Tag: حادثہ

  • آسٹریلیا میں مسافر بردار طیارے کو حادثہ

    آسٹریلیا میں مسافر بردار طیارے کو حادثہ

    کینبرا: آسٹریلیا میں مسافر بردار چھوٹا طیارہ سمندر میں گر گیا، طیارے میں سوار 4 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 2 بچے بھی شامل تھے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا میں ریڈ کلف کے مضافات میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے دریا میں گر گیا، طیارے میں 4 افراد سوار تھے جو حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

    4 نشستوں والے چھوٹے طیارے میں ایک 69 سالہ شخص اپنے خاندان کو لے کر پکنک کے لیے جا رہا تھا۔ دوران پرواز ممکنہ طور پر تکنیکی خرابی کے باعث طیارہ سمندر میں گر گیا۔

    رپورٹ کے مطابق طیارہ اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر گیا تھا، جس وقت طیارے نے اڑان بھری اس وقت موسم خراب تھا اور بارش بھی ہو رہی تھی۔

    کوئنز لینڈ کے شہری ہوا بازی کے ادارے نے حادثے کی تحقیقات کے لیے تفتیشی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

  • تیز رفتار ہواؤں کے باعث خوفناک حادثہ، خاتون بال بال بچ گئیں

    تیز رفتار ہواؤں کے باعث خوفناک حادثہ، خاتون بال بال بچ گئیں

    لندن: برطانیہ میں آرون طوفان نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے جس کی وجہ سے متعدد حادثات ہوچکے ہیں، ایسا ہی ایک حادثہ سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا جس میں ایک خاتون بال بال بچ گئیں۔

    برطانیہ کے مختلف حصوں میں آرون طوفان کے باعث 3 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہیں۔ طوفان کے باعث 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جس کی وجہ سے کئی حادثات ہوچکے ہیں۔

    ایسے ہی ایک حادثے میں 55 سالہ پب مینیجر بال بال بچیں۔

    شیرل نامی یہ خاتون سگریٹ کے لیے پب سے باہر نکلیں اور باہر رکھی میزوں کے ساتھ کھڑی ہوگئیں، عین اس لمحے جب وہ وہاں سے واپس جانے کے لیے نکل رہی تھیں، ان سے صرف چند انچ کے فاصلے پر ایک بھاری بھرکم درخت گر پڑا۔

    شیرل خوفزدہ ہو کر وہیں رک جاتی ہیں، درخت گرنے سے پورا راستہ بند ہوجاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بعد میں بڑی مشکل سے درخت کی شاخوں سے بچ بچا کر واپس پب میں پہنچیں۔

    پولیس نے طوفان اور برفباری کے باعث عوام سے غیر ضروری سفر نہ کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست کی ہے۔

  • امریکی ایٹمی آبدوز حادثے کا شکار

    امریکی ایٹمی آبدوز حادثے کا شکار

    واشنگٹن: بحیرہ جنوبی چین میں امریکی ایٹمی آبدوز زیر آب حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بحیرہ جنوبی چین میں امریکی ایٹمی آبدوز زیر آب حادثے کا شکار ہوگئی، ترجمان امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں متعدد اہلکار زخمی ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ آبدوز یو ایس ایس کنیکٹی کٹ کسی نامعلوم چیز سے ٹکرا گئی۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ایٹمی آبدوز محفوظ اور مستحکم حالت میں ہے۔ حادثے کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ زخمی اہلکاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

  • خاتون کی جلد بازی، ریلوے اسٹیشن پر دل دہلا دینے والا حادثہ (ویڈیو بچے نہ دیکھیں)

    خاتون کی جلد بازی، ریلوے اسٹیشن پر دل دہلا دینے والا حادثہ (ویڈیو بچے نہ دیکھیں)

    حیدرآباد: بھارتی ریاست تلنگانا کے ایک ریلوے اسٹیشن پر خاتون کی جلد بازی نے ایک دل دہلا دینے والے منظر کو جنم دیا، جو اسٹیشن پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تلنگانا کے شہر سکندر آباد کے ریلوے اسٹیشن پر جمعے کی صبح ایک خاتون نے بھاگ کر چلتی ٹرین میں چڑھنے کی کوشش کی اور وہ بری طرح گر کر ٹرین کے پہیوں کے نیچے آ کر کچلے جانے سے بال بال بچی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریلوے اسٹیشن پر ریل گاڑی چل پڑی، پولیس اہل کار حفاظت کے لیے مستعد ہیں، اور ایسے میں برقع اوڑھے ایک خاتون بھاگتی ہوئی آتی ہے اور ٹرین میں چڑھنے کی کوشش کرتی ہے۔

    ریلوے پروٹیکشن فورس کے اہل کار، جن کی شناخت بعد میں دنیش سنگھ کے نام سے ہوئی، اور جنھیں حکام کی جانب سے مستعدی اور حاضر دماغی سے خاتون کی جان بچانے پر ایوارڈ بھی دیا گیا، نے خاتون کی رہنمائی کی کہ یہاں سے چڑھیں، اور ساتھ ہی ان پر نگاہ بھی رکھی۔

    لیکن نسیم بیگم نامی خاتون نے نہایت جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرین کے دروازے میں چھلانگ لگا کر چڑھنے کی کوشش کی اور وہ توازن برقرار نہ رکھ سکیں، اگلے لمحے وہ خوف ناک طور پر چلتی ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان خالی جگہ میں گر گئیں۔

    وہ بلاشبہ آہنی پہیوں کے نیچے آ کر کچلی جاتی لیکن دروازے پر موجود ایک مسافر نے ان کا ہاتھ جلدی سے تھام لیا، اور دوسری طرف سے پولیس اہل کار نے لپک کر انھیں پکڑ لیا، اور انھیں کھینچ کر نیچے گرنے سے بچا لیا۔

  • رات گئے 2 ٹرینیں حادثے سے بال بال بچ گئیں

    رات گئے 2 ٹرینیں حادثے سے بال بال بچ گئیں

    کراچی: پشاور سے کراچی آنے والی خیبر میل اور کراچی سے میرپور خاص جانے والی مہران ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئیں، خیبر میل ایکسپریس کی اے سی سلیپر بوگی کا بریک چوک ہوگیا جبکہ مہران ایکسپریس غلط ٹریک پر چڑھ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر سکھر کے قریب پشاور سے کراچی جانے والی خیبر میل ایکسپریس بڑے حادثے سے بچ گئی، ریلوے ذرائع کے مطابق خیبر میل ایکسپریس کی اے سی سلیپر بوگی کا بریک چوک ہوگیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رات گئے پیش آنے والے اس واقعے میں بریک چوک ہوجانے پر ٹرین ٹریک سے اترنے کا خدشہ تھا، بریک پلیٹس چوک ہونے سے رفتار کم کر کے ٹرین کو پلیٹ فارم تک لایا گیا، بعد ازاں متاثرہ بوگی کو پلیٹ فارم پر لا کر ٹرین سے علیحدہ کردیا گیا۔

    متاثر ہونے والی ٹرین کو مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے، متاثرہ بوگی کی جگہ متبادل بوگی لگا کر ٹرین کوروانہ کیا گیا۔

    دوسری جانب ٹنڈو جام کے قریب کراچی سے میرپور خاص جاتے ہوئے مہران ایکسپریس غلط ٹریک پر چڑھ گئی، ٹرین ڈرائیور نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت بریک لگا کر حادثے سے بچا لیا۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین پہنچنے پر کانٹے کی خرابی کے باعث ٹریک تبدیل نہ ہوسکا جس کے باعث ٹرین غلطی سے بند ٹریک پر چڑھ گئی تھی، ڈرائیور نے فوری بریک لگا کر ٹرین کو حادثے سے بچایا۔

  • قومی شاہراہ پر مسافر کوچ الٹ گئی، 13 مسافر جاں بحق

    قومی شاہراہ پر مسافر کوچ الٹ گئی، 13 مسافر جاں بحق

    سکھر: صوبہ سندھ میں قومی شاہراہ پر پنو عاقل کے قریب رات گئے مسافر کوچ الٹ گئی، کوچ میں بیشتر مزدور سوار تھے جن میں سے 13 جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی شاہراہ پر پنو عاقل کے قریب رات گئے مسافر کوچ الٹ گئی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل کا کہنا ہے کہ حادثے میں 13 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 29 زخمی ہیں۔

    حکام کے مطابق جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا، تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ 11 زخمی سی ایم ایچ پنو عاقل، 2 روہڑی تعلقہ اسپتال اور 16 زخمیوں کو سول اسپتال سکھر منتقل کر دیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ کوچ میں بیشتر مزدور سوار تھے جو ملتان سے کراچی جا رہے تھے۔

    ذرائع کے مطابق جاں بحق 13 افراد میں سے 6 مسافروں کی شناخت ہوگئی ہے، جاں بحق ہونے والوں کے نام محمد ریاض، محمد اقبال،اللہ دتہ، عباس، ندیم، محمد شکیل بھی شامل ہیں۔

    روہڑی تعلقہ اسپتال میں موجود 5 لاشوں کی تاحال شناخت نہ ہو سکی۔

  • سینکڑوں میٹر بلندی پر بنے شیشے کے پل پر دل دہلا دینے والا حادثہ

    سینکڑوں میٹر بلندی پر بنے شیشے کے پل پر دل دہلا دینے والا حادثہ

    چین میں سیاحوں میں مقبول شیشے کے پل جو پہاڑوں کے درمیان نہایت اونچائی پر بنائے جاتے ہیں، یوں بھی صرف باہمت سیاحوں کے لیے ہی ہیں لیکن حال ہی میں وہاں ہونے والے ایک حادثے نے لوگوں کے دل دہلا دیے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق چین میں بنائے گئے مقبول لیکن نہایت خطرناک سیاحتی مقام پر ایک بھیانک حادثہ پیش آیا، اونچائی پر بنے شیشے کے پل پر ایک سیاح اس وقت پھنس گیا جب اس کے شیشے اچانک ٹوٹ گئے۔

    شمال مشرقی چین کے صوبہ جیلین میں اس جھولتے پل کا شیشے سے بنا فرش اچانک چکنا چور ہوگیا۔ لونگ جیانگ نامی شہر میں 100 میٹر بلندی پر واقع اس پل پر سیاح نیچے کا نظارہ دیکھ رہا تھا جب اچانک تند و تیز ہوا چلنا شروع ہوگئی۔

    150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تند و تیز ہوا کے نتیجے میں پل کے متعدد گلاس پینل ٹوٹ گئے اور سیاح درمیان میں پھنس گیا۔ اس سیاح کو فائر فائٹرز، پولیس اور مقامی حکام نے ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد وہاں سے نکالا۔

    چینی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں ایک شخص کو دکھایا گیا ہے جو پل کی سائیڈ کو پکڑے کھڑا ہے جبکہ اس کے ارگرد شیشے کے پینل ٹوٹ چکے ہیں اور وہاں سے خلا نظر آرہے ہیں۔

    حادثے میں نامعلوم سیاح کو کوئی نقصان نہیں پہنچا مگر اسپتال میں اس کا مکمل طبی معائنہ ہوا۔

    چینی سوشل میڈیا پر لوگوں نے اس واقعے کو بھیانک خواب قرار دیا۔ ایک شخص نے لکھا کہ حالیہ برسوں میں متعدد گلاس برج تعمیر ہوئے ہیں اور سیاحوں میں مقبول بھی ہیں، مگر ہم کس طرح ان کے محفوظ ہونے کی یقین دہانی کروا سکتے ہیں؟

    چین میں اس طرح کے پل سیاحوں میں بہت زیادہ مقبول ہیں جن میں صوبہ ہونان میں واقع 430 میٹر کا پل سب سے زیادہ مشہور ہے جو ایک کھائی کو عبور کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

  • چینی شہری ایئر بلون سے گر کر ہلاک، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    چینی شہری ایئر بلون سے گر کر ہلاک، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    بیجنگ: چین میں ایک شخص فضا میں 33 فٹ بلند ایئر بلون سے نیچے گر کر ہلاک ہوگیا، حادثے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو نے لوگوں کو خوفزدہ کردیا۔

    یہ واقعہ چین کے جنوب مغربی صوبے میں ایک تفریحی مقام پر پیش آیا، پارک کا ایک ملازم ایک ایئر بلون کو لینڈنگ کے وقت زمین پر اتار رہا تھا۔

    اچانک ہوا کے ایک زوردار جھونکے سے غبارہ دوبارہ فضا میں بلند ہوگیا اور ملازم بھی اس کے ساتھ ہی فضا میں چلا گیا۔

    ایئر بلون جب زمین سے33 فٹ بلند ہوگیا تو ملازم جو پہلے ہی غیر محفوظ حالت میں غبارے سے لٹکا ہوا تھا، غبارے کی حفاظتی رسی پر پھسلا اور وہاں سے نیچے آگرا۔

    ملازم کے نیچے گرنے کے دوران ایئر بلون کی حفاظتی رسی بھی ٹوٹ گئی۔

    حادثے کے وقت وہاں درجنوں افراد موجود تھے جو ملازم کی کوئی بھی مدد کرنے سے قاصر رہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق پارک کا ملازم موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    تفریحی پارک کی انتظامیہ نے ملازم کی موت کی تصدیق کردی تاہم مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی اسی نوعیت کے ایک حادثے میں ایک اور شخص ہلاک ہوگیا تھا۔ چینی صوبے ہونان میں ایئر بلون سینٹر کا ملازم اپنی ملازمت کے پہلے ہی دن ایئر بلون کی پرواز کے دوران نیچے گر کر ہلاک ہوگیا۔

    متعلقہ سینٹر کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ملازم ایک یونیورسٹی کا طالب علم بھی تھا، ساتھی ملازمین کے مطابق اسے بہت مختصر ٹریننگ دی گئی تھی جو حادثے کی وجہ بنی۔

  • اوکاڑہ، زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق

    اوکاڑہ، زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق

    اوکاڑہ: پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں ایک زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے گھر میں موجود 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ شہر میں نیشنل ہائی وے گیمبر اڈا کے قریب نواحی گاؤں میں ایک مکان کی چھت گر گئی، گھر کے ملبے میں دب کر 5 افراد جاں بحق ہو گئے، واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبی لاشیں نکال لی گئی ہیں جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ مکان زیر تعمیر تھا اور چھت پر ملبہ رکھا ہوا تھا جس کا لوڈ چھت برداشت نہ کر سکی اور چھت ڈھ گئی۔

    ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اوکاڑہ کے نواحی گاؤں میں چھت گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہم دردی اور تعزیت کی ہے۔

    لاہورمیں‌ مکان کی چھت گرگئی، میاں بیوی اور 2 بچے جاں بحق

    وزیر اعلیٰ نے زخمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی، اور کمشنر ساہیوال ڈویژن سے افسوس ناک واقعے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی۔

  • سعودی عرب: تفریح کے لیے جانے والے 4 نوجوان المناک حادثے کا شکار

    سعودی عرب: تفریح کے لیے جانے والے 4 نوجوان المناک حادثے کا شکار

    ریاض: سعودی عرب میں تفریح کے لیے جانے والے 4 نوجوان المناک حادثے کا شکار ہوگئے، ان کی گاڑی پر چٹان گر پڑی جس سے چاروں جاں بحق ہوگئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے جازان ریجن کی العارضہ کمشنری میں سعودی شہری دفاع کے اہلکاروں نے چٹان کے نیچے سے لاپتہ 4 سعودی نوجوانوں کی لاشیں نکال لیں، حادثہ گاڑی پر چٹان گر جانے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔

    جائے وقوع سے لاشیں نکالنے کا منظر دل دہلا دینے والا تھا، شہری دفاع کے اہلکاروں کے ساتھ مقامی نوجوان اور مقیم غیر ملکی بھی مدد کے لیے پہنچے ہوئے تھے۔

    چاروں نوجوان گزشتہ ہفتے کو العارضہ پہاڑی علاقے میں سیر کے لیے نکلے تھے جہاں وہ لاپتہ ہوگئے تھے، مختلف ادارے ان کی تلاش میں تھے۔

    2 نوجوانوں کے چچا ماجد جابر الجزمی نے سعودی میڈیا کو بتایا کہ وہ لوگ جائے وقوعہ سے متصل علاقے اور قریب کی وادیوں میں انہیں تلاش کرتے رہے، اسپتالوں اور ایسے تمام مقامات کو چیک کرلیا گیا تھا جہاں جہاں ان کے ملنے کی توقع کی جا سکتی تھی۔

    چچا کے مطابق ان کے بھتیجے اپنے دوستوں کے ہمراہ العبادل پہاڑی علاقے میں سیر کے لیے نکلے تھے تاہم ان کی تاخیر پر گھر والے تشویش میں مبتلا ہوگئے۔ موبائل پر رابطے کی کوشش کی گئی تو فون بند پائے گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہم لوگ ان کی تلاش میں اس جگہ پہنچے جہاں سے وہ لاپتہ ہوئے تھے، 4 نوجوانوں میں سے 2 کی گاڑیاں مل گئیں، اس دوران پولیس کو بھی اطلاع کردی گئی۔

    چچا کے مطابق بعض شہریوں نے اطلاع دی کہ انہیں العارضہ کے کوہستانی علاقے کی ایک وادی میں چٹانوں کے درمیان ایک ٹوٹی پھوٹی گاڑی نظر آرہی ہے اور خوفناک طریقے سے حادثے سے دوچار لگتی ہے۔

    بعد ازاں یہ گمشدہ نوجوانوں کی گاڑی نکلی جو تفریح گاہ سے 3 کلو میٹر کے فاصلے پر تھی، حادثے کے بعد پورا علاقہ سوگوار ہے۔