Tag: حج 2025

  • حج 2025: پاکستانی حجاج کو سب سے زیادہ کیا مشکلات پیش آئیں؟

    حج 2025: پاکستانی حجاج کو سب سے زیادہ کیا مشکلات پیش آئیں؟

    اسلام آباد (13 اگست 2025): رواں برس حج کے دوران پاکستانی حجاج کی شکایات سے وزیر مذہبی امور نے قومی اسمبلی میں جواب جمع کرا دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رواں برس حج کے دوران پاکستانی حجاج کرام کو سب سے زیادہ کیا مشکلات پیش آئیں اور کتنے حجاج نے شکایات کیں۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کرا دیا ہے۔

    وزارت مذہبی امور کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق رواں برس پاکستانی حجاج کی جانب سے 3267 شکایات موصول ہوئیں۔

    سب سے زیادہ 1322 حجاج کرام نے کمروں کی الاٹمنٹ اور صفائی وغیرہ سے متعلق شکایات کیں جب کہ 748 حجاج کی شکایات ٹرانسپورٹ مشکلات سے متعلق تھیں، جس میں بسوں کی تعداد، دیر سے آمد اور مزید اسٹاپ بنانے کے مطالبات پر مبنی تھیں۔

    وزارت مذہبی امور کے تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ 689 حجاج نے کھانے کے معیار، مینیو، معالج، شوگر لیول سے متعلق شکایات کیں۔ 508 حجاج کرام ایسے بھی تھے جنہوں نے موبائل فون نیٹ ورک، ایپس اور وائی فائی سے متعلق شکایات کیں۔

    تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ یہ شکایات آن لائن اور براہ راست جمع کرائی گئیں جن کو دور کرنے کے لیے موثر نظام اپنایا گیا اور شکایتی دفتر حجاج کرام کی شکایات دور کرنے کے لیے 24 گھنٹے کام کرتے رہے۔

    https://urdu.arynews.tv/hajj-2026-2nd-phase-of-receiving-applications-begins/

  • مناسکِ حج کا آغاز آج  ہوگا، لاکھوں عازمین وادی منیٰ روانہ

    مناسکِ حج کا آغاز آج ہوگا، لاکھوں عازمین وادی منیٰ روانہ

    مکہ مکرمہ : مناسک حج کا آغاز آج ہوگا، جہاں دنیا کی سب سےبڑی خیمہ بستی آباد ہوگی تاہم رکن اعظم وقوف عرفہ جمعرات کو ادا کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حج 2025 کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، آج سے مناسک کا آغاز ہوگا اور شام سے عازمین وادی منیٰ پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔

    جہاں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگی، عازمین وادیِ منی کی عارضی خیمہ بستی میں رات قیام کریں گے۔

    منی اورعرفات میں انتظامات مکمل ہیں، منی میں خیموں کے علاوہ دس منزلہ عمارت تعمیر کی گئی ہے، جہاں تیس ہزارعازمین قیام کرسکیں گے۔

    عازمین جمعرات 9 ذی الحجہ کو میدان عرفات جائیں گے، جہاں حج کارکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔

    میدان عرفات میں خطبہ حج سننے کے بعد نماز ظہر، عصر ملا کر اداکریں گے اور وقوف عرفات کے بعد حجاج کرام مغرب کے بعد میدان عرفات سے مزدلفہ پہنچیں گے جہاں حجاج کرام مغرب اورعشا کی نمازیں ادا کریں گے۔

    حجاج کرام مزدلفہ سے رمی کے لئے کنکریاں اکٹھی کریں گے، 10ذی الحجہ کو نماز فجرکی ادائیگی کے بعد عازمین جمرات روانہ ہوجائیں گے۔ جمرات پر شیطان کوکنکریاں مارنے کے بعد حجاج قربانی کریں گے اور اس کے ساتھ ہی عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا۔

    جس کے بعد عازمین اپنا سر منڈوا کر احرام کھول کر عام لباس پہنیں گے جب کہ خواتین اپنے چوتھائی سر کے بالوں کا انگلی کی ایک پور برابر بال کٹوائیں گی۔

    10ذی الحجہ کوحجاج کرام طواف زیارت اورسعی کریں گے اورمنیٰ لوٹ آئیں گے، 11 اور 12 ذی الحجہ کو حجاج منیٰ میں قیام اور رمی کریں گے۔

    12 ذی الحجہ کو مغرب سے قبل حجاج منیٰ سے نکل جائیں گے اور وطن واپسی سے قبل طواف الوداع کریں گے۔

  • سرکاری اسکیم کے تحت 86ہزار عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے، آج آپریشن کا آخری روز

    سرکاری اسکیم کے تحت 86ہزار عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے، آج آپریشن کا آخری روز

    عازمین حج کو سعودی عرب پہنچانے کے آپریشن کا آج آخری روز ہے، سرکاری حج اسکیم کے تحت 86ہزار 955عازمین حجازمقدس پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق حج فلائٹ آپریشن کے آخری روز 4 پروازوں سے 1305 عازمین مکہ مکرمہ پہنچیں گے، حجاز مقدس پہنچنے والے پاکستانی سرکاری عازمین کی تعداد 88 ہزار 260 ہوگی، حج آپریشن کا آغاز 29 اپریل کو ہوا، مجموعی طور پر 342 پروازیں چلائی گئیں۔

    حج آپریشن 33 روز تک جاری رہا، ابتدائی 15 دنوں میں پاکستان سے جانے والے عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا گیا۔

    سعودی عرب: 13 لاکھ سے زائد عازمین حج مقدس سرزمین پہنچ گئے

    نجی اسکیم کے تحت 22 ہزار 75 پاکستانی عازمین کو سعودی عرب پہنچا دیا گیا، قومی، نجی اور سعودی فضائی کمپنیوں نے عازمین کو پہنچانے کے آپریشن میں حصہ لیا۔

    نجی حج اسکیم کے تحت 25 ہزار 698 پاکستانی حج ادا کرینگے، منیٰ عرفات میں خیموں کی تنصیب اور دیگر انتظامات آخر مراحل میں داخل ہوگئے۔

    اس بار حج 2025 میں 470 حج ناظمین کو متعین کیا گیا ہے، ہر ناظم 188 پاکستانی عازمین کی مدد و رہنمائی کریں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/grand-mufti-hajj-without-permit-is-serious-violation/

  • حج 2025، مفتی اعظم سعودی عرب کا اہم بیان

    حج 2025، مفتی اعظم سعودی عرب کا اہم بیان

    سعودی عرب کے مفتی اعظم، سینئر سکالرز کی کونسل کے چیئرمین اور جنرل پریزیڈنسی برائے علمی تحقیق و افتا کے صدر الشیخ عبدالعزیز آل الشیخ کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔

    خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مفتی اعظم سعودی عرب کا کہنا تھا کہ عبادات کے لیے سرکاری اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے۔ یہ بات انہوں نے اس سال 1446 ہجری کے حج کے عازمین کے لیے ایک ہدایت میں کی۔

    رپورٹس کے مطابق مفتی اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اجازت کے بغیر حج کرنا ایک سنگین شرعی خلاف ورزی ہے کیونکہ اس سے نظام اور مفاد عامہ کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

    اُنہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حج حکام کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنا حکمران کے احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے اور شریعت کے منافی عمل ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی اجازت کے بغیر حج کرتا ہے وہ مذہبی گناہ کا مرتکب ہوتا ہے کیونکہ اس سے امن عامہ کو نقصان پہنچتا ہے اور شریعت کے ان مقاصد کو نقصان پہنچتا ہے جن کا مقصد نظم و ضبط کو برقرار رکھنا، افراتفری کو روکنا اور لوگوں کے مفادات کو حاصل کرنا ہے۔

    تمام عازمین حج پر بھی زور دیتے ہوئے مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ وہ وزارت صحت کی طرف سے تجویز کردہ صحت سے متعلق حفاظتی ٹیکے لگوانے کو یقینی بنائیں۔

    واضح رہے کہ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک مختلف ممالک سے 13 لاکھ 30 ہزار 845 عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق حج 2025 کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے فضائی، بری اور بحری ذرائع سے عازمین کے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ کے مطابق جمعرات دو ذو الحجہ تک زمینی راستے سے 64 ہزار883، بحری ذریعے سے 5 ہزار 88 جبکہ فضائی ذریعے سے 12 لاکھ 60 ہزار 874 عازمین مملکت پہنچ چکے ہیں۔

    محکمہ پاسپورٹ نے فضائی، بری اور بحری پورٹس پر حجام کرام کے داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    سعودی عرب: 13 لاکھ سے زائد عازمین حج مقدس سرزمین پہنچ گئے

    ملک کے تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس کے امیگریشن ہالز میں کوالیفائیڈ عملہ اور جدید تیکنیکی ڈیوائسز نصب کی گئی ہیں۔

  • حج 2025: مکہ مکرمہ جانے والوں کے لیے سعودی حکام کی ہدایت

    حج 2025: مکہ مکرمہ جانے والوں کے لیے سعودی حکام کی ہدایت

    ریاض: رواں برس حج کے ایام قریب آنے کے بعد سعودی حکام نے اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے، پرمٹ رکھنے والے افراد کے علاوہ کسی شخص کو مکہ مکرمہ نہیں جانے دیا جائے گا۔

    عرب میڈیا کے مطابق انتظامیہ نے حج 2025 کے موقع پر مکہ میں غری ضروری رش کو روکنے کے پیشِ نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے، جن غیر ملکیوں کے اقامے مکہ مکرمہ شہر سے جاری ہوئے ہیں وہ اس پابندی سے مستثنی ہوں گے۔

    وزارت داخلہ اور امن عامہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 23 اپریل 2025 سے ’مکہ پرمٹ ‘ پر عمل درآمد کا آغاز کیا جائے گا، غیر ملکی اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ نہیں جا سکتے۔

    حج 2025 کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، ٹول فری نمبرز جاری

    وہ غیر ملکی کارکن جنہیں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے لیے مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ جانا ہوتا ہے اگر ان کے اقامے مکہ مکرمہ کے علاوہ کسی دوسرے شہر سے جاری ہوئے ہیں تو ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ متعلقہ ادارے سے پرمٹ جاری کرائیں ورنہ انہیں شہر سے باہر چیک پوسٹوں سے لوٹا دیا جائے گا۔

    سعوری حکام کے مطابق مکہ پرمٹ کے لیے وزارت داخلہ نے ابشر اور مقیم پلیٹ فارم پر ’تصریح پورٹل‘ لانچ کیا ہے جس کے ذریعے پرمٹ جاری کرایا جاسکتا ہے۔

    خیال رہے حج سیزن کی وجہ سے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی سلامتی اور ان کی سہولت کے لیے عام افراد کے مکہ مکرمہ داخلے پر پابندی عائد کی جاتی ہے تاکہ شہر میں غیر ضروری رش نہ ہونے دیا جائے۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ عازمین ِ حج کی سلامتی اور آارام پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے اس لیے ضوابط پرسختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

  • سعودی عرب: حجاج کرام کو گرمی سے بچانے کیلیے خاص انتظامات

    سعودی عرب: حجاج کرام کو گرمی سے بچانے کیلیے خاص انتظامات

    سعودی عرب میں حج 2025 کے سلسلے میں حاجیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، اللہ کے مہمانوں کی خاطرداری کے لیے منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حج 2025 کے دوران حاجیوں کی صحت کو مقدم رکھتے ہوئے وزارتِ حج و عمرہ نے متوقع شدید گرمی اور لُو کے پیش نظر خاص انتظامات کئے ہیں۔

    اس حوالے سے ‘حج آگاہی مرکز’ کے تعاون سے ایک مہم شروع کی گئی ہے، جس میں حجاج کرام کو سورج کی تپش اور گرمی سے بچاؤ کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    رپورٹس کے مطابق وزارت نے ایک حفاظتی کتابچہ بھی شائع کیا ہے جس میں تین اہم حفاظتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔

    حجام کرام کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دن کے وقت باہر نہ نکلیں اور اگر بہت ضروری ہو تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں یا چھتری کے سائے میں رہیں۔

    پانی کا استعمال زیادہ رکھیں اور پسینہ بہنے سے روکیں۔ سایہ دار مقامات پر زیادہ قیام کریں۔ دھوپ سے جتنا ہوسکے اپنے آپ کو بچائیں۔

    علاوہ ازیں یہ ہدایت بھی کی گئی ہے پُرسکون رہیں اور شدید گرمی میں جلد بازی سے گریز کریں۔ سخت جسمانی کام نہ کریں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں پہلے ہی حاجیوں کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے دونوں مقدس مساجد میں خصوصی اتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

    حج کی سعادت کا خواب! خواہشمند پاکستانیوں کی زندگی بھر کی جمع پونجی داؤ پر لگ گئی

    حاجیوں کے لئے سایہ دار مقامات تیار کیے گئے ہیں۔ پینے کے ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا گیا ہے اور فضا میں پانی چھڑکاؤ کو بھی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: غیر قانونی افراد کیخلاف کریک ڈاؤن، 18,000 سے زائد گرفتار

    سعودی عرب: غیر قانونی افراد کیخلاف کریک ڈاؤن، 18,000 سے زائد گرفتار

    سعودی عرب میں حج 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، ایک ہفتے کے دوران 18,407 افراد کو اقامہ، لیبر اور بارڈر سیکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حراست میں لئے گئے 12,995 افراد اقامہ قوانین، 3,512 بارڈر کراسنگ، اور 1,900 لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔

    غیر قانونی داخلے کی کوشش کرنے والوں میں 66 فیصد ایتھوپین، 28 فیصد یمنی اور باقی دیگر قومیتوں سے تھے۔ 67 افراد مملکت سے غیر قانونی طور پر باہر نکلنے کی کوشش کرتے ہوئے دھر لئے گئے، جبکہ 21 افراد کو خلاف ورزی کرنے والوں کو پناہ یا مدد دینے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔

    وزارت داخلہ نے انتباہ کیا ہے کہ غیر قانونی افراد کو سہولت دینے والوں کو 15 سال تک قید، 10 لاکھ ریال (تقریباً 2.3 کروڑ روپے) جرمانہ، اور گاڑیاں و جائیداد ضبط کیے جانے کا سامنا ہو سکتا ہے۔

    شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع مکہ و ریاض میں 911، اور دیگر علاقوں میں 999 یا 996 پر دیں۔ سعودی حکومت کے مطابق، بہت سے غیر ملکی افراد وزٹ ویزا پر آ کر غیر قانونی طور پر حج کی کوشش کرتے ہیں، جو قانوناً جرم ہے۔

    اس سے قبل سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے خبردار کیا ہے کہ حج 2025 کے لیے غیر سرکاری اداروں سے کسی قسم کا لین دین ہرگز نہ کریں، مقامی عازمین بھی حج پیکیج کی بکنگ وزارت حج کی ویب سائٹ یا ’نسک‘ پورٹل سے کریں۔

    رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے امسال فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہش مندوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ فرضی حج کمپنیوں سے ہوشیار رہیں۔

    بیرون مملکت کے عازمین حج اپنے ملکوں کے سرکاری حج مشنز کے ذریعے ’حج ویزے‘ حاصل کریں جو کہ 80 ممالک میں کام کر رہے ہیں۔ ایسے ممالک جہاں حج مشنز نہیں وہاں مقیم حج کے خواہشمند ’نسک حج‘ پورٹل کے ذریعے حج بکنگ کرائی جاسکتی ہے۔

    وزارت کا اندرون مملکت سے عازمین حج کے حوالے خبردار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سرکاری سطح پر جاری ہونے والے پیکیجز کے ذریعے حج بکنگ کی جائے جو کہ وزارت کی ویب سائٹ یا نسک پورٹل پر جاری کیے جاتے ہیں۔

    وزارت نے تاکید کی ہے کہ سرکاری متعلقہ ادارے سے جاری ہونے والا حج پرمٹ ہی قابل قبول ہوگا جو وزارت کی ویب سائٹ یا پورٹل سے جاری کیا جاتا ہے۔ فرضی حج خدمات فراہم کرنے والے ادارے یا اس حوالے سے گمراہ کن اشتہارات سے محتاط رہیں۔

    مسجد نبویؐ میں ماہ صیام کے دوران لاکھوں افطار پیکٹس کی تقسیم

    وزارت نے مصدقہ معلومات کے لیے متعدد زبانوں میں ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے کی بنیاد پر انفارمیشن سینٹر کی سہولت فراہم کی ہے جس کے لیے اندرون مملکت سے ٹول فری نمبر 1966 جبکہ بیرون مملکت سے 00966920002814 پر رابطہ کر کے حاصل کی جاسکتی ہے علاوہ ازیں ای میل کی سہولت بھی عازمین کے لیے فراہم کی گئی ہے۔

  • رواں سال حج پر جانے والے پاکستانی عازمین کے لئے اہم خبر

    رواں سال حج پر جانے والے پاکستانی عازمین کے لئے اہم خبر

    اسلام آباد : رواں سال حج پر جانے والے پاکستانی عازمین کے لئے اہم خبر آگئی ، شیڈول پاک حج موبائل ایپ پر جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت مذہبی امور کی جانب سے بیان میں کہا ہے کہ محدود نشستوں پر سرکاری حج کیلئے84ہزار620درخواستیں موصول ہوگئی ہے ، تعداد مکمل ہونے پر درخواستوں کی وصولی روکنے کا اعلان کیا جائے گا.

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مناسک حج کی لازمی تربیت کا شیڈول پاک حج موبائل ایپ پر جاری کردیا ہے ، کل سے حج تربیتی نشستوں کا آغاز کیا جائے گا۔

    ترجمان نے بتایا کہ عازمین حج کو کم ازکم 2سیشنز میں تربیت حاصل کرنالازمی ہے سمندر پار پاکستانی حج پرواز سے قبل حاجی کیمپ سے تربیت حاصل کریں گے۔

    ترجمان کے مطابق عازمین حج اپنی نزدیکی تحصیل میں حج تربیت میں شامل ہوں، رہنمائی کیلئےحج ہیلپ لائنزیامتعلقہ حاجی کیمپ سے رابطہ کریں۔

    یاد رہے سرکاری حج اسکیم کے تحت اب تک 81 ہزار 500 عازمین حج سے مجموعی طور پر 48ارب 90 کروڑ روپے وصول کیے گئے ہیں۔

    عازمین حج سے درخواستوں کے ہمراہ پہلی قسط کے طور پر 2لاکھ روپے فی کس وصول کیے گئے۔

    ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج نے پہلی قسط کے طور پر 16ارب 30کروڑ روپےجمع کرائے ہیں جب کہ دوسری قسط کے طور پر عازمین حج سے 4 لاکھ روپے فی کس وصول کیے گئے۔

  • خوشخبری: حج 2025 کے فلائٹ شیڈول کا اعلان ہو گیا

    خوشخبری: حج 2025 کے فلائٹ شیڈول کا اعلان ہو گیا

    رواں سال حج 2025 کے لیے فلائٹ شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے یہ اعلان سعودی عرب کی سول ایوی ایشن کی جانب سے کیا گیا ہے۔

    الوطن اخبار کے مطابق سعودی عرب سول ایوی ایشن نے حج 2025 کے فلائٹ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز 29 اپریل (یکم ذی القعدہ) سے ہوگا اور ان کی واپسی کا عمل 13 ذی الحجہ سے شروع ہو کر 15 محرم 1447 ھ تک جاری رہے گا، جس کے بعد حج آپریشن اختتام پذیر ہو جائے گا۔

    سول ایوی ایشن کی جانب سے حج فلائٹ شیڈول کی رجسٹریشن 3 ربیع الثانی سے شروع کر دی گئی ہے جو 30 شوال المکرم تک جاری رہے گی اور اس دوران ہی حج پروازوں کی آمد اور روانگی کی حتمی فہرست بھی جاری کی جائے گی۔

    خصوصی موبائل ایپ سے عازمین حج کے لیے تمام معلومات ان کے موبائل فونز پر دستیاب ہوں گی۔

    عازمین اپنے حج گروپ کی معلومات، تربیتی شیڈول، فلائٹ کی معلومات، سعودی عرب میں اپنی رہائش، ادائیگی اور دوران حج مقامات کے لائیو نقشے و لوکیشنز سے خود کو آگاہ رکھ سکیں گے۔

    سعودی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ضوابط کے مطابق فضائی کمپنیاں اس امر کی پابند ہوں گی کہ مقررہ شیڈول پر سختی سے عمل کریں۔ ایسی کمپنیاں جو حج فلائٹوں کو منظم نہیں کریں گی، ان کے خلاف مقررہ ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حج 2025 کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت معاہدے کے تحت رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے حجاز مقدس جائیں گے۔

  • پاکستان کا سعودی عرب سے حج 2025 کا معاہدہ، عازمین کو کیا کیا سہولیات میسر ہوگی؟

    پاکستان کا سعودی عرب سے حج 2025 کا معاہدہ، عازمین کو کیا کیا سہولیات میسر ہوگی؟

    اسلام آباد : پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2025 کیلئے معاہدہ طے پاگیا، جس میں عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2025 کیلئے معائدہ طے پاگیا، وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور سعودی وزیر حج اور عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے معاہدے پر دستخط کیے۔

    وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ معاہدے کے تحت 1لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی رواں سال فریضہ حج ادا کریں گے، پاکستانی عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حجاج کو منیٰ میں خصوصی جگہ دی جائے گی اور اس کے نرخ بھی کم ہوں گے، سعودی وزیر حج نے پاکستانی عازمین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

    ترجمان نے بتایا کہ سفر حج کو مزید قابل رسائی، آسان اور آرام دہ بنانے کے لیے 20 سے 25 دن کا مختصر حج پروگرام متعارف کرایا ہے، عازمین کو مدینہ منورہ میں چار سے آٹھ دن کی مدت کے لیے اپنی رہائش کا انتخاب کرنے کی سہولت ہو گی ہر عازم کو خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا۔

    وزارت مذہبی امور نے مزید کہا کہ ایک بیگ ملے گا، جس میں پاکستانی پرچم، شناخت کے لیے کیو آر کوڈ، اور متعلقہ معلومات ہوں گی، خصوصی موبائل ایپ سے عازمین حج کے لیے تمام معلومات ان کے موبائل فونز پر دستیاب ہوں گی۔

    عازمین اپنے حج گروپ کی معلومات، تربیتی شیڈول، فلائٹ کی معلومات، سعودی عرب میں اپنی رہائش، ادائیگی اور دوران حج مقامات کے لائیو نقشے و لوکیشنز سے خود کو آگاہ رکھ سکیں گے۔

    وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سعودی وزارت حج کے زیر اہتمام جدہ میں جاری چار روزہ بین الاقوامی حج کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے، حج ایکسپو میں حجاج کو سہولیات کی فراہمی کے ذمہ دار اداروں اور کمپنیوں سے مزید معاہدے بھی کئے جائیں گے۔