ٹرینڈ چلایا گیا ہے، تاہم پینل پر یہ چوتھے نمبر پر ہے۔

    واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے، جی بی کے عوام کا جوش و خروش دیکھنے کے لائق ہے، لوگ برف باری اور منفی 6 سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں بھی ووٹ ڈالنے نکل آئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسکردو حلقہ 2 چنداہ میں منفی 6 سینٹی گریڈ بھی عوام کے جذبے کو کم نہ کر سکا، سینکڑوں لوگ اس وقت پولنگ اسٹیشنز کے باہر اپنی باری کے انتظار میں موجود ہیں۔

  • جی بی الیکشن: برف باری اور منفی 6 سینٹی گریڈ میں لوگ ووٹ ڈالنے نکل آئے (تصاویر)

    جی بی الیکشن: برف باری اور منفی 6 سینٹی گریڈ میں لوگ ووٹ ڈالنے نکل آئے (تصاویر)

    اسکردو: گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے، جی بی کے عوام کا جوش و خروش دیکھنے کے لائق ہے، لوگ برف باری اور منفی 6 سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں بھی ووٹ ڈالنے نکل آئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسکردو حلقہ 2 چنداہ میں منفی 6 سینٹی گریڈ بھی عوام کے جذبے کو کم نہ کر سکا، سینکڑوں لوگ اس وقت پولنگ اسٹیشنز کے باہر اپنی باری کے انتظار میں موجود ہیں۔

    غذر میں پھنڈر میں برف باری کے دوران پولنگ جاری ہے، جب کہ پولنگ کے عمل کو محفوظ طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پولیس عملہ بھی چوکس ہر جگہ موجود ہے۔

    غذر پونیال میں خواتین ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشن پر موجود ہیں

    ذرایع کا کہنا ہے کہ استور کے سرحدی اور آخری گاؤں منیمرگ ٹٹوال میں الیکشن کا عملہ برف باری کی وجہ سے تاحال نہیں پہنچ سکا ہے، جب کہ منیمرگ قمری میں شدید برف باری کے باوجود پولنگ کا عمل پر امن طریقے سے جاری ہے۔

    استور کے بالائی علاقے منیمرگ قمری میں شدید برف باری کے باوجود پولنگ کا عمل جاری

    گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے لیے پولنگ جاری، عوام میں جوش و خروش

    گلگت میں جوان تو جوان بوڑھے بزرگ بھی جوش و خروش سے اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز آ رہے ہیں۔ الیکشن میں اپنے قیمتی ووٹ کو استعمال کرنے ایک 90 سال کے بزرگ ووٹر بھی پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے۔

    ایک بزرگ ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں

    غذر میں ایک شہری نے شیر قلعہ میں ضعیف دادی کو ووٹ کاسٹ کرنے کا حق دینے کے لیے پیٹھ پر اٹھا کر پولنگ اسٹیشن تک پہنچایا، جس سے مقامی لوگوں میں ووٹ کے حق کے استعمال کا ولولہ ظاہر ہوتا ہے۔

    ایک شہری غذر، شیر قلعہ میں ضعیف دادی کو ووٹ کاسٹ کرنے لے جا رہا ہے

    چند علاقوں میں پولنگ کا عمل تاخیر کا بھی شکار ہوا، ذرایع کا کہنا تھا کہ چلاس، دیامر 16حلقہ ون میں تھک لوشی میں پولنگ تاخیر کا شکار ہوئی، 7میں سے ایک بوتھ میں عملہ موجود تھا اور باقی صبح سے غائب تھا۔

    حلقہ 2 کشروٹ فاریسٹ پولنگ اسٹیشن پر پولنگ سست روی کا شکار رہی، جس کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن میں ووٹرز کی قطاریں لگ گئیں، ایک بزرگ شہری کا کہنا تھا کہ وہ صبح سے ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے کھڑے ہیں، انھوں نے بتایا کہ وہ دمے کے مریض ہیں۔

    چیف الیکشن کمشنر جی بی ایک پولنگ اسٹیشن کا دورہ کر رہے ہیں

    تاہم مجموعی طور پر شدید سردی کے باوجود گلگت کے پولنگ اسٹیشنز میں لوگوں کی بڑی تعداد اپنے ووٹ کا حق استعمال کر رہی ہے۔ اسکردو میں عام لوگوں کے ساتھ مریضوں کو بھی ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشنز لایا گیا۔

  • جی بی الیکشن: چیف الیکشن کمشنر کا بڑا اعلان

    جی بی الیکشن: چیف الیکشن کمشنر کا بڑا اعلان

    گلگت: چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ عام انتخابات کی طرح جی بی میں آر ٹی ایس سسٹم نہیں بیٹھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز نے کہا کہ جی بی انتخابات کے سلسلے میں مینڈیٹ چوری کرنے اور دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

    انھوں نے کہا عام انتخابات کی طرح جی بی میں آر ٹی ایس سسٹم نہیں بیٹھےگا، شفاف الیکشن کرانے کے لیے تمام انتظامات کر لیے ہیں، گلگت بلتستان کا یہ تاریخی الیکشن ہوگا۔

    چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ نتائج کے حصول کے لیے تمام تر انتظامات کر لیے گئے ہیں، نتائج وصولی کے لیے گاڑیوں سمیت گھوڑوں کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔

    گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے لیے پولنگ جاری، عوام میں جوش و خروش

    راجہ شہباز نے کہا ابھی تک کسی امیدوار نے دھاندلی کی کوئی شکایت نہیں کی، میں اسلام آباد دھاندلی کے لیے نہیں بیلٹ پیپر کے حصول اور سینیٹ کو بریفنگ دینے گیا تھا۔

    انھوں نے واضح کیا کہ پولیس بھی صاف اور شفاف انتخابات کرا سکتی ہے، ہم نے چاروں صوبوں سے پولیس کو بلوا کر انتخابی عمل کو جاری رکھا ہے، اور اس بار فوج کو پولنگ اسٹیشن پر آنے کی زحمت نہیں دی گئی۔

    واضح رہے کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی 24 میں سے 23 نسشتوں کے لیے آج انتخابات ہو رہے ہیں، پولنگ کا عمل جاری ہے، اس دوران 7 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنے حق رائے دہی استعمال کریں گے، مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین ووٹرز بھی انتہائی پُر جوش ہیں۔