Tag: حج

  • کرائسٹ چرچ حملہ، متاثرہ خاندانوں کو حج کی ادائیگی کے لیے دعوت نامے ارسال

    کرائسٹ چرچ حملہ، متاثرہ خاندانوں کو حج کی ادائیگی کے لیے دعوت نامے ارسال

    کرائسٹ چرچ: سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر نیوزی لینڈ میں دو مساجد پر دہشت گردی کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو حج کی ادائیگی کے لیے دعوت نامے ارسال کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ حملے میں متاثرہ خاندان کے 200 افراد سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر آئندہ ماہ فریضہ حج ادا کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ رواں سال کرائسٹ چرچ حملوں کے متاثرہ افراد کے اہل خانہ کی میزبانی کریں گے جس کے دوران وہ فریضہ حج اور عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔

    سعودی عرب ک وزارت اسلامی امور کے وزیر شیخ عبدالطیف الشیخ نے اعلان کیا کہ کرائسٹ چرچ حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے 200 افراد کو حج کی ادائیگی کے دعوت نامے بھیج دیے گئے۔

    شیخ عبدالطیف الشیخ نے کہا کہ کرائسٹ چرچ حملوں کے متاثرہ خاندانوں کو حج پر بلانا سعودی عرب کی دہشت گردی کو شکست دینے اور اس کا مقابلہ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

    نیوزی لینڈ سے 200 عازمین کو مکہ لانے کے لیے سعودی وزارت مذہبی امور نیوزی لینڈ میں سعودی سفارت خانے کے درمیان رابطے شروع ہو چکے ہیں اور مہمانوں کی آمد کے لیے تمام انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

    سانحہ کرائسٹ چرچ، متاثرہ خاندان حج کے موقع پر شاہ سلمان کے خصوصی مہمان

    نیوزی لینڈ سے فریضہ حج ادا کرنے والے عازمین کو عام طور پر 15 ہزار ڈالرز ادا کرنا ہوتے ہیں لیکن شاہ سلمان کی دعوت پر آنے والے عازمین یہ رقم ادا نہیں کریں گے۔

    یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے آنے والے افراد کو مسلح شخص نے گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 51 ہلاک اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

  • قومی ادارۂ صحت نے حجاج کرام کو کرونا وائرس سے خبردار کر دیا

    قومی ادارۂ صحت نے حجاج کرام کو کرونا وائرس سے خبردار کر دیا

    اسلام آباد: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر قومی ادارۂ صحت نے حجاج کرام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج سیزن میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارۂ صحت نے حج سیزن میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کا اظہار کر دیا ہے، ادارے کی جانب سے کرونا وائرس سے متعلق ہدایت نامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جو کرونا وائرس کی علامات اور احتیاطی تدابیر پر مشتمل ہے۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ حج سیزن کے دوران کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے، جب کہ ادارے کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پہلی بار یہ وائرس 2012 میں سعودی عرب میں سامنے آیا۔

    مراسلے کے مطابق کرونا وائرس کے بیش تر کیسز خلیج اور جنوبی کوریا سے سامنے آئے، اب تک اس سے دنیا بھر میں 838 اموات ہو چکی ہیں، تاہم پاکستان میں تاحال کرونا وائرس کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا۔

    قومی ادارۂ صحت کے ہدایت نامے میں خبردار کیا گیا ہے کہ حج کے موقع پر کرونا وائرس کے پاکستان منتقلی کے خدشات ہیں، جس کی علامات سانس پھولنا، کھانسی، بخار، نمونیا ہیں، اس کے پھیلاؤ کا اہم ذریعہ اونٹ اور جنگلی جانور ہیں۔

    یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وزارت مذہبی امور کرونا وائرس سے متعلق بر وقت اقدامات کرے، وائرس سے متعلق آگاہی اور معلوماتی کتابچے فراہم کیےجائیں، حجاج کرام کو کیمپوں میں وائرس پر تربیتی سیشنز کرائے جائیں، اور بتایا جائے کہ وہ اونٹوں سمیت جنگی جانوروں کو چھونے سے گریز کریں۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا کہ حج میڈیکل مشن کے عملے کو وائرس سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں، حجاج کرام مرض کی علامات ظاہر ہونے پر معالج سے رجوع کریں۔

  • حج کے خواہاں قطری باشندوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن شروع

    حج کے خواہاں قطری باشندوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن شروع

    ریاض : سعودی حکام نے جاری بیان میں کہا ہے کہ قطری حکومت آن لائن رجسٹریشن سروس بند کرکے اپنے شہریوں کو فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم نہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے قطرکے عازمین حج کی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت کے لیے سابقہ تمام روابط بند ہونے کے بعد نئی آن لائن رجسٹریشن سروس قائم کردی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قطری حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ آن لائن رجسٹریشن سروس بند کرکے اپنے ملک کے شہریوں کو فریضہ حج کی ادائی سے محروم نہ کرے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اورشہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے متعقلہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ 1440ھ کے حج سیزن کے موقع پر حسب سابق قطری بھائیوں کے لیے ہرممکن سہولت فراہم کریں۔

    اس حوالے سے وزارت حج نے ایک نئی آن لائن ویب سائیٹ قائم کی ہے جس پر حج کے خواہاں قطری شہری اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت قطر سے آنےوالے عازمین حج کی ہرممکن مدد کو یقینی بنانے کے ساتھ دنیا بھر سے آئے اللہ کے مہمانوں کو مناسک حج کے دوران مکمل مدد فراہم کرنے کےلیے پرعزم ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کے مطابق بیان میں واضح کیا گیا ہےکہ سعودی عرب قطری شہریوں کے فریضہ حج میں کسی قسم کی رکاوٹ کو گورا نہیں کرے گا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ قطری حکومت کو چاہیے کہ وہ حج جیسے عظیم فریضے کو سیاسی رنگ نہ دے اور اپنے ملک کے باشندوں کو حج کی ادائی کے لیے مکمل آزادی فراہم کرے۔

  • بزرگ انڈونیشین اہل خانہ سمیت رواں برس شاہی خرچ پر حج کرے گا

    بزرگ انڈونیشین اہل خانہ سمیت رواں برس شاہی خرچ پر حج کرے گا

    ریاض:سعودی عرب کے حاکم سلمان بن عبدالعزیزکی ہدایت پر انڈونیشیا میں سعودی سفارت نے چورانوے برس کے انڈونیشین بزرگ اور اس کے اہل خانہ کو اس سال شاہی مہمان کے طور پر حج ادائی کی دعوت دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جکارتہ میں سعودی عرب کے سفیر عاصم القرشی نے انڈونیشی بزرگ سے سفارتخانے میں ملاقات کی اور انہیں شاہ سلمان کی جانب سے ملنے والی ہدایات سے متعلق بتایا کہ ہمیں ہدایت کی گئی ہے آپ کی ہمراہ عیال حج کے لئے سفری انتظامات مکمل کئے جائیں۔

    سعودی سفیر نے بتایا کہ معمر انڈونیشین شہری اور اس کے اہل خانہ کی اس سال حج کی خواہش پر مبنی ویڈیو کلپ وائرل ہوتے ہی خادم الحرمین الشریفین کے جکارتہ میں سفارتخانے نے اگلے ہی روز بزرگ شہری کو سفارتخانے آنے کی دعوت دی تاکہ ان سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کی جا سکیں۔

    تحقیق کے بعد معلوم ہوا کہ برزگ شہری نے اس سے پہلے حج نہیں کیا ہے، ہماری ملاقات کے فیڈ بیک کے فوری بعد ہمیں ہدایت کی گئی کہ بزرگ انڈونیشین شہری کے سفر حج سے متعلق ضروری اقدامات کئے جائیں، اس ضمن میں حج سے واپسی تک کے تمام اخراجات ادا کرنے کی ذمہ داری شاہ سلمان حکومت کی ہو گی۔

    یاد رہے کہ انڈونیشیا میں اکثر شہری بیس سالوں سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے ترس رہے ہیں۔

  • سانحہ کرائسٹ چرچ، متاثرہ خاندان حج کے موقع پر شاہ سلمان کے خصوصی مہمان

    سانحہ کرائسٹ چرچ، متاثرہ خاندان حج کے موقع پر شاہ سلمان کے خصوصی مہمان

    ریاض : سانحہ کرائسٹ چرچ کے متاثرین کی میزبانی کا اقدام حج اور عمرے کے سلسلے میں ”مہمانانِ خادم حرمین شریفین“ پروگرام کا حصہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ہدایت جاری کی ہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر دہشت گرد حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ اور خاندان میں سے 200 عازمین حج کی رواں سال میزبانی کی جائے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ اقدام حج اور عمرے کے سلسلے میں ”مہمانانِ خادم حرمین شریفین“ پروگرام کا حصہ ہے۔ اس سالانہ پروگرام کی نگرانی اور اس پر عمل درآمد کی ذمے داری اسلامی امور اور دعوت و ارشاد کی سعودی وزارت کے پاس ہے۔

    سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق مذکورہ پروگرام کے نگرانِ عام سعودی وزیر برائے اسلامی امور و دعوت و ارشاد شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ ہیں۔

    انہوں نے ایک اخباری بیان میں نیوزی لینڈ حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے متعلقین کے حوالے سے اس کریمانہ موقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے اس پر خادم الحرمین الشریفین کا شکریہ ادا کیا۔

    سعودی وزیر کے مطابق دہشت گردی کے اس الم ناک واقعے کے متاثرین کی میزبانی مملکت سعودی عرب کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو وہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور اس کے مرتکبین کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونے کے سلسلے میں کر رہی ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی کارروائی تمام آسمانی کتابوں کی تعلیمات اور انسانی اقدار کی خلاف ورزی ہے۔

    شیخ عبداللطیف نے باور کرایا کہ ان کی وزارت سعودی فرماں روا کی ہدایت پر عمل درامد کے واسطے فوری طور پر مصروف عمل ہے۔ اس سلسلے میں نیوزی لینڈ میں سعودی سفارت خانے کے ذریعے مذکورہ افراد کی آمد اور ان کو تمام تر سہولیات اور خدمات پیش کرنے کے اقدامات کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • دوران حج قربانی کے عمل کی نگرانی کیلئے 500 کیمرے نصب

    دوران حج قربانی کے عمل کی نگرانی کیلئے 500 کیمرے نصب

    ریاض : سعودی حکام نے قربانی کے عمل کے عمل کو منظم کرنے اور جانوروں کی صحت و تندرستی کے باعث پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی پر نظر رکھنے کیلئے کیمرے نصب کردیئے ۔

    تفصیلا ت کے مطابق سعودی حکام نے حج کے موقع پر قربانی کےعمل کی 500ڈیجیٹل کیمروں سے نگرانی کرنے کا اعلان کردیا، کیمروں سے نگرانی کا مقصد قربانی کے عمل کو منظم بنانا، قربانی کی شرائط پر عمل درآمد اور جانوروں کی صحت، تندرستی اور ماحولیاتی پیچیدگیوں پر نظر رکھنا ہے۔

    حج کے موقعے پر قربانی پروگرام کے سپروائزر رحیمی احمد رحیمی کا کہنا ہے کہ حجاج کرام کی جانب سے ادا کیے جانے والے فریضہ قربانی کو مزید اچھے انداز میں انجا م دینے کےلیے گراؤنڈ پر موجود دوسرے اداروں کے ساتھ ملکر کام کررہے ہیں۔

    رحیمی احمد کا کہنا تھا کہ مذکورہ اقدامات کا مقصد قربانی کے جانوروں کے انتخاب، ان کی صحت و تندرستی اور ن کے ذبح کرنے کی شرائط پرعمل درآمد کی نگرانی ہے جس کےلیے کنڑول روم قائم کردیا گیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کنڑول روم میں وزارت داخلہ، خزانہ، بلدیاتی اور دیہی امور،انصاف وقانون، مذہبی امور، حج وعمرہ، ماحولیات اور آبائی وسائل، سماجی ترقی، مکہ معظمہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور خادم الحرمین حج وعمرہ ریسرچ سینٹر کے نمائندے موجود ہیں۔

    رحیمی کے مطابق نگرانی کےلیے 500 ڈیجیٹل کیمرے نصب کیے گئے ہیں جس کےذریعے24 گھنٹے جانوروں پر نظر رکھی جارہی ہے تاکہ اگر کوئی جانور بیمار ہو تو اسے فوراً دوسرے جانوروں سے علیحدہ کیا جاسکے۔

  • قطری حکام حج کے خواہشمند شہریوں کی سعودیہ آمد آسان بنائیں، سعودی عرب

    قطری حکام حج کے خواہشمند شہریوں کی سعودیہ آمد آسان بنائیں، سعودی عرب

    ریاض:سعودی عرب کی حج اور عمرے کی وزارت نے قطر میں متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہش مند قطری شہریوں کی مملکت آمد کو آسان بنائے اور اس حوالے سے قطری حکومت کی جانب سے عائد رکاوٹوں کو ختم کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج نے جاری بیان میں باور کرایا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی حکومت قطر سے معتمرین اور عازمین حج کی آمد کو آسان بنانے کے لیے اسی طرح تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی خواہش مند ہے جس طرح عموما پوری دنیا کے عازمین حج کے واسطے خواہش رکھتے ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ رواں سال 1440 ہجری کے لیے دنیا بھر سے 17 لاکھ سے زیادہ عازمین حج کی آمد پر اتفاق ہوا ہے جب کہ اس سال کے دوران دنیا بھر سے 80 لاکھ کے قریب مسلمانوں نے عمرہ ادا کیا۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ نے قطر کی وزارت اوقاف و اسلامی امور کی جانب سے ان دعووں کو مسترد کر دیا کہ سعودی حکومت عمرے اور حج کے خواہش مند قطری عازمین کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے اور قطری حج و عمرہ آپریٹرز کو مملکت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہی ہے، بیان کے مطابق یہ دعوے حقیقت کے برخلاف ہے۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ نے کئی ویب سائٹس لنکس متعارف کروائے تا کہ قطری شہری اور قطر میں مقیم غیر ملکی حج کے سلسلے میں اپنے قیام کے مقامات کی بکنگ اور مطلوب خدمات کا کنٹریکٹ کر سکیں، یہ لوگ قطری فضائی کمپنی کے سوا کسی بھی فضائی کمپنی سے آ سکتے ہیں۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ نے رواں سال دیگر اسلامی ممالک کی طرح قطر میں بھی حج کے امور کے ذمے داران کو دعوت دی کہ وہ مملکت آ کر قطری عازمین حج کی آمد کے انتظامات کریں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا اس سلسلے میں ان کے ساتھ اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں قطری شہریوں اور وہاں مقیم غیر ملکیوں کی آمد سے متعلق تمام تر امور زیر بحث آئے۔ تاہم قطری وفد حج کے معاہدے پر دستخط کے بغیر واپس روانہ ہو گیا۔

    اس کے بعد قطری حکام نے قطری حج ٹور کمپنیوں کو مملکت میں حجاج کو خدمات فراہم کرنے والوں کے ساتھ سمجھوتے طے کرنے کے لیے سعودی عرب آنے کا موقع نہیں دیا، سعودی وزارت حج نے زور دیا کہ مملکت حج کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کو یکسر مسترد کر چکی ہے۔

    وزارت نے اپنے بیان میں باور کرایا کہ حج اور عمرے کے مناسک کی ادائیگی کے لیے قطر سے سعودی عرب آنے والے تمام برادران کا خیر مقدم جاری رہے گا۔ وزارت اس بات کی خواہش مند ہے کہ یہ لوگ پوری دنیا کے بقیہ تمام حجاج اور معتمرین کی طرح مکمل سہولت اور آسانی کے ساتھ اپنے مناسک ادا کریں۔

  • حج کے دوران مسلکی، مذہبی اور سیاسی نعرے بازی سے گریز کریں، سعودی علماء

    حج کے دوران مسلکی، مذہبی اور سیاسی نعرے بازی سے گریز کریں، سعودی علماء

    ریاض : سعودی عرب کی سینئر علماء کونسل نے جاری بیان میں کہا ہے کہ حجاج کرام کو حج کی عبادت کے موقعے سے فایدہ اٹھا کرخود کو عبادت اور اطاعت الہیٰ کے لیے وقف کردینا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی سینئر علماءکونسل نے کابینہ کی طرف سے جاری کردہ اس بیان کی تائید کی ہے جس میں عازمین حج پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فریضہ حج کے دوران اپنی توجہ مناسک حج کر پرمرکوز رکھیں اور ہرقسم کی مسلکی، مذہبی اور سیاسی نعرے بازی سے گریز کریں۔

    سعودی عرب کی علماءکونسل کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حج بیت اللہ کے لیے آنےوالے فرزندان توحید کا اصل کام مناسک حج کی ادائیگی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حج کے ایمانی مقاصد کا حصول ہی ہرحاجی کی پہلی ترجیح ہے، حجاج کرام کو حج کی عبادت کے موقعے سے فائدہ اٹھا کرخود کو عبادت اور اطاعت الہیٰ کے لیے وقف کردینا چاہیے۔

    سعودی عرب کے سینئر علماء کونسل کا کہنا تھا کہ حجاج کرام کے لیے کسی قسم کے سیاسی اور فرقہ وارنہ نعرے بازی یا ایسی کسی سرگرمی میں حصہ لینے کا کوئی جواز نہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ حج کے دوران حجاج کرام کا سب سے بڑا مقصد عبادت، قرب الٰہی، معصیت سے اجتناب اور اطاعت خدا وندی ہے۔ حج پوری مسلم امہ کی وحدت کی علامت ہے اور حج کے شعائر کی ان کی روح کے مطابق ادائیگی ہرحاجی کی دینی ذمہ داری ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب کابینہ نے بھی عازمین حج پر خود کو سیاسی نعرے بازے سے دور رکھنے پر زور دیتے ہوئے اپنی توجہ شعائر حج بیت اللہ پر مرکوز رکھنے کی اپیل کی تھی۔

  • محمد بن سلمان نے 1000 فلسطینیوں‌ کیلئے حج کا اہتمام کردیا

    محمد بن سلمان نے 1000 فلسطینیوں‌ کیلئے حج کا اہتمام کردیا

    ریاض : خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی ہدایت پر فلسطینیوں کے ساتھ جذبہ خیر سگالی کے تحت فلسطینی شہداء اور اسیران کے ایک ہزار لواحقین کے حج کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

    عرب ٹی وی کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کے خصوصی حج پروگرام کے سیکرٹری جنرل اور وزیر مذہبی امور الشیخ ڈاکٹر عبدالطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے بتایا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سنہ 1440ھ کے موسم حج کے موقع پر ایک ہزار فلسطینی شہداء اسیران کے اہل خانہ کو فریضہ حج ادا کرانے کا اہتمام کا حکم دیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ حسب روایت فلسطینی شہداء اور اسیران کے ایک ہزار اہل خانہ کے لیے حج کے موقع پر سرکاری اخراجات پر حج کا اہتمام کریں۔

    عبداللطیف آل الشیخ کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے خصوصی حج اسکیم شروع کیے جانے کے بعد اب تک 17000 فلسطینی سعودی عرب کی میزبانی میں فریضہ حج ادا کر چکے ہیں۔

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی طرف سے حج امور کے عہدیداران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فلسطینی شہداء اور اسیران کے اہل خانہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان کے لیے بہترین رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کا بھی خصوصی اہتمام کیا جائے۔

  • وزیر اعظم نے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کا افتتاح کر دیا، عازمین حج کا اظہار مسرت

    وزیر اعظم نے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کا افتتاح کر دیا، عازمین حج کا اظہار مسرت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کا باضابطہ افتتاح کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، جس پر عازمین حج نے مسرت کا اظہار کیا اور وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا.

    وزیر اعظم کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پراجیکٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی. اس موقع پر معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان سمیت دیگر اعلیٰ عہدے دار بھی موجود تھے.

    وزیر اعظم نے عازمین حج سے ملاقات کی، انھیں ہار پہنائے اور مبارک باد پیش کی.

    اس موقع پر حاجیوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا، انھوں نے پروجیکٹ کو قابل تعریف ٹھہراتے ہوئے وزیر اعظم کی کاوش کو سراہا. ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کےاقدام سے وقت کی بچت اور سفر کی سہولت ہوگی.

    مزید پڑھیں: اسلام آباد ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے کا کامیاب تجربہ

    دوسری جانب لاہورسےسرکاری حج اسکیم کےتحت عازمین حج کی پہلی پرواز کی حجازمقدس کے لئے روانگی ہوگئی ہے.

    https://www.facebook.com/ImranKhanOfficial/videos/878620409164494/

    پہلی پرواز کو الوداع کرنے کے لیے سعودی امیگریشن عملہ سعودی سفیر وفاقی وزیر مذہبی امور اور ایوی ایشن کے وزیر بھی ائیرپورٹ پر موجود رہے

    اس پراجیکٹ کے تحت حجاز مقدس جانے والے عازمین کی امیگریشن پاکستان میں ہی ہوگی.