Tag: حج

  • حج 2022: عازمین حج کے لیے درجنوں بلڈ بینک قائم

    حج 2022: عازمین حج کے لیے درجنوں بلڈ بینک قائم

    ریاض: سعودی عرب میں حج کے موقع پر عازمین حج کے لیے بڑی تعداد میں بلڈ بینکس اور لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں، تمام لیبارٹریوں کو ای ہاسپٹل سسٹم سے مربوط کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت نے مشاعر مقدسہ (منیٰ، مزدلفہ و عرفات) کے اسپتالوں میں بلڈ بینک اور مریض عازمین کی سہولت کے لیے لیبارٹریاں قائم کی ہیں۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ منیٰ، مزدلفہ، عرفات، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے اسپتالوں میں 23 لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں جبکہ 36 بلڈ بینک کھولے گئے ہیں۔

    علاوہ ازیں مشاعر مقدسہ کے اسپتالوں کی لیبارٹریوں کو ای ہاسپٹل سسٹم سے مربوط کردیا گیا ہے تاکہ لیبارٹری ٹیسٹ کے نتائج درست ہوں اور دقیق ترین سسٹم کے مطابق نتائج برآمد ہوں۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مشاعر مقدسہ کی لیبارٹریوں کو ای سپیشلسٹ سسٹم سے بھی مربوط کیا گیا ہے، اس سے ان کی افادیت مؤثر اور زیادہ ہوگئی ہے۔

  • عازمین حج کو گرمی سے بچانے کے لیے پھوار والے دیوہیکل پنکھے نصب

    عازمین حج کو گرمی سے بچانے کے لیے پھوار والے دیوہیکل پنکھے نصب

    ریاض: حج 2022 کے دوران موسم گرما کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید انتظامات کیے گئے ہیں، مسجد الحرام اور اس کے صحنوں میں ڈھائی سو دیو ہیکل پھوار والے پنکھے نصب کردیے گئے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین کی انتظامیہ نے حج پر آنے والوں کی خاطر مسجد الحرام اور اس کے صحنوں کی آب و ہوا خوشگوار بنانے کے لیے 250 دیو ہیکل پھوار والے پنکھے نصب کردیے ہیں، ان سے پانی کی پھوار چھوڑی جاتی ہے تاکہ گرمی کی شدت کم ہو۔

    پھوار چھوڑنے والے دیو ہیکل پنکھوں کی بدولت حرم شریف اور اس کے صحنوں کا درجہ حرارت کم ہو جاتا ہے جبکہ سورج کی تپش بھی کم ہو جاتی ہے۔

    پھوار والے پنکھے حرم شریف میں مختلف مقامات پر نصب کیے گئے ہیں جس کے ذریعے پریشر کے ساتھ پانی چھوڑا جاتا ہے، ہر پنکھے کا دہانہ 2 سے 1 مائیکرو تک حجم کا ہے، اس سے پانی پھوار کی شکل میں نکلتا ہے۔

    پنکھے مسجد الحرام کے صحنوں میں لگائے گئے ہیں جو فرش سے 4 میٹر اونچائی پر اور 38 انچ قطر کے ہیں، ہوا کے ساتھ پانی چھوڑنے کی رفتار سی ایم ایف 11 سو تک پہنچ جاتی ہے۔

    ہر پنکھا 10 میٹر کے رقبے میں پھوار پھینکتا ہے، یہ پنکھے پانچوں فرض نمازوں، صحن حرم میں اژدہام اور درجہ حرارت بڑھ جانے پر کھولے جاتے ہیں۔

  • دوران حج سیاسی نعرے بازی جرم قرار: سعودی حکام کی سخت وارننگ

    دوران حج سیاسی نعرے بازی جرم قرار: سعودی حکام کی سخت وارننگ

    ریاض: سعودی حکام نے سختی سے انتباہ جاری کیا ہے کہ دوران حج سیاسی نوعیت کی نعرے بازی قابل سزا جرم گردانی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی پبلک پراسیکیوٹر جنرل شیخ سعود المعجب کا کہنا ہے کہ حج مقامات پر زائرین کو ہر طرح کی جارحیت اور دھوکہ دہی سے قانونی تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔

    پبلک پراسیکیوٹر نے حج مقامات سے متعلق پبلک پراسیکیوشن برانچ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ سعودی حکومت زائرین کو تمام سہولتیں اعلیٰ معیار کے ساتھ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

    المعجب نے توجہ دلائی کہ منیٰ، مزدلفہ اور عرفات مقدس مقامات ہیں، یہاں کسی بھی قسم کی خونریزی اور جارحیت سنگین جرم ہے۔ یہاں درختوں، پودوں، گھاس تک کو کاٹنا منع ہے اور کسی بھی قسم کے شکار کی اجازت نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حج دینی فریضہ ہے، اس دوران سیاسی اور جماعتی نعرے بازیوں کی اجازت نہیں، جو شخص بھی اس کا مرتکب ہوگا اس کے خلاف فوجداری قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

    المعجب کا کہنا تھا کہ کسی بھی زائر کو نقصان پہنچانا، اس پر جارحیت کرنا یا مذہبی شعائر، یا حج مقامات کا ناجائز فائدہ اٹھانا قابل سزا جرم ہے۔ اس پر پبلک پراسیکیوشن قانونی کارروائی کا مجاز ہے۔

  • مناسک حج کا آغاز

    مناسک حج کا آغاز

    ریاض: مناسک حج کا آغاز آج سے ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق مناسک حج کا آغاز آج سے ہوگیا، کرونا وبا کے بعد پہلی بار 10 لاکھ عازمین حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔

    غلاف کعبہ یکم محرم کو تبدیل کیا جائے گا، سعودی وزارت حج و عمرہ نے بتایا ہے کہ اس سال میدان عرفات مسجد نمرہ سے حج کا خطبہ حج الشیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ دیں گے۔

    سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے اندر وبائی امراض کے پیش نظر جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں، اور 11 اسمارٹ روبوٹ سینیٹائزنگ کا کام کر رہے ہیں۔

    ان جدید روبوٹس کے اندر بیک وقت لوکلائزیشن اور میپنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے، جس میں اعلیٰ کارکردگی والے ایٹمائزیشن یونٹ اور بیٹری چارجنگ کی سہولت اور خصوصیت موجود ہے۔

    رواں برس خطبہ حج کون دے گا؟

    سعودی حکام نے حجاج کو ہنگامی صحت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر بھی مشاعر مقدسہ پہنچا دیے ہیں، اور وہاں فیلڈ اور پہلے سے موجود اسپتال نیز امدادی صحت مراکز کو چوکس کر دیا گیا ہے۔

    وزارت دفاع نے جدہ اور طائف کے اسپتالوں میں بھی حجاج کو ہنگامی صحت خدمات فراہم کرنے کے لیے ہیلی کاپٹروں کا انتظام کیا ہے، جو چوبیس گھنٹے سروس میں ہوں گے۔

  • حجاج کرام شدید گرمی سے بچنے کے لیے کیا کریں؟

    حجاج کرام شدید گرمی سے بچنے کے لیے کیا کریں؟

    ریاض: رواں برس حج شدید موسم گرما میں ہونے کے سبب حکام نے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حجاج ان ہدایات کا خیال رکھیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج کے دوران عازمین حج کو لو سے بچنے کے لیے 4 مشورے دیے ہیں۔

    وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اس سال حج شدید گرمی کے موسم میں ہو رہا ہے، عازمین حج گرمی اور لو سے بچنے اور اپنی سلامتی کے لیے احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں۔

    وزارت حج کا کہنا ہے کہ حجاج دن کے وقت انتہائی ضرورت یا حج کے کسی ضروری کام سے ہی رہائش سے نکلیں، احرام کی چادریں استعمال کرتے وقت جسم کا صرف اتنا ہی حصہ کھولیں جتنا احرام پہنتے وقت کھولنا ضروری ہو۔

    حکام کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ رہائش سے دن میں نکلتے وقت چھتری کا استعمال کریں اور مشروبات اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔

  • حج کے دوران گداگری کے خلاف سخت وارننگ

    حج کے دوران گداگری کے خلاف سخت وارننگ

    ریاض: سعودی حکام نے وارننگ دی ہے کہ حج کے دوران گداگری ممنوع ہے اور گداگروں کو سخت سزا دی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں پبلک پراسیکیوشن نے خبردار کیا ہے کہ حج کے دوران بالواسطہ یا بلاواسطہ گداگری قانوناً جرم ہے، کوئی بھی شخص حج سیزن سے ناجائز فائدہ نہ اٹھائے۔

    پبلک پراسیکیوشن نے بیان میں وارننگ دی کہ جو شخص گداگری کرے گا، کسی کو اس کی رغبت دلائے گا، کسی کے ساتھ مل کر گداگری کرے گا یا کسی بھی شکل میں گداگری کا پیشہ اپنانے میں تعاون دے گا، اسے 6 ماہ تک قید اور 50 ہزار ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی۔

    پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص دوبارہ گداگری میں ملوث پایا گیا تو انتہائی سزا دگنی کردی جائے گی۔

    گداگر غیر ملکی ہوا تو اسے مملکت سے بے دخل کردیا جائے گا تاہم اگرسعودی شہری کی غیر ملکی بیوی، سعودی خاتون کا غیر ملکی شوہر یا اس کی اولاد گداگری میں ملوث ہوئی تو وہ بے دخلی کی سزا سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ عام غیر ملکی کو گداگری پر حج یا عمرے کے سوا کسی بھی غرض سے سعودی عرب آنے سے روک دیا جائے گا۔

  • ای قرعہ اندازی مکمل، داخلی عازمین حج کے ناموں کا اعلان

    ای قرعہ اندازی مکمل، داخلی عازمین حج کے ناموں کا اعلان

    ریاض: ای قرعہ اندازی کے ذریعے سعودی عرب کے داخلی عازمین حج کے ناموں کا اعلان ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے بتایا کہ اس سال اندرون مملکت سے حج درخواستیں دینے والوں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا ہے۔

    نائب وزیر کے مطابق اندرون مملکت سے امسال 3 لاکھ کے قریب افراد نے حج کے لیے درخواستیں دیں، جن میں 2 لاکھ 17 ہزار درخواستیں شرائط کے مطابق تھیں، انھوں نے کہا کہ قرعہ اندازی آن لائن کی گئی، اور منتخب افراد کو جلد ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کر دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا جن امیدواروں کا نام قرعہ اندازی میں آ گیا ہے انھیں حج کارروائی مکمل کرانے اور حج پیکج کی رقم ادا کرنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دی جائے گی، اس کے فوری بعد حج اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔

    وزارت حج و عمرہ کے مطابق اس سال اندرون مملکت سے 20 برس سے کم عمر کے عازمین حج سب سے کم تعداد میں اور 51 سے 65 برس کی عمر کے افراد 12 فی صد ہوں گے، مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی طرف سے 2 لاکھ 97 ہزار 44 درخواستیں حج کے لیے موصول ہوئی تھیں، ان میں سے 62 فی صد مرد اور 38 فی صد خواتین تھیں، 2 لاکھ 17 ہزار درخواستیں مقررہ شرائط پر پوری اتریں۔ یہ درخواستیں اعتمرنا ایپ اور وزارت کے ای گیٹ کے ذریعے بھیجی گئی تھیں۔

    اس سال اندورن مملکت سے حج کے لیے جانے والوں کو منی، مزدلفہ اورعرفات میں جو خیمے فراہم کیے گئے ہیں ان میں عصر حاضر کی تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، جب کہ ضیافہ پیکج کے لیے جو خیمے تیار کیے گئے ہیں وہ ہوٹل کے کمروں کی طرح ہیں، ہر خیمے میں حجاج کی سہولت کا پورا خیال رکھا گیا ہے۔

    وزارت حج وعمرہ نے اس سال اندرون ملک سے حج کے لیے 3 پیکج متعارف کرائے ہیں جن میں ’منیٰ ٹاورز‘ ، ’ضیافیہ ون‘ اور ’ضیافہ ٹو‘ شامل ہیں۔

    منیٰ ٹاورز کا پیکج 14 ہزار 737 ریال تھا جو 794 ریال کمی کے بعد 13 ہزار 943 ریال کر دیا گیا ہے، جب کہ ’ضیافہ ون‘ پیکج کی قیمت 13 ہزار ریال تھی اسے کم کر کے 11 ہزار 970 ریال کیا گیا، تیسرے پیکج ’ضیافہ ٹو‘ کو 10 ہزار 238 ریال سے کم کر کے 9 ہزار 98 ریال کر دیا گیا ہے۔

  • حجاج کرام کے لیے مسجد الخیف کے حوالے سے اچھی خبر

    حجاج کرام کے لیے مسجد الخیف کے حوالے سے اچھی خبر

    ریاض: سعودی عرب نے منیٰ میں مسجد الخیف دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت اسلامی امور، دعوت و رہنمائی نے عازمین حج کے لیے منیٰ میں مسجد الخیف باقاعدہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

    2 سال سے کرونا وبا کے دوران محدود حج کے باعث مسجد کو نہیں کھولا گیا تھا، اب دو سالہ بندش کے بعد مسجد کو زائرین کے استقبال کے لیے تیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    سعودی وزارت کا کہنا ہے کہ 8، 10، 11، 12اور 13 ذی الحجہ کو عازمین مسجد الخیف میں نماز ادا کر سکیں گے، اس سلسلے میں حجاج کی آسانی کے لیے تمام سہولتیں فراہم کر دی گئی ہیں۔

    محرم قوانین پر عمل نہ کرنے والی خواتین عازمین حج کیلئے اہم فیصلہ

    مسجد الخیف میں تاریخ کی سب سے بڑی توسیع 1407 ہجری میں کرائی گئی تھی، اس مسجد کا رقبہ 23 ہزار مربع میٹر سے زیادہ ہے، اور اس میں 25 ہزار افراد کی گنجائش ہے۔

    وزارت کی جانب سے مسجد میں کی جانے والی تیاریوں میں فرنشنگ، صفائی، سینیٹائزیشن، ایئر کنڈیشننگ سسٹم کی دیکھ بھال، لائٹنگ، ایک ہزار سے زائد بیت الخلاؤں کی تیاری، اسلامی معلومات کے لیے کاؤنٹر، فتویٰ کیبنٹ، الیکٹرانک مانیٹر کی تعداد میں اضافہ، اور چوبیس گھنٹے کام کرنے کے لیے مینٹیننس کمپنیوں کی تعیناتی اور مینٹیننس اور بحالی کے کاموں پر فیلڈ سپروائزرز کو بھیجنا شامل ہیں۔

  • حج کے لیے جاتے ہوئے کون سی اشیا ساتھ لے جائیں؟

    حج کے لیے جاتے ہوئے کون سی اشیا ساتھ لے جائیں؟

    کرونا وبا کی وجہ سے 2 سال کے تعطل کے بعد بالآخر حج کی رونقیں بحال ہوگئیں، اب تک 7 ہزار سے زائد حجاج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

    حجاج کی سعودی عرب روانگی سے قبل پاکستان کے مختلف شہروں میں قائم حاجی کیمپس میں زائرین کو تربیت دی جا رہی ہے جس میں حج کے فرائض کی ادائیگیوں، سفر کے دوران ضروری اقدامات اور تمام اشیا کی فہرست بھی فراہم کی گئی ہے۔

    حج ڈائریکٹوریٹ اسلام آباد کے ڈائریکٹر حسیب احمد صدیقی کا کہنا ہے کہ حاجی کیمپ میں حجاج کو تربیت دینے کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ کون سی اشیا ساتھ لے کر جانی چاہئیں۔

    حسیب احمد کے مطابق سفر حج کے دوران کم سے کم سامان ساتھ لے کر جانا چاہیئے جو باآسانی ساتھ رکھا جاسکے، بالخصوص زائد عمر کے حجاج جتنا کم سامان ساتھ لے کر جائیں گے اتنی ہی آسانی ہوگی کیونکہ وہاں عام رہائش کی طرح رہائش نہیں ہوتی اور جگہ کی بھی کمی ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حجاج سفری دستاویزات کے لیے اپنے ساتھ ایک چھوٹا بیگ رکھیں، اس کے علاوہ احرام کے دو جوڑے بھی رکھیں اور ویسے پہننے کے لیے کپڑوں کے چار جوڑے ساتھ لے کر جائیں۔

    حسیب احمد کا کہنا ہے کہ ایسا بیگ ساتھ رکھیں جو زیادہ بڑا بھی نہ ہو اور جس میں سارا سامان بھی پورا آجائے، اس کے علاوہ چھتری، جوتے اور پانی کی بوتل ساتھ لازمی رکھیں تاکہ ڈی ہائیڈریشن کا شکار نہ ہوں۔

    انہوں نے بتایا کہ حج سے متعلق تربیت کے دوران ضروری اشیا کے حوالے سے باقاعدہ بریفنگ کے ساتھ ایک کتابچہ بھی فراہم کیا جاتا ہے جس میں ضروری اشیا کی ایک فہرست دی جاتی ہے تاکہ حجاج کو کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • یہ کرونا ویکسینز لگوانے والے حج درخواست جمع کرانے کے اہل نہیں

    یہ کرونا ویکسینز لگوانے والے حج درخواست جمع کرانے کے اہل نہیں

    اسلام آباد: وزارت مذہبی امور پاکستان نے عازمین حج کو کرونا ویکسینز کے حوالے سے ایک اہم بات کی طرف توجہ دلائی ہے، اور بتایا ہے کہ کون سی کرونا ویکسینز لگوانے والے حج درخواست جمع کرانے کے اہل نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں عازمینِ حج کو متوجہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف سعودی منظور شدہ 10 ویکسینز کے حامل افراد ہی حج درخواست جمع کرانے کے اہل ہیں۔

    وزارت نے خاص طور سے 2 ویکسینز مذکور کر کے کہا ہے کہ ‘کین سائنو’ اور ‘پاک ویک’ کرونا ویکسینز سعودی عرب سے منظور شدہ نہیں ہیں، اس لیے یہ ویکسینز لگوانے والے حج درخواست جمع کرانے کے اہل نہیں ہیں۔

    لازمی حج اخراجات کی تفصیل کا اعلان کب ہوگا؟

    وزارت نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ بینکوں کے ذریعے سرکاری حج اسکیم میں درخواستیں جمع کرانے کا عمل جاری ہے، اور دو دن میں 14،247 حج درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

    وزارت کے مطابق پاسپورٹ، ہیلتھ سرٹیفیکیٹ، سعودی منظور شدہ ویکسین سرٹیفیکیٹ، ٹوکن رقم جمع کرانا لازمی ہے، تاحال سعودی عرب سے لازمی حج اخراجات کی تفصیل نہیں ملی۔