کوئٹہ : نجی ایئر لائن کا مسافر طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، رن وے پر جانے کیلیے ٹیکسی کے دوران پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ سے اسلام آباد جانے والا نجی ایئر لائن کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔
سپریم کورٹ بار کے صدر میاں رؤف عطا بھی طیارے میں سوار تھے، انہوں نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ نجی ایئر لائن کی پرواز پہلے 2 گھنٹے رن وے پر کھڑی رہی۔
تاخیر کے بعد طیارے نے ٹیکسی کی تو جھٹکے لیتے ہوئے بےقابو ہوگیا، شکر ہے طیارے نے ٹیک آف نہیں کیا تھا، اس موقع پر خوف کے باعث دو مسافروں کی حالت غیر ہوگئی۔
میاں رؤف عطا نے بتایا کہ مسافر صورتحال سے پریشان ہو کر چیخنے لگے، طیارے میں سوار ایک شخص بے ہوش ہوگیا جبکہ ایک خاتون کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نجی ایئر لائن کی لاپرواہی سے مسافروں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں، نجی ایئرلائن کی یہ پرواز کوئٹہ سے اسلام آباد کے لئے اُڑ نہ سکی۔
مزید پڑھیں : کراچی ائیرپورٹ پر مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی ائیر پورٹ پر ایک مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، کپتان نے بحفاظت ایئرپورٹ پراتار لیا۔
رپورٹ کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر فلائی جناح کے طیارے سے دوران لینڈنگ پرندہ ٹکرا گیا، ذرائع نے بتایا کہ فلائی جناح کی پرواز لاہور سے کراچی ایئرپورٹ لینڈ کر رہی تھی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کپتان نے طیارے سے پرندہ ٹکرانے کی اطلاع اے ٹی سی کو دی، پرواز میں 150سےزائد مسافر سوار تھے تاہم کپتان نے طیارے کو بحفاظت ایئرپورٹ پر اتار لیا۔