Tag: حادثات

  • سوات مینگورہ میں مکان گر کر تباہ، 3 جاں بحق، بچے معجزانہ طور پر بچ گئے

    سوات مینگورہ میں مکان گر کر تباہ، 3 جاں بحق، بچے معجزانہ طور پر بچ گئے

    سوات: خیبر پختون خوا کے تجارتی شہر مینگورہ میں رات کو ایک مکان گر کر تباہ ہو گیا، جس کے ملبے تلے دب کر 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سوات کے مشہور علاقے مینگورہ میں خونہ گل محلہ گرین چوک میں مکان کی چھت گرنے سے ماں باپ اور ایک بیٹا جاں بحق ہو گئے، جب 2 بچے بچ گئے جنھیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کی لاشیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کیا گیا، جاں بحق افراد میں میاں بیوی بھی شامل ہیں، دو بچے زخمی ہوئے۔

    ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ایمبولینسز اور دیگر گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی تھیں، 6 افراد منہدم مکان کے ملبے تلے دبے ہوئے تھے، جنھیں نکالا گیا، تین افراد موقع ہی پر جاں بحق ہو گئے تھے، جن میں 35 سالہ عنایت اللہ، ان کی 30 سالہ زوجہ اور بیٹا شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مکان کی دوسری چھت پر تعمیراتی کام جاری تھا، چھت پر میٹریل پڑا ہوا تھا جو جمعے کی شب تعمیراتی میٹریل کا بوجھ برداشت نہ کر سکی اور مہندم ہو گئی۔

    ادھر کراچی کے علاقے ڈی ٹائپ کالونی میں بھی ایک مکان کی چھت گر گئی ہے جس کے نیچے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ آج صبح فیصل آباد میں بھی ایک حادثہ پیش آیا، سہیل آباد میں گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔ بلوچستان کے شہر کوئٹہ طوغی روڈ کے قریب ایک گھر میں گیس لیکج سے دھماکا ہوا جس کے باعث نوجوان جھلس گیا جسے بی ایم سی برن یونٹ منتقل کیا گیا۔

    خیال رہے کہ ان دنوں تواتر کے ساتھ ملک کے مختلف شہروں میں مکانات گرنے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، کراچی اور سکھر میں بھی افسوس ناک واقعات پیش آئے، اس کے بعد بارشوں اور شدید برف باری کی وجہ سے کئی شہروں میں متعدد مکانات تباہ ہوئے اور ملبے تلے دب کر درجنوں افراد جاں بحق ہوئے۔

  • موچی گیٹ کے گودام میں آتش زدگی، 4 افراد جاں بحق

    موچی گیٹ کے گودام میں آتش زدگی، 4 افراد جاں بحق

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور کے مشہور موچی گیٹ کے قریب چمڑے کے گودام میں آتش زدگی کا خوف ناک واقعہ پیش آیا ہے، آگ لگنے سے 4 افراد جاں بحق، جب کہ 21 زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات لاہور کے موچی گیٹ کے قریب چمڑے کے گودام میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والے خوف ناک آگ نے 4 افراد کی زندگیاں نگل لی ہیں، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے اکیس افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں 3 افراد کی حالت تشویش ناک ہے جنھیں آئی سی یو میں داخل کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت مالک،عبدالودود، خداداد اور فیروز خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ موچی گیٹ کے قریب چمڑے کے گودام میں لگی آگ پر کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد قابو پا لیا گیا ہے، ریسکیو 1122 کی 5 گاڑیوں نے آگ پر قابو پانے میں حصہ لیا، گودام میں دھواں بھرنے سے دو درجن کے قریب لوگ شدید متاثر ہوئے، جنھیں طبی امداد کے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق آگ لاہور کے علاقے گوالمنڈی موچی گیٹ لیدر گودام کی پہلی منزل پر لگی تھی۔

  • دھند کے باعث مختلف شہروں میں حادثات، 10 افراد جاں بحق

    دھند کے باعث مختلف شہروں میں حادثات، 10 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب میں دھند کے باعث مختلف شہروں میں پیش آنے والے حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں لطیف آباد کے قریب بس الٹنے سے 5 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے، حادثہ دھند اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

    ریسکیو حکام نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا۔ مذکورہ مسافر بس مروٹ سے لاہور جارہی تھی۔

    ایک اور حادثہ گوجرانوالہ میں پیش آیا جہاں لدھے والا وڑائچ کے قریب موٹر سائیکل ڈمپر کی زد میں آگئی، حادثے میں 3 افرادجاں بحق ہوگئے۔

    عارف والا بائی پاس پر ٹرک اور وین میں تصادم سے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔

    حکام نے ہدایت کی ہے کہ دھند میں بہت احتیاط سے گاڑی چلائی جائے اور تیز رفتاری سے گریز کیا جائے۔ فوگ لائٹس روشن کی جائیں جبکہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے سے گریز کیا جائے۔

  • انڈونیشیا: بس حادثے میں 25 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

    انڈونیشیا: بس حادثے میں 25 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

    انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں مسافر بس کے گہری کھائی میں گرنے سے دو درجن سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔

    میڈیا رپورٹوں کے مطابق سماٹرا کے ضلع پاگارلام کے راستے سے گزرنے والی بس کئی میٹر نیچے کھائی میں گرنے کے بعد لڑھکتے ہوئے دریا میں جاگری۔

    اس حادثے میں ہلاکتوں کے علاوہ 14 مسافر شدید زخمی ہیں جب کہ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے دریا میں لاپتا ہو جانے والے مسافروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق مسافروں کی درست تعداد کا علم نہیں ہوسکا ہے کیوں کہ ہلاک ہونے والوں میں بس کا ڈرائیور اور اس کے دو معاونین بھی شامل ہیں۔

    انڈونیشیا کے مضافات، دریائی اور بلند مقامات پر ٹریفک حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں جس کی ایک وجہ خستہ حال ٹرانسپورٹ اور ڈرائیوروں کی غفلت بھی ہے۔ رواں برس ستمبر میں ایسے ہی ایک حادثے میں 21 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ یہ حادثہ مغربی جاوا میں ایک بس کے دریا میں گرنے کے باعث پیش آیا تھا۔

  • پنجاب: ٹریکٹر ٹرالیوں کے ساتھ دیگر گاڑیوں کا تصادم، 5 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

    پنجاب: ٹریکٹر ٹرالیوں کے ساتھ دیگر گاڑیوں کا تصادم، 5 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

    ملتان/وہاڑی: پنجاب کے مختلف اضلاع میں ٹریکٹر ٹرالیوں، بس اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں چک چھٹہ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور بس میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ حادثے میں 13 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمیوں کو ٹراما سینٹرمنتقل کر دیا گیا ہے، حادثے کا شکار بس شادی کے لیے جوکھیاں سے ملتان جا رہی تھی، بس میں باراتی سوار تھے۔

    ادھر دوسرے حادثہ سلطان کالونی میں پیش آیا، اڈا پٹھان ہوٹل کے قریب ٹریکٹر ٹرالی ایک وین سے ٹکرا گئی، ریسکیو ذرایع کے مطابق حادثے میں 14 افراد زخمی ہوئے جنھیں ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کیا گیا، یہ حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔

    ضلع وہاڑی کے علاقے ٹبہ سلطان پور میں وہاڑی روڈ پر تیز رفتار کار ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، ریسکیو ذرایع کے مطابق حادثے میں ایک شخص جاں بحق، جب کہ 1 شدید زخمی ہو گیا، جاں بحق شخص کی شناخت 18 سالہ محمد انس کے نام سے ہوئی۔

    جاں بحق ہونے والا نوجوان کمالیہ کا رہایشی تھا، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ زخمی ڈرائیورعبدالرشید کی حالت بھی تشویش ناک ہے۔

  • گوجرانوالہ: لنڈا بازار میں آتش زدگی، کروڑوں روپے کا مال راکھ

    گوجرانوالہ: لنڈا بازار میں آتش زدگی، کروڑوں روپے کا مال راکھ

    گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے علاقے شیرانوالہ باغ کے قریب لنڈا بازار میں آگ لگ گئی، جس کے باعث کروڑوں روپے مالیت کے کپڑے اور جوتے جل کر راکھ ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے شیرانوالہ باغ کے قریب ایک لنڈا بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے، تاہم آتش زدگی کے باعث 100 سے زائد دکانیں، پتھارے اور اسٹال جل گئے، کروڑوں روپے کا مال راکھ ہو گیا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 4 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، اور اب کولنگ جاری ہے، آتش زدگی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، آپریشن میں فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیوں نے حصہ لیا، آگ کے باعث دکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کے کپڑے اور جوتے جل گئے ہیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق آگ بازار کے اوپر گزرنے والے بجلی کے تاروں میں شارٹ سرکٹ ہونے کے باعث لگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی فش ہاربر پر ہوٹل میں خوف ناک آتش زدگی، 9 لانچیں جل گئیں

    رپورٹس کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس اسٹیشن کی حدود میں لنڈا بازار میں ایک جگہ اچانک آگ بھڑکنے کے بعد اس نے دیگر دوکانوں کو تیزی سے اپنی لپیٹ میں لیا، قریب موجود بجلی کا ٹرانسفارمر اور بجلی کی تاریں بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔

    ریسکیو حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ متاثرہ لنڈا بازار ریلوے لائن کے دونوں اطراف واقع ہے جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد و رفت میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم آتش زدگی کے نتیجے میں معطل ہونی والی ریلوے ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی فش ہاربر میں واقع ہوٹل میں بھی آگ لگ گئی تھی، جس کے باعث بھڑکتے شعلوں نے قریب کھڑی لانچوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا، اور کروڑوں روپے کی مالیت کی 9 کشتیاں جل کر راکھ ہو گئی تھیں۔

  • بلوچستان: مختلف حادثات میں دو بچوں سمیت 4 افراد ہلاک

    بلوچستان: مختلف حادثات میں دو بچوں سمیت 4 افراد ہلاک

    کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مختلف حادثات و واقعات میں دو بچوں سمیت 4 افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے سریاب میں مکان کی چھت کے اوپر سے گزرنے والی بجلی کی تار سے کرنٹ لگنے سے چھت پر کھیلنے والا محصوم زین زندگی کی بازی ہار گی۔

    حب کے علاقے گوٹھ دودا میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے چار سالہ بچی ہلاک ہوگئی اسی طرح پشین خلیل اڈہ کے چوکیدار کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردی جس کی شناخت گل محمد کے نام سے کی گئی۔

    اسی طرح لورالائی میں ڈیرہ روڈ پر کلی لاہور کے قریب 2 ٹرکوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص شربت خان ہلاک عبدالقیوم، محمد اکبر، عبدالقدوس اور کلیم اللہ زخمی ہوگئے۔

    چمن اور خانیوال میں ٹریفک حادثات، 10 افراد جاں بحق

    نعشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ بلوچستان کے شہر چمن اور پنجاب کے شہر خانیوال میں مختلف ٹریفک حادثات میں ایک خاتون سمیت 10 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

  • آزاد کشمیر میں بارش کے بعد راولاکوٹ میں لینڈ سلائیڈنگ، 7 افراد جاں بحق

    آزاد کشمیر میں بارش کے بعد راولاکوٹ میں لینڈ سلائیڈنگ، 7 افراد جاں بحق

    راولاکوٹ: آزاد کشمیر میں بارش کے بعد راولاکوٹ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 7 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں تیز بارش کے بعد راولاٹ میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہو گئے، پاک فوج کے جوان امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

    راولاکوٹ میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ شدید بارش کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے جب کہ حکام نے مزید لینڈ سلائیڈنگز کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

    بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ ضلع راولا کوٹ کے علاقے پوٹھی چھپریاں میں پیش آیا، جس کے باعث 4 مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  راولاکوٹ، بھارتی فوج کی گولہ باری، خاتون شہید، بزرگ شہری زخمی

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، گلگلت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

    ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، سوات، مردان اور کرک سمیت خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    ادھر راولپنڈی، اسلام آباد، سرائے عالم گیر، جہلم، سیالکوٹ، اور ڈسکہ پھالیہ میں بھی بادل شدت سے برس پڑے ہیں۔

    دریائے چناب، راوی، ستلج، بیاس اور جہلم میں سیلاب کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔

  • خیبرپختونخواہ میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات‘5 افرادجاں بحق

    خیبرپختونخواہ میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات‘5 افرادجاں بحق

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور 5 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

    پرونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کی ہے جس میں تباہ کاریوں کی صورت حال سے آگاہ کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 2 بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔

    پرونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق بونیر اور مانسہرہ میں ایک ایک اور شانگلہ میں 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ ایبٹ آباد میں 5 سالہ بچہ برساتی نالے میں گر کر جاں بحق ہوا۔

    پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ موسلا دھار بارش کے باعث مختلف واقعات میں 18 افراد بھی زخمی ہوئے جن میں 6 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 5 مکانات اور ایک اسکول مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 2 مکان اور دو اسکولوں کو جزوی نقصان پہنچا۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ چترال میں بھی تیز بارش اور سیلابی صورت حال سے نقصانات کا اندیشہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیلابی ریلے کے باعث ترچ، کوشٹ، شیشیکوہ روڈ ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

  • چلاس: شکدآباد کے قریب مسافر جیپ کھائی میں گر گئی، 7 افراد جاں بحق

    چلاس: شکدآباد کے قریب مسافر جیپ کھائی میں گر گئی، 7 افراد جاں بحق

    چلاس: گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں شکدآباد کے قریب مسافر جیپ کھائی میں گرنے سے 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چلاس میں شکدآباد کے قریب گاڑی کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہو گئے، مرنے والوں کی لاشیں دریا سے نکال لی گئیں۔

    جیپ میں 21 افراد سوار تھے، حادثے میں ریسکیو کیے گئے افراد کی تعداد 14 ہو گئی ہے، تاہم 2 افراد تا حال لاپتا ہیں، ڈی پی او چلاس کا کہنا ہے کہ بچائے گئے افراد میں سے 3 زخمی ہیں۔

    چلاس پولیس کا کہنا ہے کہ دریا میں ڈوبنے والے 2 افراد کی تلاش جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد، پنڈی، گرد و نواح میں موسلا دھار بارش، مانسرہ میں طوفان، چلاس میں برف باری

    بتایا گیا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا تھا، حادثے کے بعد ریسکیو 1122 اور مقامی لوگوں نے جائے وقوع پہنچ کر ڈوبے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔

    حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو چلاس کے ضلعی اسپتال میں طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ چلاس میں دیامر کے پہاڑی علاقوں میں دس دن قبل موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے، جب کہ ہلکی ہلکی برف باری بھی ہو رہی ہے، دیامر میں بارشوں کے باعث طغیانی کا خدشہ در پیش ہے۔