Tag: جے یو آئی رہنما

  • جے یو آئی کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد انتقال کرگئے

    جے یو آئی کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد انتقال کرگئے

    جمیعت علماء اسلام (جے یو آئی) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد انتقال کرگئے، وہ گزشتہ کافی عرصے سے علیل تھے۔

    جے یو آئی نے بھی اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ سے ان کے انتقال کی تصدیق کردی، مرحوم کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کی نماز جنازہ کا اعلان جلد کیا جائے گا، اہل خانہ کے مطابق وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔

    حافظ حسین احمد سینیٹر اور رکن قومی اسمبلی بھی رہ چکے ہیں، مرحوم کے بیٹے منیر احمد کے مطابق وہ طویل عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔

    Hafiz Hussain

    مرحوم کا شمار مولانا فضل الرحمان کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ان کے انتقال کی خبر جاری کی گئی۔

    جے یو آئی کے سینئر رہنما کے انتقال کی خبر سن کر جمیعت علماء اسلام کے رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے شدید رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔

    مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کے سینئر اور ہر دلعزیز رہنما کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وفات سے حسین یادوں کا ایک باب ختم ہوگیا۔

    انہوں نے کہا کہ جوانی سے بڑھاپے تک ایک ہی پلیٹ فارم سے جدوجہد ہمیشہ یاد رہے گی، حافظ صاحب مرحوم زیرک، حاضرجواب، سیاسی، نظریاتی اور پارلیمانی رہنما تھے۔

    جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مرحوم کے فرزندان، جے یو آئی کارکنوں سے اظہار تعزیت کرتا ہوں اور غم کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے ساتھ برابر کا شریک ہوں۔

    مزید پڑھیں : جے یو آئی نے حافظ حسین احمد کو عہدے سے کیوں ہٹایا تھا؟

    یاد رہے کہ نومبر 2020 میں جے یو آئی (ف) کی شوریٰ نے حافظ حسین احمد کو ہٹا کر ان کی جگہ اسلم غوری کو قائم مقام ترجمان مقرر کیا تھا اور نواز شریف کے بیانیے کی نفی کرنے پر ان کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ حافظ حسین احمد کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ جے یو آئی کی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ حافظ حسین احمد نے نواز شریف کے کوئٹہ میں بیان سے اختلاف کیا تھا، جے یو آئی نے حافظ حسین کے بیان کو ذاتی قرار دے کر لاتعلقی کی تھی۔

  • جنوبی وزیرستان کی مسجد میں دھماکا، جے یو آئی رہنما سمیت متعدد افراد زخمی

    جنوبی وزیرستان کی مسجد میں دھماکا، جے یو آئی رہنما سمیت متعدد افراد زخمی

    خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک کی مسجد میں دھماکا ہوا ہے جس کے نیتجے میں جے یو آئی رہنما سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے دھماکے میں جےیوآئی کے ضلعی امیر مولانا عبداللہ ندیم سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے، مولانا عبداللہ ندیم اور دیگر زخمیوں کو طبی امداد کیلئے وانا سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مولانا عبداللہ ندیم جے یو آئی وانا کے امیر اور مسجد کے امام بھی تھے، مولانا عبداللہ ندیم گزشتہ سال مرزا جان کے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے کے بعد جے یو آئی وانا کے امیر منتخب ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جس میں عام شہریوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔

  • ترامیم کا مسودہ پیش کرنے تک جے یو آئی اس کی حمایت نہیں کریگی: حافظ حمداللہ

    ترامیم کا مسودہ پیش کرنے تک جے یو آئی اس کی حمایت نہیں کریگی: حافظ حمداللہ

    اسلام آباد: جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حمداللہ نے کہا ہے مسودہ پیش کرنے تک جے یو آئی اس کی حمایت نہیں کریگی ہمارا مؤقف ہے پہلے مسودہ منظر عام پر لایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمداللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جو آئینی ترامیم حکومت چاہتی ہے اس کا مسودہ کہاں ہے، سامنے لایا جائے، مسودہ پیش کرنے تک جے یو آئی اس کی حمایت نہیں کریگی۔

    حافظ حمداللہ نے کہا کہ وفاقی وزرا کہتے ہیں انہیں بھی اس آئینی ترامیم کا علم نہیں تو یہ مسودہ آیا کہاں سے ہے؟ جےیوآئی سے ملاقات کیلئے ن لیگ، پی پی سمیت دیگر سیاسی وفود آرہے ہیں لیکن حکومت کی سپورٹ ہم آنکھیں بند کر کے کیسے کریں؟۔

    جے یو آئی رہنما نے کہا کہ جےیوآئی نہ ن لیگ ہے نہ ہی پیپلزپارٹی ہے، کیا مولانا سونے کیلئے ٹائم مانگ رہے ہیں یا حلوہ کھانے کیلئے؟ وہ قانون سازی ہونی چاہیے جو ملک اور عوام کے مفادمیں ہو، آئینی ترامیم کیا ہیں، اگریہ آئینی ترامیم ملکی مفاد میں کی جارہی ہے تو اس کو چھپایا کیوں جارہا ہے؟۔

    حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا کہتے رہے کہ ان کے نمبرز پورے ہیں اگر ان کے نمبرز پورے ہیں تو کیوں منظوری نہیں ہوئی، قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس کیوں ملتوی کیا گیا؟ اسکا یہی مطلب ہے نمبرز پورے نہیں ہیں۔

    حافظ حمداللہ نے مزید کہا کہ آپ کو کس نے مجبور کیا کہ اتوار کے دن قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس بلاتے، حکومتی وزرا کو جلدی کیوں ہے، اس کا جواب ان کے پاس بھی نہیں ہے۔

    حافظ حمداللہ نے کہا کہ پارلیمنٹ پر جو یلغار ہورہی تھی اسے مولانا فضل الرحمان نے پسپا کیا ہے اور اس بات کا اعتراف پی ٹی آئی بھی کررہی ہے اور مولانافضل الرحمان کے اقدام کو سراہتی ہے۔