اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ آنے پر اپوزیشن کو عوام کی یاد ستانے لگی ہے، کاش انہیں اقتدار میں رہ کر معیشت کی بدحالی نظر آتی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپوزیشن رہنماؤں کی میڈیا سے گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے لوٹ مار کرنے والوں کو اقتدار سے اٹھا کر باہر پھینک دیا ہے، ان کے کرتوتوں کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن نے معیشت کی جڑیں کھوکھلی کیں، ملک قرض کی دلدل میں دھکیلا، بے رحمی سے قوم کا سرمایہ لوٹنے والے آج معصوم بننے کی کوشش نہ کریں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ معاشی مسائل کے حل کے لیے اپوزیشن نواز شریف اور زرداری کے خلاف پریس کانفرنس کرے، اپویزشن ارکان انہیں لوٹی ہوئی دولت وطن واپس لانے کا کہیں، اپوزیشن رہنما ایسی پریس کانفرنسز سے اعانت جرم کے مرتکب ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باتیں کرنے والوں سے مہمند ڈیم کی تعمیر کا عملی اقدام برداشت نہیں ہورہا ہے، اپنا گھر بھرنے والوں کو عوام کے لیے ڈیم کا منصوبہ ہضم نہیں ہورہا ہے۔
یہ پڑھیں: زرداری صاحب اور نوازشریف کی سیاست دفن ہوچکی ہے: فواد چوہدری
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سب سے بڑی شناخت ان کی دیانت داری ہے، بددیانتی کی علامتیں مشورے دینے کی بجائے اپنے اعمال پر توبہ کریں۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر تنقید کی تھی ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے پاس جانا ہے یا نہیں فیصلہ تو کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ تنقید نہیں کررہا حقائق عوام کے سامنے رکھ رہا ہوں، بے روزگاری بڑھنا اور افراط زر میں کمی ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔