Tag: حج پیکج

  • حج پیکج اس بار کتنے کا ہوگا؟ عازمین کیلئے اہم خبر

    حج پیکج اس بار کتنے کا ہوگا؟ عازمین کیلئے اہم خبر

    اسلام آباد: حج پالیسی سرکولیشن کے ذریعے وفاقی کابینہ سے منظور کرانے کا فیصلہ واپس لےلیا گیا، سرکاری حج پیکج کے لیے تجویز بھی سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حج پالیسی کابینہ اجلاس میں منظوری کےلیے پیش کرنےکی ہدایت کی ہے، وزیراعظم نے پہلے حج پالیسی کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری لینے کی اجازت دی تھی۔

    ذرائع نے بتایا کہ احد چیمہ نے حج پالیسی سرکولیشن کے بجائے کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی تجویز دی تھی، وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھجوائی ہے۔

    سرکاری حج پیکج 10 لاکھ 65 ہزار سے 10 لاکھ 75 ہزار کے درمیان رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، حج کو ٹہ کے تحت پاکستان سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ حج کوٹہ گورنمنٹ اور پرائیویٹ حج اسکیم میں 50 فیصد کے تناسب سے تقسیم ہوگا، حج پالسی میں اسپانسر شپ اسکیم بھی تجویز کی گئی ہے۔

    گورنمنٹ اسکیم کے تحت اسپانسر شپ کا کوٹہ 5 ہزار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، پرائیویٹ اسکیم کے تحت کوٹہ 25 ہزار مختص کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، نئی حج پالیسی میں ایک ہزار کوٹہ ہارڈشپ کے لیے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    اس سلسلے میں ذرائع نے مزید بتایا کہ پالیسی میں 300 کا کوٹہ ای او بی آئی کے تحت رجسٹرڈ کم آمدن مزدوروں کے لیے تجویز کیا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ طویل دورانیے کا حج 38 سے 42 اور مختصر دورانیے کا حج 20 سے 25 روز پر محیط ہوگا، عازمین حج کےلیے سعودی حکومت سے منظور شدہ ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے۔

  • پاکستان سے حج کرنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

    پاکستان سے حج کرنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

    2024میں پاکستان سے حج کے لئے جانے والوں کے لئے اچھی خبر سامنے آگئی، نگراں وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد نے کہا ہے کہ 2024 میں حج کرنے والے پاکستانیوں کو رومنگ انٹرنیٹ پیکجز کے ساتھ مفت موبائل سم کارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خواتین عازمین کو عبایہ بھی دیا جائے گا جس کی پشت پر پاکستانی جھنڈا بنا ہوا ہوگا اور 13 کلو کے سوٹ کیس سب کو دیے جائیں گے۔

    نگراں وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمدنے حج لاگت میں تقریباً 100,000 روپے کی کمی کے تاریخی اقدام پر روشنی ڈالی، جس میں مزید 50,000 روپے کی کمی کی جائے گی اور لوگوں کو واپس کی جائے گی۔

    وزیر نے وزارت تعلیم کے تعاون سے شہر کی مساجد کو اسکول سے باہر بچوں کے لیے اسکولوں میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا بھی ذکر کیا، جس میں امام اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ مساجد کمیونٹی سینٹرز کے طور پر کام کریں گی، نماز کے بعد کمیونٹی کے مسائل کو حل کریں گی۔ ایک اور منصوبے میں وزارت صحت کے تعاون سے مساجد کے اندر طبی کلینک قائم کرنا شامل ہے۔

    حجاج کو نیوی گیشن سپورٹ اور متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت میں مدد کے لیے ایک نئی موبائل ایپلیکیشن تیار کی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر انگریزی اور اردو میں دستیاب ایپ میں بعد میں مختلف علاقائی زبانیں شامل ہوں گی اور ہر حاجی کے لیے ڈیجیٹل تربیتی پروگرام پیش کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ نیشنل بینک نے حج 2024 کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز کردیا ہے۔ درخواستیں تمام برانچوں پر نومبر 27 سے دسمبر 12، 2023 تک وصول کی جائیں گی۔

    لانگ حج پیکج میں ریگولر حج 38 تا 42 دن مدینہ 8 دن قیام کے لیے جنوبی ریجن کراچی، کوئٹہ، سکھر 1،065،000 روپے فی کس، جمع ہو گی۔

    شمالی ریجن کے دیگر شہریوں کے لیے 1،075،000 روپے فی کس جمع ہوں گے۔

    اسپانسر شپ حج اسکیم جنوبی ریجن کراچی، کوئٹہ، سکھر 3،765 ڈالر شمالی ریجن دیگرشہر 3،800 ڈالر فی کس مقرر کی گئی ہے۔ شارٹ حج پیکج برائے 20 تا 25 دن 3 تا 5 دن مدینہ میں قیام ہے۔

    ریگولرجنوبی ریجن کراچی، کوئٹہ، سکھر 1،140،000 روپے فی کس اور شمالی ریجن دیگر شہر 1،150،000 روپے فی کس ہے

    سعودی عرب نے پاکستانی حج ٹور آپریٹرز کا مطالبہ مان لیا

    اسپانسرشپ حج اسکیم جنوبی ریجن کراچی، کوئٹہ، سکھر 4،015 ڈالر فی کس اور شمالی ریجن دیگر شہر 4،050 ڈالر فی کس مقرر کی گئی ہے۔

  • سرکاری حج پیکج اتنا مہنگا کیوں ہوا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

    سرکاری حج پیکج اتنا مہنگا کیوں ہوا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

    اسلام آباد: سرکاری حج پیکج مہنگا ہونے کی تفصیلات اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیں جس کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت حج پیکج میں ساڑھے 3 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق گزشتہ سال قربانی سمیت حج پیکج 8 لاکھ 26 ہزار 528 روپے تھا جب کہ  رواں سال قربانی کے علاوہ اخراجات 11 لاکھ 75 ہزار تک پہنچ گئے،  جس کا مطلب یہ کہ اب 50 ہزار روپے سے لے کر 74 ہزار روپے قربانی کے لیے اضافی الگ سے ادا کرنا ہوں گے۔

    حاجیوں کے کھانے پینے کے اخراجات میں 100 فیصد تک اضافہ ہوا، فی حاجی 38 روز کے کھانے پینے کا خرچہ ایک لاکھ سے بڑھ گیا، گزشتہ سال کھانے پینے کے اخراجات 53 ہزار 440 روپے تھے۔

    سرکاری حج اسکیم میں درخواستیں جمع کروانے والوں کیلئے اہم خبر

    دستاویزات کے مطابق مکہ مکرمہ میں رہائش کے کرائے بھی 70 فیصد سے زیادہ ہوگئے، کرایہ ایک لاکھ 11 ہزار کے بجائے ایک لاکھ 93  ہزار  روپے ہوگیا جبکہ مدینہ میں رہائش کا کرایہ 37 ہزار سے بڑھ کر 78 ہزار روپے ہوگئے ہیں۔

    ٹرانسپورٹ اخراجات 61 ہزار  سے بڑھ کر ایک لاکھ 12 ہزار ہوگئے، رواں سال حج پیکج میں 43 ہزار  882 روپے ٹرین کرایہ بھی شامل ہے، حج لازمی اخراجات بھی 3 لاکھ سے بڑھ کر 3 لاکھ 56 ہزار ہوگئے، رواں سال جہاز کے کرائے بھی 70 ہزار بڑھ کر ڈھائی لاکھ کردیا گیا ہے، ہوائی جہاز کا ٹکٹ گزشتہ سال ایک لاکھ 81 ہزار 760 روپے کا تھا۔

    دستاویز کے مطابق زم زم چارجز  721 کے بجائے 1100 روپے وصول کئے جائیں گے، ادویات ویکسین وغیرہ کی مد میں بھی 12 ہزار روپے لئے جائیں گے، ویزا فیس بھی 16 ہزار سے بڑھ کر 22 ہزار 275 روپے ہوگئی ہے۔

  • حج پیکج فیس ادائیگی کے بعد اہل خانہ شامل ہو سکتے ہیں؟

    کیا حج پیکج فیس ادا کرنے کے بعد داخلی عازمین اپنے اہل خانہ کو شامل کر سکتے ہیں؟

    سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ پیکج فیس ادا کرنے کے بعد عازم حج اپنے بیوی بچوں کو شامل نہیں کرا سکتا، سسٹم میں اس کی گنجائش نہیں ہے۔

    وزارت کے مطابق حج ویزا ہولڈر ہی حج پر جا سکتے ہیں، ان کے سوا کسی کو بھی حج پر جانے کی اجازت نہیں، اندرون مملکت سے صرف اقامہ ہولڈرز ہی کو حج کا پرمٹ حاصل کرنے کا استحقاق ہے۔

    ادھر سعودی وزارت حج وعمرہ نے اندرون مملکت سے حج بکنگ کی آخری تاریخ اور بکنگ کے حوالے سے معلومات کا طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔

    اخبار 24 کے مطابق وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اس سال اندرون مملکت سے حج کے امیدوار وزارت کی ای ویب سائٹ اور نسک ایپ کے ذریعے بکنگ کرا سکتے ہیں، جس کا سلسلہ جاری ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ 25 جون 2023 تک حج کی بکنگ کرائی جا سکتی ہے، بکنگ کی کارروائی مکمل ہونے پر امیدوار کو موبائل پر ایس ایم ایس کے ذریعے فوری طور پر مطلع کر دیا جاتا ہے۔

    وزارت نے اس سال 4 حج پیکج متعارف کرائے ہیں، جس کی شروعات 3984 ریال سے ہو رہی ہے اور سب سے بڑا پیکج 11435 ریال کا ہے، حج پیکج کی تمام رقم ایک ساتھ اور تین قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت بھی ہے۔

  • حج 2023: رقم کے حوالے سے حکام کی وضاحت

    حج 2023: رقم کے حوالے سے حکام کی وضاحت

    ریاض: سعودی حکام نے وضاحت دی ہے کہ حج پیکج کی جمع کروائی جانے والی رقم کن صورتوں میں واپس لی جاسکتی ہے اور اس کے لیے کیا شرائط پوری کرنی ہوں گی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اندرون مملکت سے اس سال حج کی درخواست دینے والے اجازت نامہ جاری ہونے سے پہلے اور بعد میں پیکج کی ادا کردہ رقم واپس لے سکتے ہیں۔

    وزارت حج کا کہنا ہے کہ حج پیکج کی رقم مقررہ پالیسی کے مطابق واپس لی جا سکتی ہے۔

    4 مئی 2023 تک حج پیکج کی ادا شدہ پوری رقم واپس لی جا سکتی ہے تاہم حج اجازت نامے کے اجرا سے انکار کی صورت میں اداشدہ رقم میں سے ای سروس فیس منہا کر کے باقی رقم ادا کی جائے گی۔

    وزارت کا یہ بھی کہنا ہے کہ 5 مئی سے 18 جون 2023 تک ای سروس فیس کاٹ کر رقم ادا کی جائے گی اور پیکج کی 10 فیصد رقم بھی منہا کی جائے گی۔

    19 جون سے حج پیکج کی ادا شدہ رقم کا کوئی بھی حصہ واپس نہیں کیا جائے گا تاہم اس سے وفات، صحت، معذوری، فوجداری کیسز، ٹریفک حادثات میں حج کی استطاعت سے محرومی کی حد تک زخمی ہوجانے والے مستثنیٰ ہوں گے، انہیں حج پیکج کی پوری رقم واپس کی جائے گی۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ 4 مئی 2023 کے بعد کرونا وائرس میں مبتلا امیدوار بھی حج پیکج کی رقم واپس لے سکیں گے۔

    انہیں ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے حج اجازت نامہ اور اس کے بعد وزارت حج کی ویب سائٹ یا نسک ایپ کے ذریعے بکنگ منسوخ کروانا ہوگی، اسی طرح بکنگ کے منافی صحت حالت یا انتظامی شرائط کی اپ ڈیٹ کی صورت میں بھی یہی کارروائی ہوگی۔

  • سال 2020 میں حج پر جانے کے خواہشمند افراد کیلئے تشویشناک خبر آگئی

    سال 2020 میں حج پر جانے کے خواہشمند افراد کیلئے تشویشناک خبر آگئی

    اسلام آباد : وزارت مذہبی امور نے حج مہنگا کرنے کا اعتراف کرلیا اور بتایا رواں سال حج پیکج میں ایک لاکھ 15 ہزار روپے کا اضافہ کیا جارہا ہے، جس سے نارتھ ریجن کا حج پیکج 5 لاکھ 50 ہزار اور ساوتھ ریجن کا پیکج 5 لاکھ 45 ہزار ہوگا۔

    وزارت کی طرف سے قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور میں بتایا گیا کہ رواں سال حج پیکیج میں ایک لاکھ پندرہ ہزار روپے کا اضافہ کیا جارہا ہے ، وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کی عدم حاضری پر چئیرمین کمیٹی نے اجلاس ملتوی کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر عبدالغفور حیدری کی صدارت میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس ہوا، چئیرمین کمیٹی کا کہنا تھا تاخیر سے یہ اجلاس ہورہا ہے، آج بھی وزیر مذہبی امور تشریف نہیں لائے۔

    سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے بتایا اس سال ایک لاکھ 79 ہزار عازمین حج جارہے ہیں، حج پیکج میں اس سال ایک لاکھ 15 ہزار اضافہ کیا ہے، اس سال نارتھ ریجن کا حج پیکج 5 لاکھ 50 ہزار تک ہوگا، ساوتھ ریجن کا پیکج 5 لاکھ 45 ہزار ہوگیا ہے۔

    سیکریٹری مذہبی امور نے مذید بتایا کہ اس سال روپے کی قدر میں گراوٹ اور ائیر لائنز کے کرایوں میں اضافہ وجہ بنا ہے۔

    مزید پڑھیں : ہماری کرنسی کی صورتحال ایسی نہیں ہے ہم حج سستا کرسکیں، پیر نورالحق قادری

    چئیرمین کمیٹی کا کہنا تھا وزیر صاحب آئندہ اجلاس میں ہر حال میں اپنی حاضری یقینی بنائیں، جس پر سیکرٹری وزارت مذہبی امور کا کہنا تھا میں چیک کرتا ہوں وزیر نے بیرون ملک بھی جانا ہے۔

    قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے وزیر کی عدم حاضری کے باعث اجلاس ملتوی کردی۔

    یاد رہے چند روز قبل وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے کہا تھا کہ ہماری کرنسی کی صورت حال ایسی نہیں ہے ہم حج سستا کر سکیں، پیکج میں اضافے کی وجہ سعودی عرب میں مزید ٹیکس لگنا ہے جبکہ ذرائع مذہبی امور کا کہنا تھا کہ رواں برس حج 5 لاکھ روپے سے بھی زیادہ مہنگا ہوسکتا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال حج اخراجات 4 لاکھ 26 ہزار روپے تھے جبکہ اس سال سعودی عرب نے حج اخراجات 24 سو سے 26 سو 50 ریال کردیے ہیں۔

    وزارت مذہبی امور نے گزشتہ برس حکومتی کفایت شعاری سے گزشتہ حج پر 5 ارب 53 کروڑ روپے حاجیوں کو واپس کیے تھے، اوسطاً فی حاجی 37 ہزار روپے واپس کیے گئے تھے۔