Tag: حج

  • برطانوی سفیر کا قبولِ اسلام اور حج کی سعادت

    برطانوی سفیر کا قبولِ اسلام اور حج کی سعادت

    مکہ : سعودی عرب میں تعینات برطانوی سفیر سائمن کولِس نے اسلام قبول کرلیا اور ساتھ ہی مکہ مکرمہ میں حج بھی ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سائمن نے اپنی اہلیہ ہدا موجارکیچ کے ہمراہ حج ادا کیا۔اور انہوں نے ’احرام‘ میں تصاویر بھی لیں۔

    ان کی تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سعودی مصنف اور خاتون سماجی کارکن فوزیہ البکر نے اپنے پیغام میں لکھا کہ سائمن کولس نے اپنی اہلیہ ہدا کے ساتھ حج کیااور ’وہ حج ادا کرنے والے پہلے برطانوی سفیر ہیں۔‘

    برطانوی سفیر کو حج کی ادائیگی پر مبارکباد دینے والے ٹوئٹر صارفین میں سعودی شہزادی بسمہ بنت سعود بھی شامل ہیں۔

    لوگوں کی جانب سے نیک خواہشات اور مبارکباد کے جواب میں برطانوی سفیر نے لکھا’ مختصراً یہ کہ میں نے30 سال مسلمان معاشروں میں رہنے اور ہدا سے شادی کرنے سے پہلے اسلام قبول کر لیا ہے‘۔

    خیال رہے کہ برطانوی سفیر سائمن کالِس سنہ 2015 سے سعودی عرب میں تعینات ہیں۔وہ وزارتِ خارجہ کی جانب سے شام،عراق اور قطر میں بھی سفیر سمیت مختلف عہدوں پر کام کرتے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ انہوں نے تیونس، دہلی اور عمان میں بھی برطانوی قونصل جنرل کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیے۔

  • قربانی کرنے سے پہلے یاد رکھنے والی باتیں

    قربانی کرنے سے پہلے یاد رکھنے والی باتیں

    کراچی: اسلامی کلینڈرکے آخری مہینے ذی الحج کی میں فرزندانِ توحید اسلام کا سب سے بڑارکن حج ادا کرتےہیں اور اس کے بعد حضرت ابراہیم علیہ السلام کی لازوال قربانی کی یاد میں حلال جانوروں کی قربانی کرتے ہیں۔

    قربانی بھی اسلام کا ایک اہم رکن ہے جو کہ صاحبانِ نصاب پرفرض کیا گیا ہے پاکسانی معاشرے میں بھی قربانی کوانتہائی اہمیت حاصل ہےاوراس کے لئے ہرسال باقاعدہ اہتمام کیا جاتا ہے۔

    قربانی کیونکہ بیک وقت مذہبی اورمعاشرتی فریضہ ہے لہذا چند نکات ایسے ہیں کہ جنہیں قربانی سے قبل جان لینا ضروری ہے۔

    قربانی کےلئے حلال جانور کا انتخاب کیا جائے اورحلال مال سے ہی قربانی کے لئے جانورخریدا جائے۔

    ذبح کرنے سے پہلے جانور کو وافر مقدار میں کھانا اورپانی فراہم کیا جائے اوراس وقت تک کھانے دیا جائے کہ جب تک جانورسیر ہوکرخود منہ نہ ہٹالے۔

    ذبح کرتے ہوئے انتہائی تیزدھارچھری استعمال کی جائے اورچھری جانور کی مناسبت سے ہونہ زیادہ بڑٰی اورنہ ہی چھوٹی۔

    قربانی کا گوشت تین حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے ایک حصہ صاحبِ خانہ کا، دوسراحصہ رشتے داروں کا اورتیسرا حصہ غرباء مساکین کے لئے مختص ہے اوراسی صورت میں گوشت کی تقسیم ہونی چاہیے۔

    قربانی کا مقصد اول تو اللہ کی راہ میں ایثار کا مظاہرہ کرنا ہے تو دوسری جانب معاشرے کے ان لوگوں کا خیال ہے کہ جوغربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں لہذا قربانی میں نام ونمود کے بجائے خالصتاً اللہ کی رضااورغرباء کی مدد کا جذبہ مدِںظررہنا چاہیے۔

  • شاید عمران خان کا شیطان سے مک مکا ہو گیا اس لیے حج پہ نہیں گئے،پرویزرشید

    شاید عمران خان کا شیطان سے مک مکا ہو گیا اس لیے حج پہ نہیں گئے،پرویزرشید

    لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشیدکا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف کی حکومت نے حج کے مقدس فریضے کے لیے بہترین سہولتیں فراہم کیں۔

    تفصیلات کےمطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف اور اپنی طرف سے پوری قوم کو حج کی مبارکباددیتا ہوں۔

    وفاقی وزیر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی حکومت میں چارحج ہوئے ہماری حکومت میں جب بھی حاجی حج کرکے آئے تو انہوں نے انتظامات کی تعریف کی۔

    انہوں نےکہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں حج کی سعادت سستی ہوئی.سرکاری حج کے اخراجات اور سہولت بھی بہتر ہوئی۔

    پرویز رشید نے مزید کہاکہ حج کے مقدس مہینے میں عمران خان نے دو وعدے کئے ، ایک وعدہ حج پر تشریف لےجانے کا کیا دوسرا رائیونڈ جانے کا ،عمران حج پر اس لئے نہیں گئے کہ اللہ نے انہیں اجازت نہیں دی ،دوسری وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ عمران خان کا شیطان سے مل مکا ہو گیا۔

    پرویز رشید نے کہا کہ سب لوگوں کی خواہش ہوتی ہے کہ سرکاری حج کے انتظامات سے مستفید ہوں کیوں کہ پیسے بھی کم خرچ ہوتے ہیں۔

    واضح رہے کہ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سے پہلے سرکاری حج پر زیادہ پیسے خرچ ہوتے تھے لیکن وزیراعظم نوازشریف نے حج کے اخراجات میں کمی کی تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اس سے مستفید ہوسکے۔

  • حج کارکن اعظم وقوف عرفات آج ادا کیا جائےگا

    حج کارکن اعظم وقوف عرفات آج ادا کیا جائےگا

    مکہ مکرمہ : حج کا رکن اعظم وقوف عرفات آج ادا کیا جائے گا،دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین طلوع آفتاب کے بعد منیٰ سے میدان عرفات کی طرف روانہ ہوئے،جو میدان عرفات میں خطبہ جج سنیں گے۔

    تفصیلات کےمطابق اس بار سعودی عرب کے مفتی اعظم عبدالعزیز آل سعود الشیخ علالت کے سبب اس سال حج کا خطبہ نہیں دے سکیں گے۔

    ان کی جگہ امام حرم کعبہ صالح بن حمید مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ دیں گے،35سال میں یہ پہلا موقع ہے جب سعودی مفتی اعظم عبدالعزیز آل سعود الشیخ بار خطبہ حج نہیں دے سکیں گے۔

    خطبہ حج کے بعد حجاج کرام ظہر اور عصرکی نمازیں قصر اداکریں گے،میدان عرفات میں ہی سورج غروب ہونے تک اللہ تعالیٰ کا ذکر،دعااور استغفار کیا جائے گا۔سورج غروب ہونے کے بعد حاجی مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ مغرب اور عشا کی نمازیں ادا اور نماز فجر تک وہیں قیام کریں گے۔

    10ذی الحج کو نماز فجر کے بعد سورج طلوع ہونے تک حجاج ذکر الٰہی اور دعا میں مصروف رہیں گے۔پھرشیطان کو کنکریاں مارنے جائیں گے۔جس کے بعد قربانی کی جائے گی،مرد اپنا سر منڈوائیں گے اور خواتین تھوڑے سے بال کٹوائیں گی۔

    حجاج کرام طواف زیارت کے لیےمکہ جائیں گے۔منیٰ واپس آکر وہاں گیارہ،بارہ ذوالحجہ کی شب قیام کریں گے۔اورہر دن تینوں جمرات پر شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی۔

  • مکہ مکرمہ:غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرورتقریب

    مکہ مکرمہ:غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرورتقریب

    مکہ مکرمہ : مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرورتقریب جس میں ہرسال 9ذی الحج غلاف کعبہ کوتبدیل کیاجاتاہے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ کی روح پرور تقریب کا آغاز نماز فجر کے فوراََ بعد ہواغلاف کعبہ کی تیاری پر2کروڑ20لاکھ ریال لاگت آئی ہے۔

    غلاف کعبہ کی تیاری میں 670کلو گرام خالص ریشم اور سونے چاندی کے ایک سو پچاس کلو گرام دھاگے استعمال کئے گئےہیں۔

    غلاف کعبہ خادم الحرمین شریفین کی جانب سےبطورہدیہ پیش کیاجاتاہےاس سال غلاف کعبہ میں”اللہ اکبر”کی4قندیلوں کااضافہ کیاگیاہے۔

    حج کارکن اعظم وقوف عرفہ آج اداکیاجائےگا،گورنرمکہ مکرمہ ریجن ونگران اعلیٰ حج کمیٹی شہزادہ خالدالفیصل وزیرداخلہ اورچیرمین حج سپریم کمیٹی شہزادہ محمدبن نائف بھی میدان عرفات پہنچ گئے۔

    سعودی مفتی اعظم عبدالعزیزآل الشیخ علالت کےباعث حج کاخطبہ نہیں دےسکیں گے۔

    دنیابھرسے18لاکھ سے زائد عازمین حج کی ادائیگی کےلیےسعودی عرب پہنچےہیں جبکہ مکہ مکرمہ سے 2لاکھ سےزائدمقامی عازمین بھی حج اداکریں گے۔

    حج کے موقع پر سعودی حکومت کی جانب سے ایک لاکھ سے زائد تعینات سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سال ایک لاکھ 43 ہزار پاکستانی حج کا فریضہ اداکریں گے۔

  • ایرانی شہری رواں برس حج پر نہیں جائیں گے، ایران

    ایرانی شہری رواں برس حج پر نہیں جائیں گے، ایران

    تہران : ایران کاکہناہےکہ سعودی عرب کےحج کو سیاست سے جوڑنے کی وجہ سے ایرانی رواں سال حج نہیں کرسکیں گے.

    تفصیلات کےمطابق ایران کا کہنا ہے کہ سعودی عرب مذہبی فریضے کوخطے کی سیاسی صورتحال سے جوڑ رہاہے،سعودی عرب کی سیاست وجہ سےایرانی رواں سال حج پر نہیں جاسکیں گے.

    دونوں ممالک کے تنازعے میں ایرانی شہریوں کو ایران حکومت نے حج پر بھیجنے سے انکار کر دیا ہے.

    سعودی عرب اورایران نےمعاملےکوبات چیت کےذریعےحل کرنے کی کوشش بھی کی گئی تاہم مذاکرات ناکام رہے،ایران کاکہناہےکہ سعودی عرب کواپنے اقدام کی قیمت چکانی ہوگی.

    ایران میں ہونے والے سروے کے مطابق نوے فیصدعوام نےایرانیوں کےحج پر نہ جانے کی حمایت کی ہےان کاکہناہےکہ ایرانی حج پر اس وقت تک نہ جائیں جب تک کہ سعودی عرب ایرانی زائرین سےمتعلق اپنے رویےمیں تبدیلی نہ لائے.

  • سعودیہ عرب نے ایرانی الزامات کو مسترد کردیا

    سعودیہ عرب نے ایرانی الزامات کو مسترد کردیا

    ریاض: سعودی حکومت نے ایرانی حکام کی جانب سے امن و امان سبوتاژ کرنے کے الزام کو مسترد کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی حکام کی جانب سے عائد الزام کے جواب میں سعودی وزیر حج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودیہ عرب دنیا بھر سے حج کے لئے آنے والے مسلمانوں کو خوش آمدید کہے گا۔

    سعودی اخبار ( الریاض ) کے مطابق وزیر حج نے حالیہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان چاہیے ان کا تعلق کسی بھی مسلک ، کسی بھی قوم سے ہو حج کرنے کے لئے آسکتے ہیں،حجاج اکرام کے لئے اس حوالے سے قانون متعارف کروایا گیا ہے۔

    قبل ازیں ایرانی وزیر ثقافت علی جنتی نے ایرانی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سرد مہری کے باعث ایران شہری اس سال ستمبر میں حج کی سعادت سے محروم رہیں گے۔

    ایرانی وزیر کے مطابق ہم نے اپنے حجاج کے تحفظات کے حوالے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر سعودیہ عرب کی جانب سے نامناسب اور غیر سنجیدہ رویہ اختیار کیا گیا ہے۔

    واضح رہے سعودیہ عرب اور ایران کے درمیان تنازعات شدت اختیار کرتے رہے، رواں سال جنوری میں شیعہ عالم شیخ النمر کی پھانسی کے بعد ایران میں سعودی سفارت خانے پر شرپسندوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک میں ایک دوسرے کے سفارت خانے بند کروا کر عملے کو واپس بھیج دیا گیا تھا۔

    ایران کی جانب سے زور دیا جارہا ہے کہ سعودی عرب، تہران میں موجود سوئس سفارت خانے کے ذریعے ویزے جاری کرے، جو رواں برس جنوری سے سعودی سفارت خانے کی بندش کے بعد سے سعودی عرب کے معاملات دیکھ رہا ہے۔

  • دوران حج پاکستانی خاندان کے ہاں بیٹے کی پیدائش

    دوران حج پاکستانی خاندان کے ہاں بیٹے کی پیدائش

    ریاض: حج کے لئے جانے والے پاکستانی خاندان کودہری خوشیاں مل گئیں، ایک حج کی اوردوسری بیٹے کی پیدائش کی۔

    عرب میڈیا کے مطابق مناسک حج کی ادائیگی کے لئے گذشتہ روزمنی پہنچنے والے پاکستانی خاندان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی۔

    بچے کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ کوطبیعت خراب ہونے پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    اسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ ماں اوربیٹا دونوں خیریت سے ہیں، بچے کا نام محمد علی رکھا گیا ہے۔

  • حج اورعمرہ میں آبِ زم زم ساتھ لانے پر پابندی

    حج اورعمرہ میں آبِ زم زم ساتھ لانے پر پابندی

    اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج معاہدہ دو ہزار پندرہ طے پا گیا، عازمین حج اپنے ساتھ آب زم زم نہیں لا سکیں گے۔

     سعودی وزیر حج بندر بن الحجر اور وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یو سف کےدرمیان ہونیوالےحج معاہدے کے تحت ہر حاجی کو پانچ کلوزم زم کا ایک کین ائیر پورٹ پر ملے گا۔

     آب زم زم دینے کی ذمہ داری حکومت پاکستان پوری کرے گی، اس موقع پر سیکرٹری مذہبی امورسہیل عامر، سعودی عرب میں پاکستانی سفیر ایچ ای منظور الحق سمیت دونوں ممالک کی وزارت حج کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔

     ذرائع کے مطابق معاہدے کے تحت مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ، وبائی امراض سے بچائو کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی، وزیر مذہبی امور دو جنوری کو وطن واپس پہنچیں گے۔

     دوسری جانب وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت کے حکام نے فضائی کمپنیوں سے رابطے بھی کئے ہیں اور اس معاملے پر بات چیت بھی جاری ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے کرائے بھی کم ہونے چاہئیں۔

    حکومت کو کوشش ہے کہ رواں سال حج کرائے کم سے کم کئے جائیں اور حج اخراجات دو لاکھ تیس ہزار تک لانے کی کوشش کی جائے گی۔

  • خطبہ حجتہ الوداع کی عملاً پیروی وقت کی ضرورت ہے،الطاف حسین

    خطبہ حجتہ الوداع کی عملاً پیروی وقت کی ضرورت ہے،الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حج اسلام کے ارکان میں سے ایک اہم رکن ہے اور حج کی سعادت حاصل کرنا اللہ تعالیٰ کے قرب کا ذریعہ ہے۔

    حج اکبر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہاکہ مسلم امہ کیلئے حج کے موقع پر دیئے گئے حضور اکرم  کے خطبہ حجتہ الوداع کی عملاً پیروی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو خطبہ حجتہ الوداع کو اپنی اجتماعی اور انفرادی زندگی میں شامل کرنا چاہئے ۔

    انہوں نے کہا کہ حج کے موقع پر اتحاد بین المسلمین کا شاندار مظاہرہ دیکھنے میں آتا ہے اور دنیا بھر کے مسلمان بلا امتیاز رنگ ، نسل ، زبان اورمسلک اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ کرتے ہیں ۔

    انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ کی بقاء اسی میں ہے کہ وہ حج کے موقع پر اتحاد بین المسلمین کے مظاہرے سے سبق حاصل کریں اور اسے مشعل راہ سمجھیں اور حج کی عبادت کا فریضہ انجام دیکر اپنی زندگیوں میں پاکیزگی اورانقلاب پیدا کریں ۔

    انہوں نے مزید کہاکہ جمعہ کے دن حج کی سعادت میں اللہ تعالیٰ نے خیر و برکت فرمائی ہے ۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حج اکبر کی فضلیت کا نزول امت مسلمہ پرفرمائے اور تمام حاجیوں کی عبادت کو اپنی بارگاہِ الہیٰ میں قبول فرمائے ۔

    انہوں نے حجاج کرام سے بھی اپیل کی کہ وہ پورے عالم اسلام اور باالخصوص پاکستان میں اتحاد بین المسلمین ، امن و امان کے قیام ، دہشت گردی کے خاتمے اور پاکستان سمیت امت مسلمہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کریں