Tag: حساس اضلاع

  • ممکنہ سیلاب کا خدشہ ،  سندھ  کے حساس اضلاع کیلئے امدادی سامان روانہ

    ممکنہ سیلاب کا خدشہ ، سندھ کے حساس اضلاع کیلئے امدادی سامان روانہ

    کراچی : ممکنہ سیلاب کے پیش نظر سندھ کے حساس اضلاع کیلئے امدادی سامان روانہ کردیا گیا ، سامان میں مچھردانی، میٹرس، فرسٹ ایڈکٹس، کولرز، پورٹ ایبل ٹوائلٹ، ترپال، خیمے و دیگر سامان شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر اضلاع میں امدادی سامان روانہ کرنا شروع کر دیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے ترجمان نے بتایا کہ حساس قرار دیے گئے اضلاع میں ابتدائی طور پر پسکھر، لاڑکانہ اور شکارپور کے لیے امدادی سامان بھیج دیا گیا ہے، جبکہ نوشہروفیروز، گھوٹکی اور کشمور کے لیے سامان جلد روانہ کیا جائے گا۔

    امدادی سامان میں مچھر دانیاں، میٹرس، ہائجین کٹس، فرسٹ ایڈ کٹس، پانی کے کولرز، پورٹ ایبل ٹوائلٹس، ترپال، خیمے اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : سندھ میں سیلاب کا ممکنہ خطرہ، بیراجوں کی مانیٹرنگ

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں، دریاؤں کی صورتحال اور ممکنہ خطرات کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار ہے۔

    خیال رہے سندھ میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر صوبائی حکومت کا ارین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل متحرک ہوگیا، بیراجوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

    حکام کے مطابق آئندہ 4 روز تک پنجند سے پانی کا ریلا گڈو بیراج کے مقام پر پہنچے گا جس کے بعد مزید سطح بلند ہونے کا امکان ہے، 4 سے 5 ستمبر کے درمیان بڑا ریلا پہنچے گا۔