Tag: حافظ آباد

  • حافظ آباد میں دیرینہ دشمنی پر 3 افراد قتل، لاشیں گاڑی سمیت جلادی گئیں

    حافظ آباد میں دیرینہ دشمنی پر 3 افراد قتل، لاشیں گاڑی سمیت جلادی گئیں

    (17 اگست 2025): حافظ آباد میں دیرینہ دشمنی پر مخالفین نے کار پر فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل کرنے کے بعد لاشیں گاڑی سمیت جلادی۔

    تفصیلات کے مطابق حافظ آباد میں محمد حسین ڈیڑھ ماہ قبل اسپین سے مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے کے لیے آیا تھا اسے گزشتہ روز دو ساتھیوں سمیت قتل کردیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ  اسد اللہ پور کےقریب پیش آیا جہاں  دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کرکے قیمتی جانوں کو ضائع کر دیا گیا، ملزمان نے تینوں افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور  پھر گاڑی سمیت آگ لگا دی گئی۔

    پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز گاڑی میں دو ساتھیوں سمیت قتل ہونے والا محمد حسین ڈیڑھ ماہ قبل اسپین سے ایک مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کے لیے آیا تھا۔ محمد حسین قتل کے مقدمہ میں دفعہ 109 کے تحت مشورہ قتل میں نامزد ملزم 14 جولائی تک عبوری ضمانت پر تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل گذشتہ سال محمد حسین کے گھر کو لوٹ کر مسمار کردیا گیا اور آگ لگا دی گئی تھی اس پر بھی پولیس کوئی کارروائی نہیں کی۔

     محمد حسین نے پولیس کو چند روز قبل رپورٹ کی کہ گاڑی نمبر ATU 798 اس کا مسلسل تعاقب کررہی ہے، اس کا تذکرہ محمد حسین نے ایک مقامی صحافی سے اپنے وٹس ایپ میسج میں بھی کیا، لیکن اس پر بھی پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں ہوسکی۔

    مبینہ طور پر چند روز قبل بھی محمد حسین پر فائرنگ کی گئی جس میں وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا لیکن گزشتہ شام اسے دو ساتھیوں سمیت اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا اور پھر مقتولین کی نعشوں کو مسخ کرنے کے لئے گاڑی کو آگ لگا دی گئی۔

  • لڑکی کی آواز بنا کر بلایا گیا مغوی تاجر سرگودھا سے بازیاب

    لڑکی کی آواز بنا کر بلایا گیا مغوی تاجر سرگودھا سے بازیاب

    حافظ آباد: پولیس نے اغوا کئے گئے تاجر کو سرگودھا سے بازیاب کروالیا۔

    تفصیلات کے مطابق حافظ آباد پولیس نے اغوا کئے گئے تاجر کو سرگودھا سے بازیاب کروالیا، اغوا کاروں نے تاجر لقمان کو لڑکی کی آواز میں فون کر کے جھنگ بلا کر اغوا کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا کار تاجر کی رہائی کیلئےکروڑوں روپے کا تاوان مانگتے رہے، اغوا کار اپنی لوکیشن تبدیل کرتے رہے پھر بھی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مغوی کو سرگودھا سے بازیاب کیا۔

    پولیس نے مزید کہا کہ پولیس نے مغوی کو بازیاب کروالیا تاہم اغوا کار فرار ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا کار کی تلاش جاری ہے جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

    اس سے قبل 24 نومبر کو پنجاب پولیس نے سرگودھا سے اغوا ہونے والے تاجر کو 22 روز بعد بازیاب کرایا تھا، تاجر 14 اکتوبر کو مسجد کے باہر سے نماز فجر کے وقت اغوا کیا گیا تھا، جس کی بازیابی کےلیے اغوا کاروں کو تاوان کی کوئی رقم نہیں دی گئی ہے۔۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-girl-kidnapping-drama/

  • دھند کے باعث تیز رفتار کار حادثے کا شکار، 5 افراد جاں بحق

    دھند کے باعث تیز رفتار کار حادثے کا شکار، 5 افراد جاں بحق

    حافظ آباد میں دھند کے باعث تیز رفتار کار حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کے نواحی قصبہ جلالپور میں دھند اور تیز رفتاری کے باعث افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، گوجرانولہ سے روالپنڈی جانے والی کار دھند کے باعث جلال پور بھٹیاں میں مراد اصغر چوک سے ٹکرا گئی۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ کے نتیجہ میں 3 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 4 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منقتل کیا گیا جہاں مزید 2 افراد جانبر نہ ہوسکے۔

    ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمی افراد کو ریسکیو 1122نے ٹراما سینٹر منتقل کیا اور لاشوں کو آر ایچ سی جلال پور بھٹیاں منتقل کردیا گیا ہے، مرنے والوں اللہ دتہ کی شناخت ہو چکی جو چینیوٹ کا رہائشی ہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں عرفان رشید کاشف اور قاسم شامل ہیں، حادثے کا شکار تمام افراد کا تعلق راولپنڈی سے ہے، یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جلال پور بھٹیاں کے تمام چوک غلط ڈیزائن کئے گئے ہیں جن پر آئے روز حادثات معمول ہیں۔

  • الیکشن 2024 پاکستان:  نواز شریف آج حافظ آباد میں جلسے سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے

    الیکشن 2024 پاکستان: نواز شریف آج حافظ آباد میں جلسے سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے

    لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف آج حافظ آباد میں جلسےسے خطاب کریں گے ، جس میں وہ مہنگائی سے نجات اور خوشحال مستقبل دینے کے ایجنڈے پر بات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف آج اپنی انتخابی مہم کا آغاز کررہے ہیں ، میاں نوازشریف آج حافظ آبادمیں جلسے سے خطاب کریں گے۔

    اس حوالے سے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف مہنگائی سےنجات اورخوشحال مستقبل دینےکے ایجنڈےپربات کریں گے۔

    حافظ آباد میں جلسے سے شہباز شریف اور مریم نواز بھی خطاب کریں گی۔

    گذشتہ روز صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام اپنے ووٹ کے ذریعے فیصلہ کر دیں گے پاکستان کا مستقبل کہاں ہے، کوئی شک نہیں 25 کروڑ عوام ملک کیلیے حق رائے دہی استعمال کریں گے،عوام سوچ بوجھ کے ساتھ ماضی میں جھانک کر مستقبل کا نقشہ کھینچیں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی شبانہ روز محنت سے پاکستان ترقی کی طرف گامزن تھا، بجلی کے اندھیروں کو ختم کرنے کیلیے کام ہو رہا تھا، زراعت کو ترقی دینے کیلیے محنت کی جا رہی تھی، 2017 اور 2018 کے اوائل میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی تھی لیکن 2017 اور اس کے بعد کیا ہوا وہ آپ سب کے سامنے ہے، ثاقب نثار جیسے مہرے کے ذریعے نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹا گیا۔

  • وزیراعظم عمران خان آج  حافظ آباد میں یونیورسٹی اور اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیراعظم عمران خان آج حافظ آباد میں یونیورسٹی اور اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج حافظ آباد میں یونیورسٹی اور اسپتال سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور میونسپل اسٹیڈیم میں جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج حافظ آباد کا دورہ کریں گے، جہاں وزیراعلیٰ پنجاب وزیراعظم عمران خان کا استقبال کریں گے۔

    عمران خان اپنے دورے میں یونیورسٹی اور 400 بستروں کے جدید اسپتال سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور حافظ آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے، میونسپل اسٹیڈیم میں جلسے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

    عمران خان کی طرف سے ضلع کے لیےبڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان متوقع ہے ، وزیراعظم کی آمد پرحافظ آبادمیں جگہ جگہ خیرمقدمی بینرز آویزاں کردیئے گئے ہیں اور میونسپل اسٹیڈیم میں کارکنوں کے لیےبڑی تعدادمیں کرسیاں لگادی گئیں۔

    اس موقع پر پولیس اور اسپیشل برانچ کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور جلسہ گاہ میں داخلے کے لیے5گیٹ بنا دیے گئے جبکہ ہیلی پیڈ بھی تیار کیا گیا ہے۔

    وزیراعظم کی آمد پر ضلع حافظ آباد میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے حسن ابدال میں ریلوے اسٹیشن کا افتتاح اور خیبرپختونخوا کے شہریوں کیلئے ہیلتھ کارڈ کا عملی آغاز کیا تھا۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ موٹر وے، ایکسپریس کی وجہ سے سوات بالکل بدلنے والا ہے، کے پی میں صحت سہولت کارڈ سے شہری 10 لاکھ تک علاج کرا سکے گا۔

     عمران خان کا کہنا تھا  کہ صرف سیاحت ترقی کرلے تو کبھی آئی ایم ایف نہیں جانا پڑے گا ، خواہش ہے کہ پاکستان ایسا ملک بنے کہ کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے۔

  • جائیداد کا تنازعہ، باپ نے بیٹوں سے مل کر بیٹےکو مار ڈالا

    جائیداد کا تنازعہ، باپ نے بیٹوں سے مل کر بیٹےکو مار ڈالا

    حافظ آباد : جائیداد کے تتازعہ پر والدین اور بیٹوں نے مل کراپنے سگے بھائی کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کے محلہ مغل پورہ میں خوشی محمد نے اپنے دو بیٹوں عدنان اور ذیشان کے ساتھ مل کر آٹھ روز قبل اپنے سگے بیٹے عمران کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    گذشتہ روز مقتول عمران کی بیوہ ریحانہ نے اپنے بھائیوں کے سامنے موقع ملنے پر عمران کے قتل کا انکشاف کیا، جنہوں نے اپنے بہنوئی عمران کے قتل کی خبر پولیس کو دی۔

    پولیس نے رات گئے سٹی پولیس نے عمران کے باپ خوشی محمد دو بھائیوں عدنان اور ذیشان اور ایک ہمسائے نواز کو گرفتار کر لیا ہے۔

    محلہ داروں عمران کے قتل سے لاعلم تھے اور عمران کی نعش کو قبرستان میں کس وقت دفنایا گیا اس کے بارے میں بھی کو ئی کچھ نہیں جانتا ۔

    بتایا جاتا ہے کہ جائیداد میں سے حصہ مانگنے پر عمران کو قتل کیا گیا ۔مقتول عمران کے بیٹے نے اے آر وائی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ رات کے وقت بارہ بجے چھت پر میرے دادا ابو اور چاچوئوں نے رسی سے گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا ہے۔

    معلوم ہوا ہے کہ پولیس مقتول عمران کی قبر کشائی کے لئے مجسٹریٹ سے اجازت کے لئے درخواست دے کر نعش کا پوسٹ مارٹم کروائے گی۔

    مقتول عمران کے 4بیٹے ہیں جن کی عمریں 3 سال سے 10سال کے درمیان ہیں ۔اور عمران اور اسکی بیوی ریحانہ آپس میں خالہ زاد ہیں ۔

  • راجن پوراورحافظ آباد میں ٹریفک حادثات،10مسافرجاں بحق متعدد زخمی

    راجن پوراورحافظ آباد میں ٹریفک حادثات،10مسافرجاں بحق متعدد زخمی

    کراچی: راجن پور اور حافظ آباد میں دو مختلف ٹریفک حادثات کے دوران دس افرادزندگی کی بازی ہارگئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہناہےکہ روجھان انڈس ہائی وےپرمُسافرکوچ ٹرک سے ٹکرا گئی، خُونی حادثے میں چھ مسافرزندگی سےہاتھ دھو بیٹھےاور اکیس زخمی ہوگئے۔

    کراچی سے روانہ ہونےوالی مسافر کوچ کی منزل سوات تھی، تاہم تیز رفتاری کے باعث بد قسمت مسافرمنزل پر نہ پہنچ سکے اور سفر ِآخرت پر روانہ ہوگئے۔

    دوسرا ٹریفک حادثہ شہر حافظ آباد میں گوجرانوالہ روڈ پر پیش آیا۔ جہاں مسافر وین ڈمپر کی زد میں آگئی۔

     حادثے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ متعددزخمی ہوئے۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نےوین سے زخمیوں اور لاشوں  کو نکال کر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔

  • حافظ آباد : 7سالہ بچی اغوا کے بعد قتل

    حافظ آباد : 7سالہ بچی اغوا کے بعد قتل

    حافظ آباد: محلہ میاں دا کوٹ سے گذشتہ روز اغوا ہونے والی 7سالہ بچی کی تشدد شدہ لاش ونیکے روڈ سے برآمد ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز شام ساڑھے چھ بجے 7سالہ بچی ایمان چیز لینے گھر سے نکلی اور واپس نہ آئی گھر والوں کو تشویش ہوئی ہر جگہ تلاش کرنے کے باوجود ایمان نہ مل سکی جس پر ایمان کے والد قیصر نے پولیس کو اطلاع دی آج صبح 9بجے کے قریب ونیکے روڈ سے سات سالہ بچی کی تشدد زدہ لاش ملی جسے گھر والوں نے پہچان لیا کہ یہ ایمان کی لاش ہے ایمان کے سر پر تھر سے ضربیں لگائی گئی ہیں جبکہ مزید تشدد کی نشاندھی پوسٹمارٹم کے بعد ہو سکے گی ۔

     پولیس کے مطابق ضابطہ کی کاروائی مکمل کرنے کے بعد تفتیش کا صحیح رخ کا تعین ہو سکے گا، یاد رہے کہ ایمان کی والدہ نے اس کے والد سے اس وقت طلاق لے لی تھی جب ایمان صرف ساڑھے تین ماہ کی تھی۔

  • حافظ آباد:گیس لیکج دھماکا ، خاتون سمیت2افراد زخمی

    حافظ آباد:گیس لیکج دھماکا ، خاتون سمیت2افراد زخمی

    حافظ آباد: ایک مکان میں گیس لیکیج سے زور دار دھماکا ہوا، مکان کی چھت گرنے سےخاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    زرائع کے مطابق علی حیدر کی نانی الصبح سویرے چولہا جلانے کیلئے اٹھی، جیسے ہی ماچس جلائی تو گیس کی لیکیج ہونے کی وجہ سے دھماکہ ہوگیا، جس سے مکان کی چھت تباہ ہوگئی اور اس دھماکہ آواز دور دور تک سنی گئی ۔

    زخمیوں کو ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے رضاکاروں نے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • حافظ آباد: چھت گرنے سے پانچ بچے جاں بحق

    حافظ آباد: چھت گرنے سے پانچ بچے جاں بحق

    گجرات: حافظ آباد میں چھت گرنے سے پانچ بچے جان سے گئے۔ گجرات میں موسلادھار بارش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ ملک بھر میں موسم کے تیور الگ ہیں۔

    گجرات میں وقفے وقفے سے جاری موسلادھاربارش نے جہاں گرمی کا زور توڑا،وہیں شہریوں کی مشکلات بھی بڑھ گئیں، بارش کا اتنا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جسے نکالنا شہریوں کے لیے امتحان بن گیا، گھروں میں کئی فٹ تک بھرے پانی نے لوگوں کی پریشانی میں اضافہ کردیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر، گلگت بلتستان اور ہزارہ سمیت بیشتر شہروں میں بادل چھائے رہیں گے، آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف مقامات پرموسلادھا بارش کا امکان ہے،جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہیگا۔