Tag: حج 2021

  • سعودی عرب: ’میرے اندر یہ احساس پیدا ہوا تھا کہ اس سال حج کا خواب پورا ہو جائے گا‘

    سعودی عرب: ’میرے اندر یہ احساس پیدا ہوا تھا کہ اس سال حج کا خواب پورا ہو جائے گا‘

    ریاض: کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے گزشتہ برس دنیا بھر کے مسلمان فریضۂ حج کی ادائیگی سے محروم رہ گئے تھے، تاہم اس سال محدود تعداد میں دنیا کے متعدد ممالک سے زائرین نے حج کی سعادت حاصل کی۔

    کرونا وبا کے دوران حج کی سعادت حاصل کرنے پر حجاج خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، اور ان کا کہنا ہے کہ برسوں سے وہ حج کا خواب دیکھ رہے تھے جو آج پورا ہوگیا، وبا کی وجہ سے سعودی عرب نے رواں برس صرف محدود تعداد میں لوگوں کو حج کی اجازت دی۔

    سعودی وزارت کے مطابق پانچ لاکھ سے زیادہ حج درخواستوں میں سے صرف 60 ہزار کو حج کے لیے منتخب کیا گیا تھا، جب کہ 2019 میں 25 لاکھ افراد نے حج ادا کیا تھا۔

    کرونا وبا کی وجہ سے محدود افراد کی اجازت کے باوجود خوش نصیب حجاج کو پہلے سے احساس ہو گیا تھا کہ اس سال وہ حج کی سعادت حاصل کر لیں گے۔

    سعودی میڈیا کے مطابق میدان عرفات میں مراکش کے حاجی رشید الادریسی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’حج درخواست کی منظوری کی اطلاع میرے لیے بہت بڑی خوش خبری تھی، جب درخواست کا فارم سامنے آیا تو میں اسے روانی کے ساتھ بھرتا چلا گیا تھا، اس سے میرے اندر یہ احساس پیدا ہوا تھا کہ اس سال حج کا خواب پورا ہو جائے گا۔

    جیزان میں مقیم مصر کے ڈاکٹر علی صبحی نے کہا کہ حج انتظامات بہت عمدہ ہیں، امیدواروں کے انتخاب میں شفافیت کا مظاہرہ کیا گیا۔ سوڈانی حاجی موسیٰ حسین نے کہا کہ انھوں نے پہلا حج بیس برس پہلے کیا تھا، اس دوران حج مقامات کی دنیا ہی بدل گئی ہے۔

    ایک عرب حاجی عادل بوعبید نے حج کا موقع ملنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ 35 برس سے حج کا خواب دیکھ رہا تھا، جب بھی حج کا موسم آتا کوئی نہ کوئی مصروفیت یا کوئی مسئلہ آڑے آ جاتا۔

    انھوں نے کہا اس سال حج سے متعلق میرا خواب پورا ہوگیا، کرونا کی وجہ سے حجاج کی تعداد محدود ہے مگر قسمت نے میرا ساتھ دیا اور حج درخواست منظور ہوگئی۔ میدان عرفات میں مصری حجن نے ایس پی اے کو بتایا کہ وہ 30 برس سے فریضۂ حج کا خواب دیکھ رہی تھیں جو اس سال شرمندہ تعبیر ہوگیا۔

  • عداوت اور نفرت کو ختم کرنا چاہیئے، اللہ فساد کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا: خطبہ حج 2021

    عداوت اور نفرت کو ختم کرنا چاہیئے، اللہ فساد کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا: خطبہ حج 2021

    مکہ مکرمہ: دین اسلام کے اہم ترین رکن حج 2021 کا خطبہ میدان عرفات میں دیا گیا، خطبہ حج کے بعد حجاج کرام نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں سال 1442 ہجری کے حج کا خطبہ میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں دیا گیا۔ خطبہ حج مسجد نبوی ﷺ کے امام شیخ بندر بن عبد العزیز دیا۔

    شیخ بندر بن عبد العزیز نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا، اللہ کے سوا کسی اور کو نہ پکارو، اللہ تعالیٰ کسی کی محنت ضائع نہیں کرتا۔ اپنی نمازوں کی حفاظت کرو۔ ایسے عبادت کرو جیسے تم اللہ کو دیکھ رہے ہو، اللہ نے لوگوں کے ساتھ نیکی کرنے کا حکم دیا ہے، قرآن میں ہے جس نے تمہیں اللہ کے آگے جھکایا وہ محسن ہے۔ اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو، پرہیز گاری اختیار کرو، ایمان کا تقاضہ یہ بھی ہے کہ زکوٰة کی ادائیگی کرو۔

    خطبے میں کہا گیا، بے شک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے، اللہ نے انسانوں کی اعلیٰ معیارکی تخلیق کی اور دنیا میں بھیجا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا زمین پر فساد نہ پھیلاؤ، بے شک اللہ فساد پھیلانے والوں کو پسند نہیں کرتا، اللہ تعالیٰ نے فرمایا والدین کے ساتھ احسان کا معاملہ کرو، بے شک اللہ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔

    خطبے میں کہا گیا کہ اللہ ہمیشہ اچھائی کا درس دیتا ہے، گواہی دیتے ہیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، اللہ نے فرمایا میری رحمت سب کے لیے وسیع ہے۔ رمضان المبارک کے روزے مسلمانوں پر فرض کیے گئے ہیں، اللہ نے فرمایا، اے ایمان والو، اپنے وعدوں اور حقوق کو پورا کرو۔ رشتے داروں اور پڑوسیوں کے ساتھ احسان کرو، آپس میں مساوات اور اخوت سے رہیں۔

    خطبے میں کہا گیا، اللہ نے فرمایا یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ احسان کرو، اللہ نے فرمایا تمام مخلوقات کے ساتھ احسان کا معاملہ کرو۔ اللہ کی اطاعت کرو اور اسی سے ہی مدد مانگو، اللہ تعالیٰ ہمارے ہر عمل کے مطابق حساب لے گا، عداوت اور نفرت کو ختم کرنا چاہیئے، حج اسلام کا پانچواں رکن ہے جو استطاعت رکھتا ہے وہ حج کرے۔

    خطبے میں کہا گیا کہ جب جانور کو ذبح کرو تو اچھے سے کرو تاکہ اسے تکلیف نہ ہو، معاشرے اور معاشرتی معاملات میں احسان قائم کرو، اللہ تعالیٰ نے فرمایا، تقویٰ اختیار کرنے والے ہمیشہ جنت میں رہیں گے۔ قرآن میں حکم ہے اپنی بیویوں کے ساتھ اچھا رویہ رکھو، دنیا میں جو احسان کرے گا تو آخرت میں اس کا بھلا ہوگا، اللہ نے توبہ کا دروازہ بندوں کے لیے ہمیشہ کھول رکھا ہے۔

    خطبے میں کہا گیا، لوگوں کی طرف سے آنے والی تکالیف اور مسائل پر صبر کرو، تم احسان کرو اللہ احسان کرنے والوں کو پسند کرتا ہے، اللہ کی رحمت بہت قریب ہے۔ موت اور زندگی کو اس لیے پیدا کیا گیا تاکہ آزمایا جا سکے کون اچھے عمل کرتا ہے۔

    خطبہ حج کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ایک وقت میں قصر کر کے پڑھی جائیں گی اور پھر غروب آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے۔

    یاد رہے کہ رواں برس کرونا وائرس کی وجہ سے صرف سعودی عرب میں مقیم 60 ہزار ملکی اور غیر ملکی افراد ہی حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔

  • حج انتظامات سے متعلق سعودی وزارت حج کی جانب سے تفصیلات جاری

    حج انتظامات سے متعلق سعودی وزارت حج کی جانب سے تفصیلات جاری

    ریاض: سعودی عرب میں عازمین حج کے خیر مقدم کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے اس سلسلے میں تفصیلات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ حج سے متعلق 30 سے زائد اداروں کے تعاون سے اسٹریٹیجک اور آپریشنل منصوبے تیار کیے گئے ہیں، حجاج کرام کے لیے کرونا وائرس سے محفوظ رہائش گاہیں تیار کی گئی ہیں۔

    دیگر تفصیلات کے مطابق عرفات کے خیموں کے ساتھ منیٰ اور مزدلفہ کی سہولیات بھی تسلی بخش طریقے سے فراہم کی گئی ہیں، دوران حج صحت مند ماحول کی فراہمی اور معاشرتی فاصلے کو یقینی بنایا جائے گا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ عازمین حج کو رہائش گاہ سے مطلوبہ مقامات تک لے جانے کے لیے بسوں کا انتظام کر لیا گیا ہے، 50 حاجیوں کی گنجائش والی ایک بس 20 حاجیوں کے لیے مختص کی گئی ہے۔

    حکام کے مطابق مملکت میں رہائش پذیر تمام ممالک کے افراد میں 50 سال سے زیادہ عمر والوں کو ترجیح دی جائے گی، جب کہ عازمین حج 17 اور 18 جولائی کو پہنچنا شروع ہوں گے۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث گزشتہ سال کا حج انتہائی غیر معمولی تھا، ہر سال ادا ہونے والا فریضہ حج انتہائی محدود سطح پر ادا کیا گیا تھا۔

    دوسری جانب سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ محرم کے ساتھ حج درخواست دینے والی خاتون تنہا درخواست منسوخ نہیں کرا سکتی، بطور محرم حج درخواست دینے والے مرد بھی تنہا اسے منسوخ نہیں کرا سکتے، ارادہ بدلنے کی صورت میں محرم، درخواست گزار دونوں کی درخواست منسوخ ہوگی، خاتون کا محرم شوہر، بھائی، بیٹا اور والد ہو سکتے ہیں۔

  • حج درخواستوں کی وصولی کا آج آخری دن

    حج درخواستوں کی وصولی کا آج آخری دن

    ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ حج درخواستوں کی وصولی کا آخری دن 23 جون یعنی آج ہے، جمعے کو عازمین حج کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ حج درخواستوں کی وصولی کا آخری دن 23 جون یعنی آج ہے، آج رات 10 بجے تک درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ جمعہ کو عازمین حج کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا، 25 جون دوپہر 1 بجے سے بکنگ اور حج پیکج کے حصول کی کارروائی شروع ہوجائے گی۔

    وزارت کے مطابق منتخب افراد کو میسج موصول ہونے کے 3 گھنٹے کے اندر اپنا پیکج خریدنا ہوگا، مقررہ وقت میں پیکج نہ لینے والے افراد کا نام فہرست سے نکال دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے 15 جون کو حج کی درخواستوں کے لیے لنک جاری کیا اور صرف 24 گھنٹے کے اندر وہاں ساڑھے 4 لاکھ درخواستیں موصول ہوگئی تھیں۔

  • حج 2021: صرف 24 گھنٹے میں ساڑھے 4 لاکھ درخواستیں موصول

    حج 2021: صرف 24 گھنٹے میں ساڑھے 4 لاکھ درخواستیں موصول

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے گزشتہ روز رواں برس حج کی درخواستوں کے لیے لنک جاری کیا اور صرف 24 گھنٹے کے اندر وہاں ساڑھے 4 لاکھ درخواستیں موصول ہوگئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں مقیم ملکی و غیر ملکی شہریوں کی جانب سے اب تک حج کے لیے 4 لاکھ 50 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

    موصول ہونے والی درخواستیں صرف 24 گھنٹوں میں ملی ہیں، وزارت حج و عمرہ نے لنک 24 گھنٹے قبل جاری کیا تھا۔

    سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے مطابق ملنے والی درخواستوں میں سے 60 فیصد مرد حضرات کی ہیں جبکہ 40 فیصد خواتین کی ہیں۔

    حج کی درخواستیں جمع کروانے کا ابتدائی مرحلہ غیر حتمی ہے جس میں خواہشمند افراد اپنے کوائف کا اندراج کرائیں گے، درخواستوں کی حتمی منظوری کا مرحلہ 13 ذی القعد تک جاری رہے گا جس کے بعد صرف 60 ہزار افراد کو اگلے مرحلے کے لیے منتخب کیا جائے گا۔

  • حج 2021، ‘سعودی حکومت نے عازمین کی  تعداد کا حتمی فیصلہ نہیں کیا’

    حج 2021، ‘سعودی حکومت نے عازمین کی تعداد کا حتمی فیصلہ نہیں کیا’

    اسلام آباد : معاون خصوصی علامہ طاہراشرفی کا کہنا ہے کہ ویکسین کےمعاملےپرسعودی حکومت سےرابطےمیں ہیں ،سعودی حکومت نے عازمین کی تعداد کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی علامہ طاہراشرفی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا سعودی حکومت نے عازمین کی تعداد کا حتمی فیصلہ نہیں کیا، 60 ہزارعازمین کی تعداد سعودی صحت کی وزارت کی تھی۔

    علامہ طاہراشرفی کا کہنا تھا کہ ویکسین کے معاملے پر سعودی حکومت سےرابطےمیں ہیں، ہماری ویکسین کوعالمی ادارہ صحت نےبھی تسلیم کرلیا ہے۔

    گذشتہ روز سعودی وزیر حج و عمرہ کا وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے ٹیلفونک رابطہ ہوا تھا ، جس میں ‏حج 2021 کے آپریشن اور تیاریوں سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔

    ٹیلیفونک رابطے کے بعد وفاقی وزیر نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ عازمین کی ‏تعداد اور ایس او پیز ابھی طے ہونا باقی ہیں، سعودی حکومت حتمی فیصلے سے قبل پاکستان کو ‏اعتماد میں لے گی سعودی حکومت کی جانب سے حتمی اعلان کے بعد حج پالیسی کا اعلان کیا ‏جائے گا۔

    سعودی سفارتخانہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کتنے عازمین شریک ہوں گے،حج پالیسی کیا ‏ہوگی، فیصلہ ہوناہے، حج سےمتعلق کوئی سرکاری فیصلہ نہیں ہوا صرف مختلف تجاویز پر غور جاری ‏ہے۔

  • حج 2021: سعودی عرب کی جانب سے قواعد و ضوابط جاری

    حج 2021: سعودی عرب کی جانب سے قواعد و ضوابط جاری

    ریاض: حج 2021 کے لیے سعودی عرب کی جانب سے قواعد و ضوابط جاری کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت صحت نے عازمین کے لیے منظور شدہ کرونا ویکسین کی شرط لگا دی ہے۔

    سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عازمین حج کو کرونا ویکسین ذوالحجہ سے قبل لگوانی لازمی ہوگی، عازمین ذوالحجہ سے قبل کرونا ویکسی نیشن کرائیں۔

    سعودی وزارت صحت کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے عازمین کا دوبارہ کرونا ٹیسٹ ہوگا، اور عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ ویکسین لگانے کا مصدقہ ثبوت دینا ہوگا، جس میں یہ وضاحت کی گئی ہو کہ مملکت آمد سے 2 ہفتے پہلے ویکسین لگائی گئی ہے۔

    جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حج سیزن میں کام کرنے والے منظور شدہ ویکسین کی خوراک حاصل کر چکے ہوں، اور حج سیزن میں ورکرز مستقل طور پر ماسک لگانے کے پابند ہوں گے۔

    وزارت صحت نے اعلامیے میں کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا، جب کہ مملکت سعودی عرب میں پہنچنے والے عازمین حج کو 72 گھنٹے کے لیے قرنطینہ کیا جائے گا۔

    48 گھنٹے بعد مقررہ و منظور شدہ فیلڈ سروس ٹیمیں عازمین کا دوبارہ ٹیسٹ کریں گی، ذوالحجہ سے قبل مکہ، مدینہ میں 60 فی صد تک مقررہ عمر کے افراد کی ویکسی نیشن ہوگی۔

  • حج 2021 : پاکستان سعودی حکومت کے جواب کا منتظر

    حج 2021 : پاکستان سعودی حکومت کے جواب کا منتظر

    اوکاڑہ:وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے حج کیلئے ابھی تک کوئی اپ ڈیٹ نہیں دی ، اس حوالے سے ہم مسلسل رابطےمیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری نے جامعہ اشرف المدارس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کچھ ممالک کیلئےسعودی عرب کے ایس اوپیز بہت سخت ہیں، سعودی حکومت نے حج کیلئے ابھی تک کوئی اپ ڈیٹ نہیں دی۔

    نورالحق قادری کا کہنا تھا ہم سعودی حکومت سےمسلسل رابطےمیں ہیں، سعودی عرب سے ابھی تک حج کیلئے ایم اویونہیں ہوا۔

    گذشتہ روز وزیرمذہبی امور نورالحق قادری نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب اب بھی حجاج کرام سے حج کے لئے درخواستیں قبول نہیں کررہا ، امیدہے اگلے 5ماہ میں صورتحال بہترہوجائےگی ، ویکسین آنے کے بعد امید ہے حج ادائیگی معمول کے مطابق ہوگی۔

    وزیر نے بتایا کہ سعودی حکام کی جانب سے حج کے حوالے سے کوئی واضح احکام نہیں آئے اور نہ ابھی تک حج سے متعلق پاکستان کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

  • وفاقی وزیر نے رواں سال حج کی ادائیگی  کے حوالے سے  اچھی خبر سنادی

    وفاقی وزیر نے رواں سال حج کی ادائیگی کے حوالے سے اچھی خبر سنادی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ پاکستان حج 2021 کے بارے میں سعودی عرب کی جانب سے واضح جواب کے منتظر ہے، ویکسین آنے کے بعد امید ہے حج ادائیگی معمول کے مطابق ہوگی۔

    تفصیلات رواں سال بھی کورونا وائرس کے باعث حج متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، اس حوالے سے وزیرمذہبی امور نورالحق قادری نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اب بھی حجاج کرام سے حج کے لئے درخواستیں قبول نہیں کررہا ، امیدہے اگلے 5ماہ میں صورتحال بہترہوجائےگی ، ویکسین آنے کے بعد امید ہے حج ادائیگی معمول کے مطابق ہوگی۔

    وزیر نے بتایا کہ سعودی حکام کی جانب سے حج کے حوالے سے کوئی واضح احکام نہیں آئے اور نہ ابھی تک حج سے متعلق پاکستان کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

    قادری نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ لوگ اس سال حج کے امکان سے پریشان ہیں ، اس سلسلے میں "سعودی عرب کے حکام سے مستقل رابطے میں ہیں۔

    ،وزیرمذہبی امور کا کہنا تھا کہ پاکستان حج 2021 کے بارے میں سعودی عرب کی جانب سے واضح جواب کے منتظر ہے، سعودی حکام اس معاملے پر مشاورت کرتےہیں تاہم اب تک تعدادسے متعلق بھی کچھ نہیں بتایا۔

    خیال رہے گذشتہ سال سعودی عرب نے کورونا کی وبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا تھا اور صرف دس ہزار افراد ے فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل کی تھی۔