Tag: حاکم دبئی

  • امیر شارجہ کے فرزند کی نماز جنازہ ادا، حاکم دبئی و ولی عہد کی تعزیت

    امیر شارجہ کے فرزند کی نماز جنازہ ادا، حاکم دبئی و ولی عہد کی تعزیت

    لندن/شارجہ : حاکم شارجہ سلطان بن محمد القاسمی کے فرزند و ولی عہد شیخ خالد کی نماز جنازہ آج 9 بجے ادا شارجہ کی کنگ فیصل مسجد میں ادا کردی گئی، حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم اور ولی عہد نے امیر شارجہ کے جوان بیٹے کے انتقال پر اظہار تعزیت پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم و نائب صدر اور ریاست دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے منگل کے روز شارجہ کے امیر شیخ سلطان بن محمد القاسمی کے جوان بیٹے شیخ خالد کی اچانک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری ہمدردیاں میرے بھائی شیخ سلطان کے ساتھ ہیں۔

    حاکم دبئی نےعربی زبان میں کیے گئے اپنے ٹویٹ میں ریاست شارجہ اور متحدہ عرب امارات کی عوام سے بھی اظہار تعزیت پیش کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ میرے بھائی شیخ سلطان کے دل کو صبر عطا فرما، ہم نے آپ کا غم اور وطن پرستوں سے محبت دیکھی ہے، ہم نے آ پ کے بڑے اور خوبصورت قلب کو دیکھا ہے۔ میں خدا نے دعا کرتا ہوں کہ آپ کو اس غم کو برداشت کرنے کی قوت عطا کرے۔

    حاکم دبئی کے بیٹے اور ولی عہد شیخ حمدان بن محمد نے بھی جوان بیٹے کی موت پر شیخ سلطان القاسمی سے تعزیت کرتے ہوئے کہ خدا اس بڑے نقصان پر شیخ خالد کے والدین کوصبر برادشت دے۔

    واضح رہے کہ یکم جولائی کو برطانوی دارالحکومت لندن میں شارجہ کے شہزادے شیخ خالد القاسمی کی اچانک موت کے بعد ریاست میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا، اس دوران سرکاری اداروں میں عام تعطیل اور قومی پرچم سرنگوں ہیں۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شارجہ کے شہزادے شیخ خالد فنون لطیفہ میں خاصہ دلچسپی رکھتے تھے جبکہ وہ برطانیہ میں معروف فیشن برانڈ قاسمی کے بانی بھی تھے، مرحوم شارجہ اربن منصوبہ بندی کونسل کے چیئرمین اور شارجہ آرکیٹیکچر ٹرینیئل کے سربراہ بھی تھے۔

  • حاکم دبئی کی دیوالی تہوار پر مودی کو ہندی زبان میں مبارک باد

    حاکم دبئی کی دیوالی تہوار پر مودی کو ہندی زبان میں مبارک باد

    دبئی: حاکم دبئی اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر الشیخ محمد بن راشد ال مکتوم نے گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ہندی زبان میں دیوالی کے تہوار کی مبارک باد دی۔

    عرب میڈیا کے مطابق الشیخ محمد بن راشد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ ہندی اور دوسری انگریزی زبان میں کی جس میں انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وہاں کی عوام کو امارات کی طرف سے دیوالی کی مبارک باد پیش کی۔

    الشیخ محمد بن راشد نے لکھا کہ ’میری تمنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم اور دیوالی کا تہوار منانے والے عوام کی خوشیاں دوبالا ہوں، امید ہے کہ دیوالی منانے والے محبت اور امید کی کرن ہم سب کے لیے روشن کریں گے۔‘

    حاکم دبئی نے متحدہ عرب امارات کے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ متحدہ عرب امارات میں دیوالی کی تقریبات کی تصاویر ہیش ٹیگ یو اے ای دیوالی پر شیئر کریں۔

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی دیوالی کی مبارک باد دینے پر حاکم دبئی کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں ہندو برادری 7 نومبر کو دیوالی کا تہوار مناتے ہیں جہاں وہ دن کے پہلے حصے میں مندروں میں مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں، اس موقع پر نئے کپڑے خریدے جاتے ہیں اور لذیذ پکوان تیار کیے جاتے ہیں، لوگ ایک دوسرے ملتے ہیں اور دیوالی کی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

    بھارت میں دیوالی کو روشنیوں، نور اور سایہ کا تہوار قرار دیا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ اس موقع پر شمعیں بھی روشن کی جاتی ہیں۔

  • سعودیہ میں خطے کو متحد رکھنے کی صلاحیت موجود ہے، حاکم دبئی

    سعودیہ میں خطے کو متحد رکھنے کی صلاحیت موجود ہے، حاکم دبئی

    ریاض/ابوظہبی : شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی ترقی کے سفر میں محمد بن سلمان کے دست و بازو ہیں اور ہر موقع پر معاونت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم نے سعودی عرب میں منعقدہ عالمی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ خطے میں جاری ترقی کی لڑائی میں محمد بن سلمان کے ساتھ ملکر کام کریں گے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دوران خطاب محمد بن راشد المکتوم نے سعودی عرب کی ترقی کے لیے ہر موقع پر ساتھ دینے اور معاونت کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

    حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم نے سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے حکمران اور عوام ارادوں اور عزم و حوصلے میں چٹانوں سے زیادہ مضبوط بلند ہیں۔

    شیخ محمد بن راشد المکتوم کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ خطے کو متحد رکھنے رکھ سکے۔

    خیال رہے کہ امریکی اخبار سے منسلک سعودی صحافی جمال خاشقجی کے ترک دارالحکومت استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں گمشدگی اور قتل کے معاملے پر امریکا سمیت کئی اتحادیوں نے ریاض میں منعقد سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا کے وزیر خزانہ اسٹفین میوچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا تھا کہ امریکا سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کانفرنس میں نہ جانے کا فیصلہ صدر ٹرمپ اور وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد کیا تھا۔