Tag: حج کرپشن کیس

  • حج کرپشن کیس :سابق وفاقی وزیرحامد کاظمی ساتھیوں سمیت بری

    حج کرپشن کیس :سابق وفاقی وزیرحامد کاظمی ساتھیوں سمیت بری

    اسلام آباد: ہائی کورٹ نے حج کرپشن کیس کی سماعت کے دوران سابق وفاقی وزیر حامد کاظمی، راؤشکیل اورجوائنٹ سیکریٹری حج کو بری قرار دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق حج کرپشن کیس کی ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، عدالت نے سابق وفاقی وزیر حامد کاظمی، راؤشکیل اورجوائنٹ سیکریٹری حج کو بری کردیا، ہائی کورٹ کا فیصلہ جسٹس محسن اختر کیانی نے پڑھ کرسنایا.

    واضح رہے کہ حامد کاظمی, راؤشکیل، آفتاب اسلام نے سزا کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا.

    خیال رہے گذشتہ سال اسلام آباد ہائی کورٹ میں حج کرپشن کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس محمد انورخان کاسی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ حاجیوں کو دی گئی رہائش نامناسب تھی، نہ تو باتھ روم تھا ، نہ اس کی چھت، اس غیر معیاری حالات کو سعودی حکومت نے بھی محسوس کیا تھا.

    خصوصی عدالت کی سزا


    خیال رہے کہ اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل ملک نذیر احمد نے حج کرپشن کیس کا فیصلہ سنایاتھا، کرپشن کیس میں سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کو جرم ثابت ہونے پر 16 سال قید کی سزا جبکہ سابق ڈی جی حج راؤ شکیل کو 40 سال قید کی سزا جبکہ سابق ایڈیشنل سیکریٹری وزارت مذہبی امور آفتاب احمد کو 16 سال قید کی سزا سنائی تھی.

    یاد رہے کہ حج کرپشن اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد حامد سعید کاظمی کو وزارت مذہبی امور سے ہاتھ دھونا پڑے تھے جبکہ دو ہزار گیا رہ کے اوائل میں انہیں گرفتار کیا گیا اور تقریباً ایک برس جیل میں گذارنے کے بعد انہیں رہا بھی کردیا گیا تھا۔

  • حج کرپشن کیس : مجرم راو شکیل کا فرنٹ مین ضمانت پررہا

    حج کرپشن کیس : مجرم راو شکیل کا فرنٹ مین ضمانت پررہا

    اسلام آباد: حج کرپشن کیس میں مجرم راو شکیل کے فرنٹ مین احمد فیض کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

    ملزم نےعدالت میں بیان دیا ہے کہ ہر حاضری پر پیشی کو یقینی بناونگا ضمانت پر رہا کیا جائے،حج کرپشن کیس میں مجرم راو شکیل کے فرنٹ مین احمد فیض کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

    اسپیشل جج سنٹرل ملک نذیر احمد نے کیس کی سماعت کی، ملزم نے عدالت میں بیان دیا کہ ہر حاضری پر پیشی کو یقینی بناونگا ضمانت پر رہا کیا جائے،غیر حاضری پر ملزم احمد فیض کے عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

    عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے، تاہم کیس کی سماعت پندرہ جون تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

  • حج کرپشن کیس:مرکزی ملزم راﺅ شکیل کی ضمانت منظور

    حج کرپشن کیس:مرکزی ملزم راﺅ شکیل کی ضمانت منظور

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے حج کرپشن کیس کے مرکزی ملزم راﺅ شکیل کی ضمانت منظور کرلی ہے، ضمانت پر رہائی کیلئے ایک کروڑ کے مچلکے اور پاسپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

     جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں عدالت کے تین رکنی بنچ نے راﺅ شکیل کی ضمانت کی درخواست کی سماعت کی، ملزم کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے اپنے دلائل میں کہا کہ ان کا مؤکل چار برس سے حراست میں ہے اور ٹرائل کورٹ میں سماعت سست روی کا شکار ہے۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ راﺅ شکیل کے ساتھ شریک ملزمان کی ضمانتیں ہوچکی ہیں۔

    عدالت کو اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر اظہر چودھری نے بتایا کہ ملزم ٹرائل کورٹ کے ساتھ تعاون نہیں کررہا، اگر تعاون کرے تو ایک ہفتے میں مقدمے نمٹایا جاسکتا ہے، ملزم کا دوستانہ ٹرائل چل رہا ہے۔

    جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیئے کہ دوستانہ ٹرائل کی بات اگر گزشتہ حکومت میں کرتے تو سمجھ آتی، اب تو نئی حکومت ہے، کب تک ٹرائل مکمل ہوگا؟

    جسٹس انور ظہیر نے کہا کہ ٹرائل مکمل نہیں ہو رہا تو کیا ملزم کو غیر معینہ مدت تک کیلئے حراست میں رکھا جاسکتا ہے؟

    عدالت نے ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کو پاسپورٹ سرنڈر کرنے اور ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا ہے، عدالت نے قرار دیا کہ اگر ملزم مسلسل دو پیشیوں پر ٹرائل کورٹ میں حاضر نہ ہوا تو ضمانت منسوخ تصور کی جائے گی۔