Tag: جی سی سی

  • کویت میں جی سی سی اجلاس، نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری کا خیر مقدم

    کویت میں جی سی سی اجلاس، نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری کا خیر مقدم

    کویت سٹی: کویت میں جی سی سی اجلاس نے نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری کا خیر مقدم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رہنماؤں نے اتوار کو کویت میں اجلاس کے بعد اعلامیے میں غزہ کی پٹی میں فوری اور مستقل جنگ بندی کے مطالبات کا اعادہ کیا۔

    انھوں نے آئی سی سی کی جانب سے اسرائیل کے نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ وہ اسرائیل کی اس وضاحت کو مسترد کرتے ہیں کہ غزہ کی پٹی میں جارحیت اسرائیل کا دفاع ہے۔

    جی سی سی رہنماؤں نے اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے نسل کشی اور غزہ کی پٹی میں کیے جانے والے افسوس ناک اور ہول ناک جرائم کی بھی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی، جن میں شہریوں کا قتل، تشدد، ماوراے عدالت سزاے موت، جبری گمشدگی، جبری بے گھری، اور لوٹ مار شامل ہیں۔

    اسرائیل نے مساجد میں اذان پر پابندی لگا دی

    واضح رہے کہ غزہ میں 44 ہزار سے زائد فلسطینیون کا قتلِ عام کرنے کے باوجود صہیونی فوج کی بربریت کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی فوج کے شمالی اور جنوبی غزہ کے متعدد علاقوں میں حملوں کے نتیجے میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 47 فلسطینی شہید ہو گئے۔

    جنین میں صہیونی فوج کی فائرنگ سے چار فلسطینی شہید اور درجنوں کو گرفتار کیا گیا، فلسطینی وزارتِ صحت نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

  • خلیج تعاون کونسل نے اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا

    خلیج تعاون کونسل نے اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا

    ریاض: خلیج تعاون کونسل نے اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں غزہ جنگ بندی سے متعلق عرب وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں غزہ کی موجودہ صورتحال اور امداد کی مستقل فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    جی سی سی نے اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا، سیکریٹری خارجہ خلیج تعاون کونسل نے غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی، قطری وزیر خارجہ نے کہا کہ عرب ممالک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام چاہتے ہیں، مصری وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ جنگ فلسطینی کاز کو ختم کرنے کا منظم منصوبہ ہے۔

    غزہ پر صہیونی فورسز کی بمباری کا 150 واں دن، شہادتیں 30 ہزار 410 ہو گئیں

    اجلاس میں اردن اور مراکش کے وزرائے خارجہ نے بھی شرکت کی، خلیج تعاون کونسل کے اعلامیہ کے مطابق فلسطینی ریاست 1967 والی سرحدوں کے مطابق ہونی چاہیے۔

    کملا ہیرس کی اسرائیل پر شدید تنقید

    عرب وزرائے خارجہ کے اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے شرکت اور قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے صدارت کی، اجلاس میں خلیجی ممالک کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اور غزہ میں فوری جنگ بندی کی اہمیت اور انسانی امدادی راہداریوں کا تحفظ یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • جی سی سی ممالک کے تمام اقامہ ہولڈرز کے لیے خوشخبری

    جی سی سی ممالک کے تمام اقامہ ہولڈرز کے لیے خوشخبری

    سعودی وزارت سیاحت نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) میں مقیم کارآمد اقامہ ہولڈر تمام غیرملکیوں کے لیے سیاحتی ویزے کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔

    سبق نیوز کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے ممالک میں اقامہ پر مقیم غیرملکی خواہ انکا پیشہ کوئی بھی ہو وہ سیاحتی ویزے پرمملکت آنے کے اہل ہوں گے، اس کے علاوہ سیاحتی ویزے پرآنے والے مسلمان سیاحوں کوعمرہ ادائیگی کی بھی اجازت ہو گی۔

    اس سے قبل سعودی وزارت سیاحت نے اس حوالے سے کہا تھا کہ مملکت کے سیاحتی ویزے کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ سیاحتی ویزے کے حوالے سے قواعد کی منظوری وزیرسیاحت احمد بن عقیل الخیطب نے جاری کی ہے۔

    وزارت نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ خلیج تعاون کونسل میں شامل ممالک میں رہنے والے سعودی عرب کا وزٹ ویزہ حاصل کرنے کےلیے وزارت کے پورٹل ’روح السعودیہ‘ کے ذریعے اپلائی کرسکتے ہیں۔

    وزارت کی جانب سے سیاحتی ویزے کے حوالے سے جاری شرائط میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاحتی ویزے کے لیے لازمی ہے کہ جی سی سی میں مقیم درخواست گزار غیرملکی کا اقامہ کم ازکم 3 ماہ کےلیے کارآمد ہو۔

    سیاحتی ویزے مرکزی درخواست دہندہ کے ساتھ آنے والے اول درجے کے رشتہ دار اورکفیلوں کے ہمراہ آنے والے ملازمین کے لیے جاری کرایا جاسکتا ہے۔

    سیاحتی ویزے پرآنے والوں کےلیے مقررہ قواعد میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں سیاحتی ویزے پرآنے والے مقامی قوانین کا احترام کریں اس حوالے سے ان کےلیے لازم ہوگا کہ وہ اپنے ہمراہ شناختی دستاویز اپنے ہمراہ رکھیں۔

    سیاحتی ویزے پرآنے والوں کو حج ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی نہ ہی وہ افراد حج سیزن کے دوران عمرہ کی ادائیگی کےلیے مکہ مکرمہ جاسکیں گے۔

  • شاہ سلمان کی جانب سے جی سی سی رہنماؤں کو دعوت نامے ارسال

    شاہ سلمان کی جانب سے جی سی سی رہنماؤں کو دعوت نامے ارسال

    ریاض: خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے اجلاس کے لیے شاہ سلمان کی جانب سے رہنماؤں کو دعوت نامے ارسال کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان نے گلف کو آپریشن کونسل کے رہنماؤں کو تنظیم کے 41 ویں سربراہی اجلاس کے لیے باضابطہ طور پر مدعو کر لیا۔

    یہ اجلاس آئندہ برس 5 جنوری کو ریاض میں منعقد ہوگا، عرب نیوز کے مطابق یہ دعوت نامے خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نایف الفالح الحجراف نے ارسال کیے ہیں۔

    سب سے پہلے جن رہنماؤں کو دعوت نامے ارسال کیے گئے ان میں یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان، دبئی کے حکمران اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم شامل تھے۔

    ڈاکٹر الحجراف کا کہنا تھا کہ غیر معمولی حالات میں خلیجی رہنماؤں کی جانب سے یہ اجلاس بلایا جانا رکن ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور خلیجی عوام کے لیے فرائض کی ادائیگی پر یقین کا ثبوت ہے۔

    انھوں نے کہا جی سی سی اپنے قیام کی پانچویں دہائی میں داخل ہو رہی ہے، عالمگیر وبا کے پس منظر میں رکن ممالک کے مابین تجارت اور معاشی تعاون کا مشن آج تاریخ کے کسی بھی دور سے زیادہ اہم ہو گیا ہے۔

  • گولان ہائیٹس پر اسرائیلی قبضے کو تسلیم کرنا افسوس ناک ہے، جی سی سی

    گولان ہائیٹس پر اسرائیلی قبضے کو تسلیم کرنا افسوس ناک ہے، جی سی سی

    دبئی : خلیج تعاون کونسل کا امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل کے ناجائز قبضے کو تسلیم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ’گولان ہائیٹس شام کا متنازع حصّہ ہے‘۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر مشرق وسطیٰ میں موجود ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل سے اپنی دوستی ثابت کرتے ہوئے شام کی گولان ہائیٹس پر اسرائیلی قبضے کو مکمل طور پر تسلیم کیا تھا۔

    خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل عبداللطیف بن راشد الزیانی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گولان ہائیٹس پر اسرائیلی خود مختاری تسلیم کرنے کو حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’ٹرمپ کے ان مؤقف سے حقیقت تبدیل نہیں ہوگی، جی سی سی گولان ہائیٹس کو بلا شبہ شام کا حصّہ سمھجتی ہے۔

    خلیج تعاون کونسل کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ نے گولان کی پہاڑیوں کو متنازعہ علاقہ قرار دیا تھا اور جی سی سی یو این کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے کہ اور اسے شام کا مقبوضہ علاقہ سمھجتا ہے جس پر ناجائز ریاست اسرائیل نے جون 1967 میں قبضہ کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : گولان کی پہاڑیوں پراسرائیل کی مکمل بالادستی تسلیم کرنے کا وقت آگیا ہے‘ ڈونلڈ ٹرمپ

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ 52 سال بعد امریکا شام کی گولان ہائیٹس پراسرائیل کی مکمل بالادستی تسلیم کرنے کا وقت آگیا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ گولان کی پہاڑیاں اسرائیل کی سلامتی اور علاقے کے استحکام کے لیے اہمیت رکھتی ہیں۔

    امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیرخارجہ مائیک پومپیو بھی یروشلم میں ہیں۔

    واضح رہے کہ گولان کی پہاڑیاں 1200 مربع کلومیٹر پرپھیلی ایک پتھریلی سطح ہے جو کہ شامی دارالحکومت دمشق سے تقریباََ 60 کلومیٹرجنوب مغرب میں واقع ہیں۔