Tag: حب کینال

  • موسلادھار بارش، حب کینال میں شگاف پڑ گیا

    موسلادھار بارش، حب کینال میں شگاف پڑ گیا

    کراچی: گزشتہ رات کی موسلادھار بارش اور حب پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث حب کینال میں شگاف پڑ گیا۔

    ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق حب کینال میں شگاف پڑ گیا ہے، جس کے باعث شہر کو عارضی طور پر حب کینال سے پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے ہنگامی بنیادوں پر کینال کی مرمت مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، مرمتی کام اگلے 72 گھنٹوں میں مکمل ہوگا۔

    ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ ویسٹ اور ڈسٹرکٹ کیماڑی میں حب کینال سے پانی کی فراہمی معطل ہوگی، اور متعلقہ علاقوں میں کے تھری کی متبادل لائن سے پانی کی فراہمی کی جائے گی، شہری کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے پانی کا استعمال احتیاط سے کریں۔

    کراچی میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، بجلی غائب

    واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے التماس کی ہے کہ پانی کا ذخیرہ کر لیں تاکہ انھیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • پولیس کی سرپرستی، حب کینال پر بااثر افراد قابض، ٹینکر مافیا شہریوں کا پانی شہریوں پر بیچنے لگے

    پولیس کی سرپرستی، حب کینال پر بااثر افراد قابض، ٹینکر مافیا شہریوں کا پانی شہریوں پر بیچنے لگے

    کراچی: پولیس کی سرپرستی میں حب کینال پر بااثر افراد قابض ہو کر ٹینکر مافیا کے ذریعے شہریوں کا پانی شہریوں پر بیچنے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پانی چوری کے حوالے سے ذرائع نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں، رشوت کے زور پر کون کون منظم انداز میں شہر کا پانی چوری کر رہا ہے؟ اے ار وائی نیوز نے تفصیلات حاصل کر لیں۔

    پانی چور مافیا نے حب کینال کو واٹر ہائیڈرنٹ میں تبدیل کر دیا ہے، اس کی فوٹیجز بھی سامنے آ گئیں، منگھوپیر میں پولیس کی مبینہ سرپرستی میں جہاں جہاں پانی چوری ہو رہا ہے، اس کی تفصیلات بھی سامنے آ گئیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ حب کینال پر کامران گجر، خالد، شاہ زیب، گل قلندرانی اور جاوید گجر نے قبضہ جما لیا ہے جب کہ احمد نانو نے نیا ناظم آباد کے قریب سرکاری لائن پر غیر قانونی نل قائم کر دیا ہے، دوسری طرف کلیم خان نے منگھوپیر روڈ اور نورانی ہوٹل کٹ پر غیر قانونی نل قائم کر دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے مضافاتی علاقے منگھوپیر میں کئی مقامات پر یومیہ ہزاروں گیلن پانی کی چوری دھڑلے سے جاری ہے، پولیس فی ٹینکر 300 روپے وصول کر رہی ہے، اور اس طرح یومیہ سینکڑوں ٹینکر پانی کی سپلائی جاری ہے۔

    حب پمپنگ اسٹیشن اور ملک چانڈیو گوٹھ کے تالاب سے بھی مضر صحت پانی شہر بھر میں بیچا جا رہا ہے۔

    اگرچہ پانی چور مافیا کے خلاف ماضی میں متعدد مقدمات درج ہو چکے ہیں، تاہم پولیس اور واٹر بورڈ کی جانب سے پانی چوروں کے خلاف کارروائیوں سے واضح گریز نظر آ رہا ہے، محکمہ واٹر بورڈ اور اینٹی تھیفٹ سیل نے پانی چور مافیا کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔