Tag: جے شاہ

  • آئی سی سی چیئرمین جے شاہ شکریہ ادا کرنے میں پاکستان کا نام بھول گئے یا ۔۔۔۔؟

    آئی سی سی چیئرمین جے شاہ شکریہ ادا کرنے میں پاکستان کا نام بھول گئے یا ۔۔۔۔؟

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین جے شاہ کی شکریہ کی ٹویٹ سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے پاکستان کا نام نہیں لیا۔

    پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میزبان تھا اور اس کے شاندار انعقاد میں کامیاب رہا۔ تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بھارت سے تعلق رکھنے والے چیئرمین جے شاہ سے پاکستان کی یہ کامیابی ہضم نہ ہوئی اور میگا ایونٹ کے بعد اس کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے جاری پیغام میں ایک بار پھر پاکستان سے بغض کا کھل کر مظاہرہ کر دیا۔

    جے شاہ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے شکریہ کا پیغام شیئر کیا گیا تاہم اس میں انہوں نے میزبان ملک پاکستان کا نام نہیں لیا۔

    جے شاہ نے شکریہ کے پیغام میں پاکستان کا نام نہیں لکھا

    آئی سی سی چیئرمین نے اپنے پیغام میں لکھا کہ چیمپئنز ٹرافی آئی سی سی کے لیے بڑی کامیاب رہی۔ تمام ٹیموں اور میزبان ملک کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

    صارفین جے شاہ کی اس ٹویٹ پر سوال اٹھا رہے ہیں کہ پاکستان کا نام نہ لینا غلطی ہے یا جان بوجھ کر انہوں نے ایسا کیا۔

    جے شاہ کے برعکس آئی سی سی چیئرمین کے برعکس چیف ایگزیکٹو جیف ایلارڈائس نے اپنے پیغام میں پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد کو پاکستان کی تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔

    آئی سی سی چیف پاکستان کے مشکور، چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کو تاریخی کامیابی قرار دے دیا

    واضح رہے کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث ٹیم انڈیا کے تمام میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیلے گئے۔

    بھارتی ٹیم کو اس ایونٹ میں ایک ہی میدان اور کنڈیشن میں کھیلنے کے ایڈوانٹیج اور میزبان پاکستان سمیت دیگر ٹیموں کے طویل سفر پر سابق اور موجودہ کرکٹرز آئی سی سی پر بھارت کو بے جا فائدہ دینے کے الزامات بھی عائد کر رہے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/icc-stands-for-indian-cricket-board-andy-roberts-slams/

  • آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچز کی تعداد بڑھائی جائے گی

    آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچز کی تعداد بڑھائی جائے گی

     آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ، کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین مائیک بیئرڈ اور انگلینڈ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامپسن کے درمیان اس ماہ کے آخر میں ملاقات کا امکان ہے۔

    ملاقات میں ٹیسٹ کرکٹ کا نیا دو رویہ اسٹرکچر ایجنڈے میں شامل ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں دو رویہ کا پلان موجودہ 2027 تک کے ایف ٹی پی کے بعد عمل میں لایا جائے گا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ اسٹرکچر میں تبدیلی سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ مزید ایک اور سائیکل تک جاری رہ سکے گی، انگلینڈ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس ڈبلیو ٹی سی پر پہلے ہی تنقید کرچکے ہیں

    دو ڈویژن ٹیسٹ کرکٹ کا پلان 2016 میں آئی سی سی میں زیرِ بحث آیا تھا، 2016 کے پلان کے مطابق 7 ملک ٹاپ ڈویژن جب کہ 5 سیکنڈ رینک میں مقابلہ کریں گے، 2016 میں تب بھارتی کرکٹ بورڈ نے 2 ڈویژن سسٹم کے خلاف ووٹ دیا تھا۔

    اس وقت بی سی سی آئی نے کہا تھا کہ 2 ڈویژن سسٹم سے چھوٹے بورڈز کا مالی نقصان ہوگا۔

    بگ تھری کے درمیان زیادہ کرکٹ سے براڈ کاسٹرز کے بھی مفادات جڑے ہیں، براڈ کاسٹرز بھی چاہتے ہیں کہ تینوں ملکوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ میچز ہوں۔

    اس حوالے سے براڈ کاسٹرز کا کہنا ہے کہ جتنے زیادہ میچز ہوں گے اُتنا زیادہ اچھا ہے

  • جے شاہ نے چیئرمین آئی سی سی کا چارج سنبھال لیا

    جے شاہ نے چیئرمین آئی سی سی کا چارج سنبھال لیا

    بھارت کے جے شاہ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔

    کرکٹ کے عالمی ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی سربراہی تبدیل ہوگئی ہے۔ گریگ بارکلے جن کے عہدے کی مدت 30 نومبر کو مکمل ہوئی، وہ اگست میں ہی دستبردار ہونے کا اعلان کر چکے تھے۔

    گریگ بارکلے کے دستبردار ہونے کے بعد جے شاہ کو آئی سی سی کا بلامقابلہ چیئرمین منتخب کیا گیا تھا اور آج انہوں نے اپنے اس عہدے کا چارج بھی سنبھال لیا ہے۔

    جے شاہ نے عہدے کا چارج سنبھالنے پر کہا ہے کہ آئی سی سی کا چیئرمین بننا باعث فخر ہے۔ اس کے لیے آئی سی سی ڈائریکٹرز اور بورڈ ممبرز کی حمایت اور اعتماد پر شکر گزار ہوں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پر ڈیڈ لاک ہونے کے باعث گریگ بارکلے کے عہدے کی مدت میں ایک ہفتے کی توسیع کے امکانات ظاہر کیے جا رہے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/champions-trophy-new-formula-emerges-to-end-deadlock/

  • کوہلی، روہت جیسے پلیئرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، جے شاہ

    کوہلی، روہت جیسے پلیئرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، جے شاہ

    بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما جیسے پلیئرز کو دلیپ ٹرافی کھیلنے کے لے مجبور نہیں کیا جاسکتا۔

    دلیپ ٹرافی کا بھارت میں جلد انعقاد ہونے والا ہے جس میں بھارت کے کئی سپر اسٹار کرکٹرز حصہ لیں گے، پہلے ممکنہ طور پر اس ایونٹ میں حصہ لینے کے ویرات کوہلی اور روہت شرما کے نام بھی سامنے آئے تھے، تاہم اب فائنل اسکواڈ میں دونوں پلیئرز کا نام موجود نہیں ہے۔

    بھارتی کرکٹ کے بڑے ناموں میں سے چند قابل ذکر نام جن میں کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی اور جسپریت بمراہ شامل ہیں وہ اس ڈومیسٹک ایونٹ سے غیر حاضر ہونگے۔

    ڈومیسٹک ایونٹ کے لیے جب ٹیم اے، ٹیم بی، ٹیم سی اور ٹیم ڈی کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تو بھارتی ٹیم کے دونوں سینئر ترین کھلاڑیوں کے نام موجود نہیں تھے۔

    بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کے مطابق ان کی ترجیح اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ روہت اور کوہلی اس سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونے والی پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے فٹ ہوں۔

    انھوں نے کہا کہ ہمیں دلیپ ٹرافی میں کھیلنے کے لیے روہت اور ویرات جیسے کھلاڑیوں پر زور نہیں ڈالنا چاہیے، ان کے انجرڈ ہونے کا خطرہ ہوسکتا ہے۔

    اگر آپ نے غور کیا ہو تو آسٹریلیا اور انگلینڈ میں ہر انٹرنیشنل کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلتا۔ ہمیں کھلاڑیوں کے ساتھ عزت کے ساتھ پیش آنا ہوگا۔

    جے شاہ نے کہا کہ ایونٹ میں کوہلی اور روہت کے علاوہ باقی سب کھیل رہے ہیں، آپ کو اس چیز کی تعریف کرنی چاہیے، اس کے علاوہ ایشان کشن اور شریاس آئر بوچی بابو ٹورنامنٹ میں کھیل رہے ہیں۔

  • بھارتی ٹیم پر جے شاہ نے نوٹوں کی برسات کردی، کتنی رقم کا اعلان کیا؟

    بھارتی ٹیم پر جے شاہ نے نوٹوں کی برسات کردی، کتنی رقم کا اعلان کیا؟

    بھارتی کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شاندار فتح کے بعد (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے ٹیم پر نوٹوں کی برسات کردی۔

    جے شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بھارتی ٹیم کیلیے 125 کروڑ روپے مالیت کے انعام کا اعلان کردیا۔

    بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم نے غیر معمولی ٹیلنٹ، اسپورٹس مین شپ اور جذبے کا مظاہرہ کیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تمام کھلاڑیوں کوچز اور سپورٹنگ اسٹاف کو غیر معمولی کارنامے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

    دوسری جانب بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو روہت شرما کے جانے کے بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے آئندہ کپتان کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

    برج ٹاؤن میں ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے فائنل میں بھارت کی سات رنز سے جیت کے ساتھ ہی روہت شرما ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں، ایسے میں ہاردک پانڈیا سے 2026 کے ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کے سلسلے میں روہت کا ممکنہ متبادل ہونے کے بارے میں سوال کیا گیا۔

    تاہم ممبئی انڈینز کے کپتان نے اس بات پر چپ رہنے کو ترجیح دی اور صاف جواب دینے سے گریز کیا بلکہ انھو نے بھارتی کپتان روہت اور کوہلی کے بارے میں بات کرنا شروع کردی۔

    ہاردک پانڈیا نے کہا کہ 2026 کے لیے ابھی کافی وقت ہے، اس وقت میں روہت اور ویرات دونوں کے لیے بہت خوش ہوں، بھارتی کرکٹ کے دو بڑے لیجنڈ اس کے پوری طرح سے مستحق تھے۔

    ٹیم کی سرجری سے متعلق سوال پر شاہین آفریدی کا رد عمل سامنے آگیا

    آل راؤنڈر نے کہا کہ دونوں کے ساتھ اتنے سالوں سے کھیلنا بہت شاندار رہا، ہم سب کو یہ یاد آئے گا لیکن اس سے اچھا لمحہ کیا ہوگا کہ ہم دونوں کو اس بہترین انداز میں الوداع کہیں۔

  • جے شاہ نے بھارت میں کوہلی، دھونی، روہت شرما کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

    جے شاہ نے بھارت میں کوہلی، دھونی، روہت شرما کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

    بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے طاقتور بھارتیوں کی فہرست میں اسٹار کرکٹرز کوہلی، دھونی اور روہت شرما کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

    بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے سربراہ مشہور کرکٹرز سے بھی زیادہ طاقتور شخصیت کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ دی انڈین ایکسپریس کی ’’100 سب سے زیادہ طاقتور ہندوستانیوں‘‘ کی 2024 کی فہرست میں انھیں ویرات کوہلی، ایم ایس دھونی اور بھارتی کپتان سے اوپر رکھا گیا ہے۔

    اس لسٹ میں جے شاہ کو 35 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے جبکہ کوہلی 38 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔ سابق بھارتی کپتان دھونی 58 ویں نمبر پر موجود ہیں، اس کے علاوہ موجودہ کپتان روہت طاقتور بھارتیوں میں 68 واں نمبر دیا گیا ہے۔

    بی سی سی آئی سربراہ کے دور میں 2023 میں ویمنز پریمیئر لیگ کا آغاز بھی ہوا ہے۔ اس کے علاوہ بھارت نے پہلی بار مکمل طور پر ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی بھی کی۔

    جے شاہ نے 128 سال بعد اولمپکس میں کرکٹ کو واپس لانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ کرکٹ ان مختلف کھیلوں میں شامل ہوگا جو 2028 میں لاس اینجلس میں کھیلے جائیں گے۔

    انڈین ایکسپریس کی جانب سے 35 سالہ جے شاہ کو عالمی کرکٹ کا سب سے طاقتور آدمی بھی قرار دیا گیا ہے۔

    اخبار کا اپنے تجزیے میں مزید کہنا تھا کہ شاہ پہلے ہی سب سے کم عمر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہ بن چکے ہیں جبکہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین بننے کے لیے بھی مضبوط امیدوار ہیں۔

    انھوں نے آئی سی سی کی آمدنی میں بی سی سی آئی کے حصہ کو تقریباً دوگنا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جو کہ 22.8 فیصد سے بڑھ کر 38.5 فیصد تک ہوگیا ہے۔

    بی سی سی آئی کو اب کرکٹ کے بین الاقوامی ادارے سے سالانہ 231 ملین ڈالرز ملیں گے۔ اس وقت جے شاہ کا بی سی سی آئی پر بے مثال کنٹرول ہے جہاں کبھی طاقت کے حصول کے لیے شدید گروپ بندی اور لڑائیاں ہوتی تھیں۔

  • سلیکٹرز نے کہہ دیا کھیلنا ہے تو کھیلنا ہے کوئی بہانہ نہیں چلے گا!

    سلیکٹرز نے کہہ دیا کھیلنا ہے تو کھیلنا ہے کوئی بہانہ نہیں چلے گا!

    بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جے شاہ نے کہا ہے کہ اگر سلیکٹرز نے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا کہنا ہے تو انھیں ایسا کرنا پڑیگا۔

    بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ بھارتی کرکٹرز پر واضح کیا ہے کہ جب بھی وہ دستیاب ہوں گے تو انھیں ڈومیسٹک سرکٹ میں ٹیسٹ میچز کھیلنا پڑیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر سلیکشن کمیٹی یا کپتان اور ہیڈ کوچ کی سربراہی میں ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے کسی پلیئر کو ڈومیسٹک سطح پر ریڈ بال کرکٹ کھیلنے کا کہا جائے تو اسے ایسا کرنا ہوگا۔

    ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کی طرف سے واضح ہدایت کے باوجود بھارتی کرکٹر ایشان کشن ڈومیسٹک کرکٹ سے مسلسل غیرحاضر ہیں۔

    ڈریوڈ نے کہا تھا کہ ایشان ٹیم میں واپسی چاہتے ہیں تو ڈومیسٹک کرکٹ یا کسی بھی شکل کی کرکٹ کھیلیں جبکہ یہ موضوع کافی عرصے سے انڈین میڈیا میں زیربحث بھی رہا ہے۔

    ایشان کشن نے جنوبی افریقہ کے دورے کے وسط میں ٹیم سے کچھ وقت کی چھٹی مانگی تھی اس کے بعد سے انھوں نے کوئی مسابقتی کرکٹ نہیں کھیلی حالانکہ وہ ہاردک اور کرونل پانڈیا کے ساتھ باقاعدگی سے ٹریننگ کر رہے ہیں۔

    راجکوٹ میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ سے قبل میڈیا سے بات چیت میں جے شاہ نے کہا کہ اگر کوئی کھلاڑی ٹیم انتظامیہ کی طرف سے دی گئی ہدایت ماننے سے انکار کرتا ہے تو چیف سلیکٹرز کو خود ہی اس پلیئر کے بارے میں فیصلہ لینے کا اختیار حاصل ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پلیئرز کو پہلے ہی فون پر مطلع کر دیا گیا ہے اور میں خط بھی لکھنے جا رہا ہوں کہ اگر آپ کے چیف سلیکٹر، آپ کے کوچ اور آپ کے کپتان آپ کو ریڈ بال کرکٹ کھیلنے کا کہہ رہے ہیں تو آپ کو اس طرز کی کرکٹ کھیلنی ہوگی۔‘‘

  • جے شاہ مزید ایک سال کیلئے اے سی سی کے صدر منتخب

    جے شاہ مزید ایک سال کیلئے اے سی سی کے صدر منتخب

    بالی: بھارت کے جے شاہ مسلسل تیسری بار ایشین کرکٹ کونسل( اے سی سی) کے صدر بن گئے۔

    انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہونے والے اے سی سی کے سالانہ اجلاس میں جے شاہ کو دوبارہ صدر بنادیا گیا، ذرائع نے بتایا پاکستان جے شاہ کے دوبارہ اے سی سی کا صدر بننے کا حامی نہیں تھا۔

     جبکہ اجلاس میں سری لنکا، بنگلادش افغانستان اور اومان  نے جے شاہ کی حمایت کی، پاکستان جے شاہ کو دوبارہ صدر بننے پر کچھ نہ کرسکا۔

    واضح رہے کہ سری لنکا کرکٹ نے اس سال بھی اپنی روٹیشن باری چھوڑ دی تھی، سری لنکا کرکٹ نے لگاتار دوسری مرتبہ اے سی سی کی صدارت سے دستبرداری کا اعلان کیا اور جے شاہ کو کام جاری رکھنے کا کہا۔

    یاد رہے کہ جے شاہ دو ہزار اکیس میں پہلی بار اے سی سی کے صدر بنے تھے، پاکستان کرکٹ بورڈ 2025ء میں  اے سی سی کی صدارت سنبھالے گا۔

  • سری لنکن کرکٹ کو تباہ کرنے والے جے شاہ ہیں، رانا ٹنگا پھٹ پڑے

    سری لنکن کرکٹ کو تباہ کرنے والے جے شاہ ہیں، رانا ٹنگا پھٹ پڑے

    سری لنکا کے ورلڈکپ فاتح کپتان ارجنا راناٹنگا سیکرٹری بھارتی کرکٹ بورڈ جے شاہ کی حرکتوں پر پھٹ پڑے، سری لنکن کرکٹ کو تباہ کرنے کا الزام عائد کردیا۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ اس وقت جے شاہ سری لنکا کی کرکٹ چلا رہے ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ کے پریشرکی وجہ سے سری لنکا کی کرکٹ تباہ ہوئی، سری لنکا کی کرکٹ وہ شخص چلا رہا ہے جو کہ بھارت میں بیٹھا ہے۔

    ارجنا رانا ٹنگا نے کہا کہ جے شاہ کے والد بھارتی وزیر ہیں اور ان کے اثر و رسوخ کی وجہ سے وہ طاقتور ہیں۔ بی سی سی آئی سمجھتا ہے وہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کو کنٹرول کرسکتا ہے۔

    سری لنکن ٹیم کی کارکردگی بھارت میں منعقدہ ورلڈکپ میں انتہائی مایوس کن رہی، اپنے 9 میچز میں سے سری لنکا صرف 2 میچز میں فتح حاصل کر سکی۔

    موجودہ عالمی کپ میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کافی خراب رہی جس پر سری لنکن وزیر کھیل نے پورے بورڈ کو فارغ کردیا تھا۔ ان حالات کے پیش نظر حکومتی مداخلت کے بعد آئی سی سی نے سری لنکا کی رکنیت معطل کردی تھی۔

  • ذکا اشرف آج بھارت روانہ ہوں گے، جے شاہ نے کیا کہا؟

    ذکا اشرف آج بھارت روانہ ہوں گے، جے شاہ نے کیا کہا؟

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے کے لئے آج بھارت کے لئے روانہ ہوجائیں گے۔

    بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اعزازی سیکرٹری جے شاہ کی جانب سے پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کو ان کے بھارت کے دورے کے موقع پر خوش آمدید کہا گیا ہے۔

    پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف 14 اکتوبر کو احمد آباد میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈکپ میچ کے موقع پر پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود ہوں گے۔

    اس حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم اپنی سخت محنت اور جذبے سے اس مرحلے تک پہنچی ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ اپنی بہترین کارکردگی سے ہمیں فخر کرنیکا موقع فراہم کریگی، ذکا اشرف نے کہا کہ وہ اس اہم موقع پر اپنی ٹیم کی سپورٹ کو بہت ضروری سمجھتے ہیں۔

    واضح رہے کہ جے شاہ اور ذکا اشرف کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت بھی ہوئی ہے، جس میں جے شاہ نے ذکا اشرف کے بھارت آنے پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔

    پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا کہ ٹیلیفونک بات چیت میں ان امکانات پر بھی بات ہوئی کہ کس طرح ہم دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ روابط کو بڑھانے اور انہیں ترقی دے سکتے ہیں۔

    جے شاہ کا کہنا تھا کہ وہ پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کے بھارت میں قیام کے دوران ان کی دیگر حکام سے ملاقاتوں کا اہتمام بھی کرائیں گے۔