Tag: جی 7 سمٹ

  • ٹرمپ کا جی 7 سمٹ میں شرکت مختصر کر کے وطن واپسی کا فیصلہ

    ٹرمپ کا جی 7 سمٹ میں شرکت مختصر کر کے وطن واپسی کا فیصلہ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جی 7 سمٹ میں اپنی شرکت مختصر کر کے وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا میں جی سیون سمٹ میں شرکت مختصر کر کے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے، وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے کہا کہ امریکی صدر پیر کی رات کینیڈا میں جی 7 سمٹ سے کئی ’’اہم معاملات‘‘ دیکھنے کے لیے واشنگٹن واپس آئیں گے۔

    دریں اثنا، امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سیچویشن روم میں اہم اجلاس بلا لیا ہے، اور نیشنل سیکیورٹی کونسل کو سیچویشن روم میں تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔


    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں


    پنٹاگون چیف نے ایک بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ اب بھی ایران کے ساتھ نیو کلیئر ڈیل کے لیے کوشاں ہیں، تاہم امریکا چوکس اور تیار ہے، اور مشرق وسطیٰ میں اپنے اثاثوں کی حفاظت کرے گا۔


    ایران نے جوہری معاہدے پر دستخط نہ کیے تو بے وقوفی ہوگی، ٹرمپ


    بی بی سی کے مطابق اس بات کی توقع نہیں ہے کہ ٹرمپ ایران اسرائیل تنازعہ پر جی 7 کے بیان پر دستخط کریں گے، جس میں کشیدگی میں کمی اور شہریوں کے تحفظ پر زور دیا جائے گا۔ امریکی صدر آج منگل کو یوکرین اور میکسیکو کے صدور کے ساتھ طے شدہ ملاقاتیں بھی نہیں کر پائیں گے۔

    تاہم دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا اصرار ہے کہ ٹرمپ نے اس سفر کے دوران بہت کچھ حاصل کر لیا ہے، سب سے بڑھ کر برطانیہ کے وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر کے ساتھ ٹیرف معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

  • جی 7 سمٹ میں اسرائیل ایران تنازع ایجنڈے میں سرفہرست ہونے کا امکان

    جی 7 سمٹ میں اسرائیل ایران تنازع ایجنڈے میں سرفہرست ہونے کا امکان

    اوٹاوا: کینیڈا میں جی 7 سمٹ میں شرکت کے لیے عالمی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ایجنڈے میں ایران اسرائیل تنازع سر فہرست ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جی 7 سمٹ میں شرکت کے لیے کینیڈا روانہ ہو گئے، برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر سمٹ میں شرکت کے لیے کینیڈا پہنچ گئے۔

    جی 7 سمٹ میں اسرائیل ایران تنازع ایجنڈے میں سرفہرست ہونے کا امکان ہے، سمٹ میں بین الاقوامی سیکیورٹی، عالمی استحکام پر بات چیت ہوگی، امریکا کی جانب سے ٹیرف پالیسی پر ڈونلڈ ٹرمپ بات چیت کریں گے۔

    فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ ایران اسرائیل تنازع آنے والے گھنٹوں میں تھم جائے گا، اور آنے والے گھنٹوں میں بات چیت کا راستہ کھلے گا، جی 7 رہنماؤں کے ساتھ اس معاملے پر بات کرنے کا موقع ملے گا۔


    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں


    روئٹرز کے مطابق کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کا کہنا ہے کہ ان کی ترجیحات میں امن و سلامتی کو مضبوط بنانا، معدنی سپلائی کی اہم کڑیاں بنانا اور ملازمتیں پیدا کرنا شامل ہیں، لیکن توقع ہے کہ سربراہی اجلاس کے دوران امریکی ٹیرف اور مشرق وسطیٰ اور یوکرین کے تنازعات جیسے مسائل پر بہت زیادہ توجہ دی جائے۔

    جی 7 کے ایک اہلکار نے کہا کہ جی سیون رہنما ایران کے بارے میں ایک مشترکہ بیان جاری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس میں کشیدگی میں کمی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے صحافیوں کو بتایا کہ اجلاس کے لیے ان کا ہدف یہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار تیار نہ کرے، اسرائیل کا دفاع کا حق یقینی ہو، تاہم تنازع بڑھنے سے گریز کیا جائے اور سفارت کاری کے لیے گنجائش پیدا کی جائے۔