Tag: حزب اللہ کمانڈر

  • اسرائیل کا حزب اللہ کمانڈر سُہیل حسین حسینی کو شہید کرنے کا دعویٰ

    اسرائیل کا حزب اللہ کمانڈر سُہیل حسین حسینی کو شہید کرنے کا دعویٰ

    اسرائیلی فوج کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ کل شام لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوب میں حزب اللہ کمانڈر سُہیل حسین حسینی کو شہید کردیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کے مطابق حزب اللہ کمانڈر حسینی ایران اور حزب اللہ کے درمیان ہتھیاروں کی منتقلی اور تقسیم اوران کی مالی معاونت کے ذمہ دار تھے۔

    اسرائیلی فوج کے مطابق حسینی لبنان اور شام میں حزب اللہ کے حساس منصوبوں کے لاجسٹکس امور کے ذمے دار بھی تھے۔

    اسرائیلی فوج کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آنے کے بعد حزب اللہ کی جانب سے اس معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں ہوا۔

    واضح رہے کہ 8 اکتوبر 2023 سے اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں بربریت کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ اب لبنان میں بھی خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے اور بے گناہوں کا خون بہایا جارہا ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی افواج کی جانب سے لبنان کے جنوبی مغرب میں زمینی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لبنان کے جنوبی مغرب میں اس کے 146 ویں ریزرو ڈویژن نے زمینی آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سے جنوب مغربی لبنان میں حزب اللّٰہ کے خلاف محدود، مقامی اور ٹارگٹڈ آپریشنز کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    حزب اللہ کا اسرائیل کے ملٹری انٹیلی جنس یونٹ پر میزائل حملہ

    بیان کے مطابق 146 واں ریزرو ڈویژن پہلا ریزرو ڈویژن ہے جو جنوبی لبنان میں حزب اللّٰہ کے خلاف زمینی کارروائیوں میں حصہ لے رہا ہے۔

  • اسرائیل کا بیروت پر حملہ، حزب اللہ کمانڈر فواد شُکر جاں بحق

    اسرائیل کا بیروت پر حملہ، حزب اللہ کمانڈر فواد شُکر جاں بحق

    اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پرحملے کئے ہیں جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 74 زخمی ہوگئے، اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ سامنے آرہا ہے کہ حملے میں حزب اللّٰہ کمانڈر فواد شُکر مارے گئے۔

    اسرئیلی میڈیا کے مطابق حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کے فوجی مشیر سید محسن فواد شُکر کے مارے جانے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

    اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ فواد شکر حاج محسن اور محسن شُکر کے نام سے بھی مشہور تھے، امریکا نے ان کے سر کی قیمت 50 لاکھ ڈالر مقرر کی تھی۔

    فواد شُکر 1985 میں حزب اللہ میں شامل ہوئے تھے اور تنظیم کے سب سے کلیدی جہاد کونسل کے بھی رکن تھے۔

    اسرائیل کے مطابق کارروائی گولان کے پہاڑیوں پر حملوں کے جواب میں کی گئی، ان حملوں میں دروز نسل سے تعلق رکھنے والے 12 اسرائیلی شہری مارے گئے تھے، تاہم حزب اللہ نے حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔

    دوسری جانب حماس رہنماء اسماعیل ہنیہ کو ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد تہران میں ان کی رہائش گاہ پر اسرائیلی حملے میں شہید کردیا گیا ہے۔

    حماس رہنماء اسماعیل ہنیہ 1980 کی دہائی کے آخر میں حماس میں شامل ہوئے اور اس کے بعد طویل عرصے سے حماس کے سینئر رہنما تھے۔

    ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق غزہ جنگ کے دوران اسماعیل ہنیہ کے خاندان کے درجنوں افراد جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔

    ’حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ ناگزیر نہیں‘

    حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو تہران میں ان کی قیام گاہ پر نشانہ بنایا گیا، ایران نے اسماعیل ہنیہ پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات جلد سامنے لانے کا اعلان کردیا ہے۔

    حماس کے اعلامیہ کے مطابق حماس نے اسماعیل ہنیہ کے شہید ہونے کی تصدیق کردی ہے، حماس کا کہنا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کواسرائیلی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا ہے۔