Tag: حادثہ

  • روہڑی اسٹیشن کے قریب ٹرین کو حادثہ

    روہڑی اسٹیشن کے قریب ٹرین کو حادثہ

    سکھر: صوبہ سندھ میں روہڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب شالیمار ایکسپریس کی ایک بوگی پٹری سے اتر گئی، حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق روہڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب شالیمار ایکسپریس کی ایک بوگی پٹری سے اتر گئی۔

    ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روہڑی اسٹیشن پر پہنچنے سے قبل آؤٹر سگنل کے قریب بوگی نمبر 5 پٹری سے اتر گئی۔

    ریلوے حکام کے مطابق بوگی اترنے کی وجہ سے اپ ٹریک بلاک ہوگیا، امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں، مین ٹریک کو جلد بحال کردیا جائے گا۔

  • ویڈیو: پیٹرول ڈلوانے کے دوران اسکوٹی سوار لڑکی کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    ویڈیو: پیٹرول ڈلوانے کے دوران اسکوٹی سوار لڑکی کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    بنگالورو: بھارت میں پیٹرول ڈلوانے کے دروان آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 18 سالہ اسکوٹر سوار لڑکی ہلاک ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی کی ریاست کرناٹک کے تماکورو کے ضلع میں پیش آیا ہے، جہاں ایک پیٹرول پمپ پر 18 سالہ لڑکی اس وقت ہلاک ہوگئی  جب وہ اپنی اسکوٹی میں پیٹرول بھروارہی تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھاویہ نامی نوجوان لڑکی موٹر سائیکل پر بیٹھی ہوئی تھی اور اس کی والدہ پاس کھڑی تھی، اس دوران لڑکی اپنے فون کو استعمال کررہی تھی کہ آگ بھڑک اٹھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی طور پر یہ کہا جارہا ہے کہ آگ موبائل فون کی وجہ سے لگی ہے، اس حادثے میں بھاویہ ہلاک ہوگئی جبکہ اس کی ماں شدید زخمی ہے۔

  • ویڈیو: نالے پر قائم ہوٹل میں بیٹھے شہریوں کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    ویڈیو: نالے پر قائم ہوٹل میں بیٹھے شہریوں کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    کراچی: سرسید کے علاقے انڈہ موڑ پر نالے پر قائم ہوٹل کی چھت ٹوٹنے سے شہری گٹر میں گرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں واقع سرسید کے علاقے انڈہ موڑ پر موجود ہوٹل نالے کے اوپر بنی تھی، گٹر کی چھت ٹوٹ جانے سے ہوٹل پر موجود شہری کرسی سمیت نالے میں گر گئے۔

    پولیس کا اس  حوالے سے کہنا ہے کہ نالے میں گر جانے سے متعدد نوجوان معمولی زخمی ہوئے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہری اپنی مدد آپ نالے میں گرنے والے شہریوں کو نکال رہے ہیں۔

    اہلکار کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد ڈیوٹی افسر کی جانب سے جائے وقوعہ کا دورہ کیا گیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق گیس پریشر کی وجہ سے واقعہ پیش آیا ہے۔

  • خاتون خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئیں، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    خاتون خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئیں، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    کہتے ہیں زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں اور موت کبھی بھی آسکتی ہے، اگر آپ کہیں ہوتے ہوئے اپنی پوری احتیاط کر رہے ہیں تب بھی کسی اور کی غلطی سے آپ کو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے یا موت آپ تک پہنچ سکتی ہے۔

    ایسا ہی ایک واقعہ 2 خواتین کے ساتھ پیش آیا جو سڑک کنارے ایک دکان کے سامنے موجود تھیں۔

    سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون دکان سے سامان لے کر نکلی ہیں اور قریب ہی موجود گاڑی کی طرف جارہی ہیں۔

    گاڑی میں سے خاتون ڈرائیور کھڑکی سے اپنا ہاتھ باہر نکال کر سامان لینا چاہ رہی ہیں۔

    اسی وقت اچانک ایک ٹائر نہایت تیزی سے لڑھکتا ہوا ان کی طرف آتا ہے، گاڑی سے باہر موجود خاتون لاشعوری طور پر ایک قدم پیچھے ہٹتی ہیں اور ٹائر تیزی سے ان کے اور گاڑی کے درمیان سے نکلتا ہے۔

    لیکن نکلتے ہوئے وہ گاڑی میں موجود خاتون کے ہاتھ سے بری طرح ٹکراتا ہے جس سے یقیناً خاتون کو بہت چوٹ آئی۔

    آگے جا کر ٹائر کسی چیز سے ٹکراتا ہے اور دکان کا زنگ آلود شٹر بھی نیچے گرتا دکھائی دیتا ہے تاہم دونوں خواتین اس سے دور ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو پر نہایت حیرت کا اظہار کیا، انہوں نے گاڑی سے باہر موجود خاتون کو خوش قسمت قرار دیا جو کسی ناگہانی حادثے کا شکار ہونے سے بچ گئیں، اور اندر موجود خاتون سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

  • تیز رفتار کار کو خوفناک حادثہ، پرخچے اُڑ گئے، ہولناک ویڈیو جاری

    تیز رفتار کار کو خوفناک حادثہ، پرخچے اُڑ گئے، ہولناک ویڈیو جاری

    انتہائی تیز رفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہوکر ٹول پلازہ کے آہنی جنگلے سے ٹکرا گئی، ٹریفک حادثے کا منظرڈراؤنی فلموں کی طرح خوفناک تھا۔

    تفصیلات کے مطابق چلی میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک انتہائی تیز رفتار کار کو ایک ٹول پلازہ کے حفاظتی جنگلے سے ٹکرا کر ہوا میں بکھرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ خوفناک حادثہ دارالحکومت سینتیاگو سے963 کلو میٹر دور پورنکی کے مقام پر پیش آیا۔

    اس خوفناک حادثے کے بعد کار میں آگ بھڑک اٹھی اور اس کے مختلف حصے اڑ کر دور جاگرے، مقامی ٹریفک حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی کار 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی جو ڈرائیور سے بے قابو ہو کرٹول پلازہ کی حفاظتی جنگلے سے ٹکرا کر ہوا میں ٹکڑے ٹکرے ہوگئی۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنونی ڈرائیونگ کرنے والے نوجوان کی عمر 21 سال تھی جو موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کار دیوار سے ٹکراتے ہی کئی ٹکڑوں میں ہوا میں بکھر گئی اور اس کے ساتھ ہی آگ کے شعلے بلند ہوئے۔

  • تیز رفتار گاڑی کو خطرناک حادثہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    تیز رفتار گاڑی کو خطرناک حادثہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    دنیا بھر میں اکثر ٹریفک حادثات تیز رفتار گاڑیوں کی وجہ سے ہوتے ہیں اور تیز رفتاری کے خطرات جاننے کے باوجود ڈرائیورز تیز گاڑی چلانا پسند کرتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق ایک تیز رفتار اور ایک کم رفتار گاڑی کو کوئی حادثہ ہو تو دونوں کے الگ اثرات مرتب ہوں گے، اس بات کا ثبوت ایک ویڈیو سے بھی ملتا ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ایک بھارتی شخص نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ مختلف رفتار پر کوئی گاڑی اگر کسی چیز جیسے کسی پلر سے ٹکراتی ہے تو اس پر کیا اثرات ہوتے ہیں۔

    ویڈیو کی شروعات میں گاڑی کو 30 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور اس کے پلر سے ٹکرانے پر گاڑی کے اگلے حصے کو نقصان پہنچتا ہے۔

    اس کے بعد گاڑی کی رفتار اور تصادم کے بعد پہنچنے والے نقصان میں اضافہ ہوتا جاتا ہے۔

    دراصل ویڈیو کا مقصد آگاہی پھیلانا ہے کہ کم رفتار پر گاڑی چلائی جائے تو کسی حادثے کی صورت میں اندر موجود افراد کی جانیں بچ سکتی ہیں، لیکن گاڑی کی رفتار جتنی زیادہ ہوگی اندر بیٹھے افراد کو بھی اتنا ہی خطرہ ہے۔

    تیز رفتار گاڑی کو ہونے والا معمولی سا حادثہ بھی کئی افراد کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ اس صورت میں گاڑی تصادم میں بالکل تباہ ہوجاتی ہے۔

    ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف تبصرے کیے، ایک شخص نے کہا کہ گاڑی کی صحیح رفتار وہی ہے جس میں آپ گاڑی کو کنٹرول کر سکیں۔

  • تیز رفتار گاڑی ڈھابے میں گھس کر لوگوں پر چڑھ دوڑی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    تیز رفتار گاڑی ڈھابے میں گھس کر لوگوں پر چڑھ دوڑی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    گجرات: بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں ایک تیز رفتار گاڑی ڈھابے کی دیوار توڑتے ہوئے وہاں بیٹھے لوگوں پر چڑھ دوڑی، اس واقعے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سورت میں سڑک کے کنارے بنے ڈھابہ ہوٹل میں ایک تیز رفتار ٹیمپو گھس گئی، اور وہاں بیٹھے لوگوں کو کچل دیا، حادثے میں 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    ڈھابے پر باپانو بگیچو (باپ کا باغ) کا بورڈ لگا ہوا تھا، جو سرولی کے علاقے میں واقع ہے، سی سی ٹی وی کیمرے میں ڈھابے میں اچانک گھسنے والی گاڑی کا دل دہلا دینے والا منظر محفوظ ہو گیا۔

    تیز رفتار گاڑی نے ڈھابے کی دیوار توڑ دی تھی، اور رکھا فرنیچر بھی تہس نہس ہو گیا تھا، وہاں چند لوگ کرسیوں پر بیٹھے ہوئے تھے، ان پر بھی گاڑی چڑھ دوڑی۔

    اطلاعات کے مطابق ڈرائیور نے پک اپ گاڑی کا کنٹرول کھو دیا تھا، واقعے کے وقت ڈھابے کے اندر 8 سے 10 گاہک موجود تھے۔ حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔

  • بھارت میں پل گرنے کا ہولناک حادثہ: ننھے بچے نے اپنے خاندان کی جان کیسے بچائی؟

    بھارت میں پل گرنے کا ہولناک حادثہ: ننھے بچے نے اپنے خاندان کی جان کیسے بچائی؟

    نئی دہلی: بھارت میں پل گرنے کے حادثے میں 135 افراد کی ہلاکت کے بعد، ایک ایسا خوش نصیب خاندان بھی سامنے آیا ہے جو پل گرنے سے صرف 10 منٹ پہلے پل سے اتر گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں 140 سالہ پرانا پل گرنے کے واقعے میں 9 سالہ بچے کے رونے نے پورے خاندان کی جان بچالی۔

    30 اکتوبر کو بھارتی شہر موربی میں دریائے مچھو پر بنا 140 سال پرانا پل گر گیا تھا جس کے نتیجے میں 135 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

    پل گرنے کے واقعے میں بچ جانے والا ایک خوش قسمت خاندان بھی سامنے آیا ہے جو بچے کے رونے کی وجہ سے حادثے کا شکار ہونے سے بچ گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گجرات کے رہائشی ساگر مہتا نامی رہائشی نے بتایا کہ وہ اہلیہ، 2 بچوں اور رشتے داروں کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے موربی پل گئے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پل کے ہلنے پر 9 سالہ بیٹا خوفزدہ ہو گیا تھا اور اس نے رونا شروع کردیا جس پر پورا خاندان پل سے اتر آیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پل سے اترنے کے 10 منٹ بعد ہی حادثہ پیش آیا جس سے ہمارے رونگٹے کھڑے ہوگئے۔

    خیال رہے کہ 1880 میں دریا پر بنایا گیا پل سیر و تفریح کا مرکز تھا اور گزشتہ ہفتے ہی اسے مرمت کے بعد 26 اکتوبر کو عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق پل پر 100 افراد کی گنجائش تھی تاہم جس وقت حادثہ پیش آیا اس وقت پل پر 400 افراد موجود تھے۔

    پولیس نے مرمت کرنے والی کمپنی کے مینیجر سمیت 9 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

  • لائیو ٹی وی رپورٹ کے دوران سڑک پر حادثہ، ویڈیو وائرل

    لائیو ٹی وی رپورٹ کے دوران سڑک پر حادثہ، ویڈیو وائرل

    بھارت میں بارش کے بعد خراب سڑکوں سے متعلق ایک ٹی وی رپورٹ کے دوران ہی سڑک پر حادثہ پیش آگیا اور ایک رکشہ الٹ گیا جو کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا۔

    مذکورہ ویڈیو جو اب وائرل ہوچکی ہے، بھارتی ریاست اتر پردیش کی ہے، ویڈیو دراصل ایک ٹی وی رپورٹ ہے جس میں ایک صحافی، ایک راہ گیر سے سڑکوں کی حالت کے بارے میں دریافت کر رہا ہے۔

    راہ گیر اپنے پیچھے سڑک کے بارے میں بتا رہا ہے کہ اس کی خستہ حالی کی وجہ سے آئے روز یہاں حادثات ہوتے رہتے ہیں، حکام سے کئی بار اس کی مرمت کے لیے کہا جاچکا ہے لیکن تاحال اس سڑک کی حالت جوں کی توں ہے۔

    رپورٹ کے دوران ہی پیچھے سے گزرتا ایک رکشہ اچانک دھماکے سے الٹ جاتا ہے جس پر راہ گیر پیچھے پلٹتے ہوئے کہتا ہے، یہ دیکھیئے۔

    ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آس پاس موجود لوگ فوری طور پر رکشے کی طرف بھاگتے ہیں اور اسے سیدھا کر کے اندر موجود لوگوں کو نکالنے کی کوشش کرتے ہیں۔

  • لاہور ایئرپورٹ: طیارہ بال بال حادثے سے بچ گیا

    لاہور ایئرپورٹ: طیارہ بال بال حادثے سے بچ گیا

    لاہور: انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرولر کی بروقت کارروائی سے غیر ملکی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر طیارے کوگو راؤنڈ کرنے کے بعد بحفاظت اتار لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ٹریفک کنٹرول کی بروقت کارروائی سے طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔

    ذرائع کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر کی بروقت نشان دہی اور کپتان کو رہنمائی فراہم کرنے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا، بحرین سے لاہور پہنچنے والی گلف ایئر کی پرواز جی ایف 764 زیر تعمیر رن وے 18 Left پر اترنے کے لیے اپروچ پر تھا، تاہم رن وے 18 مرمتی کام کی وجہ سے بند تھا۔

    اپروچ اور ٹاور پر تعینات ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کپتان کو لینڈنگ کرنے سے فوری طور پر روکا، تاہم اس وقت طیارہ زمین سے 200 فٹ سے بھی کم بلندی پر تھا، اچانک ایئر ٹریفک کنٹرولر نے دیکھتے ہوئے فوری طور پر کپتان سے رابطہ کیا اور کپتان کو رہنمائی فراہم کی، گو راؤنڈ کی ہدایت پر کپتان طیارے کو واپس بلندی پر لے گیا۔

    ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر کپتان نے طیارے کو گو راؤنڈ کرنے کے بعد رن وے نمبر 18 Right پر بحفاظت اتار لیا۔

    ذرائع کے مطابق یہ واقعہ 18 مارچ کو پیش آیا تھا، ایئر پورٹ منیجر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ واقعہ گزشتہ دنوں پیش آیا، ایئر ٹریفک کنٹرولر نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے طیارے کو حادثے سے بچایا۔