Tag: حادثات

  • کراچی: نئی موٹر سائیکل کے لیے لرننگ لائسنس لازمی قرار دینے کی تجویز

    کراچی: نئی موٹر سائیکل کے لیے لرننگ لائسنس لازمی قرار دینے کی تجویز

    کراچی: سندھ پولیس نے موٹر سائیکل مینو فیکچررز کو تجویز دی ہے کہ نئی موٹر سائیکل کے لیے لرننگ لائسنس لازمی قرار دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کی زیر صدرات اجلاس منعقد ہوا جس میں موٹر سائیکل لفٹنگ اور اس کے انسداد کے لیے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئی موٹر سائیکل کی خریداری کے وقت لائسنس لازمی قرار دیا جائے، آئی جی سندھ نے کہا کہ مرکزی مارکیٹوں میں لرننگ لائسنس ٹیمز کی سہولتیں دی جائیں گی۔

    اجلاس میں متعلقہ افسران اور موٹر سائیکل مینو فیکچرز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئی جی سندھ نے کہا کہ نئی موٹر سائیکل میں پائیدار کنڈا لاک تنصیب کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  معمولی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پاکستان میں ٹریفک حادثات میں تشویش ناک اضافہ

    ڈاکٹر کلیم امام نے ہدایت کی کہ موٹر سائیکلز میں ٹریکنگ ڈیوائس کی تنصیب کے لیے مؤثر اقدامات پر مبنی مسودہ ترتیب دے کر قانون سازی کے لیے حکومت سندھ کو ارسال کیا جائے۔

    خیال رہے کہ شہرِ قائد کراچی میں جہاں ایک طرف موٹر سائیکل سواروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے وہاں دوسری طرف حادثات بھی بڑھتے جا رہے ہیں جس کا سبب موٹر سائیکل سواروں کی عدم تربیت ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ٹریفک حادثات کا شکار ہونے والوں کی بڑی تعداد 15 سے 30 سال کے درمیان ہے، اور ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں اپنی جان کھو دیتے ہیں۔

  • اسلام آباد میں ٹول پلازہ کے قریب الم ناک حادثہ، 12 افراد جاں بحق

    اسلام آباد میں ٹول پلازہ کے قریب الم ناک حادثہ، 12 افراد جاں بحق

    راولپنڈی: اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں 12 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ 8 افراد زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ٹول پلازہ کے قریب ایک کار کو الم ناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں بارہ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ آٹھ افراد شدید زخمی ہوئے۔

    ریسکیو ذرایع نے بتایا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ریسکیو کا کہنا تھا کہ ٹیوٹا ہائی ایس وین کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، گاڑی ٹول پلازہ کی دیوار سے ٹکرا کر الٹی اور اس میں آگ لگ گئی جس سے دس افراد جاں بحق ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے بابر ملک نے بتایا کہ حادثے کی شکار گاڑی سرگودھا سے راولپنڈی جا رہی تھی، وہ تیز رفتاری سے آ کر ٹول پلازہ کی دیوار سے ٹکرائی، اور اس میں فوراً ہی آگ بھڑک اٹھی، گاڑی میں موجود افراد جھلس کر جاں بحق ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  دادو میں خطرناک ٹریفک حادثہ، 8 افراد جاں بحق، 20 زخمی

    نمائندے کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے، زخمیوں کی حالت بھی جلنے کی وجہ سے تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

    ڈی آئی جی موٹر وے اشفاق احمد نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ وین جس تیز رفتاری سے آ کر دیوار سے ٹکرائی ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ شاید ڈرائیور سو گیا تھا۔

  • کراچی میں آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق

    کراچی میں آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 2 بچیوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے، مختلف حادثات میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    کراچی کے علاقے پیپلز چورنگی کے قریب درخت گرنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، کورنگی میں دیوار گرنے سے بچی جاں بحق ہوگئی، حاجی مرید گوٹھ میں گھر کی چھت گرنے سے 5 سالہ بچی چل بسی۔

    دوسری جانب ٹیپو سلطان سگنل کے قریب اسکول کی چھت گرنے سے 5 طالب علم زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ادھر لانڈھی تین نمبر میں گھر کی دیوار کا حصہ گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے، سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7 ڈی میں گھر کی چھت کا حصہ گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے۔

    لیاری چاکیوڑا میں مدرسے کی چھت گرگئی جبکہ جامع مسجد فش ہاربر کی عارضی چھت اڑ گئی جس سے مؤذن زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تیز گرد آلود ہواؤں کے باعث بجلی کے تار ٹوٹنے سے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہے۔

    کے الیکٹرک نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ بجلی کے ٹوٹے ہوئے تاروں، کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں اور برقی آلات کا استعمال گیلے ہاتھوں کے ساتھ نہ کریں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

  • آندھی اورطوفانی بارشیں، مختلف حادثات میں3 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

    آندھی اورطوفانی بارشیں، مختلف حادثات میں3 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

    پشاور/ صوابی / راولپنڈی / بھکر / کوئٹہ :ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش نے معمولات زندگی درہم برہم کر دئیے، خیبر پختونخو میں چھتیں گرنے اور دیگر واقعات میں تین افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفان نے تباہی مچا دی، پشاور میں تین افراد جاں بحق اور42زخمی ہو گئے۔ تیز ہواؤں سے بی آر ٹی سٹیشن کی سیلنگ بھی اڑ گئیں۔

    طوفانی بارش کے سبب کئی علاقوں میں بجلی غائب، نشیبی علاقے زیرآب آنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ آندھی اور بارشوں سے تباہی مچ گئی، معمولات زندگی درہم درہم ہوگئے،مختلف شہروں میں کئی حادثات بھی ہوئے۔

    پشاور میں تیز ہوائیں، آندھی کے بعد گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی وجہ سے فقیرکلے میں گھرکی دیوار گرگئی، جس کے ملبے تلے دب کر ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔

    اس کے علاوہ پیربالا میں چھت گرگئی، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے دب جانے والے تین بچوں کو نکال لیا، تیز ہواؤں اور طوفانی بارش سے بی آرٹی بس اسٹیشن کی سیلنگ گرگئی، کئی چھتیں اکھڑ گئیں، جان بچانے کے لیے مزدور بھاگ کھڑے ہوئے۔

    صوابی میں بھی طوفانی بارش ہوئی، اللہ داد خیل میں گھر کی چھت گرگئی، ملبے تلے دب کر دو خواتین جاں بحق اور تین زخمی ہوگئیں، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش ہوئی اس کے علاوہ دین پور میں گھر کی دیوارگرنے سے پولیس کانسٹیبل شدید زخمی ہوگیا، مردان میں آندھی اور بارش کے باعث حادثات میں 4 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال پہنچادیا گیا۔

    لوئر دیر میں بھی طوفانی بارش نے بجلی کا نظام درہم برہم کردیا، چوک اعظم اورگرد و نواح میں آندھی اور موسلادھار بارش کے دوران کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، بجلی کے کئی پول گرگئے۔ بھکر میں بھی طوفانی ہواؤں اوربارش سے درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔

    فیصل آباد میں بھی تیز آندھی چلی، موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ پشاورمیں چھ، پاراچنار میں چار اور کوئٹہ میں دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، آج بھی ملاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، کوئٹہ،راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بارش کا امکان ہے۔

  • ملیر کراچی میں منہدم عمارت کے ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی

    ملیر کراچی میں منہدم عمارت کے ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی

    کراچی: ملیر جعفر طیار میں تین منزلہ منہدم عمارت کے ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے ملیر جعفر طیار میں 3 منزلہ عمارت گر گئی تھی جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    [bs-quote quote=”منہدم عمارت کے ملبے میں ایک اور 12 سالہ لڑکے کی تلاش بھی جاری ہے۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    عمارت کے ملبے سے 16 گھنٹے بعد لاش نکالی گئی، جاں بحق نوجوان کی شناخت شبیہ حیدر کے نام سے ہوئی ہے۔

    منہدم عمارت کے ملبے میں ایک اور 12 سالہ لڑکے کی تلاش بھی جاری ہے۔

    خیال رہے کہ یہ حادثہ گزشتہ روز صبح پیش آیا تھا، حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں مالک مکان میاں بیوی بھی شامل ہیں، عمارت گرنے کے بعد مکینوں نے خود ملبہ ہٹانا شروع کر دیا تھا جب کہ شہری انتظامیہ تین گھنٹے بعد پہنچی تھی۔

    امدادی کاروائیوں میں فوجی جوانوں نے بھی حصہ لیا، میئر کراچی نے کہا کہ علاقہ دور اور گلیاں تنگ ہونے کے باعث مشینری پہنچانے میں وقت لگا۔

    مزید تفصیل پڑھیں:  کراچی: ملیرجعفرطیارمیں 3منزلہ عمارت گرگئی‘ 3 افراد جاں بحق

    ریسکیو ذرائع نے بتایا تھا کہ عمارت کے ملبے سے اسکول یونی فارم پہنے ایک بچے سمیت 3 افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

    کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ مذکورہ عمارت 20 سے 25 سال پہلے تعمیر کی گئی تھی، علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ عمارت میں دو خاندان رہائش پذیر تھے اور عمارت پرانی نہیں تھی۔

  • ملک بھر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، 23 افراد جاں بحق، ایمرجنسی نافذ

    ملک بھر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، 23 افراد جاں بحق، ایمرجنسی نافذ

    لاہور: ملک بھر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 23 افراد جاں بحق ہوئے، متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچائی، ضلع مکران اور لسبیلہ میں ایمرجنسی نافذ ہے، جبکہ ریلے میں بہہ کر دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

    پنجاب میں بھی بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، ملتان، ڈی جی خان، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارروال میں بھی شدید بارشیں ہوئیں، مختلف حادثات میں بچوں سمیت تئیس افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    گوادر میں سڑک آبی ریلےکی نذر ہوگئی، آواران کا زمینی رابطہ منقطع جبکہ مکران اور لسبیلہ میں ایمرجنسی نافذ ہے، ایم ایٹ سڑک ہوشاب کے مقام پر ریلے میں بہہ گئی، کوسٹل ہائی وے کا بسول ندی پل کا ایک حصہ ٹوٹ گیا۔

    بارشوں سے کچھ علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوئی ہے‘ جام کمال

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امداد سرگرمیوں کے لیے ہیلی کاپٹر کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعلیٰ سیکریٹیریٹ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، وزیر اعلٰی بلوچستان جام کمال نے پی ڈی ایم اے دفتر کا دورہ بھی کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل عمران زرکوں نے انہیں نقصانات اور امدادی کاموں پربریفنگ دی۔

    جام کمال کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بارشوں سے کچھ علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوئی ہے، آواران کے علاقے میں ایک سڑک کا مسئلہ تھا جو جلد حل کرلیا جائے گا، لسبیلہ میں ایک 2 علاقے ایسے تھے جہاں تک رسائی نہیں تھی، بہت سی سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

  • پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج

    پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج

    لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں اور حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے کے کئی سیکشنز گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث معمولات زندگی متاثرہیں، بعض مقامات پر حد نگاہ صفر اور بعض مقامات پر 50 میٹر تک رہ گئی ہے۔

    حد دنگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے کے کئی سیکشنز گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کردیے گئے۔

    ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق خانیوال ملتان موٹروے شدید دھند کے باعث بند ہے، لاہور سے شیخوپورہ اورکوٹ مومن تک موٹروے ہرطرح کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔

    ترجمان نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شہری گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موٹروے پرسفر سے قبل موٹروے ایپلی کیشن ایف ایم 95 ریڈیو اور ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی ہے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں بھی رات کے اوقات میں شدید سردی اور صبح ہلکی برف باری کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز موٹروے پولیس افسر محمد سعید بستی ملکوک کے قریب بس اور ٹرک میں تصادم کے سبب پیش آنے والے حادثے کا جائزہ لے رہے تھے کہ سامنے سے آنے والی بس ان پرچڑھ دوڑی جس کے باعث وہ بری طرح زخمی ہوگئے تھے۔

    فرائض کی ادائیگی کے دوران موٹروے پولیس کا سب انسپکٹرشہید

    سب انسپکٹرمحمد سعید کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے تھے۔

  • ملک کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات، ایک شخص جاں بحق، 11 زخمی

    ملک کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات، ایک شخص جاں بحق، 11 زخمی

    کراچی: ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے دو مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات ہوئے، جبکہ ایک واقعہ پنجاب کے ضلع جہانیاں میں پیش آیا۔

    کراچی کے علاقے اسٹیل مل پل سے گزرنے والی گاڑی نالے میں جاگری جس کے باعث ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے، زخمیوں کا اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسرا واقعہ شہر قائد کے علاقے عائشہ منزل کے قریب پیش آیا، جہاں ٹریلر کی زد میں آکر موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    گوجرہ میں ٹریفک حادثہ‘ 2 افراد جاں بحق

    علاوہ ازیں پنجاب کے ضلع جہانیاں میں کار اور ٹریکٹرٹرالی میں ٹکر ہوئی، جس کے باعث 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ جہانیاں کے علاقے ملتان دنیا پور روڈ پر چک نمبر 133 دس آر کے قریب پیش آیا، زخمیوں کو نشتر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    یاد رہے کہ رواں سال 16 جولائی کو مٹیاری کےعلاقے ہالہ کے قریب سڑک کے کنارے باراتیوں سے بھری بس میں ٹرالر جا گھسا تھا، جس کے باعث 17 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ رواں سال 12 فروری کو ٹنڈو محمد خان روڈ پر دو گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

  • چلتی گاڑی کے دوران اتر کر رقص کرنا نوجوانوں کو مہنگا پڑگیا

    چلتی گاڑی کے دوران اتر کر رقص کرنا نوجوانوں کو مہنگا پڑگیا

    سوشل میڈیا پر کی کی ڈانس کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دنیا بھر کے متعدد نوجوان کی کی ڈانس کرنے والے کینیڈین گلوکار کی نکل کرنے کے حادثات کا شکار ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈین ریپر کے مشہور گانے ’ان مائی فیلنگ‘ کیا جانے والا کی کی ڈانس کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا، مختلف ممالک کے نوجوان کی کی ڈانس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے رقص کررہے ہیں، جن میں سے متعدد نوجوان حادثات کا ہورہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر کی کی ڈانس کے دوران حادثے کا شکار ہونے والے متعدد لوگوں کی ویڈو وائرل ہوئی ہے جس میں کئی نوجوانوں کو رقص کرنے کے دوران زخمی ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    خیال رہے کہ کی کی ڈانس سے قبل نوجوان سوشل میڈیا پر مقبول ہونے کے لیے خطرناک جگہوں اور طریقوں سے سیلفیاں لے کر اپنی جان خطرے میں ڈال رہے تھے، اب کینیڈین گلوکار ڈریک کی نکل کرنے ہوئے چلتی گاڑی سے اتر رقص کرنے کی خاطر اپنی زندگیاں داؤ پر لگا رہے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کینیڈین ریپر ڈریک کی کاپی کرنے کے کوشش کرتے ہوئے بے تحاشا نوجوان حادثات کا شکار ہوئے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رقص کرنے والے افراد یا تو مخالف سمت سے آنے والی گاڑی سے ٹکرا کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں یا بھی بجلی کے پول یا گاڑی دروازے سے ٹکرا جاتے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا میں ایک نوجوان کی کی چیلنج پورا کرنے کے دوران حادثے کا شکار ہوکر سر کی ہڈی ٹٹوا چکا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ کینیڈین ریپر کے مشہور گانے ’ان مائی فیلنگ‘ پر کی کی ڈانس کی ویڈیو پوری دنیا میں وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد متعدد ممالک نے سیکیورٹی آلرٹ جاری کیا کیوں کہ مذکورہ ڈانس کی وجہ سے ٹریفک حادثات کا خطرہ ہے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں کی کی ڈانس کرنے اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے کے جرم میں پولیس نے مقامی لڑکی کو گرفتار کرلیا۔

    خیال رہے کہ کی کی ڈانس کے دوران ڈانس کرنے والا شخص ہلکی رفتار سے چلتی ہوئی کار سے باہر آتا ہے اور میوزک پر ڈانس کرتا ہے۔

  • بھارت میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچادی، تقریباً 550 افراد ہلاک ہوئے

    بھارت میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچادی، تقریباً 550 افراد ہلاک ہوئے

    نئی دہلی: بھارت میں حالیہ مون سون کی بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں تقریباً 550 افراد ہلاک جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں مئی کے ماہ سے اب تک مون سون بارشوں کی تباہ کاریوں سے قریب ساڑھے پانچ سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں شہری ان بارشوں سے کسی نہ کسی طور متاثر ہوئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ان بارشوں کے باعث مختلف حادثات پیش آئے جس میں سینکڑوں ہلاکتیں ہوئیں، جبکہ حکام کی جانب سے متاثرہ لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات بھی کیے گئے۔

    دوسری جانب شمال مشرقی بھارت میں حکام کے مطابق مون سون بارشوں کے نتیجے میں حالیہ کچھ دنوں میں کم سے کم 80 افراد ہلاک ہوئے جبکہ یہاں بھی لوگ بڑی تعداد میں متاثر ہوئے۔


    بھارت میں شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ، 9 افراد ہلاک


    بھارتی ریاست اتر پردیش میں قدرتی آفات کے انتظامی اُمور کے سربراہ سنجے کمار کا کہنا ہے کہ یہ اسّی افراد طوفانی بارشوں میں گھر گرنے یا دیواریں شکستہ ہونے کے باعث ہلاک ہوئے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ واقعات کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی، اور لوگوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے بھارت کے شمال مشرقی حصے میں مون سون کی شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے باعث کم از کم نو افراد ہلاک ہوئے تھے، شدید بارشوں نے جن ریاستوں میں تباہی مچائی تھی ان میں مہاراشٹرا، آسام، اترا کھنڈ، مغربی بنگال، گجرات اور منی پور شامل تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔