Tag: حرم شریف

  • مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین حج کو حرم شریف تک پہنچنے میں مشکلات

    مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین حج کو حرم شریف تک پہنچنے میں مشکلات

    پاکستان سے عازمین حج کی روانگی جاری ہے تاہم وہ پاکستانی عازمین جو مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں انہیں حرم شریف تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رواں برس حج کی ادائیگی کے لیے پاکستان سے عازمین کی روانگی جاری ہے اور اب تک ہزاروں عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں۔ تاہم مکہ مکرمہ میں مقیم پاکستانی عازمین حج کو حرم شریف تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    اس حوالے سے وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عازمین کے اکٹھے نکلنے کے سبب رش ہو جاتا ہے۔

    ترجمان کے مطابق بسوں کے تاخیر سے آنے کی بھی چند شکایات موصول ہوئی ہیں اور شکایات کے ازالے کے لیے بروقت اقدامات کیے جاتے ہیں۔ عازمین کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔

    دوسری جانب 67 ہزار نجی عازمین کا مسئلہ تاحال حل نہیں ہوسکا ہے۔ گزشتہ دنوں وزارت مذہبی امور نے ایک خط بھی سعودی حکام کو لکھا تھا، تاہم اب تک اس حوالے سے مزید کوئی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-67000-private-haj-pilgrims-ministry-ministry-of-religious-affairs-letter-to-saudia-arabia/

  • حرم شریف میں بارش کے دلکش اور روح پرور مناظرنے سماں باندھ دیا، ویڈیو

    حرم شریف میں بارش کے دلکش اور روح پرور مناظرنے سماں باندھ دیا، ویڈیو

    سعودی عرب کے شہر جدہ، مکہ مکرمہ اور دیگرشہروں میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے موسم نہایت خوشگوار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق دیگر شہروں کی طرح مکہ مکرمہ میں بھی بادل برسے، حرم شریف میں بھی بارش ہوئی جس کے دلکش اور روح پرور مناظر نےسماں باندھ دیا، حرم میں موجود زائرین نے بارش میں طواف جاری رکھا اور عبادت اور دعاؤں میں مصروف رہے۔

    برسات کے دوران کئی دلکش اور روح پرور مناظر نظر آئے جبکہ حرم میں موجود مختلف ملکوں سے آئے مسلمان اس جگہ پر اللہ کی رحمت برستی دیکھ کر کافی خوش نظر آئے۔

    خیال رہے کہ حرم مکی کی زیارت کے دوران فوٹو گرافرز کے درمیان مقدس مقام کی تصویر سازی اور عکس بندی کا مقابلہ ہوتا ہے۔

    سعودی فوٹو گرافر حسام محمد نے اس حوالے سے بتایا کہ بارش میں حرم مکی میں فوٹو گرافی ایک دلچسپ بات ہوتی ہے اور فوٹو گرافروں کے درمیان بارش میں حرم مکی کی فوٹو گرافی کا مقابلہ ہوتا ہے۔

    2015 میں فوٹو گرافی شروع کرنے والے مکہ مکرمہ کے رہائشی مقامی فوٹوگراف نے کہا کہ ہر فوٹو گرافر الگ الگ زاویے سے حرم مکی کی تصویر کشی کرتا اور زیادہ سے زیادہ خوبصورت تصاویر بنانے کی کوشش کرتا ہے۔

  • حرم شریف آنے والے معذور افراد کیلئے بڑی سہولت کا اضافہ

    حرم شریف آنے والے معذور افراد کیلئے بڑی سہولت کا اضافہ

    سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین شریفین کی انتظامیہ نے معذور افراد کے لئے خاص سہولت فراہم کردی ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے معذور اور بیمار افراد کی سہولت کیلیے خصوصی گالف گاڑیاں مہیا کی گئی ہیں، مذکورہ کورٹس میں ویل چیئرز کو چڑھانے کے لیے مخصوص سلوپ کی سہولت بھی موجود ہے۔

    طواف بیت اللہ کے لیے مسجد الحرام کی انتظامیہ نے حرم شریف کی چھت پر فراہم کی جانے والی گالف گاڑیوں کی تعداد بھی بڑھادی ہے، جبکہ معذو افراد کے لئے متعدد گاڑیاں مخصوص کی ہیں جو ویل چیئر استعمال کرتے ہیں۔

    انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی مخصوص گاڑیوں میں ویل چیئرز کو چڑھانے میں آسانی کے لیے ہائیڈرالک سلوپ لگایا گیا ہے، تاکہ معذور اور معمر افراد باآسانی گاڑی میں سوار ہوسکیں۔

    واضح رہے اتھارٹی معمر اور معذور افراد کے لیے اعلی اور بہترین خدمات فراہم کرنے پر کام کررہی ہے، معمر اور معذور افراد پر خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔

    مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآ لہ وسلم کے دروازوں کے قریب نماز کے لیے دس خصوصی ایریا، شمالی توسیع میں چار مصلی اور مشرقی توسیع میں تین مصلی تیار کیے گئے ہیں۔

    اتھارٹی کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اس کے صحن کے اندر الیکڑانک گالف کارٹس اور ویل چیئرز موجود ہیں جو نمازیوں اور زائرین کی آمد ورفت آسان بناتی ہیں۔

    معذور قطری شہری کا ہاتھوں سے چل کر خانہ کعبہ کا طواف

    اس کے علاوہ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآ لہ وسلم کی چھت پر قوت سماعت اور گویائی سے محروم افراد کیلیے بھی ایک خصوصی کمرہ بنایا گیا ہے، جہاں 100افراد نماز کی ادائیگی کرسکتے ہیں۔ وہ سائن لینگویج کے ذریعے جمعے کے خطبے کو سمجھ سکتے ہیں۔

  • حرم شریف کے فرش کی ٹھنڈک کا راز کیا ہے؟

    حرم شریف کے فرش کی ٹھنڈک کا راز کیا ہے؟

    موسم گرما میں جب سورج آگ برساتا ہے تب بھی اس کی تپتی کرنیں مسجد حرام کے فرش پر اثر انداز نہیں ہوتیں یہ وہ فرش ہے جو شدید گرمی میں زائرین  کے پیروں کو ٹھنڈک کا احساس دلاتا ہے۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حرم پاک کے فرش کی ٹھنڈک کا راز ایک خاص قسم کا سنگ مر مر ہے جس سے پچاس ڈگری سینٹی گریڈ میں بھی زائرین کو حرم شریف میں ننگے پاؤں چلتے ہوئے ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے۔

    مگر اس کا سہرا حرم شریف میں استعمال ہونے والے ماربل کے معیار کو جاتا ہے جہاں یہ سنگ مرمر یونان کے جزیرے تھاسوس سے درآمد کیا جاتا ہے جو  التاسوس ماربل کے نام سے مشہور ہے گرمی زیادہ جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    حرم شریف میں مطاف کھولنے کا شاہی فرمان

    رپورٹ کے مطابق یہ ماربل دوسروں سے اس لحاظ سے ممتاز ہے کہ یہ رات کے وقت سوراخوں کے ذریعے نمی جذب کرتا ہے اور دن کے وقت اس نمی کو خارج کرتا ہے۔ یہی چیز اسے زیادہ درجہ حرارت کی روشنی میں مستقل طور پر ٹھنڈا کر دیتی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے بعض غلط قیاس آرائیاں کی جاتی ہیں کہ مسجد حرام کے فرش کو ٹھنڈہ رکھنے کے لیے آلات کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ایسا ہرگز نہیں۔

  • رمضان اور عمرہ: خواتین زائرین کی سہولت کے لیے خواتین اہلکار تعینات

    رمضان اور عمرہ: خواتین زائرین کی سہولت کے لیے خواتین اہلکار تعینات

    ریاض: رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں حرمین شریفین میں عمرہ و دیگر عبادات کے لیے آںے والوں کے رش میں اضافہ ہوگیا ہے، خواتین زائرین کی سہولت کے لیے خواتین اہلکار تعینات کی گئی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ نے رمضان کے دوران مسجد الحرام میں زائر خواتین کی خدمت کے لیے بڑی تعداد میں خواتین اہلکار تعینات کی ہیں۔

    انتظامیہ نے زائر خواتین کی سہولت کے لیے مصلے تیار کیے ہیں اور آنے جانے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے راہداریاں بنائی ہیں۔

    معاون سیکریٹری برائے زائر خواتین وضحہ بنت عبد الرحمٰن عسیری نے بتایا کہ زائر خواتین کے آنے جانے کے لیے 22 دروازے مختص کیے گئے ہیں، مسجد الحرام کے اندر اور باہر 68 مصلے تیار کیے گئے ہیں۔

    مسجد الحرام کے اطراف زائر خواتین کے لیے 11 واش روم بنائے گئے ہیں اور 7 کمپلیکس مختص کیے گئے ہیں جن کی صفائی اور دھلائی دن میں سات مرتبہ ہوتی ہے۔

    مسجد الحرام آنے والی خواتین اپنے ہمراہ لانے والا سامان بھی چیک کرواتی ہیں، وضحہ عسیری نے بتایا کہ زائر خواتین میں نابینا بھی شامل ہیں ان کے لیے قرآن پاک کے اسپیشل نسخے رکھے گئے ہیں جو بریل سسٹم کے ہیں۔

    وضحہ عسیری کا کہنا ہے کہ واش رومز کی جراثیم کش مادے سے صفائی کروائی جا رہی ہے، خواتین کے لیے مختص مصلوں کے قالین دن میں چار مرتبہ معطر ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے بھی خواتین ہی تعینات ہیں۔

    وضحہ عسیری نے بتایا کہ زائر خواتین میں عربوں کے علاوہ دیگر زبانوں سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی ہیں، ان کی سہولت کے لیے اردو، انگریزی، ترکی، فارسی، فرانسیسی اور ازبک زبانوں میں گائیڈ خواتین تعینات کی گئی ہیں۔

  • حرم شریف کا فرش روزانہ کتنی مرتبہ دھویا جاتا ہے؟

    حرم شریف کا فرش روزانہ کتنی مرتبہ دھویا جاتا ہے؟

    ریاض: حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حرم شریف میں آنے والے زائرین کی صحت و سلامتی کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے اور حرم شریف کی صفائی کے لیے سخت اصول اپنائے جاتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ حرم مکی شریف اور مسجد نبوی ﷺ کے زائرین کی سلامتی کے لیے روزانہ چار مرتبہ فرش کودھویا جاتا ہے جبکہ 13 ہزار 500 قالین روزانہ تبدیل کر دیے جاتے ہیں۔

    حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن قالینوں پر نماز پڑھی جاتی ہے انہیں روزانہ کی بنیاد پر خصوصی آلات کے ذریعہ صاف کیا جاتا ہے، پھر انہیں جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے۔

    حرم مکی شریف میں قالینوں کے شعبے کے سربراہ جابر بن احمد ودعانی نے کہا ہے کہ حرم مکی میں بچھائے جانے والے تمام قالین صرف ایک دن استعمال کیے جاتے ہیں۔

    ان کے مطابق ان قالینوں کو روزانہ صاف کیا جاتا ہے اور انتہائی جدید آلات کی مدد سے جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے، علاوہ ازیں حرم کے جن مقامات میں قالین نہیں بچھے وہاں روزانہ چار مرتبہ جراثیم کش مواد سے صفائی کی جاتی ہے۔

    اس سے قبل حرم شریف کی صفائی کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ طواف کرنے والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کیے بغیر کس طرح منٹوں میں 5 لاکھ مربع میٹر رقبے کو دھو کر صاف کر دیا جاتا ہے۔

    ادارہ امور حرمین کے مطابق حرم کے فرش کو دھونے کے عمل کا مکمل دورانیہ 45 منٹ کا ہے، اس دوران پانچ لاکھ مربع میٹر فرش کو جراثیم کش ادویات سے دھونے کے بعد خوشبو والے محلول سے مہکایا جاتا ہے۔

    حرم کے فرش کی دھلائی میں 3 ہزار 76 کارکن حصہ لیتے ہیں جو مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔

  • حرم شریف کی صفائی کی حیرت انگیز ویڈیو جاری

    حرم شریف کی صفائی کی حیرت انگیز ویڈیو جاری

    ریاض: مکہ مکرمہ میں حرم شریف میں ہزاروں کارکن حرم کی صفائی کے عمل میں حصہ لیتے ہیں جس کی حیرت انگیز ویڈیو جاری کردی گئی۔ حرم شریف کو روزانہ دن میں 4 بار دھویا جاتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین کی جانب سے حرم شریف میں روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی صفائی کے بارے میں ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ طواف کرنے والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کیے بغیر کس طرح منٹوں میں 5 لاکھ مربع میٹر رقبے کو دھو کر صاف کر دیا جاتا ہے۔

    ادارہ امور حرمین کے مطابق حرم کے صحن مطاف میں، جہاں روزانہ لاکھوں افراد طواف کعبہ کرتے ہیں کو دن میں کم سے کم 4 باردھویا جاتا ہے۔

    فرش کو دھونے کے عمل کا مکمل دورانیہ 45 منٹ کا ہے، اس دوران پانچ لاکھ مربع میٹر فرش کو جراثیم کش ادویات سے دھونے کے بعد خوشبو والے محلول سے مہکایا جاتا ہے۔

    حرم کے فرش کی دھلائی میں 3 ہزار 76 کارکن حصہ لیتے ہیں جو مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ صحن مطاف اور حرم شریف کے دیگر مقامات کو دھونے اور صاف کرنے کے عمل میں 40 الیکٹریکل گاڑیاں اور 60 بجلی کے ویکیوم پمپس کے علاوہ فرش کو سکھانے کے لیے بجلی کے دسیوں آلات استعمال کیے جاتے ہیں۔

    حرمین شریفین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صفائی کے کارکن اپنے کام میں اتنے ماہر ہیں کہ وہاں ہر وقت طواف کرنے والوں کو کسی قسم کی دقت و پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

    اس عمل میں انتہائی منظم انداز میں صحن مطاف کو دھونے کے بعد عرق گلاب اور دیگر اعلیٰ قسم کی خوشبو سے صحن کو معطر کیا جاتا ہے۔

    صفائی کے اس عمل کی باقاعدہ نگرانی کی جاتی ہے جبکہ کارکنوں کی ایک پارٹی زائرین اور صفائی کرنے والے مقام کو جدا کرنے کے لیے ڈیوائیڈر ربن لے کر کھڑے ہوتے ہیں تاکہ صفائی کے لیے استعمال ہونے والی مشنری سے زائرین متاثر نہ ہوں اور کام میں بھی کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو نے پائے۔

    ماہ رمضان اور حج سیزن کے دوران صفائی کے اوقات میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے کیونکہ رمضان میں لاکھوں افراد حرم شریف میں افطاری اور سحری کا بندوبست کرتے ہیں۔

    افطاری کے وقت جبکہ اذان اور اقامت کے درمیان وقت بہت کم ہوتا ہے اس دوران افطاری کرنے کے فوری بعد انتہائی مہارت اور چابکدستی سے کارکن صفائی کی مہم انجام دیتے ہیں۔

  • حرم شریف کے صحن میں زائرین کو دھوپ سے بچانے والی چھتریوں میں فنی خرابی

    حرم شریف کے صحن میں زائرین کو دھوپ سے بچانے والی چھتریوں میں فنی خرابی

    ریاض: مکہ مکرمہ میں زائرین و نمازیوں کو دھوپ سے بچانے کے لیے لگائی جانے والی چھتریوں کی تنصیب کا کام مؤخر کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں حرم شریف کے بیرونی صحنوں میں فولڈنگ چھتریوں کی تنصیب کا کام مؤخر کر دیا گیا ہے، موصول ہونے والی فولڈنگ چھتری کے نمونے میں فنی خرابی کا انکشاف ہوا تھا۔

    ان فولڈنگ چھتریوں کی تنصیب کا مقصد موسم گرما میں نمازیوں کو آرام پہنچانا ہے خاص کر ماہ رمضان اور حج سیزن کے دوران جب وہاں بے پناہ رش ہوتا ہے۔

    ماہ رمضان المبارک اور حج سیزن میں جب حرم شریف میں بیک وقت لاکھوں افراد موجود ہوتے ہیں تب حرم شریف کے اندرونی صحنوں میں جگہ کم ہونے کی وجہ سے لوگ بیرونی صحنوں میں نماز ادا کرتے ہیں۔

    زائرین کی سہولت کے لیے انتظامیہ نے جامع منصوبے کے تحت حرم شریف کے بیرونی صحنوں میں بڑی بڑی فولڈنگ چھتریاں نصب کرنے کے لیے غیر ملکی کمپنی سے معاہدہ کیا تھا۔

    کمپنی پابند تھی کہ وہ خصوصی طور پر تیار کی جانے والی ہائیڈرولک چھتریوں کی تنصیب سے قبل ان کا نمونہ انتظامیہ کو فراہم کرے تاکہ چھتریوں کے معیار کو دیکھ کر ان کی تنصیب کا آغاز کیا جاسکے۔

    تاہم کنٹریکٹنگ کمپنی کی جانب سے موصول ہونے والے نمونے کو جب ٹیسٹ کیا گیا تو اس میں متعدد فنی خرابیوں کا انکشاف ہوا جس کے بارے میں متعلقہ کمپنی کو مطلع کر دیا گیا۔

    دوسری جانب حرم شریف کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صحن مطاف میں بڑی فولڈنگ چھتری کی تنصیب کے لیے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر مختلف منصوبوں کے تخیلاتی ماڈلز وائرل ہورہے ہیں جن میں کوئی حقیقت نہیں۔

    واضح رہے کہ مسجد نبوی ﷺ کے باہر صحنوں میں بھی 250 فولڈنگ چھتریاں نصب ہیں، ہر چھتری کی اونچائی 15.3 میٹر ہے۔ ایک چھتری کا وزن 40 ٹن کے قریب ہے۔ ان چھتریوں کے نیچے بیک وقت 2 لاکھ 28 ہزار افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔

  • حرم شریف کی تیسری توسیع کا افتتاح رمضان میں ہو گا‘ ڈپٹی گورنر

    حرم شریف کی تیسری توسیع کا افتتاح رمضان میں ہو گا‘ ڈپٹی گورنر

    مکہ مکرمہ : ڈپٹی گورنر مکہ مکرمہ ریجن شہزادہ بدر بن سلطان نے حرم الشریف کے تیسرے توسیعی مرحلے کا جائزہ لیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

    سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈپٹی گورنر کو بتایا گیا کہ جاری ترقیاتی کام رمضان المبارک کے آغاز تک مکمل ہو جائے گا جبکہ مسجد نبوی الشریف میں ادارہ امور حرمین کی جانب سے استقبال رمضان کے حوالے سے جاری تیاریوں کے ضمن میں اسمارٹ قالین بچھانے کا آغاز کر دیا گیا-

    حرم مکی شریف کے تیسرے توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں بیک وقت 2 لاکھ 80 ہزار افراد نماز ادا کرسکیں گے۔ ماہ رمضان المبارک میں دنیا بھر سے معتمرین کی آمد جاری رہتی ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ اس ماہ مبارک میں عمرہ کی سعاد ت حاصل کرتے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حرم مکی الشریف کے تیسرے توسیعی مرحلے کی تکمیل سے معتمرین اور زائرین کو کافی سہولت ہو گی۔

    حرم مکی شریف کی تیسری توسیع کا سب سے بڑا مرحلہ شاہ عبد العزیز گیٹ اور اسکے سامنے بس اسٹینڈ کا ہے جہاں رمضان المبارک کے دروان سب سے زیادہ اژدھام رہتا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بس اسٹینڈ سے فی گھنٹہ 50 ہزار افراد مستفیض ہوتے ہیں جو حرم شریف سے تقریبا 10 سے 15 کلو میٹر دور کدی کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کر کے شٹل بس سروس کے ذریعے حرم شریف آتے ہیں۔

    واضح رہے رمضان المبارک اور حج سیزن میںدیگر شہروں سے اپنی گاڑیوں میں مکہ مکرمہ آنے والوں کیلئے کدی کے علاقے میں وسیع و عریض پارکنگ لاٹس مخصوص ہیں جہاں وہ اپنی گاڑیاں پارک کرکے بس کے ذریعے حرم شریف آتے ہیں۔

    ادارہ امور مسجد نبوی الشریف کے ڈائریکٹر بندر الحسینی نے سعودی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ نئے قالین مکمل طور پر سعودی عرب میں تیار کئے گئے ہیں جن میں اسمارٹ چپ لگائی ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نئے تیار کئے گئے خصوصی قالینوں کو مخصوص انداز میں بنایا گیا ہے جو موسمی اثرات سے محفوظ رہیں گے اور انکے استعمال کی مدت بھی زیادہ ہو گی۔ نئے بچھائے جانے والے قالینوں کی تعداد 20ہزار 700 ہو گی۔

  • مکہ معظمہ، حرمِ کعبہ پرکالے جھینگروں کی یلغار، زائرین پریشان

    مکہ معظمہ، حرمِ کعبہ پرکالے جھینگروں کی یلغار، زائرین پریشان

    مکہ مکرمہ : مکہ مکرمہ حرم شریف میں اچانک کالے جھینگروں کی یلغار نے عوام کے لئے مشکلات پیدا کردیں، جس کی ویڈیو انٹرنیٹ پروائرل ہوگئی جبکہ انتظامیہ نے حرم شریف سمیت شہرمیں جھینگروں کے خاتمے کے لئے جراثیم کش دوا کا اسپرے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ میں کالے جھینگروں کی بہتات گھروں، اسکولز اور سڑکوں پر عوام کے لئے پریشانی کاباعث بن گئی، کالے جھینگروں کی ویڈیو انٹرنیٹ پروائرل ہوگئی۔

    مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے حرم شریف سمیت شہر میں جھینگروں کے خاتمے کے لئے جراثیم کش دوا کا اسپرے کیا گیا جبکہ مسجد الحرام کے زائرین کو جھینگروں سے نجات دلانے کیلئے 138افراد پر مشتمل 22ٹیمیں تعینات کردیں اور انہیں 111مشینیں بھی دیدی گئیں۔

    میونسپلٹی نے ایسے تمام مقامات کی نشاندہی کرلی ہے، جہاں جہاں مکھی مچھر اور جھینگر زیادہ تعداد میں پیدا ہورہے ہیں۔

    عبدالوہاب سورور نے بتایا کہ”ہفتہ کی رات مسجد میں دعا کر رہا تھا کہ اچانک ہر جگہ کیڑوں نے حملہ کردیا، مسجد میں نہ صرف گارڈوں پر بلکہ کعبہ کے ارد گرد بھی کیڑے ہی کیڑے نظر آرہے تھے، میں نے اپنی زندگی مکہ میں گزار دی لیکن ایسا نظارہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

    جنگلی کیڑوں کے ماہرین اور ڈبلیو ایف ایف کے سائنسی مشیر ڈاکٹر جیکی جوڈو کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب میں نے کیڑوں کو اتنی بڑی تعداد میں دیکھا ہو اور مجھے حیرت نہیں ہوئی کہ لوگ بھی اسی طرح کہہ رہے ہیں ، کیونکہ میں نے پہلے کبھی ایسے کیڑوں کو اتنی بڑی تعداد نہیں دیکھی۔

    دوسری جانب مسجد الحرام کی انتظامیہ نے حرم شریف کے زائرین کو مچھروں اور مختلف قسم کے کیڑوں سے بچانے کیلئے 24 گھنٹے کیڑے مار ادویہ کے اسپرے کا بندوبست کردیا ہے اور اس کے لیے نظام الاوقات مقرر کئے گئے ہیں تاکہ زائرین کو کسی طرح کا کوئی نقصان نہ ہو۔