Tag: حج سیزن

  • حج سیزن کے دوران کتنے حاجیوں نے ریاض الجنہ میں نماز ادا کی؟

    حج سیزن کے دوران کتنے حاجیوں نے ریاض الجنہ میں نماز ادا کی؟

    مدینہ(19 جولائی 2025): حج سیزن میں مسجد نبوی ریاض الجنہ میں نمازیوں کی تعداد میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    ادارہ امور حرمین کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق حج سیزن میں مسجد نبوی ریاض الجنہ میں آنے والے زائرین کی تعداد 19 لاکھ 58 ہزار 76 رہی، اسی عرصے میں روضہ اقدس پر سلام عرض کرنے والوں کی تعداد 34 لاکھ 47 ہزار 799 ریکارڈ کی گئی۔

    ادارہ حرمین کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے حوالے سے بتایا گیا کہ ریاض الجنہ میں نوافل ادا کرنے والوں کی تعداد کا تعین یکم ذی القعدہ سے 29 محرم تک کیا گیا ہے۔

    ادارہ کی جانب سے زائرین حرمین کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جس کا مقصد زائرین اطمینان و سکون اور روحانی فضا میں مسجد نبوی میں زیادہ سے زیادہ وقت گزار سکیں۔

    یاد رہے روضہ شریفہ(ریاض الجنہ) کا رقبہ 330 مربع میٹر ہے جس میں فی گھنٹہ 800 افراد کی گنجائش ہے۔ اوسطا ہر وزیٹر کو دس مننٹ ملتے ہیں۔

     روضہ شریفہ میں زائرین کے داخلے کو آسان بنانے کے لیے چار مراحل ہیں۔ نسک اور توکلنا ایپلیکیشن کے ذریعے اپائنمنٹ کی تصدیق، ای ڈیوائسزسے کیو آر کوڈ اسکین کرنا پھر زائرین کو کچھ دیر انتظار کے بعد بھیجا جاتا ہے۔

  • سعودی ریلوے نے حج سیزن کے منصوبے کا اعلان کر دیا

    سعودی ریلوے نے حج سیزن کے منصوبے کا اعلان کر دیا

    سعودی ریلوے ’سار‘ نے رواں برس حج سیزن کے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں حج 2025 کے لیے نشستوں میں 25 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی ریلوے ’سار‘ کا کہنا ہے کہ رواں برس حرمین ریلوے کے ذریعے 20 لاکھ عازمین کو سروس فراہم کی جائے گی جس کے لیے رواں برس 4 لاکھ نشستوں کا اضافہ ہو سکے گا۔

    حج منصوبے کے تحت سعودی ریلوے کی جانب سے حرمین ریلوے مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ کے درمیان 20 ذوالحجہ 1446 تک ٹرینوں کے 4 ہزار 768 ٹرپس کی سہولت فراہم کی جائے گی جس سے مستفید ہونے والے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔

    حرمین ریلوے کا شمار دنیا کی دس تیز ترین ریلوے سروس میں کیا جاتا ہے، جس کی انتہائی رفتار 300 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔

    حرمین ریلوے کے بیٹرے میں 35 گاڑیاں شامل ہیں، جن میں سے ہر ٹرین میں 417 نشستیں ہیں۔ ہائی سپیڈ ریلوے سروس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ کابن مونو فری اور ماحول دوست ہے۔

    دوسری جانب گزشتہ سال حج سیزن کی خلاف ورزیوں پر سعودی حکومت نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ حکومت نے اس سال سخت پالیسی اپناتے ہوئے بغیراجازت حج پر 10 ہزار سے 1 لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سفیرپاکستان احمدفاروق کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نیحج قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے سعودی حکام کے مطابق گزشتہ سال11ہزار پاکستانیوں نے ویزہ ختم ہونے کے بعد مکہ میں قیام کیا۔

    بغیراجازت نامے یا وزٹ ویزے پر حج مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ حج 2025 میں خلاف ورزیوں پر قید، جرمانے، ملک بدری، 10سال داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔ حکومت پاکستان کی جانب سے عازمین کو جدید ٹیکنالوجی سیلیس بینڈز دییجا رہے ہیں۔

    سفیر نے کہا کہ مکہ مکرمہ سے بروقت روانگی نہ کرنے پر بھی بھاری سزائیں ہوں گی،“حرم ریجن”میں مقررہ مدت سے زائد قیام کو سنگین جرم قرار دیا گیا ہے۔

    سعودی عرب: حج ضوابط کی خلاف ورزیاں، 42 غیرملکی گرفتار

    انہوں نے اپیل کی کہ عازمین حج سعودی قوانین کی مکمل پاسداری کریں اس حوالے سے سفارتخانہ پاکستانی عازمین کی خدمت کے لیے ہمہ وقت موجود ہے سعودی قانون شکنی پر سفارتخانے کے اختیارات محدود ہو جاتے ہیں، پاکستانی کمیونٹی کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا مگر قانون پر عمل ضروری ہے۔

  • عازمین حج کی آمد : غلاف کعبہ کو بلند کردیا گیا

    عازمین حج کی آمد : غلاف کعبہ کو بلند کردیا گیا

    مکہ المکرمہ : حرمین شریفین انتطامیہ کی جانب سے حج سیزن کے آغاز پر غلاف کعبہ کو بلند کردیا گیا جس کا مقصد حج کے رش میں اسے نقصان سے بچانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برسوں سے جاری روایت پر عمل کرتے ہوئے غلاف کعبہ تقریباً 3 میٹر اونچا کرکے نیچے والے حصے کو سفید کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا ہے جسے ’احرام‘ کہا جاتا ہے۔

    گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی یہ عمل حج سے قبل احتیاطی تدابیر کے ساتھ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹرعبدالرحمٰن السدیس کی زیر نگرانی مکمل کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے حرم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غلاف کعبہ کو رمضان المبارک اور حج سیزن کے دوران اوپر اٹھادیا جاتا ہے کیونکہ ان دنوں دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عمرہ زائرین اور عازمین حج ارض مقدس آتے ہیں۔

    واضح رہے کہ غلاف کعبہ کو چاروں اطراف سے بلند کیا جاتا ہے اس عمل میں خصوصی ڈوریاں استعمال کی جاتی ہیں جن سے غلاف کعبہ کو بلند کرکے باندھا جاتا ہے۔

    غلاف کعبہ کو سال میں 2 بار بلند کرنے کا عمل برسوں سے جاری ہے اور یہ ایک طرح سے روایت کا حصہ بن چکا ہے اسی لیے اس پر ہر برس عمل کیا جاتا ہے۔

    غلاف کعبہ کو بلند کرنے کےلیے مخصوص ٹیمیں ہیں جن میں 50 سے زائد افراد شرکت کرتے ہیں جبکہ خصوصی سیڑھی بھی اس کام کےلیے مخصوص ہے۔

  • حج سیزن میں ڈرونز اور فضائی ٹیکسیاں استعمال کرنے کا فیصلہ

    حج سیزن میں ڈرونز اور فضائی ٹیکسیاں استعمال کرنے کا فیصلہ

    سعودی عرب میں رواں سال حج سیزن کے دوران ڈرونز اور فضائی ٹیکسیاں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے العربیہ نیٹ کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروس انجینئرصالح الجاسر کا کہنا ہے کہ امسال حج سیزن میں جدید ترین ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے گا۔

    وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروس انجینئر صالح الجاسر کا کہنا تھا کہ حج 2024 میں جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال کرتے ہوئے فضائی ٹیکسیاں اور ڈرونز کو استعمال کیا جائے گا۔

    انجینئرالجاسر کے مطابق عازمین حج کی نقل وحمل کو منظم کرنے کے لیے مرتب شدہ جامع پروگرام کے تحت وقت مقررہ پرعملی اقدامات کرنا ہوتے ہیں، حج سیزن میں ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔

    وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ آخری عازم حج کے سعودی عرب سے روانہ ہونے تک خدمات کا سلسلہ جاری رکھا جاتا ہے اور حج سیزن کے آغاز سے ہی وزارت کے اہلکار مستعد ہوجاتے ہیں پہلے عازم حج کے مملکت آنے کے ساتھ ہی خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔

    گزشتہ برس حج سیزن میں وزارت نقل وحمل نے 38 ہزار اہلکاروں پر مشتمل گرینڈ فورس کے ذریعے حج آپریشن کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

    عازمین حج کے لئے آب زم زم سے متعلق اہم خبر

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کی طرح امسال بھی اسی طرح حج سیزن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ فضائی، بری اور ریلوے تمام ذرائع سے آنے والے عازمین کی ہر طرح سے خدمت کی جارہی ہے۔

  • ’قطر: آئندہ حج سیزن کیلئے رجسٹریشن کی تاریخ سامنے آگئی‘

    ’قطر: آئندہ حج سیزن کیلئے رجسٹریشن کی تاریخ سامنے آگئی‘

    قطر میں آئندہ حج سیزن کیلئے رجسٹریشن کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا، قطر کی وزارت اوقاف اور اسلامی امور کا کہنا ہے کہ آئندہ حج سیزن کے لیے رجسٹریشن کا جلد آغاز کردیا جائے گا۔

    قطر کی وزارت اوقاف اور اسلامی امور کی جانب سے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس کی گئی جس میں کہا گیا کہ شہریوں اور رہائشیوں کے لیے رجسٹریشن 20 ستمبر 2023 بروز بدھ صبح 8 بجے سے شروع ہوگی اور یہ hajj.gov.qa ویب سائٹ کے ذریعے ہوگی۔

    مزید یہ کہ رجسٹریشن کی مدت ایک پورے مہینے پر محیط ہوگی، جس کا اختتام 20 اکتوبر 2023 کو ہوجائے گا۔ اس کے بعد نومبر میں الیکٹرانک چھانٹی اور منظوری کا عمل شروع ہو گا۔

    عہدیدار نے سعودی حکام کی طرف سے مختص حج کوٹہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوٹہ 4,400 عازمین تک مختص ہے، جس کی رجسٹریشن ہر کسی کے لیے ہے، چاہے وہ قطری ہو یا پھر وہاں کا رہائشی ہو۔

    قطریوں کے لیے، شہری کی عمر کم از کم 16 سال ہونی چاہیے، اس میں پانچ ساتھیوں کو شامل کرنا ممکن ہے۔

    وزارت کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کے ابتدائی اعلان کا مقصد حج ٹور آپریٹرز (حملات) کو سعودی کمپنیوں کے ساتھ اپنے معاہدوں کو حتمی شکل دینے اور عازمین کے لیے خدمات کو بڑھانے کی اجازت دینا تھا۔

    سعودی وزارت حج نے حجاج کے لیے الیکٹرانک رجسٹریشن بھی شروع کردی ہے۔ جبکہ وزارت نے 30 جون کو حج سیزن کے لیے مختلف ممالک کے لیے مختص کوٹے کو عام کیا۔

  • حج سیزن: مقامات مقدسہ کی دن میں کتنی بار صفائی ہورہی ہے؟

    حج سیزن: مقامات مقدسہ کی دن میں کتنی بار صفائی ہورہی ہے؟

    ریاض: سعودی عرب کے مقامات مقدسہ میں ان دنوں حج کے سیزن میں، ہر مقام کی دن میں کئی بار صفائی کی جارہی ہے اور صحت و صفائی کے اصولوں کو پہلی ترجیح دی جارہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے ماتحت مختلف خدمات انجام دینے والے ادارے نے کہا ہے کہ حج سیزن کے دوران ہر روز چار ہزار صفائی کے کارکن دن میں 10 بار مسجد الحرام کی دھلائی کا کام انجام دے رہے ہیں۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ زائرین کی صحت و سلامتی کی خاطر 4 ہزار سے زیادہ کارکنان اور فیلڈ امور کی نگرانی کے لیے 400 سے زیادہ سعودی انچارج تعینات کیے گئے ہیں، صفائی کارکن ہر روز حرم شریف کی دھلائی دن میں 10 مرتبہ کر رہے ہیں۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ سات ہزار آب زم زم کی بوتلیں زائرین کو فراہم کی جا رہی ہیں، 800 کارکنان مسجد الحرام کے ہر حصے میں جا کر نمازیوں کو آب زم زم کی بوتلیں پیش کر رہے ہیں۔

    ادارے کے مطابق آب زم زم کے 4500 کولر مختلف جگہوں پر رکھے گئے ہیں۔ ان کے ذریعے روزانہ 5 لاکھ لیٹر آب زم زم زائرین کو مہیا کیا جا رہا ہے، ان کولرز کی صفائی اور دھلائی کا کام بھی اچھے طریقے سے ہوتا ہے اور احتیاط برتی جاتی ہے۔

    حرمین شریفین میں مختلف خدمات انجام دینے والے ادارے کے معاون سربراہ محمد الجابری کا کہنا کہ ادارے نے 5 ہزار سادہ ویل چیئر اور تین ہزار الیکٹرک ویل چیئرز کا بندوبست کیا ہے، انہیں تنقل ایپ سے مربوط کر دیا گیا ہے۔

    مسجد الحرام کے دروازوں پر نمازیوں کے خیر مقدم کے لیے انچارج تعینات کیے گئے ہیں، ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ حرم شریف آنے والے زائرین کی آمد و رفت کو منظم کریں اور انہیں مطلوبہ معلومات فراہم کریں۔

    محمد الجابری نے مزید بتایا کہ 11 اسمارٹ روبوٹ جراثیم کش ادویہ کے چھڑکاؤ کا کام کر رہے ہیں۔ ہر روبوٹ خود کار نظام کے تحت 8 گھنٹے اپنا کام انجام دیتا ہے۔

  • حج سیزن سے قبل عمرہ پرمٹ اجراء کی آخری تاریخ کا اعلان

    حج سیزن سے قبل عمرہ پرمٹ اجراء کی آخری تاریخ کا اعلان

    مکہ مکرمہ: سعودی عرب نے حج سیزن سے قبل عمرہ پرمٹ اجراء کی آخری تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔

    وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق حج سیزن سے قبل عمرہ پرمٹ اجراء کی آخری تاریخ چار جون ہے، 4 جون سے مسجدِ الحرام صرف عازمینِ حج کے لیے مختص ہو گی۔

    وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق عمرہ، سیاحت اور وزٹ ویزے پر آنے والوں کو حج کی اجازت نہیں ہے۔

    سعودی عرب سے عمرہ زائرین کی روانگی کی آخری تاریخ 18 جون (29 ذو القعدہ ) ہے۔

  • مکہ المکرمہ، غلاف کعبہ کو تین میٹر بلند کردیا گیا

    مکہ المکرمہ، غلاف کعبہ کو تین میٹر بلند کردیا گیا

    مکہ المکرمہ: حرمین شریفین امور کی انتظامیہ کی جانب سے غلاف کعبہ کے نچلے حصے کو زمین سے تین میٹر بلند کردیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق غلاف کعبہ کے نچلے حصے کو زمین سے تین میٹر بلند کرنے کے ساتھ ہی باقی حصے کو سفید کپڑے سے ڈھانپا گیا ہے جس کا عرض دو میٹر کے قریب ہے۔

    رپورٹ کے مطابق حج سیزن کے بعد غلاف کعبہ کو پرانی حالت پر بحال کردیا جائے گا۔

    حرمین شریفین امور کی انتظامیہ کے مطابق حج کے آغاز پر غلاف کعبہ کو زمین سے اس لے بلند کردیا جاتا ہے تاکہ ایک جانب اس کی صفائی برقرار ہے تو دوسری جانب اس کی حفاظت بھی یقینی ہو۔

    انتظامیہ کے مطابق حج سیزن میں حجاج کرام کی ایک بڑی تعداد غلاف کعبہ کو چھونے اور چومنے کی خواہش مند ہوتی ہے جس کے نتیجے میں غلاف کعبہ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔

    مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر غلاف کعبہ کے نچلے حصے کو بلند کرنے کے عمل کی کچھ تصاویر بھی شیئر کیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال احمد بن محمد المنصوری کا کہنا تھا کہ کنگ عبدالعزیز کمپلیکس پورے سال غلاف کعبہ کی خصوصی دیکھ بھال کی ذمے داری انجام دیتا ہے جس کی ہدایت خادم حرمین شریفین کی جانب سے دی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بعض حجاج کرام غلاف کعبہ کا کچھ حصہ کاٹنے اور غلاف کعبہ سے برکت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اُن کا یہ قدم غلط نظریات کا حامل ہے۔

  • قومی ادارۂ صحت نے حجاج کرام کو کرونا وائرس سے خبردار کر دیا

    قومی ادارۂ صحت نے حجاج کرام کو کرونا وائرس سے خبردار کر دیا

    اسلام آباد: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر قومی ادارۂ صحت نے حجاج کرام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج سیزن میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارۂ صحت نے حج سیزن میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کا اظہار کر دیا ہے، ادارے کی جانب سے کرونا وائرس سے متعلق ہدایت نامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جو کرونا وائرس کی علامات اور احتیاطی تدابیر پر مشتمل ہے۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ حج سیزن کے دوران کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے، جب کہ ادارے کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پہلی بار یہ وائرس 2012 میں سعودی عرب میں سامنے آیا۔

    مراسلے کے مطابق کرونا وائرس کے بیش تر کیسز خلیج اور جنوبی کوریا سے سامنے آئے، اب تک اس سے دنیا بھر میں 838 اموات ہو چکی ہیں، تاہم پاکستان میں تاحال کرونا وائرس کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا۔

    قومی ادارۂ صحت کے ہدایت نامے میں خبردار کیا گیا ہے کہ حج کے موقع پر کرونا وائرس کے پاکستان منتقلی کے خدشات ہیں، جس کی علامات سانس پھولنا، کھانسی، بخار، نمونیا ہیں، اس کے پھیلاؤ کا اہم ذریعہ اونٹ اور جنگلی جانور ہیں۔

    یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وزارت مذہبی امور کرونا وائرس سے متعلق بر وقت اقدامات کرے، وائرس سے متعلق آگاہی اور معلوماتی کتابچے فراہم کیےجائیں، حجاج کرام کو کیمپوں میں وائرس پر تربیتی سیشنز کرائے جائیں، اور بتایا جائے کہ وہ اونٹوں سمیت جنگی جانوروں کو چھونے سے گریز کریں۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا کہ حج میڈیکل مشن کے عملے کو وائرس سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں، حجاج کرام مرض کی علامات ظاہر ہونے پر معالج سے رجوع کریں۔