Tag: حزب اللہ

  • ’حزب اللہ کا اسرائیل کو واضح پیغام‘

    ’حزب اللہ کا اسرائیل کو واضح پیغام‘

    اسرائیل فوج کی جانب سے فلسطین میں بربریت کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں حزب اللہ نے واضح کیا ہے کہ دنیا کے تمام لڑاکا بحری بیڑے بھی آجائیں تو حزب اللہ کو حماس کی حمایت سے دستبردار نہیں کرایا جاسکتا۔

    لبنانی میڈیا کا کہنا ہے کہ 20 روز کے دوران لبنان اور اسرائیل کے سرحدی علاقے میں 17اسرائیلی فوجیو ں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ اسرائیلی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ 7 اکتوبر سے جاری آپریشن الاقصیٰ طوفان میں اسرائیل کے 309 فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 224 افراد تاحال یرغمال ہیں۔

    حزب اللہ کے ساتھ ساتھ حماس نے بھی جمعرات کے روز اسرائیل کے شہر تل ابیب سمیت مختلف مقامات کو راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ حماس اور حزب اللہ کے حملوں کے سبب سوا لاکھ سے زائد اسرائیلی آبادکاروں کو شمال سے جنوب کی جانب فرار ہونا پڑا ہے۔

    دوسری جانب اسرائیل کے خلاف جنگ میں حقیقی فتح حاصل کرنے کیلیے حزب اللہ، حماس اور اسلامی جہاد کی اعلیٰ قیادت نے سر جوڑ لیے۔

    رائٹرز کے مطابق حزب اللہ کے سربراہ شیخ حسن نصراللہ نے حماس اور اسلامی جہاد کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات میں اسرائیل کے خلاف جاری جنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

    حزب اللہ کی جانب سے جاری کردہ مختصر اعلامیے کے مطابق ملاقات میں شیخ حسن نصراللہ، حماس کے نائب سربراہ صالح العروری اور اسلامی جہاد کے سربراہ زیاد نخالہ موجود تھے۔

    تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ اہمیت کی حامل مذکورہ ملاقات کب اور کہاں ہوئی۔

    اعلامیے کے مطابق ملاقات میں جائزہ لیا گیا کہ جنگ میں عالمی برادری کہاں کھڑی ہے اور مزاحمت کیلیے فریقین کو کیا کرنا چاہیے تاکہ غزہ اور فلسطینیوں کو حقیقی فتح حاصل ہو اور وحشیانہ جارحیت کو روکا جائے،اس میں مزید بتایا گیا کہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلیے رہنماؤں میں اتفاق ہوا۔

  • اسرائیلی وزیراعظم کی لبنان کو تباہ کرنے کی دھمکی

    اسرائیلی وزیراعظم کی لبنان کو تباہ کرنے کی دھمکی

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان کو تباہ کرنے کی دھمکی دے دی، ان کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کا جنگ میں شامل ہونا لبنان کیلئے تباہ کن ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کو اسرائیل کے خلاف دوسرا محاذ کھولنے یا بڑے پیمانے پر ‘تباہ کن’ جوابی کارروائی کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لبنانی سرحد کے قریب اسرائیلی کمانڈوز سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ اگر حزب اللہ بھی اس جنگ میں داخل ہوتی ہے تو یہ اپنی زندگی کی بہت بڑی غلطی کریں گے۔

    انہوں نے حزب اللہ کو اسرائیل کے ساتھ دوسرا جنگی محاذ کھولنے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے سے اسرائیل کی طرف سے "ناقابل تصور” شدت کے جوابی حملے ہوں گے جو لبنان کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے۔

    اسرائیلی وزیر اعظم یہ سخت پیغام اس وقت سامنے آیا ہے جب اس بات کا خدشہ بڑھ رہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کی جنگ مشرق وسطیٰ میں ایک بڑی جنگ کو بھڑکا سکتی ہے۔

    دوسری جانب برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سنک نے کل رات خبردار کیا تھا کہ لڑائی سے خطے میں’تصادم کی وبا‘پھیلنے کا خطرہ ہے۔

  • حزب اللہ کے اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر حملے، ویڈیو جاری کردی

    حزب اللہ کے اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر حملے، ویڈیو جاری کردی

    غزہ پر اسرائیلی بربریت اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کے بعد حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، حزب اللہ نے اپنے تازہ حملے میں اسرائیلی فوج کے متعدد ٹینک اور جاسوسی آلات تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ پراسرائیلی جارحیت کے بعد تشدد کی لہر میں اضافہ سامنے آرہا ہے، عراق میں دو امریکی فوجی اڈوں عین الاسد اور حریر بیس پر بھی ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔

    لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے چار گھنٹوں میں اسرائیل کے تین علاقوں پر بھی حملوں میں جانی نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا۔

    لبنانی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حزب اللہ نے اسرائیل کے ٹینکوں اور جاسوسی کے آلات پر حملے کیے جس سے اسرائیلی فوج کو بھاری جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    حزب اللہ نے لبنان کے سرحدی علاقے پر اسرائیلی فوج کے گلیلی ڈویژن کو نشانہ بنانے کی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں حزب اللہ کے جانبازوں نے اسرائیلی فوج کو گائیڈڈ میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔

    دوسری جانب یورپی یونین کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین نے کہا ہے کہ غزہ کے ہسپتال پر ہونے والے حملے کے بارے میں مکمل حقائق کو فوری طور پر سامنے لایا جائے۔

    یورپی کمیشن کی صدر نے یورپی یونین کے قانون سازوں کو بتایا کہ اس حوالے سے کسی کو بھی حیلے بہانے بنانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ حقائق کو جلد ازجلد بغیر کسی سستی کے سامنے لانے کی ضرورت ہے۔

  • حزب اللہ نے ایران کی ایما پر حملے کیے، اسرائیل کا الزام

    حزب اللہ نے ایران کی ایما پر حملے کیے، اسرائیل کا الزام

    یروشلم : اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ حزب اللہ نے اسرائیلی سرحد پر حملوں میں اضافہ کردیا ہے، جس کا حکم اسے ایرانی حکومت نے دیا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اتوار کو لبنان اسرائیل سرحد پر ہونے والے حملے حزب اللہ نے ایران کی ایما پر کیے۔

    اسرائیل کے چیف ملٹری ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری نے ایک بریفنگ میں کہا کہ حزب اللہ نے جنوبی غزہ میں ہماری جنگی کوششوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ایرانی ہدایات پر اور اس کی مکمل حمایت سے حملے کیے ہیں۔”

    صہیونی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ حزب اللہ غزہ میں اسرائیل کی جوابی کارروائی میں خلل ڈالنا چاہتی ہے، ضرورت پڑی تو اسرائیلی فوج 2یا اس سے زائد محاذ پر بھی لڑائی کیلئے تیار ہے۔

    یاد رہے کہ غزہ پر اسرائیلی فضائیہ کی بمباری میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2700 سے بڑھ گئی ہے جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس کے حملوں میں اس کے 1400 سے زیادہ شہری ہلاک ہوئے جبکہ 199 یرغمال بنائے گئے ہیں۔

    علاوہ ازیں اسرائیل کے زمینی حملے کے پیش نظر اب تک تقریباً 10 لاکھ فلسطینی شمالی غزہ سے جنوب کی جانب نقل مکانی کرچُکے ہیں۔

  • حماس کے حملوں کے پیچھے ممکنہ طورپر ایران ہے، ٹرمپ کا الزام

    حماس کے حملوں کے پیچھے ممکنہ طورپر ایران ہے، ٹرمپ کا الزام

    سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام لگایا ہے کہ حماس کے ان حملوں کے پیچھے ممکنہ طورپر ایران ہوسکتا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق امریکی صدر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر دفاع کو احمق قرار دیا، انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیر دفاع کے بظاہر اوسان خطا تھے اور وہ کہہ رہے تھے کہ انہیں امید ہے کہ حزب اللہ شمال سے حملہ نہیں کرے گی مگر اسی سمت سے اسرائیل پرحملہ ہوا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کو انتہائی اسمارٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو کچھ اسرائیل میں ہوا ہے وہ پہلے کسی نے دیکھا تک نہ تھا۔

    ٹرمپ نے کہا کہ وہ یہ بات کبھی نہیں بھلا پائیں گے جب 2020 میں نیتن یاہو نے ایرانی فوج کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کو نشانہ بنانے کے معاملے پر انہیں مایوس کیا تھا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ آخری وقت پر انہیں بتایا گیا کہ اسرائیل اس ڈرون حملے میں شریک نہیں ہوگا تاہم امریکا نے کارروائی اپنی مکمل کی۔

  • حزب اللہ کا حماس اسرائیل جنگ میں امریکی مداخلت پر دھمکی آمیز بیان

    حزب اللہ کا حماس اسرائیل جنگ میں امریکی مداخلت پر دھمکی آمیز بیان

    بیروت: لبنان کے مسلح گروپ حزب اللہ نے حماس اسرائیل جنگ میں امریکی مداخلت پر دھمکی آمیز بیان جاری کر کے امریکا کو خبردار کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے بعد حزب اللہ بھی اسرائیل کے خلاف جنگ میں شامل ہو گیا ہے، فلسطینی علاقوں پر دہائیوں سے قابض صہیونی فورسز کو حماس کے بعد اب ایک اور محاذ کا بھی سامنا ہے۔

    ترک میڈیا کے مطابق حزب اللہ کے ترجمان نے سرکاری بیان میں کہا ہے کہ فلسطین یوکرین نہیں ہے، براہ راست امریکی مداخلت پر خطے میں تمام امریکی مقامات ہمارے اہداف بن جائیں گے۔

    ترجمان حزب اللہ نے کہا ’’اگر امریکا براہ راست مداخلت کرتا ہے تو خطے میں تمام امریکی مقامات مزاحمتی محور کے جائز اہداف بن جائیں گے اور انھیں ہمارے حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘ ترجمان نے مزید کہا ’’اس دن کوئی سرخ لکیر باقی نہیں رہے گی۔‘‘

    اسرائیلی فوج کی لبنان کے سرحدی علاقے پر گولا باری

    واضح رہے کہ امریکا نے اسرائیل کے لیے طیارہ بردار جنگی بحری بیڑہ بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے، امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کا کہنا ہے یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ کا رخ اسرائیل کی طرف کر دیا گیا ہے، 6 جہازوں کے امریکی بیڑے میں گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر اور گائیڈڈ میزائل کروزر بھی شامل ہیں۔

    ’امریکی بحری بیڑے کی مدد پر حماس کاردعمل‘

    پینٹاگون کے مطابق امریکا مشرق وسطیٰ میں موجود لڑاکا طیاروں کی تعداد بڑھا رہا ہے، طیاروں میں ایف سولہ، ایف پندرہ، ایف تھرٹی فائیو اور اے ٹین شامل ہیں۔ امریکی وزیر دفاع نے کہا اسرائیل کی مدد کے لیے جنگی بحری بیڑٖے روانہ کر رہے ہیں، اسرائیل کے لوگوں کی حفاظت کی جائے گی۔

    حماس نے رد عمل میں کہا ہے کہ امریکا کے بحری بیڑے ہمیں خوف زدہ نہیں کر سکتے، امریکا کو اپنے اقدام کے نتائج کا ادراک کرنا چاہیے۔

  • حزب اللہ نے حماس حملہ کی حمایت کر دی، اسلامی جہاد کا بھی حملوں میں شامل ہونے کا اعلان

    حزب اللہ نے حماس حملہ کی حمایت کر دی، اسلامی جہاد کا بھی حملوں میں شامل ہونے کا اعلان

    لبنان کی تنظیم حزب اللہ نے حماس حملہ کی حمایت کر دی ہے اور اسے اسرائیلی مظالم کا جواب قرار دیا، فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد نے بھی حملوں میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لبنان کی تنظیم حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جرائم کے خلاف حماس کا حملہ فیصلہ کن رد عمل ہے، صورت حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، اور فلسطینی قائدین سے براہ راست رابطے میں ہیں۔

    حزب اللہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کا اسرائیل پر یہ حملہ عالم اسلام خاص طور پر ان لوگوں کے لیے واضح پیغام ہے جو اسرائیل کے ساتھ معمول کے معاہدے کر رہے ہیں۔

    اسرائیل میں حماس کی پیراگلائیڈنگ کے ذریعے گھسنے کے بعد زبردست پیش قدمی، 22 اسرائیلی ہلاک، 500 زخمی، 35 فوجی گرفتار

    ادھر فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد نے بھی اسرائیل کے خلاف حملوں میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے، فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ فلسطینی عوام کو قابض اسرائیلی فورس کی دہشت گردی کے خلاف دفاع کا حق حاصل ہے۔ انھوں نے کہا دہائیوں سے اسرائیلی فورسز کی جانب سے جارحیت جاری ہے۔

    اسرائیلی حکام نے علاقوں پر کنٹرول کھونے، فوجیوں کی گرفتاری کی تصدیق کر دی

    دوسری طرف ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل اور فلسطین دونوں فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے، انھوں نے کہا کہ فریقین معاملے کو تحمل سے حل کریں۔

    حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کامیاب آپریشن پر سجدہ ریز، مغربی کنارے میں‌ جشن

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے جاری بیان میں دنیا بھر کے عرب اور مسلم عوام سے حماس اور فلسطینی عوام کی حمایت کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا، اور کہا کہ مسلح مزاحمت ہی اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنے کا واحد راستہ ہے۔

  • بیروت، جسے مشرقِ وسطیٰ کا پیرس کہہ سکتے ہیں!

    بیروت، جسے مشرقِ وسطیٰ کا پیرس کہہ سکتے ہیں!

    بیروت، لبنان کا عظیم شہر اور اہم بندرگاہ ہے اور یہ وہ شہر ہے جس نے جنگ اور اس کے نتیجے میں خود کو کھنڈر بنتے دیکھا۔ بیروت کے باسیوں نے اپنے گلی کوچوں میں بارود کے دھماکے سنے، لاشیں اور عمارتوں کو ملبے میں تبدیل ہوتا دیکھا اور ایک بار پھر بیروت کی فضا سوگوار ہے۔

    بیروت کی بندرگاہ پر گودام میں رکھے کیمیائی مادّہ کی وجہ سے ہونے والے دھماکے میں کئی افراد ہلاک اور 4 ہزار سے زیادہ کے زخمی ہیں۔

    آئیے آپ کو جیتے جاگتے، سورج کے ساتھ آنکھ کھولتے اور شام ڈھلے تاریکی کو اپنے پہلو میں جگہ دیتے بیروت کی وہ جھلک دکھاتے ہیں جس میں اس دھماکے سے پہلے زندگی تمام تر رعنائیوں‌ کے ساتھ سانس لے رہی تھی۔

    لبنان ایک ایسا ملک ہے جہاں پسماندہ ملکوں کی طرح عوام پانی، بجلی، ٹریفک کے مسائل کو جھیلتے اور قانون کی بالادستی کو ترستے ہیں اور حکم رانوں سے ناخوش رہے ہیں، لیکن بیروت دنیا میں اپنی پہچان اور شناخت بہرحال رکھتا ہے۔

    موسمِ گرما جہاں عرب ممالک تپنے لگتے ہیں، وہاں لبنان میں موسم کسی حد تک بہتر ہوتا ہے۔ کہتے ہیں لبنان یا بیروت کے کھانے لذیذ اور یہاں‌ کے لیے لوگ ملن سار ہیں۔

    بیروت وہ شہر ہے جس کے ایک جانب سرسبز پہاڑ ہیں تو دوسری طرف ایک طویل اور خوب صورت ساحل ہے جو سیاحوں‌ کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔ بیروت کو ملک کا سیاحتی مرکز کہہ سکتے ہیں۔

    یہ بات شاید آپ کے لیے نئی ہو کہ بیروت کو مشرقِ وسطیٰ کا پیرس کہنا غلط نہ ہو گا جس کا سبب یہاں کے باسیوں کی آزاد خیالی، ان کا فیشن اور اسٹائل ہے جو انھیں‌ عرب دنیا کے دیگر ممالک سے ممتاز کرتا ہے۔

    بیروت شہر کی مشہور جگہ جمعزی اسٹریٹ اور پھر مونو اسٹریٹ ہیں جہاں محفلیں سجتی ہیں، تفریحی کلب اور ڈسکوز موجود ہیں۔ رات کے وقت یہاں کی سڑکیں‌ جاگتی ہیں۔

    بیروت کے شمال اور جنوب کی طرف چلیے تو لبنان کے مشرقی ساحل کے ساتھ بے شمار منہگے ہوٹل اور ساحلی تفریح گاہیں ہیں۔ سمندر میں تیراکی کا انتظام ہے اور یوں لگتا ہے کہ آپ یورپ کے کسی شہر میں‌ موجود ہیں۔

  • امریکا کے تمام اڈے ہمارے نشانے پر ہیں، حسن نصر اللہ

    امریکا کے تمام اڈے ہمارے نشانے پر ہیں، حسن نصر اللہ

    بیروت: حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے امریکا کو خطے سے نکالنے تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

    لبنانی ٹی وی پر براہ راست نشر ہونے والی تقریر میں حسن نصراللہ نے کہا کہ ایران کی جانب سے جوابی بلیسٹک میزائل حملے سے سب پر واضح ہوگیا ہے کہ وسطی ایشیا میں امریکا کے تمام اڈے ہمارے میزائلوں کی رینج میں ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے ایران کے اتحادی مل کر جدوجہد کریں اور امریکا کو خطے سے نکالنے تک مجتمع ہو کر کام کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ایرانی جوابی حملہ اسرائیل کے لیے بھی ایک کھلم کھلا پیغام ہے تاکہ صہیونی بستی (نیتن یاہو) کو اپنی غلط جگہ کا پتہ چل جائے۔

    حسن نصراللہ نے کہا کہ عین الاسد فوجی اڈے پر حملہ امریکیوں کے منہ پر طمانچہ ہے اور یہ جنرل سلیمانی کو قتل کرنے کا انتقام نہیں ہے بلکہ یہ تو خطے سے امریکا کو نکالنے کا پہلا قدم ہے اور امریکی فورسز کے مکمل انخلا تک یہ جاری رہے گا، ان امریکیوں کہ چہرے دیکھو! کیا یہ کہیں سے بھی فاتح نظر آتے ہیں؟

    حزب اللہ کے سربراہ نے خطے میں ایرانی اتحادیوں پر زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مشترکہ جدوجہد کا آغاز کر کے امریکا کو وسطی ایشیا سے نکالا جائے۔

  • اسرائیل کی لبنان پر بمباری ریاستی خودمختاری پر حملہ ہے، ایران

    اسرائیل کی لبنان پر بمباری ریاستی خودمختاری پر حملہ ہے، ایران

    تہران: ایران نے لبنان پر اسرائیل کی بمباری کو آزاد ریاست کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ بات ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے وزارت کے ترجمان عباس موسوی کے ایک بیان میں سامنے آئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عباس موسوی نے کہا کہ لبنان پر صیہونی حملہ آزاد ریاست کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے، عام طور پر اسرائیل نے لبنان پر حملہ کرکے بین الاقوامی امن و سلامتی کو مجروح کیا ہے۔

    ایرانی عہدیدار نے کہا کہ اسرائیل پر بین الاقوامی رائے عامہ کی خاموشی اور امریکا کے لامحدود حمایت سے فائدہ اٹھا کر لبنان کی مزاحمت کو کمزور کرنے کی کوشش کرنے کی کوشش قرار دیا۔

    اسرائیل سے کشیدگی، حماس نے حزب اللہ کی حمایت کا اعلان کردیا

    انہوں نے اقوام متحدہ سے اسرائیل کے بڑھتے مظالم کا نوٹس لینے اور غاصب صہیونی ریاست کی عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے بارے میں آواز بلند کرنے کا مطالبہ کیا۔

    اسرائیل اور لبنان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے ردعمل میں اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے حزب اللہ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

    خیال رہے کہ اسرائیل نے حالیہ دنوں میں لبنان کے سرحدی حدود پر فضائی بمباری کی تھی بعد ازاں مسلح شیعہ جماعت حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں پر حملے کے بعد اسرائیل اور لبنان کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کرگئی۔

    حزب اللہ نے اسرائیل کے شمالی علاقے میں اسرائیلی ملٹری بیس پر ٹینک شکن میزائل فائر کیے، جس کے باعث متعدد فوجیوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔