Tag: حد بندی

  • غزہ میں شہادتیں، سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا اہم بیان

    غزہ میں شہادتیں، سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا اہم بیان

    اسرائیل کی جانب سے غزہ کے اسپتال پر وحشیانہ بمباری کی گئی ہے، جس کے باعث شہادتوں کی تعداد 800 سے تجاوز کرگئی ہے، ایسے میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بڑا مطالبہ کردیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے، 1967 کی حد بندی کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کردیا ہے۔

    کابینہ اجلاس سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقد کیا گیا، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ دارالحکومت مشرقی بیت المقدس کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔

    سعودی کابینہ اجلاس میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی بھی شدید مذمت کی گئی جبکہ عرب امن منصوبے کے تحت امن عمل دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

    دوسری جانب العہلی عرب اسپتال پر اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 800 سے تجاوز کرگئی ہے، خوفناک بمباری میں خواتین، بچے، ڈاکٹرز اور اسٹاف شامل تھے۔

    اسپتال میں سینکڑوں زخمی اوربیمار موجود تھے اور بڑی تعداد میں بے گھر شہریوں نے پناہ لی ہوئی تھی، بمباری سے اسپتال مکمل تباہ ہوگیا اور عمارت میں آگ لگ گئی۔

    فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، بمباری میں مریضوں کے ساتھ بڑی تعداد میں ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف بھی شہید ہوئے۔

  • پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے لیے بھارتی حد بندی کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی

    پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے لیے بھارتی حد بندی کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی

    اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیے بھارتی حد بندی کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی، وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب بدلنا سلامتی کونسل کی قراردادوں سے متصادم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے لیے بھارتی حد بندی کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی، اس سلسلے میں اسلام آباد میں تعینات بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا ہے۔

    دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو پاکستان کی جانب سے رپورٹ مسترد کیے جانےسے آگاہ کیا، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ رپورٹ کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی آبادی کو بے اختیار کرنا ہے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی جانب سے کی گئی پوری مشق مضحکہ خیز ہے، رپورٹ بھارت کے 5 اگست کے غیر قانونی اقدامات کو جائز قرار دینے کی سازش ہے۔

    دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ جموں کشمیر کا تنازعہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔

    دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے کراس سیکشن نے پہلے ہی رپورٹ مسترد کردی ہے، مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب بدلنا سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون سے متصادم ہے۔