Tag: حج 2020

  • حج 2020: صحافیوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات

    حج 2020: صحافیوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات

    ریاض: حج 2020 کی میڈیا کوریج کے لیے میڈیا گیٹ کا افتتاح کردیا گیا، راوں برس حج کی کوریج کے لیے وزارت اطلاعات کی جانب سے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے قائم مقام وزیرطاطلاعات ماجد القصبی نے حج کی کوریج کے لیے میڈیا گیٹ کا افتتاح کردیا۔

    ماجد القصبی کا کہنا تھا کہ میڈیا گیٹ سعودی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کو حج کی خبریں، رپورٹیں اور تمام ضروری معلومات فراہم کرے گا، حج میڈیا گیٹ کے ذریعے دنیا بھر میں موجود صحافی حج سے متعلق ابلاغی معلومات اور مواد آسانی سے حاصل کر سکیں گے۔

    راوں برس حج کوریج کے لیے وزارت اطلاعات کی جانب سے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن کے تحت میڈیا سے متعلق افراد وزارت کی ویب سائٹ کے ذریعے تصاویر اور ویڈیو فوٹیج کے علاوہ آن لائن پریس کانفرنس کا مواد حاصل کرسکیں گے۔

    وزارت اطلاعات نے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کی رجسٹریشن کے لیے بھی خصوصی لنک جاری کیا ہے جس کے ذریعے پریس کانفرنس کی آن لائن کوریج اور ذمہ داروں سے سوالات بھی پوچھے جا سکتے ہیں۔

    حج کوریج کرنے والی ویب سائٹ کو ’امن وسلامتی کے ساتھ‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ وزارت اطلاعات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب سے سینکڑوں صحافی جبکہ بیرون ملک سے 25 سو میڈیا سے متعلق افراد ویب سائٹ پر خود کو رجسٹر کروا چکے ہیں۔

  • حجاج کے درمیان سماجی فاصلہ یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات

    حجاج کے درمیان سماجی فاصلہ یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات

    ریاض: رواں برس حجاج کرام کے لیے حج کے دوران خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، حجاج کے درمیان سماجی فاصلہ یقینی بنانے کے لیے طواف کے صحن میں مختلف رنگوں کی علامتیں بنائی گئی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی نائب وزیر حج و عمرہ عبد الفتاح مشاط نے مسجد الحرام میں حجاج کے استقبال کے لیے حتمی انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اطمینان حاصل کیا کہ طواف، سعی اور دیگر عبادات کرتے ہوئے حجاج سماجی فاصلہ کس طرح برقرار رکھیں گے اور کرونا وائرس سے کس طرح بچ سکیں گے۔

    نائب وزیر حج کا کہنا تھا کہ طواف کے صحن میں مختلف رنگوں کی علامتیں بنائی گئی ہیں، حاجیوں کو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ مخصوص رنگ سے جڑا ہوا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ حاجیوں کے ہر گروپ کے لیے طواف کے حوالے سے الگ الگ رنگ کی علامتیں رکھی گئی ہیں۔ ہر گروپ اپنے لیے مخصوص رنگ والی علامت کے دائرے ہی میں رہتے ہوئے طواف کرے گا۔

    عبد الفتاح مشاط کا کہنا تھا کہ خانہ کعبہ کا طواف کرنے والوں کے مابین سماجی فاصلے کو یقینی بنا دیا گیا ہے، ابھی تک حج کرنے والوں میں کوئی بھی کرونا وائرس کا مریض نہیں نکلا۔

    نائب وزیر حج کا کہنا تھا کہ ہنگامی صورت حال کبھی اور کہیں بھی پیش آسکتی ہے، ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے پیشگی اسکیمیں تیار کرلی گئی ہیں۔ حاجیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے اور کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سابقہ اسکیموں میں حفظان صحت کی تدابیر کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: حج درخواستوں کی اسکروٹنی مکمل

    سعودی عرب: حج درخواستوں کی اسکروٹنی مکمل

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے حج درخواستوں کی اسکروٹنی مکمل کرلی، رواں برس 70 فیصد حاجی سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں میں سے لیے جائیں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس سال آن لائن حج درخواستوں کی اسکروٹنی مکمل کرلی، مملکت میں مقیم 160 ممالک کے شہریوں نے درخواستیں دی ہیں۔

    وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ دی گئی درخواستوں میں سے منتخب غیر ملکیوں ہی کو حج پر بھیجا جائے گا، سعودی وزارت حج و عمرہ ان غیر ملکیوں کے ناموں کی فہرست جاری کرے گی جو اس سال حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

    اس سال 70 فیصد حاجی سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں میں سے لیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ عازمین سے حج درخواستیں آن لائن لی گئی ہیں، ایس ایم ایس عازم حج کے موبائل نمبر پر بمعہ تعارف بھیجا جائے گا، وزارت حج نے اس سے قبل مقیم غیر ملکیوں سے کہا تھا کہ جو اس سال حج پر جانا چاہتے ہیں وہ آن لائن لنک کے ذریعے درخواستیں دیں۔

    درخواستوں کی منظوری اصولی ہوگی اور اسے حتمی منظوری کے بعد ہی شمار کیا جائے گا۔ امیدواروں میں سے وہی حج پر جا سکیں گے جو صحت اور انتظامی ضوابط پر پورے اتریں گے۔

    وزارت حج کے مطابق حج کے لیے صرف انہی امیدواروں کا انتخاب ہوگا جو لاعلاج امراض سے پاک ہوں گے اور جو کرونا وائرس سے محفوظ ہونے سے متعلق لیبارٹری ٹیسٹ سرٹیفکیٹ پیش کریں گے۔

    ترجیح ان کو دی جائے گی جنہوں نے پہلے کبھی حج نہیں کیا ہوگا، جن کی عمریں 20 سے 50 کے درمیان ہوں گی اور جو حج سے قبل اور حج کے بعد قرنطینہ کی پابندی کریں گے۔

  • رواں برس حج کے اخراجات میں اضافے کا امکان

    رواں برس حج کے اخراجات میں اضافے کا امکان

    اسلام آباد: رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کا ارادہ رکھنے والوں کے لیے تشویشناک خبر سامنے آگئی، رواں برس حج کے اخراجات 5 لاکھ روپے سے تجاوز کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع مذہبی امور کا کہنا ہے کہ رواں برس حج 5 لاکھ روپے سے بھی زیادہ مہنگا ہوسکتا ہے۔ حج فارمولیشن کمیٹی سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے کہ حج اخراجات کو کیسے کم کیا جائے۔

    وزارت مذہبی امورحج پالیسی 2020 فارمولیشن کمیٹی کے پاس بھیج چکی ہے، کمیٹی حج پالیسی کو حتمی شکل دے کر کابینہ سے منظور کروائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فارمولیشن کمیٹی کے متعدد اجلاس ہوئے مگر کمیٹی حتمی فیصلے پر متفق نہ ہو سکی، حج کو 5 لاکھ روپے سے کم کرنے کے لیے کمیٹی ارکان مختلف پہلوؤں پر غور کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال حج اخراجات 4 لاکھ 26 ہزار روپے تھے۔ سیکریٹری مذہبی امور کے مطابق سعودی عرب کے عائد ٹیکسز کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے، سعودی عرب نے حج اخراجات 24 سو سے 26 سو 50 ریال کردیے ہیں۔

    وزارت مذہبی امور نے گزشتہ برس حکومتی کفایت شعاری سے گزشتہ حج پر 5 ارب 53 کروڑ روپے حاجیوں کو واپس کیے تھے، اوسطاً فی حاجی 37 ہزار روپے واپس کیے گئے، 70 فیصد حاجیوں کو بچ جانے والی رقم واپس کی گئی۔