Tag: جے پور

  • وائرل ویڈیو: بارش سے کثیر المنزلہ عمارت کے زمیں بوس ہونے کا خوفناک منظر

    وائرل ویڈیو: بارش سے کثیر المنزلہ عمارت کے زمیں بوس ہونے کا خوفناک منظر

    جے پور: بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جے پور کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں ایک کثیر المنزلہ عمارت کو دھڑام سے منہدم ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    راجستھان کے شہر جے پور کے علاقے پارکوٹن میں واقع کلیان جی میں کئی منزلہ عمارت اس وقت گرائی گئی، جب ایک دن قبل موسلا دھار بارش کی وجہ سے اس کی ایک دیوار منہدم ہو گئی تھی، انتظامیہ نے اسے گرانے کا فیصلہ کیا۔

    سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے والی چونکا دینے والی ویڈیو میں کثیر المنزلہ عمارت کو بہت صفائی کے ساتھ گراتے دکھایا گیا ہے، عمارت کو گرائے جانے سے قبل اس میں رہائش پذیر افراد کو وہاں سے نکالا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ جے پور میں موسلا دھار بارش نے معمول کی زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے، سڑکیں پانی میں ڈوب گئی ہیں اور شہر بھر میں ٹریفک جام ہے۔

    فرانس: طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہونے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    ترکیہ کی پارلیمنٹ میں زبردست ہاتھا پائی سے کئی ارکان زخمی، ویڈیو وائرل

    جے پور میٹرولوجیکل سینٹر کے ترجمان کے مطابق مشرقی راجستھان کے جے پور، بھرت پور، کوٹا اور اجمیر ڈویژن کے کچھ حصوں میں اگلے چار سے پانچ دنوں تک موسلادھار بارش جاری رہنے کا امکان ہے، کئی مقامات پر سیلاب جیسی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

  • بھارت: قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کرنے کا ایک اور واقعہ، ملزم نے خالہ کے 10 ٹکڑے کردئیے

    بھارت: قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کرنے کا ایک اور واقعہ، ملزم نے خالہ کے 10 ٹکڑے کردئیے

    بھارت میں قتل کے بعد لاش کے ٹکڑے کرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک شخص نے اپنی خالہ کی بےدردی سے جان لی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق جے پور شہر میں 32 سالہ انوج شرما نے اپنی 64 سالہ بیوہ خالہ کو سر پر ہتھوڑا مار کر قتل کر دیا جس کے بعد اس نے لاش کے 10 ٹکڑے کر دیے۔

    رپورٹس کے مطابق ملزم کی خالہ نے اسے 11 دسمبر کو ایک تقریب کے لیے دہلی جانے سے منع کیا تھا جس پر ملزم نے خالہ کا قتل کر دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم گھر میں اپنے والد، بہن اور خالہ کے ساتھ رہتا تھا، بہن اور والد 11 دسمبر کو دوسرے شہر گئے ہوئے تھے۔

    پولیس کے مطابق خالہ نے ملزم کو دہلی جانے سے روکا تو اس دوران تلخ کلامی کے بعد ملزم نےخاتون کو سر پر ہتھوڑا مار کر قتل کر دیا اور لاش کے 10 ٹکڑے کرنے کے بعد انہیں ہائی وے کے دور دراز علاقے میں پھینک آیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے جرم کو چھپانے کے لیے تھانے میں خالہ کی گمشدی کی رپورٹ درج کرائی اور دیگر رشتے داروں کے ساتھ مل کر انہیں ڈھونڈنے کا ڈرامہ بھی کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گمشدگی کی تفتیش کے دوران پولیس نے اندازہ لگایا کہ ملزم کے بیانات گمراہ کن ہیں جس کے بعد اس پر نظر رکھنا شروع کر دی گئی۔

    پولیس نے بتایا کہ بتفتیش کے دوران سی سی ٹی وی ویڈیو میں ملزم کو گھر سے بالٹی اور سوٹ کیس لےکر نکلتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا مزید تفقیش کی جارہی ہے۔

  • بھارتی فوجی نے بیٹی کو ڈانٹنے پر ٹیچر کو گولی مار دی

    بھارتی فوجی نے بیٹی کو ڈانٹنے پر ٹیچر کو گولی مار دی

    جے پور: بھارتی ریاست راجھستان میں ایک بھارتی فوجی نے بیٹی کو ڈانٹنے پر ٹیچر پر گولی داغ دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کے بھرت پور ضلع میں ایک ٹیچر کی جانب سے بیٹی کو تھپڑ پڑنے پر فوجی جوان نے اسکول کے ڈائریکٹر پر گولی چلا دی، لیکن بد قسمتی سے وہ گولی اس کی اپنی بیوی کو لگ گئی۔

    جے پور پولیس نے پیر کو میڈیا کو بتایا کہ سپاہی پپو گُرجر کنواڈا گاؤں میں واقع ایک نجی اسکول کے ڈائریکٹر سے ملنے گیا تھا، اس کی 12 سالہ بیٹی نے گھر میں شکایت کی تھی کہ اسے ہوم ورک مکمل نہ کرنے پر ٹیچر نے تھپڑ مارا ہے۔

    اس معاملے پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے بعد گرجر نے اسکول کے ڈائریکٹر پر سرکاری پستول تان لی، تاہم اس کی بیوی راج بالا درمیان میں آ گئی اور ایک گولی اس کے بازو کو چھو کر نکل گئی، پولیس کے مطابق فوجی کی بیوی گولی لگنے سے زخمی ہو گئی ہیں۔

    دی انڈین ایکسپریس کے مطابق اسٹیشن ہاؤس آفیسر کاما دولت سنگھ نے بتایا کہ اس معاملے میں ایک کیس درج کیا گیا ہے، جب کہ واقعے کے بعد فوجی جوان موقع سے فرار ہوگیا اور اس کی تلاش جاری ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ گُرجر چھٹی پر تھا اور جب وہ اسکول کے ڈائریکٹر سے ملنے گیا تو وہ اپنا سروس ریوالور اپنے ساتھ لے گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق راج بالا کی حالت بہتر تھی اور توقع ہے کہ انھیں آج منگل کو اسپتال سے فارغ کر دیا جائے گا۔

  • بچے اسکول میں برتن دھونے لگے

    بچے اسکول میں برتن دھونے لگے

    جے پور: بھارتی شہر جے پور کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول میں بچے پڑھنے کے بجائے برتن دھونے  لگے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر جے پور کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کے شعبہ تعلیم کے لیے بجٹ میں اضافے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، سرکاری اسکول میں طالب علموں سے برتن دھلوائے جانے لگے۔

    جے پور کے ایک سرکاری اسکول کی تصاویر وائرل ہوئی ہیں جس میں بچے برتن دھوتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تین سے پانچ طالب علم پانی کے نلکوں کے قریب اسٹیل کے بڑے برتن اور پلیٹیں دھو رہے ہیں۔

    ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر رام چند کے مطابق حکومت اسکولوں کو فنڈز فراہم کرتی ہے لیکن اگر طالب علموں سے برتن دھلوائے جا رہے ہیں تو اس حوالے سے محکمہ تحقیقات کر کے اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے گا۔

    اسکول وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، 4 بچے جھلس کر ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی ریاست پنجاب کے علاقے سنگرر میں اسکول وین اچانک آگ میں لپیٹ میں آگئی تھی، جس کے نتیجے میں چار بچے زندہ جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے۔ گاڑی میں 12 طالب علم سوار تھے۔

  • بھارت میں مقبوضہ کشمیر جیسی پابندیاں لگ گئیں، 26 ہلاک، 700 گرفتار

    بھارت میں مقبوضہ کشمیر جیسی پابندیاں لگ گئیں، 26 ہلاک، 700 گرفتار

    نئی دہلی: مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر جیسی پابندیاں اب بھارت میں بھی لگانا شروع کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مودی سرکار کے خلاف آواز اٹھانے والوں پر پابندیوں کا سلسلہ دراز ہونے لگا ہے، بھارتی شہر جے پور میں مظاہرین سے نمٹنے کے لیے فوج تعینات کر دی گئی ہے۔

    مودی سرکارنے ریاست جے پور میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی ہے، میٹرو ٹرین سروس بھی بند کرا دی گئی۔

    دوسری طرف آر ایس ایس کا ایجنڈا بھارت میں آگ لگانے لگا ہے، شہریت کے متنازع قانون کے خلاف ہنگاموں پر کریک ڈاؤن شروع ہو گیا ہے۔ پولیس کی فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 26 ہو گئی، مودی سرکار نے کئی مسلم علاقوں کو مقبوضہ کشمیر بنا دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت میں احتجاج اب ایک بڑی تحریک بن چکا ہے: عمران خان

    مظاہروں پر کریک ڈاؤن کے دوران 700 افراد گرفتار کر لیے گئے، متعدد شہروں میں کالج ،اسکول اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ہے، مظاہرین سے نمٹنے کے لیے فوج بھی تعینات کر دی گئی، حیدر آباد دکن میں تاریخی جلسہ کیا گیا، کانگریس نے حکومت کے خلاف پیر کو دھرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سمبھل، بجنور، کانپور، مظفر گڑھ، رامپور اور لکھنؤ میں بھی پولیس گردی کے نتیجے میں اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لکھنؤ میں انٹرنیٹ پیر تک معطل رہے گا۔

    ادھر جے پور کے ایم ایس سی میں راجھستان یونی ورسٹی سے گولڈ میڈلسٹ آننت مشرا کو کانووکیشن تقریب میں کالج اسٹوڈنٹس پر پولیس کریک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کے طور پر بازو پر سیاہ پٹی باندھنے کے ’جرم‘ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت میں مسلم مخالف متنازع قانون کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، اترپردیش میں پولیس گردی کے نتیجے میں گزشتہ روز 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جس کے بعد اترپردیش میں ہلاک مظاہرین کی تعداد 11 ہوگئی تھی۔

  • بھارت، ہندو انتہا پسندوں کا کشمیری طالب علم پر بہیمانہ تشدد

    بھارت، ہندو انتہا پسندوں کا کشمیری طالب علم پر بہیمانہ تشدد

    راجستھان: بھارتی ریاست راجستھان میں کشمیری طالب علم کو ہندو انتہا پسندوں نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان میں ہندو انتہا پسندوں نے کشمیری طالب علم کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے خاتون کا لباس پہنا کر سرعام مارکیٹ میں گھمایا گیا۔

    کشمیری طالب علم میر فیض کی عمر 23 برس ہے اور وہ کشمیر کے شہر بارہ مولا سے تعلق رکھتے ہیں، میر فیض نیمرانا میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

    فیض کے بھائی فیضل جو نئی دہلی میں نجی کمپنی میں ملازمت کرتے ہیں کا کہنا تھا کہ مجھے واقعے کے بارے میں بدھ کی رات کو اطلاع دی گئی، شرپسند عناصر کون تھے اس سے فیض واقف نہیں تھے۔

    رپورٹ کے مطابق فیض 4 ستمبر کو کالج کیمپس کے باہر اے ٹی ایم مشین کے کچھ پیسے نکالنے کے لیے گئے تھے تو ہندو انتہا پسند انہیں دوسری جگہ لے گئے اور انہیں خاتون کے لباس پہنا کر سرعام بازار میں گھماتے رہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں ہندو انتہا پسند بے قابو، خاتون سمیت 3 مسلمانوں پر بدترین تشدد

    فیض کے بھائی کے مطابق 20 کے قریب نامعلوم ہندو انتہا پسندوں نے بھائی کے ساتھ یہ سلوک کیا، بھائی نے انہیں خاتون کا لباس پہننے سے انکار کیا تو انہوں نے تشدد کیا اور کہا کہ پہنوں ورنہ جان سے مار دیں گے۔

    فیضل کے مطابق میرا بھائی شدید زخمی ہوگیا تھا لیکن اس کا طبی معائنہ بھی نہیں کیا گیا، فیض نے مجھے بتایا کہ جب پولیس اس سے پوچھ گچھ کررہی تھی تو وہ اپنے بائیں کان سے سن بھی نہیں سکتا تھا۔

    فیض کے بھائی کا کہنا ہے کہ پولیس نے ہم سے دو بار تفتیش کی اور موبائل فون بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ پولیس ہمارے ساتھ مجرمانہ سلوک کیوں کررہی ہے۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ 20 نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا لیکن ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔

  • بھارتی اسپنر ایشون کی اوچھی حرکت، گیند کرائے بغیر بٹلر کو رن آؤٹ کردیا

    بھارتی اسپنر ایشون کی اوچھی حرکت، گیند کرائے بغیر بٹلر کو رن آؤٹ کردیا

    جے پور: بھارتی اسپنر روی چندر ایشون نے آئی پی ایل میچ میں بھونڈی حرکت کردی، چالاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند کرائے بغیر جوس بٹلر کو رن آؤٹ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں کنگز الیون پنجاب کے کپتان روی چندر ایشون نے گیند کرائے بغیر جوس بٹلر کے خلاف رن آؤٹ کی اپیل کی جسے امپائر نے آؤٹ قرار دے دیا، معروف کرکٹرز نے ایشون کو اس حرکت پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    شین وارن، مائیکل وان اور مورگن نے ایشون کی اس حرکت کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کرکٹ کی روح اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف ہے۔

    سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن نے کہا کہ بحیثٰت کپتان اور شخص ایشون نے بہت مایوس کیا، ان کا گیند کرانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا اس لیے اسے ’ڈیڈ بال‘ قرار دینا چاہئے تھا۔

    ڈین جونز نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’اس میں ایشون کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا ہے، اس طرح آؤٹ کرنا قانون میں موجود ہے کیا ہوا اگر کرکٹ میں اسے اچھا نہیں سمجھا جاتا ہے۔

    ایک ٹویٹر صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ایسا تو گلی کی کرکٹ میں بھی لوگ نہیں کرتے ہیں جیسا ایشون نے کیا ہے۔

    واضح رہے کہ روی چندر ایشون کنگز الیون پنجاب کے کپتان ہیں جبکہ جوس بٹلر راجستھان رائلز کی نمائندگی کررہے ہیں۔

    کنگز الیون پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کرس گیل کی جارحانہ 79 رنز کی بدولت 184 رنز بنائے تھے جواب میں راجستھان رائلز کی ٹیم 170 رنز بناسکی، ایشون کی ٹیم نے میچ 14 رنز سے جیت لیا، جوس بٹلر نے 43 گیندوں پر 69 رنز کی اننگز کھیلی۔

    کرکٹ حلقوں کے مطابق اگر جوس بٹلر کو اس طرح آؤٹ نہیں کیا جاتا تو میچ کنگز الیون پنجاب کے ہاتھوں سے نکلتا ہوا دکھائی دے رہا تھا۔

  • بھارتی قیدیوں کا تشدد: شہید پاکستانی شاکراللہ کی میت آج پاکستان آئے گی

    بھارتی قیدیوں کا تشدد: شہید پاکستانی شاکراللہ کی میت آج پاکستان آئے گی

    نئی دہلی: بھارتی جیل میں ہجوم کے ہاتھوں شہید ہونے والے پاکستانی کی میت آج وطن واپس لائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی جیل میں ہجوم کے ہاتھوں شہید شاکراللہ کی میت آج بھارت کے حکام واہگہ بارڈر پر پاکستان کے حوالے کریں گے۔

    بھارتی ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کی جیل میں قید پاکستانی شہری شاکراللہ کو ساتھی قیدیوں نے بہیمانہ تشدد کر کے 20 فروری کو قتل کردیا تھا۔

    سینٹرل جیل کے بیرک میں موجود ہندو انتہا پسندوں نے پاکستانی شہری کے سر پر وار کیے جس کی وجہ سے گہرے زخم آئے اور شکور اللہ جیل میں ہی شہید ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا نے پاکستانی قیدی کی شہادت کا ذمہ دار جے پور جیل کی انتظامیہ کو قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

    بھارت میں سفارتی ذمہ داریاں انجام دینے والے سابق سفیر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ عوام کو کچھ نہیں کہہ سکتے کیونکہ بھارتی حکومت کا مؤقف ہی دہشت گردی اور انتہاپسندی پر مبنی ہے۔

    سابق سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت کو جے پور کی جیل میں قید شاکراللہ کے قتل میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرنا چاہیے اور اسلام آباد میں موجود بھارتی سفیر کو طلب کرکے واقعے پر شدید احتجاج کرنا چاہیے۔

    پلواما حملے کا انتقام، بھارتی جیل میں قید پاکستانی قیدی ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں قتل

    یاد رہے کہ بھارت کے شہر جے پور میں واقع سینٹرل جیل میں قید پاکستانی شہری کو ہجوم نے پلواما حملے کے بعد تشدد کر کے شہید کردیا تھا۔

  • جے پورکی جیل میں پاکستانی قیدی کا قتل قابل مذمت ہے‘ میرواعظ عمرفاروق

    جے پورکی جیل میں پاکستانی قیدی کا قتل قابل مذمت ہے‘ میرواعظ عمرفاروق

    سری نگر: کشمیری حریت رہنما میرواعظ عمرفاروق کا کہنا ہے کہ بھارتی جیلوں میں کشمیری قیدی غیرمحفوظ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرکشمیری رہنما میرواعظ عمرفاروق نے اپنے پیغام میں کہا کہ جے پورکی جیل میں پاکستانی قیدی کا قتل قابل مذمت ہے۔

    کشمیری حریت رہنما نے کہا کہ بھارتی جیلوں میں کشمیری قیدی غیرمحفوظ ہیں، خاندان پریشان ہیں کشمیری قیدیوں کوکشمیرمنتقل کیا جائے۔

    میرواعظ عمرفاروق نے کہا کہ حکام ان کی بات سنیں اورقیدیوں کی حفاظت یقینی بنائیں۔

    مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو نافذ : انتہا پسندوں نے مسلمانوں کی املاک جلا ڈالیں

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کشمیری رہنما میرواعظ عمر فاروق نے سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں کہا تھا کہ کرفیو کے باوجود جموں اور بھارت کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری، طلباء، تاجر پیشہ افراد پرفرقہ پرست عناصر کی جانب سے جان لیوا حملے اوران کے مال وجائیداد کو نقصان پہنچانے کے واقعات انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہیں۔

    واضح رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں ہونے والے دھماکے میں 44 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔ واقعے کے بعد قابض فورسز نے متعدد کشمیریوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • پلوامہ حملے کا انتقام، بھارتی جیل میں قید پاکستانی قیدی ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں قتل

    پلوامہ حملے کا انتقام، بھارتی جیل میں قید پاکستانی قیدی ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں قتل

    نئی دہلی : بھارتی انتہا پسندوں نے پلوامہ حملے کا بدلہ لینے کےلیے جیل میں قید پاکستانی شہری کو بے دردی سے قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور ظلم و بربریت جاری تھا تاہم اب بھارتی جیلوں میں قید پاکستانی شہری بھی ہندو انتہا پسندوں سے محفوظ نہیں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاست راجھستان کے دارالحکومت جے پور کی جیل میں قید پاکستانی شہری شکور اللہ کو ساتھیوں قیدیوں  نے بہیمانہ تشدد کے بعد قتل کردیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو انتہا پسندوں کے تشدد کے باعث پاکستانی شہری کو سر میں شدید زخم آئے، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شکور اللہ جیل میں جاں بحق ہوگیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جے پور جیل حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    بھارت میں سفارتی ذمہ داریاں انجام دینے والے سابق سفیر  عبدالباسط کا کہنا تھا کہ عوام کو کچھ نہیں کہہ سکتے کیوں بھارتی حکومت کا مؤقف ہی دہشت گردی اور انتہاپسندی پر مبنی ہے۔

    سابق سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت کو جے پور کی جیل میں قید شکور اللہ کے قتل میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرنا چاہیے اور اسلام آباد میں موجود بھارتی سفیر کو طلب کرکے واقعے پر شدید احتجاج کرنا چاہیے۔

    مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں کار بم دھماکا، 42 بھارتی فوجی ہلاک

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے پلواما میں بھارتی فوجیوں کی بس کوکاربم سے نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی اور ساتھ موجود پانچ مزید گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا، دھماکے میں 42 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

    بعد ازاں ہندو انتہا پسندوں نے کشمیریوں پر حملے اور املاک کو نذر آتش کرنا شروع کردیا تھا جبکہ کشمیری طلبہ و طالبات کو ہراساں اور تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کی بھارت کو پلواماحملے کی تحقیقات کی پیش کش

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگائےجانے کے بعد رد عمل دیتے ہوئے بھارت کو پیشکش کی تھی کہ اگر بھارت کے پاس پلواما حملے کے ثبوت ہے تو پیش کرے ہم کارروائی کریں گے، بھارت نے پاکستان پرحملہ کیاتوجواب دینےکاسوچیں گےنہیں بلکہ جواب دیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کو واضح الفاظ میں کہا تھا کہ  یہ نیاپاکستان اور نیا مائنڈسیٹ ہے، بھارت سے پوچھناچاہتا ہوں کیا ماضی میں ہی پھنسے رہنا ہے؟ کیا بھارت نے جب بھی کوئی واقعہ ہونا ہے اس کاالزام پاکستان پرلگاناہے، ہماری سوچ ہےکوئی یہاں سے باہر حملے کرے نہ یہاں دہشت گردی کرے۔