Tag: حبیب بینک

  • شیرشاہ دھماکا: بینک عملے کے کتنے افراد متاثر ہوئے؟

    شیرشاہ دھماکا: بینک عملے کے کتنے افراد متاثر ہوئے؟

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شیر شاہ میں دھماکے کے نتیجے میں بینک عملے کے 10 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حبیب بینک لمیٹڈ کے ترجمان علی حبیب نے کہا ہے کہ پراچہ چوک عمارت دھماکے میں بینک کے دس افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    انھوں نے بتایا اس عمارت میں بینک طویل عرصے قائم ہے، یہ جگہ کرائے پر لی گئی تھی، اور ہر ماہ کرائے کی ادائیگی کی جاتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ دس متاثرہ افراد میں کوئی خاتون شامل نہیں ہے، ابھی ہم مزید تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔

    کراچی: شیر شاہ میں دھماکا، 14 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ آج کراچی میں شیرشاہ پراچہ چوک کے قریب دھماکا ہوا، جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا، پولیس کے مطابق دھماکے میں 14 افراد جاں بحق، 12 زخمی ہوئے، متاثرہ عمارت دو منزلہ تھی اور نالے پر تعمیر کی گئی تھی، جس میں بینک اور دیگر دفاتر بھی موجود تھے۔

    شیرشاہ دھماکا: نالے میں گرنے والا کیمیکل کہاں سے آتا ہے؟

    ملبے کے نیچے لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جائے وقوعہ پر بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

    بی ڈی ایس حکام کا دھماکے کے بارے میں کہنا تھا کہ یہ نالے میں گیس بھر جانے کی وجہ سے ہوا، کے ایم سی کیماڑی حکام نے بتایا ہے کہ شیرشاہ نالے میں سائٹ ایریا کی فیکٹریوں کا کیمیکل آ کر گرتا ہے۔

  • کلین کراچی مہم: حبیب بینک کا 5 کروڑ، کے الیکٹرک کا 2 کروڑ فنڈ دینے کا اعلان

    کلین کراچی مہم: حبیب بینک کا 5 کروڑ، کے الیکٹرک کا 2 کروڑ فنڈ دینے کا اعلان

    کراچی: وفاقی حکومت کی کلین کراچی مہم میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، حبیب بینک نے 5 کروڑ اور کے الیکٹرک نے 2 کروڑ روپے فنڈ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کو کچرے سے صاف کرنے کی مہم میں قومی ادارے بھی اپنا حصہ ڈالنے لگے ہیں، اس سے قبل کرکٹ اور فلم انڈسٹری کی معروف شخصیات نے بھی مہم کو سپورٹ کیا۔

    حبیب بینک لمیٹڈ نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اعلان کیا کہ وہ کراچی کلین اپ مہم میں سپورٹ کے لیے پچاس ملین روپے دے رہی ہے۔

    بینک کا کہنا تھا کہ کلین کراچی مہم میں حصہ لینا دراصل بینک کی معاشرے کی خدمت کی فلاسفی کے عین مطابق ہے۔

    ادھر بجلی کی تقسیم کار کمپنی کراچی الیکٹرک نے بھی کراچی کلین اپ مہم میں بیس ملین روپے فنڈ کا اعلان کیا ہے، اور کہا ہے کہ کے ای کراچی کی ایک اہم اسٹیک ہولڈر ہے، جو شہر کی خوش حالی میں مختلف سماجی امدادی مہمات کے ذریعے شامل ہوتی رہتی ہے۔

    واضح رہے کہ کلین کراچی مہم کی نگرانی وفاقی وزیر علی زیدی کر رہے ہیں، جس کے تحت وزیر اعظم کی ہدایت پر 2 ہفتے کی صفائی مہم شروع ہو گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کلین کراچی مہم، وسیم اکرم بھی حمایت میں کھڑے ہوگئے

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم بھی کلین کراچی مہم کی حمایت میں سامنے آ چکے ہیں، انھوں نے ٹویٹ کیا کہ علی زیدی کمال کی کوشش کر رہے ہیں، کراچی سب کا گھر ہے، وقت آ گیا ہے کہ اپنی ساری محبتیں اس شہر پر نچھاور کر دی جائیں۔

    معروف اداکارہ مہوش حیات نے وفاقی وزیر علی زیدی کے اقدام کو سراہتے ہوئے ٹویٹر پر لکھا کہ اپنے زبردست شہر کی صفائی کی ذمہ داری اٹھانے کا وقت آ گیا ہے، کراچی کو صاف کرو، کیا ہم واقعی گندگی کے ڈھیر میں جینا چاہیں گے۔

  • ایچ بی ایل نے نیویارک سے کاروبار ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، نعمان ڈار

    ایچ بی ایل نے نیویارک سے کاروبار ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، نعمان ڈار

    کراچی : حبیب بینک کے صدرنعمان ڈار نے کہا ہے کہ ایچ بی ایل نے نیویارک سے رضاکارانہ طور پر کاروبار ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،63کروڑ ڈالر جرمانے کی تجویز بہت زیادہ ہے، عدالت سے رجوع کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، حبیب بینک کے صدر کا اپنی کوتاہیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کوئی فاش غلطی نہیں ہوئی امریکی ادارے کی جانب سے 63کروڑ ڈالر جرمانے کی تجویزبہت زیادہ ہے، جرمانہ کم کرانے کو بنیاد بنا کر مقدمہ لڑا جائے گا۔

    نعمان ڈار نے کہا کہ ایچ بی ایل نے نیویارک سے رضاکارانہ طور پر کاروبار ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں بتدریج جلد ہی کارروائی کا آغاز ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پاکستان کا سب سے پرانا اور با اعتماد بینک ہے، ایچ بی ایل کا افتتاح خود بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اکاوٴنٹ کھلوا کرکیا تھا۔

    نعمان ڈار کا مزید کہنا تھا کہ اس فیصلے سے امریکہ سے باہر ادارے کے کاروبار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ امریکہ میں دنیا کے کئی بڑے بینکوں پر جرمانے عائد ہوئے اور انہوں نے ادا کیے انہوں نے کہا کہ جرمانے ادا کرنے والے بینکوں کی ساکھ پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔


    مزید پڑھیں: امریکا نے حبیب بینک پر بھاری جرمانہ عائد کردیا


    ایچ بی ایل پر صرف ساؤنڈ اینڈ سیفٹی پر جرمانہ تجویز کیا جارہا ہے، صدر حبیب بینک نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے کوتاہی ضرور ہوئی ہے لیکن اس پر اتنا بڑا جرمانہ نہیں بنتا۔


    مزید پڑھیں: ایچ بی ایل نیویارک، ارشد شریف کے تہلکہ خیز انکشافات


    دنیا بھر کے کسی بھی ادارے میں اس طرح کی کوتاہی ممکن ہے، ادارہ 630ملین تک کے متوقع جرمانے کو کم سے کم کرانے کیلئے دفاع کرے گا۔

  • حبیب بینک کےحکومتی حصص فروخت کرنےکی منظوری

    حبیب بینک کےحکومتی حصص فروخت کرنےکی منظوری

     کراچی : حبیب بینک کےحکومتی حصص صرف ایک سو اڑسٹھ روپےفی شئیر میں فروخت کرنےکی منظوری دیدی گئی ۔مارکیٹ میں حبیب بینک کے ایک شیئر کی قیمت اس سےکہیں زیادہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تین روز تک کراچی اسٹاک مارکیٹس میں حبیب کےحصص کی فروخت کیلئےبک بلڈنگ کا عمل جاری رہا اورچیئرمین نجکاری کمیشن محمدزبیر نےہفتے کونیوز کانفرنس کرتےہوئےبتایاکہ حبیب بینک کے حصص کی فروخت کو ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بھرپور پزیرائی حاصل ہوئی۔ لیکن جس قیمت پر ایچ بی ایل کا شئیر بیچاگیا وہ توکچھ اور ہی کہانی سنا رہا ہے۔

    حکومت نےحبیب بینک میں اپنےبیالیس فیصد حصص بیچنے کا فیصلہ کیا۔۔جن کی تعداد 60 کروڑ 90 لاکھ شئیرز بنتی ہے۔ایچ بی ایل کا ایک شئیر 168روپےمیں فروخت کرنےکا فیصلہ کیاگیا۔

    وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی زیرصدارت کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے اس فیصلےکی منظوری دی۔۔168 روپےفی حصص کی یہ قیمت اسٹاک مارکیٹ میں حبیب بینک کی موجودہ قیمت سے 16روپےنیچے ہے۔

    جبکہ ملکی اسٹاک مارکیٹوں میں حبیب بینک کا شئیرگذشتہ دنوں 220 روپےتک بھی فروخت ہوتےدیکھاگیا۔اس کےعلاوہ اس ٹرانزیکشن سےقبل حکومت نے ایچ بی ایل کی فلور پرائس 166 روپےفی شیئر رکھی تھی۔

    جس سےصرف دو روپے اُوپر حبیب بینک کا شئیر فروخت کردیاگیا جو ڈیمانڈ سےزیادہ پیشکشیں ملنےکےحکومتی دعوی کےبرخلاف دکھائی دیتا ہے۔

    حبیب بینک کے60کروڑ90لاکھ شیئرز فروخت کئےجارہےہیں جس سےحکومت کو ایک ارب60کروڑڈالرکی رقم حاصل ہوگی۔یہ ملکی تاریخ کی سب سےبڑی نجکاری ٹرانزیکشن ہے۔

  • حبیب بینک کے حصص کی فروخت کا عمل شروع کرنے کا اعلان

    حبیب بینک کے حصص کی فروخت کا عمل شروع کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: حبیب بینک کےحصص کی فروخت کا عمل شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے، شئیر کی کم از کم قیمت ایک سو چھیاسٹھ روپے مقرر کردی گئی۔

    وزارتِ خزانہ نے حبیب بینک میں حکومتی حصص کی فروخت کاعمل منگل کی صبح سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے مقامی و بیرونی سرمایہ کاروں کو حبیب بینک کے پچیس کروڑ شئیرز ملکی اسٹاک مارکیٹوں کےذریعے فروخت کرنےکی منظوری دے دی ہے۔

    جس کیلئے سات سے دس اپریل تک اسٹاک مارکیٹس میں بک بلڈنگ کا عمل ہوگا، اس کےعلاوہ ترقیاتی مالی اداروں اور بینکوں کیلئے ایچ بی ایل کے تقریباً چھتیس کروڑ شئیرز فروخت کرنےکا اضافی آپشن بھی رکھا گیا ہے۔

    حبیب بینک کے شئیر کی کم از کم قیمت ایک سو چھیاسٹھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

  • حکومت نے حبیب بینک کی نجکاری کی منظوری دے دی

    حکومت نے حبیب بینک کی نجکاری کی منظوری دے دی

    اسلام آباد : یونائٹیڈ بینک اورالائیڈ بینک کی نجکاری کے بعد حکومت نے حبیب بینک کی نجکاری کی منظوری دے دی۔ حکومت ایچ بی ایل کے ساڑھےاکتالیس فیصد شیئرز فروخت کرے گی۔

    وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی نجکاری کمیٹی کےاجلاس میں حبیب بینک کے پچیس کروڑ شیئرز بک بلڈنگ کے ذریعے جب کہ پینتیس کروڑ تیرانوےلاکھ شیئرز بڑے سرمایہ کاروں کو گرین شو آپشن کے تحت فروخت کرنے کی منظوری دی گئی۔

    حبیب بینک کے شئیرز کی فروخت کے لئےکریڈٹ سیویز، ڈوئچے بینک، عارف حبیب اور ایلگزر سیکیورٹیز مالیاتی مشیر ہیں۔ اجلاس میں نیشنل پاور کنسٹرکشن کمپنی کی نجکاری کو فی الحال مؤخرکردیا ہے۔