Tag: حدیبیہ کیس

  • حدیبیہ کیس فیصلہ میرٹ پر ہوتا تو منی لانڈرنگ کا خاتمہ ہو چکا ہوتا: وزیرِ اعظم

    حدیبیہ کیس فیصلہ میرٹ پر ہوتا تو منی لانڈرنگ کا خاتمہ ہو چکا ہوتا: وزیرِ اعظم

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حدیبیہ کیس کا فیصلہ میرٹ پر ہو جاتا تو آج منی لانڈرنگ کا خاتمہ ہو چکا ہوتا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے ملاقات کی، وزیر اعظم نے انھیں ہدایت کی کہ منی لانڈرنگ کی تفصیلات عوام تک پہنچائی جائیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ تمام تفصیلات میڈیا کے ذریعےعوام تک پہنچائی جائیں، گم راہ کرنے والوں کا اصل چہرہ عوام کو دکھایا جائے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف اگر شریف فیملی کو این آر او نہ دیتے تو منی لانڈرنگ ختم ہو جاتی، حدیبیہ کیس کا فیصلہ میرٹ پر ہوتا تو منی لانڈرنگ کا خاتمہ ہو چکا ہوتا۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کا ماڈل حدیبیہ کیس کی طرح لگتا ہے: فواد چوہدری

    انھوں نے کہا ’حدیبیہ کیس کو ایسے تمام کیسز میں ماڈل کے طور پر استعمال کیا گیا، منی لاندڑنگ کے کیسز میں حدیبیہ کیس کا ماڈل استعمال کیا گیا ہے، فرنٹ مینوں کے ذریعے پیسا باہر بھیجا گیا اور واپس منگوایا گیا، نواز شریف اور آصف زرداری کے پیسے میں یہی ماڈل سامنے آیا ہے۔‘

    وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیر اطلاعات کو ہدایت کی کہ ملکی معیشت پر ان سیاہ کاریوں سے پڑنے والے نقصانات سے عوام کو آگاہ کیا جائے، ماضی کی سیاہ کاریوں سے عوام مہنگائی اور قرض کی دلدل میں پھنسے۔

    انھوں نے کہا ’10 سال میں لیے گئے 60 ارب ڈالر قرضے کا حساب لیا جانا چاہیے، ماضی کے حکمران عوام کو مقروض بنا کر ذاتی تجوریاں بھرتے رہے، آئینی اصلاحات سے منی لانڈرنگ اور دیگر جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔‘

  • حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کا ماڈل حدیبیہ کیس کی طرح لگتا ہے: فواد چوہدری

    حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کا ماڈل حدیبیہ کیس کی طرح لگتا ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کا ماڈل اگر دیکھیں تو یہ حدیبیہ کیس کی طرح لگتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کا ماڈل حدیبیہ کیس لگتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملازموں کے ناموں پر رقم باہر بھجواتے اور پھر منگوائے جاتے تھے، فرنٹ مین کے ذریعے رقم باہر بھجوائی گئی اور پھر منگوائی گئی، ثبوت دیکھیں تو پتا لگتا ہے بلین ڈالرز سے شریف فیملی نے فائدہ اٹھایا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ حمزہ شہباز جیسے بڑے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے، یہ نہیں ہو سکتا کہ امیر کے لیے الگ اور غریب کے لیے الگ قانون ہو، ہم چاہتے ہیں ایسے مقدمات جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہباز کس طرح منی لانڈرنگ کرتے رہے، نیب نے ثبوت حاصل کر لیا

    خیال رہے کہ نیب نے دعویٰ کیا تھا کہ حدیبیہ پیپز ملز کیس میں بھی اسی طرح اکاؤنٹس کھولے گئے تھے جن کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی، تاہم نیب سپریم کورٹ میں منی لانڈرنگ ثابت نہیں کر سکی تھی۔

    واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کس طرح منی لانڈرنگ کرتے رہے، نیب نے اس کے ثبوت حاصل کر لیے ہیں، حمزہ شہباز کو نا معلوم افراد کی جانب سے لاکھوں ڈالرز کی رقم بھیجی گئی۔

    آج احتساب عدالت کے حکم پر نیب پولیس اور رینجرز اہل کاروں کے ساتھ پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو پھر گرفتار کرنے ان کے گھر پہنچی تو وہ گھر سے باہر نہ نکلے، بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے پیر تک حمزہ شہباز کی گرفتاری روک دی۔

  • حدیبیہ کیس ہر صورت منطقی انجام تک پہنچائیں‌ گے: تحریک انصاف

    حدیبیہ کیس ہر صورت منطقی انجام تک پہنچائیں‌ گے: تحریک انصاف

    اسلام آباد: تحریک انصاف نے 17 جنوری کو پاکستان عوامی تحریک کےاحتجاج میں بھرپور شرکت اور حدیبیہ کیس کومنطقی انجام تک پہنچانےکافیصلہ کیا ہے۔

    یہ فیصلہ عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں‌ کیا گیا، جس کے بعد اجلاس سے متعلق ایک اعلامیہ جاری ہوا۔

    اعلامیہ کے مطابق تحریک انصاف ہر صورت حدیبیہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے گی، اگر نیب نے انصاف نہیں‌ کیا، تو تحریک انصاف یہ کیس لڑے گی اور عوامی مفادعامہ کے اصول کے تحت یہ معاملہ سپریم کورٹ میں اٹھایا جائے گا، اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ اربوں روپےکی منی لانڈرنگ سے چشم پوشی ممکن نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخواہ پولیس کی مثال پورا پاکستان دیتا ہے: عمران خان

    اعلامیے کے مطابق عوامی تحریک کے اجلاس میں بھرپور شرکت کے لیے پارٹی کے علاقائی صدورکو تمام تیاریاں بروقت مکمل کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

    اجلاس میں فاٹا کےکے پی میں انضمام کےمعاملے پربھی مشاورت کی گئی اورحکومت کی جانب سے بل کی منظوری کو ناکافی قرار دیا گیا. اعلامیے میں کہا گیا کہ فاٹا اصلاحات پیکج جزوی نہیں، مکمل طور پر نافذ کیا جائے اور اگر حکومت نے قبائلی عوام کو حقوق نہیں دیے دیے تو مزاحمت کی جائے گی۔

    سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو سزا ملتی تو یہ واقعہ نہ ہوتا، عمران خان

    اجلاس میں جنگ گروپ کے مالک میر شکیل کے ملک دشمن طرزعمل پر تنقید کرتے ہوئے میرشکیل کے مالی اور ٹیکس معاملات کی پڑتال کیلئےحکمت عملی پرغور کیا گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • حدیبیہ کیس میں نئے شواہد سامنے آئے ہیں، عمران خان

    حدیبیہ کیس میں نئے شواہد سامنے آئے ہیں، عمران خان

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ حدیبیہ کیس میں نئے شواہد سامنے آئے ہیں، نوازشریف کی تحریک عدلیہ نہیں بلکہ شہبازشریف کےخلاف ہوگی، ملتان میٹرو بس منصوبے میں پونے 3 ارب روپے کی کرپشن کی گئی۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، عمران خان نے کہا کہ حدیبیہ کیس میں پوراشریف خاندان ملوث ہے، اس کیس میں نئے شواہد سامنے آئے ہیں، خاموش نہیں بیٹھیں گے، عوام کو بےوقوف بنانے پر شریف برادران کو جیل میں ڈالنا چاہئے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیر ترین فیصلے پرنظرثانی کی اپیل دائرکریں گے، شریف خاندان نے جعلی دستاویزات عدالت میں پیش کیے، سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا، نوازشریف نے پاکستان سے پیسہ چوری کرکے باہرمنتقل کیا۔

    ملتان میٹرو بس منصوبے میں پونے 3 ارب کی کرپشن کی گئی، شریف خاندان کو 300 ارب روپے کا حساب دینا ہوگا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اس وقت اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ نیا سیکریٹری جنرل رکھ لیں تو وہ پارٹی سےمخلص نہیں، جہانگیرترین کی نااہلی پر نظر ثانی کی اپیل کا جو فیصلہ آئے گا پھرنیا سیکریٹری جنرل رکھ لیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کریں گے، جہانگیر ترین سمیت پوری تحریک انصاف نےعدالتی فیصلہ قبول کیا، انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی تحریک عدلیہ نہیں بلکہ شہبازشریف کےخلاف ہوگی، نوازشریف باہرنکلے تو عوام کا شدید ردعمل آئے گا۔

  • حدیبیہ کیس نہ کھولنے سے متعلق بہت حیرانی ہوئی، اعتزازاحسن

    حدیبیہ کیس نہ کھولنے سے متعلق بہت حیرانی ہوئی، اعتزازاحسن

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ حدیبیہ کیس نہ کھولنے سے متعلق بہت حیرانی ہوئی، جہانگیر ترین کو گھر بھیجنے کا جواز نہیں بنتا تھا، نظرثانی کی اپیل کی گئی توعمران خان پھنس سکتےہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ حدیبیہ کیس نہ کھولنے سے متعلق عدالتی فیصلے پر بہت حیرانگی ہوئی جبکہ سپریم کورٹ نے خود نیب کو اپیل دائرکرنے کی ہدایت کی تھی، حدیبیہ بینچ کو پراسیکیوٹر نے پاناما کیس سے متعلق حوالہ دیا۔

    بینچ نے کہا کہ آپ اس کیس کو دوبارہ ریفر نہیں کریں گے۔ ججز نے فیصلے میرٹ دیکھ کر کرنا ہوتے ہیں، نیب20بار بھی تفتیش کرنا چاہے تو اسےنہیں روکا جاسکتا۔

    اعتزاز احسن نے کہا کہ جہانگیر ترین کا کیس نواز شریف سے بہتر تھا، انہوں نے مکمل منی ٹریل پیش کی تھی جبکہ نوازشریف نے تو ایک کاغذ بھی پیش نہیں کیا، وہ سپریم کورٹ یا جےآئی ٹی میں ایک دستاویز پیش کردیتے۔

    نواز شریف ایک اکاؤنٹ نہیں بتاسکے جہاں سے پیسے گئے، ان کے پاس بچت کاراستہ ہی نہیں تھا، میرا خیال ہے کہ جہانگیر ترین کو گھر بھیجنے کا جواز نہیں بنتا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ریویوپٹیشن میں جہانگیر ترین کے بچنےکے امکانات ہیں، نظرثانی اپیل کی گئی توعمران خان پھنس سکتےہیں، سپریم کورٹ نے فیصلےسیدھے سیدھے کئےہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور مریم نواز پےدرپے عدالتوں پر تنقید کررہے ہیں وہ بند کمرے سے نکلناچاہتےہیں جبکہ مریم نواز دیوار توڑ کر راستہ بنانا چاہتی ہیں۔

    مریم نواز کے گالم گلوچ بریگیڈ میں وکلا شامل نہیں ہوں گے، نوازشریف ہرسازش میں آگے آگے رہے، انہوں نے یوسف رضا گیلانی اور دیگر کیخلاف بھی سازش کی۔

  • عدالت کے ذریعے حدیبیہ کیس پھر کھولنا انصافی ہے،سعد رفیق

    عدالت کے ذریعے حدیبیہ کیس پھر کھولنا انصافی ہے،سعد رفیق

    لاہور : وزیرریلوے سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عدالت کے ذریعے حدیبیہ کیس پھر کھولنا انصافی ہے ،ایم کیوایم اورپی ایس پی کاانجینئرڈ ملاپ چوبیس گھنٹے میں ناکام ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرریلوےکی ٹرین فاروق ستارکی حمایت میں چل پڑی اور ایم کیو ایم اور پی ایس پی اتحاد کوانجینئرڈ قرار دے دیا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ قومی سیاست کا فیصلہ ایوانوں میں نہیں گلیوں بازاروں میں ہو گا۔

    لیگی وزیر نے اپنے ٹوئٹ میں حدیبیہ پیپر ملز کیس کھولنے کو ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقدمات کے ذریعے لیگی قیادت کو جکڑنے اور بدنام کرنے کا منصوبہ ناکام ہوگا۔

    نئے نویلے پاکستان عوامی اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے سعد رفیق کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ مشرف کو متبادل لیڈر بنانے کی کوشش بُری طرح ناکام ہوگی، سیاسی جماعتیں بنانے اور توڑنے کا مشغلہ ترک کرنا ہوگا۔

    مخالفین کو خبردارکرتے ہوئے کہا انھوں نے کہا کہ محاذآرآئی سے کچھ ہاتھ نہ آئے گا، نئے عوامی فیصلہ کا انتظار کریں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔