Tag: حجام

  • حجام نے بالوں کو آگ لگا دی، پھر کیا ہوا؟

    حجام نے بالوں کو آگ لگا دی، پھر کیا ہوا؟

    پیرس: آج کل بال سنوارنے کی ایک تکنیک بے حد مقبول ہورہی ہے جس میں ہیئر اسٹائلسٹ بالوں کو آگ لگا کر انہیں اسٹائل دیتا ہے، فرانس میں ایسی ہی تکنیک ہیئر اسٹائلسٹ کو مہنگی پڑ گئی جس میں آگ سے گاہک کا ماتھا جل گیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے گزشتہ ہفتے لینیون کے ایک چھوٹے قصبے میں واقع سیلون میں جانے کے بعد ایک شکایت درج کروائی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص کے مطابق سیلون میں اسٹائلسٹ نے اس کے بالوں میں پہلے تو ایک جیل لگایا پھر ایک لائٹر اٹھایا اور اچانک اس کے بالوں کے پاس لے جا کر اسے جلا دیا۔

    اس سیلون میں بالوں کی تراش خراش کے لیے مصر کی ایک خاص تکنیک آزمائی جاتی تھی جس میں بالوں کو آگ لگا کر انہیں سنوارا جاتا ہے، تاہم اس حرکت کے بعد مذکورہ شخص کا ماتھا جل گیا۔

    پولیس افسر کے مطابق ہم اس کہانی سے بہت حیران ہوئے اور ہمیں سمجھ نہیں آیا کہ اس اسٹائلسٹ نے کیوں بالوں کو آگ لگائی، تاہم تحقیقات کے بعد علم ہوا کہ یہ ایک مصری تکنیک ہے جو حال ہی میں فرانس میں بھی آزمائی جا رہی ہے۔

    مذکورہ ہیئر اسٹائلسٹ کو اس تکنیک میں مہارت حاصل نہیں تھی، سیلون کا مالک ایک مکینک تھا جس کے پاس اس کام کے حوالے سے کوئی ڈپلومہ نہیں تھا نہ ہی اس کے تینوں ملازمین کے پاس ایسی کوئی دستاویز تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کاروبار اور ٹیکس میں غبن کے ملوث پائے جانے کے بعد سیلون کو بند کر دیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب میں غیرملکی کو ہوشیاری مہنگی پڑگئی

    سعودی عرب میں غیرملکی کو ہوشیاری مہنگی پڑگئی

    ریاض: سعودی عرب میں پولیس نے گھر میں نائی کی دکان کھولنے والے غیرملکی حجام کو گرفتار کرلیا، ملزم نے لاک ڈاؤن سے بچنے کے لیے گھر کو ہی بابر شاپ میں تبدیل کردیا تھا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے سعودی شہر جازان میں کارروائی کرتے ہوئے غیرملکی شہری کو دھرلیا، لاک ڈاؤن اور احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کے تحت ملزم کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    متعلقہ ادارے کا کہنا ہے کہ شہر میں حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کے لیے تفتیشی دوروں کے دوران غیر ملکی حجام کی اطلاع ملی تھی، بعد ازاں تفتیشی ٹیموں نے مذکورہ غیر ملکی حجام کے ٹھکانے کا سراغ لگایا۔

    سعودی عرب: گھر کو حجام کی دکان میں تبدیل کردینے والا شخص گرفتار

    ’حجام کے گھر سے ملنے والی تمام اشیا ضبط کر کے موقع پر تلف کردی گئیں اور گھر کو سیل کردیا گیا ہے‘۔

    غیرقانونی اقدام اٹھانے پر ملزم کو سخت جرمانہ بھی ادا کرنا پڑا جبکہ دیگر کارروائی جاری ہے۔

    یاد رہے کہ 27 اپریل کو جدہ کے علاقہ بنی مالک میں گھر کو باربر شاپ میں تبدیل کرنے والے غیر ملکی شخص کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ جدہ میں الشرفیہ کی بلدیہ کے انسپکٹرز نے بنی مالک محلے میں تفتیشی کارروائی کے دوران ایک باربر شاپ پر چھاپہ مارا، یہ شاپ غیر قانونی طریقے سے ایک عمارت میں قائم کی گئی تھی۔

  • کرونا وائرس سے بچنے کے لیے حجاموں کی انوکھی حرکت، ویڈیو وائرل

    کرونا وائرس سے بچنے کے لیے حجاموں کی انوکھی حرکت، ویڈیو وائرل

    دنیا بھر میں جہاں کرونا وائرس نے سب کو دہشت میں مبتلا کر رکھا ہے اور نظام زندگی معطل ہے، وہیں لوگوں نے کاروبار زندگی چلانے کے لیے نئے نئے طریقے بھی ڈھونڈنے شروع کر دیے ہیں۔

    چین میں بھی ایسی ہی کچھ حجام اپنی انوکھی حرکت کی وجہ سے سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہورہے ہیں، حجاموں نے کرونا وائرس سے بچنے کے لیے اپنے گاہکوں سے محفوظ فاصلہ رکھتے ہوئے بال کاٹنے کے اوزار ایک 4 فٹ طویل ڈنڈے پرلگا دیے ہیں جس کے مدد سے وہ گاہکوں کے قریب جائے بغیر ان کے بال کاٹ سکتے ہیں۔

    چین کے صوبے ہنان میں موجود ان حجاموں نے ماسک پہنا ہوا ہے، 4 فٹ طویل ڈنڈے کے ایک سرے پر انہوں نے برش، شیور اور ہیئر ڈرائر لگا دیے ہیں جس کے دوسرے سرے پر کھڑے ہو کر وہ کام کرتے ہیں۔

    دکان کے مالک وو جن لونگ کا کہنا ہے کہ اس طرح کام کرنے سے اس صفائی اور نفاست سے کام نہیں ہوتا جس طرح ہاتھ سے ہوتا ہے لیکن وہ ایسا بحالت مجبوری اپنی اور گاہکوں کی حفاظت کے لیے کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ چینی حکام نے وائرس سے بچنے کے لیے پرہجوم مقامات پر لوگوں کو آپس میں ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ رکھنے کا ہدایت کی ہے۔

    جان لیوا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 3 ہزار 205 ہلاکتیں ہوچکی ہیں اور 93 ہزار 500 افراد متاثر ہیں۔ چین میں اس وائرس کی شدت میں کمی آرہی ہے تاہم اب یہ وائرس دنیا کے دیگر ممالک میں پھیل رہا ہے۔

  • سعودی عرب میں خواتین کے بال کاٹنے والے حجام گرفتار کر لیے گئے

    سعودی عرب میں خواتین کے بال کاٹنے والے حجام گرفتار کر لیے گئے

    ریاض: سعودی عرب میں خواتین کے بال کاٹنے والے حجاموں کو گرفتار کرلیا گیا، مذکورہ عمل کی نشاندہی سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کے ذریعے ہوئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ریاض پولیس نے مردانہ سیلون میں خواتین کے بال کاٹنے والے مرد حجاموں کو گرفتار کر لیا ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ مرادنہ باربر شاپ میں خواتین مرد حجاموں سے بال کٹوا رہی ہیں۔

    ویڈیو کے ذریعے نشاندہی ہونے کے بعد مردانہ سیلون پر کام کرنے والے تمام حجاموں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد نے اس کے خلاف آواز بلند کی اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے رحجان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

    لوگوں کا کہنا تھا کہ اس قسم کے رجحانات کی یہاں قطعی گنجائش نہیں ہے، ایسے اقدامات ہماری حیا و شرم کو مجروح کرنے کا باعث بنیں گے جبکہ یہ عام قانون کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔

    مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے یہ تاثر بھی دینا شروع کر دیا تھا کہ مرادنہ سیلونز پر اب خواتین باربر بھی رکھی جائیں گی تاہم بلدیہ کی جانب سے فوری وضاحت کی گئی کہ مرادنہ سلیونز میں خواتین باربرز کی تعیناتی کا کوئی ارادہ نہیں۔

  • دونوں ہاتھوں سے محروم حجام

    دونوں ہاتھوں سے محروم حجام

    ارجیٹینا : آپ نے بہت سے حجام تو دیکھے ہوں گے لیکن ایسا حجام نہیں دیکھا ہوگا، جو ہاتھوں سے محروم ہیں ، ارجنٹائن کے نوجوان نے بغیر ہاتھوں کے بال کاٹنے میں مہارت حاصل کرکے سب کو حیران کردیا اور گیبریئل ہیریڈیا کے فن کے سب ہی معترف ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہیر کٹنگ کو ہاتھوں کا کمال کہتے ہیں لیکن ارجنٹائن کے گیبریئل نے یہ بات غلط ثابت کردی ،ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والا باہمت نوجوان گیبرئیل جو پیدائشی طور پر ہاتھوں سے محروم ہے لیکن بال ایسے کاٹتا ہے کہ دیکھنے والے حیران رہ جائیں۔

    ہاتھ نہ ہونے کے باوجود گیبریئل نہ صرف نفاست سے بال کاٹتا ہے بلکہ ہئیراسٹائلنگ بھی پوری مہارت سے کرتا ہے، یہی نہیں ہیئر اسٹائلنگ کے مختلف مقابلوں میں بھی حصہ لیتا رہتا ہے۔

    گیبرئیل کے لئے بنا ہاتھوں کے بھی کچھ مشکل نہیں، چھوٹے بال ہوں یا لمبے وہ کہنیوں سے ہیئراسٹائل بنادیتا ہے۔

    گیبرل ہیریڈ کا کہنا ہے کہ میں اپنی ماں سے بہت زیادہ متاثر ہوں، وہ ایک ہیئر ڈریسر تھی ،میں نے 14 سال کی عمر سے حجام کے طور پر کام شروع کیا اور بال کاٹنے کی تمام تکنیک سیکھی۔

  • کلہاڑی سے بال کاٹنے والا روسی حجام

    کلہاڑی سے بال کاٹنے والا روسی حجام

    ویسے تو بالوں کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی تراش خراش کے لیے ایسے طریقے استعمال کیے جاتے ہیں جن سے انہیں کوئی نقصان نہ پہنچے لیکن روس کا ایک حجام بالوں کو تراشنے کے لیے کلہاڑی کا استعمال کرتا ہے۔

    ڈینیل نامی یہ حجام منفرد طریقے سے بال کاٹتا ہے اور اس کے لیے قینچی کا نہیں بلکہ کلہاڑی کا استعمال کرتا ہے۔

    یہ صرف کلہاڑی سے بالوں کے بے دردی سے کاٹتا ہی نہیں بلکہ مختلف طریقے سے ان کی اسٹائلنگ بھی کرتا ہے۔

    حتیٰ کہ بالوں کی کٹنگ کو حتمی ٹچ دینے کے لیے بھی یہ کلہاڑی کا ہی استعمال کرتا ہے۔

    اس کا دعویٰ ہے کہ کلہاڑی سے بال کاٹنا، قینچی سے بال کاٹنے کی نسبت آسان ہے۔

    اب اس قدر زور آزمائی کے بعد لوگوں کے سر پر بال بچتے ہیں یا نہیں یہ تو نہ پتہ چل سکا، البتہ اس انوکھے حجام سے بالوں کی کٹنگ کروانے کے لیے آنے والوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔