Tag: حج وعمرہ

  • حج وعمرہ کے جعلی پیکیجز فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    حج وعمرہ کے جعلی پیکیجز فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    جعلسازوں نے حج وعمرہ جیسی مقدس عبادات کو بھی نہ بخشا تاہم جعلی پیکیجز فروخت کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

    دنیا بھر میں جعلساز سادہ لوح عوام کو چونا لگا کر لوٹتے ہیں لیکن کچھ جعلسازوں نے حج وعمرہ جیسی عبادات کو بھی نہ چھوڑا اور ان کے جعلی پیکیجز فروخت کرنا شروع کر دیے تاہم ایک گروہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

    امارات الیوم کے یو اے ای میں دبئی پولیس نے حج اور عمرہ کے جعلی پیکیجز فروخت کرنے والے گروہ کو گرفتار کیا ہے، جو کم قیمتوں کا جھانسہ دے کر سادہ لوح عوام کو لوٹ رہے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ جعلساز گروہ اس مقصد کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کرتا تھا اور مختلف پلیٹ فارمز پر لوگوں کو فرضی عمرہ اور حج پیکیج فروخت کرتے تھے جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

    گروہ نے سادہ لوح افراد سے بکنگ کی رقم وصول کرنے کے لیے بینک اکاونٹ بھی فراہم کیا تھا جس کے ذریعے وہ لوگوں سے رقم حاصل کرتے اوران کی فرضی بکنگ کیا کرتے تھے۔

    گروہ کے طریقہ واردات کے حوالے سے پولیس نے بتایا ملزمان سادہ لوح افراد کو انتہائی ارزاں قیمت پرعمرہ اور حج ویزے لگوانے کی یقین دہانی کرتے ہیں اور ان سے بکنگ رقم حاصل کرنے کے بعد انکا نمبر کو بلاک کردیا جاتا تھا۔

    دبئی پولیس نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ عمرہ اور حج ویزے کے لیے باقاعدہ منظور شدہ اداروں سے ہی رابطہ کریں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایسے کسی اشتہار پر توجہ نہ دی جائے۔

  • سنیتا مارشل کا دوران حج وعمرہ موبائل استعمال کرنے والوں پر تنقید

    سنیتا مارشل کا دوران حج وعمرہ موبائل استعمال کرنے والوں پر تنقید

    پاکستانی معروف اداکارہ و فیشن ماڈل سنیتا مارشل نے حج اور عمرے کے دوران موبائل کا بے تحاشہ استعمال کرنے والوں پر تنقید کی ہے۔

    گزشتہ روز شوبز انڈسٹری کے معروف فنکار جوڑے، حسن احمد اور سنیتا مارشل نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوع پر گفتگو کی۔

    اداکار حسن احمد نے شو کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں سوشل میڈیا بہت محتاط انداز میں استعمال کرتا ہوں، کسی کی وفات ہو جائے تو اُس کے ساتھ فوراً تصویر شیئر کرنے سے گریز کرتا ہوں کہ کہیں کسی کےجذبات نہ مجروح ہو جائیں۔

    اداکار حسن احمد کا کہنا تھا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہمارے عوام کو سوشل میڈیا استعمال کرنے کی بالکل بھی تمیز نہیں، عوام کچھ بھی اپلوڈ کرنے سے پہلے سوچتی ہے ’تو کیا ہوا‘۔

    اس پر ان کی اہلیہ سنیتا مارشل نے حسن احمد کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ مجھے تو اس بات پر بہت افسوس ہوتا ہے کہ جب لوگ حج اور عمرہ کرنے جاتے ہیں تو بار بار اپنی ویڈیوز اور تصویریں اپلوڈ کرتے رہتے ہیں۔

    اداکارہ سنیتا مارشل نے اپنی بات جاری رکھنے ہوئے کہا کہ چلو ایک تصویر دو تصویر آپ دعا مانگتے ہوئے لگا دیں مگر لوگ بہت زیادہ اور ہر ایک چیز کی تصویریں اور ویڈیوز بناتے ہیں اور اپلوڈ کردیتے ہیں۔