Tag: حج 2018

  • مکۃالمکرمہ میں غلاف کعبہ تبدیل

    مکۃالمکرمہ میں غلاف کعبہ تبدیل

    ریاض : حرم شریف میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب میں پُرانے غلاف کو اتارنے کے بعد خانہ کعبہ کو نئے غلاف سے آراستہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ کی تندیلی کی روح پرور تقریب کا آغاز نماز فجر کے فوراً بعد ہوا تھا اور پرانے غلاف کو اتارنے کے بعد خانہ کعبہ کو نئے غلاف سے آراستہ کردیا گیا۔ تقریب میں گورنر مکہ سمیت ممتاز شخصیات شریک ہیں۔

    غلاف کعبہ خالص ریشم سے تیار کیا گیا ہے جس میں 670 کلو ریشم استعمال ہوا ہے اور اس کی تیاری میں 20 لاکھ ریال لاگت آئی ہے، نئے غلاف کو حرم میں لانے کے اہتمام میں کسوہ فیکٹری کے اہلکار پیش پیش تھے۔

    نئے غلافِ کعبہ کی تیاری میں 120 کلو گرام سونا اور 100 چاندی استعمال ہوا ہے اور اس پر بیت اللہ کی حرمت اور حج کی فرضیت اور فضیلت کے بارے میں قرآنی آیات کشیدہ کی گئی ہیں۔

    نئے غلافِ کعبہ کی تیاری کے لیے 200 افراد بیک وقت کام کرتے ہیں۔

    غلاف کعبہ ہرسال 9 ذوالحج کو یوم عرفہ کے موقع پر تبدیل کیا جاتا ہے جبکہ کعبہ کو غسل ہر سال دو مرتبہ شعبان اور ذوالحجہ کے مہینوں میں دیا جاتا ہے۔

    اتارے جانے والے غلافِ کعبہ کسوہ کو ٹکڑوں کی شکل میں بیرونی ممالک سے آئے ہوئے سربراہان مملکت اور دیگر معززین کو بطور تحفہ پیش کردیا جاتا ہے۔

  • رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ کی ادائیگی، عازمین میدان عرفات پہنچنا شروع

    رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ کی ادائیگی، عازمین میدان عرفات پہنچنا شروع

    ریاض : فریضہ حج ادا کرنے والے 20 لاکھ عازمین حج رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ کی ادائیگی کے لیے میدان عرفات میں جمع ہونا شروع ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق حج مناسک کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانے والے لاکھوں حجاج کرام رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے لیے میدان عرفات میں پہنچنا شروع ہوگئے۔

    میدان عرفات میں وقوف عرفہ کی ادائیگی کے دوران مسجد نبوی کے امام شیخ حسن بن عبدالعزیز آل شیخ مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیں گے جس کے بعد نماز ظہرین (ظہر و عصر) ایک ساتھ ادا کی جائے گی۔

    20 لاکھ کے قریب عازمین حج غروب آفتاب ہوتے ہی مزدلفہ کی جانب روانہ ہوجائیں جہاں وہ نماز مغربین (مغرب اور عشاء) ایک ساتھ قصر ادا کریں، عازمین کرام آج (9 ذوالحج) کو کھلے آسمان تلے مزدلفہ میں ہی قیام کریں گے اور رمی جمرات کے لیے کنکریاں بھی جمع کریں گے۔

    حجاج کرام 10 ذوالحج کو طلوع آفتاب کے بعد دوبارہ منیٰ کی جانب روانہ ہوں گے جہاں وہ سب سے بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے اور رمی جمرات کے بعد حجاج کرام قربانی کریں۔

    حج مناسک کی ادائیگی کے لیے سعودی جانے والے عازمین کرام قربانی کے بعد مکۃالمکرمہ جاکر مسجد الحرام میں طواف زیارت کریں گے اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کی سعادت حاصل کریں گے جس کے بعد واپس منیٰ آجائیں گے۔

    واضح رہے کہ رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے 20 لاکھ مسلمان سعودی عرب پہنچے ہیں، عازمین کرام میں 1 لاکھ 84 ہزار افراد پاکستانی ہیں۔

    خیال رہے کہ سعودی حکام نے حجاج کرام کی سہولت اور کے لیے ایک ہیلپ لائن 8004304444 متعارف کروائی گئی ہے جس پر کال کرکے شکایت یا معلومات درج کروائی جاسکتی ہے۔

    سعودیہ جانے والے سافٹ ویئرز ماہرین میں دو پاکستانی شہری بھی شامل ہیں جنہوں نے دو ایشیائی طالب علموں کے ساتھ مل کر ایک ایسی ایپلی کیشن بنائی ہے جو دوران حج انسانوں کے سمندر میں لاپتہ ہونے والے عازمین حج کا پتہ لگائے گی۔

  • حج 2018: جنگ سے متاثرشامی بھائیوں کی 7 برس بعد اچانک ملاقات، رقت آمیز مناظر

    حج 2018: جنگ سے متاثرشامی بھائیوں کی 7 برس بعد اچانک ملاقات، رقت آمیز مناظر

    ریاض: شام جنگ سے متاثر ہوکر 7 برس قبل بچھڑنے والے بھائیوں کی سعودی عرب میں اچانک ملاقات ہوئی جس کے دوران رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، دونوں بھائی حج ادا کرنے پہنچے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر سے لاکھوں فرزندان اسلام حج کی ادئیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے جہاں وہ اسلام کا بنیادی رکن ادا کریں گے۔ عرب میڈیا کے مطابق اب تک دنیا کے مختلف ممالک سے 20 لاکھ کے قریب عازمین حج سعودی عرب پہنچے۔

    شام جنگ سے متاثر ہوکر 7 برس قبل بچھڑنے والے دو سگے بھائی بھی فریضہ مقدس ادا کرنے کے لیے ایک روز قبل ریاض پہنچے جہاں اُن کی اچانک ملاقات ہوئی۔

    مزید پڑھیں: غلاف کعبہ تیار، 9 ذی الحج کو تبدیل کیا جائے گا

    دونوں بھائیوں کی 7 سال بعد اچانک ملاقات پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے، اس موقع پر ایئرپورٹ پر موجود شہری نے جذباتی ملاقات کی ویڈیو بنائی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی بھائیوں نے ایک دوسرے کو دیکھا تو وہ گلے لگے اور زاروقطار رونے لگے جبکہ اُن کی بیگمات بھی ایک دوسرے سے مل کر جذباتی ہوگئیں، اسی دوران انہیں دیکھنے والے بھی اپنے اشکوں کو نہ روک سکے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب پہنچنے والے لاکھوں فرزندان اسلام حج کا رکن اعظم پیر 20 اگست کو ادا کریں گے اور اگلے روز یعنی  21 اگست کو وہ قربانی کرکے سر منڈوائیں گے اور پھر احرام بھی اتار سکیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر حسین بن عبدالعزیزآل الشیخ خطبۂ حج دیں گے

    دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق حرمین شریفین کی انتظامیہ نے ہرسال کی طرح امسال بھی خانہ کعبہ کے لیے نیا غلاف تیار کرلیا جو  9 ذی الحج بروز پیر کو اسے تبدیل کیا جائے گا۔

  • عازمین حج کی خدمت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، جنرل القحطانی

    عازمین حج کی خدمت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، جنرل القحطانی

    ریاض : جنرل سعید القحطانی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے مدینہ منورہ، مکۃ المکرمہ اور دیگر مقامات مقدسہ سمیت حج سے متعلق علاقوں میں سیکیورٹی کا آغاز کردیا ہے اور حجاج کرام کی حفاظت کے لیے تمام وسائل کو برائے کار لائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں حج مناسک کی ادائیگی کے لیے آنے والے عازمین کی سیکیورٹی اور مقامات مقدسہ کی حفاظت کے لیے بنائی گئی ایمرجنسی سیکیورٹی فورس کی صلاحیتوں کا گذشتہ روز عملی مظاہرہ کیا گیا جس میں مملکت کے وزیر داخلہ و سپریم حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبد العزیز بن سعود نے خصوصی شرکت کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سیکیورٹی فورسز کی تیارتی کا جائزہ لینے ایمرجنسی سیکیورٹی فورس کے مرکز پہنچے تو مکہ المکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر سمیت دیگر حکام نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔

    غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حج سیکیورٹی کونسل کے سربراہ جنرل سعید القحطانی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ اور دیگر مقامات سمیت حج مناسک سے متعلق تمام راستوں اور علاقوں میں حفاظتی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔

    جنرل سعید القحطانی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی عوام اور حکام شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں اللہ کے مہمانوں کی راحت و آرام کےلیے تمام اشیاء کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ  حج سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ کا مؤقف تھا کہ حج کی ادائیگی کے سعودیہ آنے والے حجاج کرام کی حفاظت و سلامتی کےلیے تمام تر وسائل کو برائے کار لایا جائے گا۔

    غیر  ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر داخلہ شہزدہ عبدالعزیز بن سعود کی ایمرجنسی فورس کے مرکز پہنچنے کے بعد سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں، عسکری گاڑیوں اور طیاروں نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحتیوں کا عملی مظاہرہ کیا۔

  • حج 2018:‌ ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے

    حج 2018:‌ ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے

    اسلام آباد: وفاقی وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایک لاکھ 35 ہزار 834 عازمین مناسک حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے جن میں سے اب تک 13 کی اموات ہوچکیں۔

    ترجمان وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت 93 ہزار 613 عازمین حج مکہ المکرمۃ جبکہ پرائیوٹ کوٹے سے 42 ہزار 221 فرزندانِ توحید سعودی عرب پہنچے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  سعودی عرب میں پاکستانیوں کی خدمت کے لیے تعینات عملہ اُن کو ہر قسم کی مدد فراہم کررہا ہے ، اب تک 1597 عازمین کا گمشدہ سامان تلاش کر کے اُن کے حوالے کیا گیا جبکہ 212 راستہ بھولنے والے لوگوں کو اُن کی رہائش گاہ تک پہنچایا۔

    مزید پڑھیں: پاکستانی نوجوانوں کا کارنامہ،لاپتہ عازمینِ حج کو ڈھونڈنے والی موبائل ایپ تیار کرلی

    ترجمان کے مطابق 551 ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف عازمین کی طبی سہولتوں کے لیے 24 گھنٹے ڈیوٹیاں انجام دے رہاہے جبکہ پاکستان حج میڈیکل مشن سے اب تک 62 ہزار 2سو 99 لوگوں سے استفادہ کیا۔

    وفاقی مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب پہنچنے والے ایک لاکھ35 ہزار 834 عازمین سے اب تک 13 افراد کا انتقال ہوچکا جن میں سے 12 کی طبعی اور 1 کی ٹریفک حادثے میں موت واقع ہوئی‘۔

    ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں تعینات پاکستانی عملے کی جانب سے اب تک 725 عازمین کو وہیل چیئرز جاری کی گئیں تاکہ وہ آرام و سکون کے ساتھ عبادات کرسکیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں پاکستانی سفیرکا ’حج مشن‘ کے انتظامات پراظہارِاطمینان

    واضح رہے کہ رواں سال پاکستان سے کل ایک لاکھ اناسی ہزار دو سو دس (179,210)عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، جن میں سے ایک لاکھ بیس ہزار سرکاری اسکیم جبکہ انسٹھ ہزار دو سو دس ( 59,210) افراد نجی اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔

    خیال رہے کہ پی آئی اے کی جانب سے رواں سال بھی حج آپریشن کے سلسلے میں خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، قومی ایئرلائن کے حج آپریشن کے دوران بوئنگ 777 اور ائیربس 320 طیارے عازمین حج کو سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔

    عازمین حج کی سعودی عرب روانگی 14 جولائی سے شروع ہوئی جو 15 اگست تک جاری رہے گی جبکہ فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کے بعد حاجیوں کی واپسی کے لیے آپریشن 27 اگست سے شروع ہوگا۔

  • حج 2018: سرکاری قرعہ اندازی، 17921 عازمین کے ناموں کا اعلان

    حج 2018: سرکاری قرعہ اندازی، 17921 عازمین کے ناموں کا اعلان

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے سرکاری حج اسکیم کے دوسرے مرحلے کی قرعہ اندازی میں 17921 خوش نصیب عازمین کے ناموں کا اعلان کردیا جو رواں سال حج کی سعادت حاصل کریں گے ، اسکیم کے تحت 80 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو قرعہ اندازی سے مستشنیٰ قرار دے کر کامیاب قرار دیا گیا۔

    وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار یوسف کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق تین سال یا زائد بار  حج درخواستیں دینے والے 12237 افراد کو اس بار بغیر قرعہ اندازی کے حج پر بھیجا جارہا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ 80 سال سے زائد عمر والے 4928 زائرین کو بمع معاون بھی سرکاری کوٹے پر بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دیا گیا ایسے معمر افراد بھی رواں سال حج پر جاسکیں گے جبکہ اگر 7 فیصد کوٹے کا عدالتی فیصلہ وزارت کے حق میں آیا تو 17562 درخواستوں کی قرعہ اندازی بھی کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، حج پالیسی میں بہتر سہولیات کی ہدایت

    سردار یوسف کا کہنا تھا کہ 10 فیصد سرکاری اسکیم میں قرعہ اندازی کے بعد ناکام رہنے والے افراد بینکوں سے رقم واپس لے سکتے ہیں اور جو لوگ رقوم واپس نہیں لیں گے انہیں اگلی بار 7 فیصد کی قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔

    وفاقی مذہبی امور کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکیم کے تحت 10 فیصد عازمین حجازِ مقدسہ جائیں گے جبکہ ڈالر ریٹ کی قدر میں ہونے والے اضافے کی 4 ارب سے زائد رقم حکومت حاجیوں کو خود سے ادا کرے گی۔

    عازمین کی فنگر پرنٹس لینے کی پالیسی کے حوالے سے سردار یوسف کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے ایسا کوئی حکم وزارت کو موصول نہیں ہوا، وزارتِ خارجہ نے فنگر پرنٹس کے استشنیٰ کی درخواست بھی سعودی حکام کے حوالے کردی اُس کا بھی تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

    یہ بھی پڑھیں: حج 2018: سرکاری کوٹے کی پہلی قرعہ اندازی، 87 ہزار خوش نصیب عازمین

    خوش نصیب افراد کو بذریعہ موبائل میسج آگاہ کیا جائے گا جبکہ مذہبی امور کی ویب سائٹ http://www.hajjinfo.org پر بھی نتائج دیکھے جاسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال پاکستان سے کل ایک لاکھ اناسی ہزار دو سو دس (179,210)عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، جن میں سے ایک لاکھ بیس ہزار عازمین سرکاری اسکیم کے تحت جبکہ انسٹھ ہزار دو سو دس ( 59,210) افراد نجی حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔