Tag: حبیب جان بلوچ

  • عزیر کو معمولی چور سے بڑا گینگسٹر کس نے بنایا؟

    عزیر کو معمولی چور سے بڑا گینگسٹر کس نے بنایا؟

    کراچی: لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے معاملے پر پیپلز پارٹی سندھ کے رہنما نبیل گبول اور عزیر بلوچ کے سابقہ ساتھی حبیب جان بلوچ آمنے سامنے آ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول اور حبیب جان نے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ الزامات لگائے، نبیل گبول کا کہنا تھا کہ علی زیدی نے صرف بے مقصد سنسنی پھیلائی، حبیب جان بات کر رہا ہے لیکن اس کی حیثیت کیا ہے، حبیب جان نے کہا کہ لیاری کے حالات خراب کرنے میں نبیل گبول کا ہاتھ تھا۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ میں علی زیدی پر حیران ہوں، اس نے اتنی سنسنی پھیلائی لیکن کھودا پہاڑ نکلا چوہا والی بات ہو گئی۔ نبیل گبول نے حبیب جان کی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس کے پاس کیا عہدہ ہے، وہ کس حیثیت میں بات کر رہا ہے؟ حبیب جان نے تو الٹا پی ٹی آئی کے 3 وزرا کے نام لے لیے ہیں، رہی بات عزیر کی آصف زرداری سے ملاقات کی تو جو میں نے اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا اس پر کیسے بات کر سکتا ہوں۔

    نبیل گبول کا پبلک کی گئی عزیربلوچ کی جے آئی ٹی سے متعلق اہم انکشاف

    حبیب جان نے پروگرام میں دعویٰ کیا کہ زرداری اور عزیر کی محبت سے ہی نبیل گبول ایم کیو ایم میں چلے گئے تھے، لیاری کے حالات خراب کرنے میں نبیل گبول کا ہاتھ تھا۔ حبیب جان نے کہا کراچی بلاول ہاؤس میں آصف زرداری اور عزیر بلوچ کی ملاقات ہوئی تھی، جس کا ذریعہ عبدالقادر پٹیل تھے، مجھے بھی ملاقات کے لیے 2 بار کہا گیا، دوسری ملاقات میں بھی مجھے جانا تھا لیکن نہیں جا سکا تھا۔

    نبیل گبول نے پروگرام میں حبیب جان کو چیلنج بھی دے دیا، کہا ہمت ہے تو کراچی یا لیاری آ کر بتائیں۔ حبیب جان نے کہا میرے بھائی فتح بلوچ کے قاتل نبیل گبول آپ ہو۔ جس پر نبیل گبول نے جواب دیا کہ حبیب جان کی حرکتوں کی وجہ سے ان کا بھائی مارا گیا۔

    علی زیدی نے عزیر بلوچ کے دوست حبیب جان کی دھماکا خیز ویڈیو جاری کر دی

    حبیب جان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بات ہونے سے انکار کیا۔ نبیل گبول نے ذوالفقار مرزا کے حوالے سے انکشاف کیا کہ مرزا نے لیاری گینگ والوں کو طاقت ور بنایا، یہ ذوالفقار مرزا تھا جس نے عزیر بلوچ کو ایک چھوٹے سے چور سے اٹھا کر بڑا گینگسٹر بنا دیا۔ جب آصف زرداری نے ذوالفقار کی سرزنش کی تو انھوں نے استعفیٰ دے دیا، استعفیٰ دینے کے بعد ذوالفقار مرزا نے آصف زرداری کو چھوڑا لیکن عزیر کو نہیں۔

  • علی زیدی نے عزیر بلوچ کے دوست حبیب جان کی دھماکا خیز ویڈیو جاری کر دی

    علی زیدی نے عزیر بلوچ کے دوست حبیب جان کی دھماکا خیز ویڈیو جاری کر دی

    کراچی: وفاقی وزیر علی زیدی نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے ساتھی حبیب جان بلوچ کی انکشافات سے بھرپور ویڈیو جاری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق علی زیدی نے گزشتہ روز ٹویٹ میں کہا تھا کہ کل صبح (آج) ایک دھماکا خیز ویڈیو ٹویٹ کروں گا، جس سے ایک بار پھر آصف زرداری اور ان کے مجرموں کے گروہ بے نقاب ہوں گے۔

    آج صبح علی زیدی نے حبیب جان کی ویڈیو ٹویٹ کی، عزیر بلوچ پیپلز پارٹی میں دوبارہ کب شامل ہوئے، اس بارے میں حبیب جان کہتے ہیں کہ 2012 کے آپریشن کے بعد پیپلز پارٹی نے عزیر بلوچ سے دوبارہ رابطہ کیا، اور اسے پیپلز پارٹی کی جانب سے 5 کروڑ روپے دیے گئے، لیاری آپریشن کے بعد عزیر بلوچ دوبارہ پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے۔

    حبیب جان نے ویڈیو میں بتایا کہ جب عزیر بلوچ واپس آیا تو قائم علی شاہ، شرمیلا فاروقی اور فریال بھی عزیر سے ملنے گئیں، اس کے بعد میرے دفتر پر حملہ ہوا اور میرا بھائی زخمی ہوا، جو بعد میں شہید ہوا۔ لیکن بقول چوہدری اسلم اور رحمان ملک کے سب معاملات کا سرغنہ وہ مجھے گردانتے تھے۔

    انھوں نے بتایا کہ عزیر بلوچ کا گروپ آئی جی سمیت سندھ میں سب پولیس افسران کے تبادلے کرتا تھا، وزارت داخلہ رحمان ملک کی صورت ان کے دروازے پر کھڑی رہا کرتی تھی، زرداری کی خواہش تھی ان کے منہ بولے بھائی لیاری سے الیکشن لڑیں، لیکن مظفر ٹپی آن ٹپکے جس سے جھگڑےکی بنیاد شروع ہوئی، مظفر ٹپی 50 گاڑیوں کا قافلہ لے کر لیاری پہنچ گیا، ڈپٹی کمشنر کا فون آیا کہ آپ نے کیا کیا، ڈپٹی کمشنر کو میں نے کہا کہ بلوچ متحد ہو رہے ہیں، عزیر بلوچ کے تعلقات پی پی سے تب ختم ہوئے جب حکومت خطرے میں تھی۔

    دریں اثنا، علی زیدی کے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ سیاست اور جرم ساتھ ساتھ چلے ہیں، مافیا ڈان آصف زرداری، قادر پٹیل ایک بار پھر بے نقاب ہو گئے، حبیب جان نے دونوں کو بے نقاب کیا جو کبھی ان کے ساتھ تھے، پیپلز پارٹی سے متعلق دنیا کو سب پتا چل گیا ہے، تمام افراد سے درخواست ہے اس جنگ میں میرا ساتھ دیں، قانون بھی حرکت میں آ چکا ہے۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ ایڑی چوٹی کا زور لگا کر پیپلز پارٹی کو بے نقاب کرتے رہنا چاہیے، سپریم کورٹ کو معاملے کا از خود نوٹس لینا چاہیے۔

  • عزیرجان بلوچ کا قریبی ساتھی حبیب جان لندن سے کراچی پہنچ گیا

    عزیرجان بلوچ کا قریبی ساتھی حبیب جان لندن سے کراچی پہنچ گیا

    کراچی : پیپلز پارٹی لیاری کے باغی رہنما اور عزیرجان بلوچ کاقریبی ساتھی حبیب جان لندن سے کراچی پہنچ گیا،حبیب جان بلوچ کا کہنا ہے کہ لیاری سے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے کراچی آيا ہوں، میں اپنے خلاف قائم مقدمات کا سامنا کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق عزیرجان بلوچ کا قریبی ساتھی اور پی پی لیاری کے باغی رہنما حبیب جان نجی ائر لائن کے ذریعے لندن سے کراچی پہنچے، ایف آئی اے حکام نے ایک گھنٹے تک تفتیش کی اور حبیب جان بلوچ کلیئرنس ملنے کے بعد باہر آنے کی اجازت دی گئی۔

    کراچی ائير پورٹ پر میڈیا سے بات چيت کرتے ہوئے حبیب جان بلوچ نے کہا کہ کل ميں چلا گيا تھا کيونکہ مجھ کو عدالت پر بھروسہ نہيں تھا آج عدالتيں اچھا کام کر رہی ہيں ، برطانیہ کی نیشنیلٹی چھوڑ کر وطن آیا ہوں، عدالتوں پر اعتبار ہے ، اس لیے واپس آیا ہوں، میں اپنےخلاف قائم مقدمات کا سامنا کروں گا۔

    انھوں نے کہا کہ جن لوگوں نے مجھ پر جھوٹے مقدمات بنے ان کاانصاف کیا جائے،،ظفربلوچ لیاری کو بدلناچاہتا تھا جبکہ جتنے کام عزیربلوچ نے کرائے ان کا اندازہ کرلیں، لیاری میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔

    حبیب جان بلوچ کا کہنا تھا کہ لیاری سے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے کراچی آيا ہوں، جب تک زرداری صاحب ہیں میں پی پی پی میں نہیں جاؤں گا، پی ایس پی،تحریک انصاف اور دیگر پارٹیوں سے بھی ملوں گا،کراچی کو نقصان پہنچانے والی پارٹی سے ہاتھ نہیں ملا سکتا۔

    عزیر بلوچ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ عزير بلوچ کا کيس ميں نہيں لڑوں گا تو کون لڑے گا، عزیربلوچ میرا دوست نہیں، میرا بھائی ہے، مصطفی کمال ہمارے دعاوں کا نتیجہ ہے۔

    یاد رہے کہ حبیب جان بلوچ پانچ سال قبل لیاری آپریشن کے دوران لندن فرار ہوگیا تھا اور انتخابات میں حصہ لیا تھا جبکہ ان کا نام ای سی ایل میں شامل ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔