Tag: حریت پسند

  • مودی کے ہاتھ انسانی خون سے رنگے ہوئے ہیں، مشال ملک

    مودی کے ہاتھ انسانی خون سے رنگے ہوئے ہیں، مشال ملک

    اسلام آباد : حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا کہ مودی کے ہاتھ انسانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

    اسیرحریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک جو ان دنوں اپنے شوہر کی رہائی اور تحریکِ آزادی کشمیر میں متحرک کردار ادا کررہی ہیں نے اپنے بیان میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    مشال ملک کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں چنانی نشری ٹنل کا افتتاح کر رہے ہیں، جو کشمیرکو نئی دہلی سے ملارہا ہے تا کہ ٹنل کے ذریعے بھارتی فوج اور اسلحےکی آمدورفت کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹنل کے ذریعے بھارت مقبوضہ کشمیر پر قبضے کو مزید مضبوط بنا رہا ہے تاکہ مذید اسلحہ بارود اور افواج کو نہتے کشمیریوں پر مسلط کر کے ان کی نسل کشی کی جا سکے جس کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیئے۔

    مشال ملک نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ میں18 کشمیری شہید اور 500سے زائد زخمی ہوئے ہیں اس پر بھی بھارتی سفاکیت نرم نہ پڑی اور اب ٹنل کے ذریعے کشمیر کو فوجی چھاؤنی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں سب سے بڑی ریاستی دہشت گردی بھارت کر رہا ہے اور ہر گذرتے دن کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں بھی روز بہ روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

  • کشمیرمیں ہندوستانی فوجی مرکز پر حملہ، 17فوجی ہلاک

    کشمیرمیں ہندوستانی فوجی مرکز پر حملہ، 17فوجی ہلاک

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ کے قصبے اوڑی میں قائم بھارتی فوجی مرکز پر مبینہ حریت پسندوں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں 17فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اتوارکیصبح  ساڑھے پانچ بجے نامعلوم تعداد میں مسلح افراد بھارتی فوج کی 12 ویں بریگیڈ ہیڈکوارٹرز میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کردی۔

    حملے کا نشانہ بننے والا یہ فوجی مرکز لائن آف کنٹرول کے قریب واقع ہے جہاں سرحدی تنازع کی وجہ سے پہلے ہی سیکورٹی بہت زیادہ سخت ہوتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق حریت پسندوں اور ہندوستانی فورسز کے درمیان فوجی مرکز کے اندر فائرنگ کا تبادلہ اب بھی جارہی ہے جبکہ دھماکوں کی بھی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔

    ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی اپنا دورہ امریکا اور روس ملتوی کردیا جبکہ ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔

    دوسری جانب جموں و کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیاجبکہ جموں و کشمیر پولیس حکام نے حملے میں دو فوجی اہلکاروں کی ہلاکت اور 6 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی۔

    حملے کے بعد فوج کے خصوصی دستوں کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے اوڑی میں اتارا گیا جبکہ اوڑی اور لائن آف کنٹرول کی طرف جانے والی سڑکوں کی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ساتویں روز بھی جاری

    مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ساتویں روز بھی جاری

    سری نگر: نوجوان حریت پسند برہان وانی کی بھارتی فوج کے ہاتھوں شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال 7ویں روز بھی جاری ہے جب کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی بند ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے ترنال میں کے رہائشی نوجوان حریت پسند کارکن برہان وانی کی شہادت کے بعد  کشمیری عوام بالخصوص نوجوانوں کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے اور بھارتی فوج کی بربریت  کے خلاف سراپا عوامی جذبات کو جبری طور روکنے کے لیے بھارت کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے سات روز سے ترال میں کرفیو نافذ کر رہا ہے جب کہ موبائل اور انٹر نیٹ سروس بھی بند ہے۔

    آج حریت رہنماؤں کی اپیل پر ہڑتال کی جارہی ہے اور جمعہ کی نمازکےبعد متوقع مظاہروں کے باعث بھارتی کٹھ پتلی انتظامیہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آج بھی کئی علاقوں میں کرفیو نافذ ہےجس سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہے۔

    تفصیلات جانیے: بھارتی فوج کی بربریت،حریت پسند برہان وانی شہید

    برہان وانی کی شہادت کے بعد سے بھارتی فوج کی پر تشدد کا روائیاں جاری ہیں جس میں متعدد کشمیری شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں اور مسلسمل ساتویں روز ہڑتال سے معمولاتِ زندگی متاثر ہیں۔

    دوسری جانب آزاد کشمیرمیں بھارتی جارحیت کے خلاف کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے آج یوم سیاہ منایا جارہا ہے جس دوران بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔