Tag: حسن علی

  • شادی ابھی نہیں کررہا، جوڑے آسمان پر بنتے ہیں، شاداب خان

    شادی ابھی نہیں کررہا، جوڑے آسمان پر بنتے ہیں، شاداب خان

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان نے کہا ہے کہ شادی ابھی نہیں کررہا، جوڑے آسمان پر بنتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جوڑے آسمان پر بنتے ہیں، جب والدین کو لڑکی پسند آجائے گی تو وہ شادی کرلیں گے۔

    شاداب خان نے کہا کہ حسن علی نے شرارتاً کہا تھا کہ ان کی شادی کے بعد شاداب بھی شادی کریں گے۔

    دبئی میں حسن علی کی شادی میں شرکت کے بعد شاداب خان نے لاہور میں جاری تربیتی کیمپ جوائن کرلیا ہے۔

    شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ فٹنس کیمپ کا فائدہ ہوا ہے اب بھی فائدہ ہوگا، آج صبح کے سیشن سے ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں: عماد وسیم نے شادی کارڈ بھیجنا شروع کردیے

    لیگ اسپنر کا نے کہا کہ وائٹ بال کے ساتھ پرفارمنس اچھی رہی ہے اب کوشش ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی پرفارمنس دوں، اس کے لیے لمبے اسپیل کررہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ ہر میچ میں اچھا پرفارم کروں، پوری محنت کرتا ہوں، نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

    شاداب خان کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ واپس آئے، ہوم گراؤنڈ پر کرکٹ کی ضرورت ہے، مصباح الحق کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر مصباح الحق کوچ بنتے ہیں تو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا لیکن کوچ کا فیصلہ بورڈ نے کرنا ہے۔

  • کرکٹر حسن علی اور سامعیہ آرزو رشتہ ازدواج میں منسلک

    کرکٹر حسن علی اور سامعیہ آرزو رشتہ ازدواج میں منسلک

    دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی اور سامعیہ آرزو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی اور بھارتی لڑکی سامعیہ آرزو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے، نکاح کے بعد نئے جوڑے نے اسٹیج پر فوٹو سیشن کرایا۔

    نکاح کے موقع پر حسن علی نے کالی شیروانی اور سامعیہ آرزو نے سرخ‌ رنگ کا عروسی جوڑا زیب تن کیا ہوا تھا۔

    نکاح کی تقریب دبئی میں منعقد ہوئی جس میں اہل خانہ، دوستوں سمیت کرکٹر شاداب خان نے شرکت کی، حسن علی اور سامعیہ آرزو کو سب نے دعائیں دیں اور اہل خانہ سمیت تمام شرکا نے مبارک باد پیش کی۔

    حسن علی اور ان کے اہل خانہ کی 22 اگست کو وطن واپسی کا پلان ہے، نکاح کے بعد باقاعدہ رخصتی دو سے تین ماہ بعد ہوگی، ولیمے کی تقریب پاکستان میں ہوگی۔

    حسن علی کا کہنا تھا کہ زندگی کی نئی اننگز شروع کرنے پر خوش ہوں، نکاح پاکستان میں ہوتا تو اور بھی زیادہ مزہ آتا، سامعیہ کو کرکٹ پسند نہیں ہے، ان کا پسندیدہ کرکٹر بھی میں ہی ہوں۔

    کرکٹر شاداب خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر حسن علی کو شادی کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ میرے دوست حسن علی کی شادی ہے، دعا ہے کہ تم اور بھابھی ہمیشہ خوش رہو۔

    واضح رہے کہ فاسٹ بولر حسن علی نے نکاح سے قبل سامعیہ آرزو کےساتھ برج خلیفہ کے سامنے فوٹو شوٹ کروایا تھا۔

    مزید پڑھیں: زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر ثانیہ مرزا کی حسن علی اور سامعیہ کو مبارکباد

    بھارتی ٹینس اسٹار اور کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر حسن علی کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

    خیال رہے حسن علی بھارتی لڑکی سےشادی کرنے والے چوتھے پاکستانی کرکٹر ہیں، اس سے قبل ظہیر عباس، محسن حسن خان اور شعیب ملک بھارتی لڑکیوں سے شادی کرچکے ہیں۔

  • کرکٹر حسن علی نے نکاح کی تیاریاں شروع کردیں

    کرکٹر حسن علی نے نکاح کی تیاریاں شروع کردیں

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے نکاح کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے شادی کی تیاریاں شروع کردی ہیں، حسن علی نے لاہور کے معروف ہیئر اسٹائلسٹ سے بال بنوائے اور فیشل بھی کروایا۔

    فاسٹ بولر حسن علی کا نکاح 20 اگست کو دبئی میں بھارتی لڑکی سامعیہ آرزو سے ہوگا۔

    پروگرام کے مطابق حسن علی اور ان کے گھر والے20 اگست کو دبئی پہنچیں گے اور اسی روز نکاح کی تقریب ہوگی، جس میں دونوں گھرانوں کے تقریبا 25 افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: کرکٹر حسن علی نے فٹنس ٹیسٹ اور کیمپ میں شرکت سے معذرت کرلی

    حسن علی اور ان کے اہل خانہ کی 22 اگست کو وطن واپسی کا پلان ہے، نکاح کے بعد باقاعدہ رخصتی دو سے تین ماہ بعد ہوگی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل حسن علی نے فٹنس ٹیسٹ اور کیمپ میں شرکت سے معذرت کرلی تھی، نکاح کی مصروفیات کے باعث وہ فٹنس ٹیسٹ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

    خیال رہے حسن علی بھارتی لڑکی سےشادی کرنے والے چوتھے پاکستانی کرکٹرہوں گے، اس سے قبل ظہیر عباس، محسن حسن خان اور شعیب ملک بھارتی لڑکیوں سے شادی کرچکے ہیں۔

  • شادی کی خبریں، 2 دن میں تمام تفصیلات بتادوں گا، حسن علی

    شادی کی خبریں، 2 دن میں تمام تفصیلات بتادوں گا، حسن علی

    گوجرانوالہ: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کی شادی کے ہر سو چرچے ہیں لیکن حسن علی نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولر حسن علی کی شادی ہوئی ہے یا نہیں ان خبروں نے مداحوں کو کشمکش میں مبتلا کردیا ہے تاہم فاسٹ بولر نے ان تمام خبروں کو افواہ قرار دیا ہے۔

    حسن علی نے کہا کہ میرے بہت سارے فین ہیں جو مجھے اور میری شادی کو دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ابھی کچھ کنفرم نہیں ہے مجھے دو دن دیں تمام تفصیلات سے آگاہ کردوں گا۔

    حسن علی نے کہا کہ ان کو ہونے والی اہلیہ کا نام شامعہ نہیں ہے یہ غلط بات ہے اور ہم 17 کو نہیں جارہے ہیں یہ سب غلط خبریں ہیں ابھی کچھ پکا نہیں ہوا ہے۔

    مزید پڑھیں: حسن علی نے شادی سے متعلق خبروں‌ پر خاموشی توڑ دی

    فاسٹ بولر نے کہا کہ بس جہاں اللہ تعالیٰ نے نصیب میں لکھا ہے وہاں شادی ہونے جارہی ہے۔

    دوسری جانب فاسٹ بولر حسن علی کے بھائی صنم علی اور خرم علی نے پریس کانفرنس بھی کی تھی جس میں حسن علی کے بھائی صنم علی کا کہنا تھا کہ 20 اگست کو ہم دبئی جارہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے بھی فیملی آرہی ہے دونوں گھر والے ملیں گے پھر فیصلہ ہوگا نکاح کرنا ہے یا شادی کرنی ہے۔

    یاد رہے کہ حسن علی کا تعلق شامعہ آرزو کے ساتھ جوڑا جارہا تھا تاہم کرکٹر کی جانب سے شامعہ آرزو کے حوالے سے چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا گیا تھا۔

  • آئی سی سی ون ڈے رینکنگ، بابر اعظم پانچویں نمبر پر براجمان

    آئی سی سی ون ڈے رینکنگ، بابر اعظم پانچویں نمبر پر براجمان

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق قومی مڈل آرڈر بلے باز پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز ختم ہونے کے بعد آئی سی سی نے ون ڈے رینکنگ جاری کی جس کے مطابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا بلے بازوں کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ ہے۔

    بھارتی بلے باز روہت شرما دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر کا تیسرا نمبر ہے، پاکستان کے بابر اعظم پانچویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ فخر زمان بارہویں نمبر پر براجمان ہیں۔

    بولرز رینکنگ میں بھارت کے فاسٹ بولر بمرا کا پہلی پوزیشن پر قبضہ ہے، افغانستان کے راشد خان دوسرے، بھارت کے کلدیپ یادیو تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جنوبی افریقہ کے ربادا کا چوتھا اور بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کا پانچواں نمبر ہے، قومی بولر حسن علی کا 13واں نمبر ہے۔

    آل راؤنڈر رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے نمبر پر موجود ہیں، افغانستان کے محمد نبی تیسرے، قومی آل راؤنڈر محمد حفیظ چوتھے اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی نے پلیئرز رینکنگ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز ختم ہونے کے بعد جاری کی ہے جس میں بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو 2-1 سے شکست دے کر سیریز جیت لی ہے۔

  • ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی قومی کھلاڑیوں کے گلے پڑ گئی، عالمی رینکنگ میں تنزلی

    ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی قومی کھلاڑیوں کے گلے پڑ گئی، عالمی رینکنگ میں تنزلی

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے، ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی پر قومی کھلاڑیوں کی تنزلی ہوئی جبکہ افغانستان کے راشد خان نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق بیٹنگ اور بولنگ پر بھارتی کھلاڑی سرفہرست ہیں، بولنگ میں جسپرت بھمرا اور بیٹنگ میں ویرات کوہلی پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

    بہترین بلے بازوں کی فہرست میں پاکستان کے بابراعظم شامل ہیں جن کی رینکنگ میں چار درجے تنزلی ہوئی اور چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں، امام الحق 15 درجے بہتری کے بعد 27ویں نمبر پر آگئے جبکہ فخر زمان 19ویں نمبر پر موجود ہیں۔

    بولنگ کے شعبے میں ابتدائی 10 بہترین بولرز میں پاکستان کے حسن علی کا چھٹا نمبر ہے، پہلی پوزیشن پر بھارت کے جسپرت بھمرا، افغانستان کے راشد خان دوسرے، کلدیپ یادیو تیسرے، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ چوتھی اور کینگروز کے جوش ہیزل ووڈ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

    آل راؤنڈر رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے، شکیب الحسن ایشیا کپ کے دوران انجرڈ ہونے بقیہ میچز میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔

    ٹیم رینکنگ میں قومی ٹیم کا نمبر پانچواں ہے، جبکہ انگلینڈ پہلے نمبر پر موجود ہے، بھارت دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے اور جنوبی افریقہ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

    ٹیم رینکنگ میں آسٹریلیا چھٹے نمبر پر موجود ہے، بنگلہ دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں، افغانستان دسویں جبکہ زمبابوے گیارہویں نمبر پر براجمان ہے۔

  • ایشیا کپ: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستانی اور افغانی کرکٹرز پر جرمانہ عائد

    ایشیا کپ: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستانی اور افغانی کرکٹرز پر جرمانہ عائد

    دبئی: آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان اور افغانستان کے کرکٹرز پر جرمانہ عائد کردیا.

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے دوسرے مرحلے میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے سنسنی خیز میچ کے بعد تین کھلاڑیوں پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں.

    پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی، افغانستان کے کپتان اصغر افغان اور راشد خان آئی سی سی کے ایکشن کی زد میں آگئے، تینوں کھلاڑیوں پر پر میچ فیس کا پندرہ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

    یاد رہے کہ حسن علی نے بولنگ کرتے ہوئے افغانستان کے بلے باز حمشت اللہ کی جانب گیند تھرو کی تھی، جس کی وجہ سے میچ میں‌ بدمزگی پیدا ہوئی.

    اسی طرح بلے باز اصغر افغان نے حسن علی کو کندھا مارا تھا، جب کہ افغان لیگ اسپنر راشد خان نے آصف علی کو آؤٹ کرنے کے بعد پویلین جانے کا اشارہ کیا تھا۔


    مزید پڑھیں: پاکستان نےافغانستان کوسنسنی خیزمقابلے کے بعد شکست دیدی

    تناؤ بھرے میچ میں ہونے  والی بدمزگی کا آئی سی سی نے نوٹس لے لیا، اب تینوں کھلاڑیوں کو میچ فیس کا پندرہ فیصد بہ طور جرمانہ ادا کرنا ہوگا.

    واضح رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 258 رنز کا ہدف دے دیا، جسے پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں پورا کیا.

  • پاکستانی کرکٹرز نے بھی ووٹ کاسٹ کر کے سیاہی لگی انگلی کی تصاویر ٹویٹ کر دیں

    پاکستانی کرکٹرز نے بھی ووٹ کاسٹ کر کے سیاہی لگی انگلی کی تصاویر ٹویٹ کر دیں

    کراچی: پاکستان کرکٹ کے اسٹار کھلاڑی بھی الیکشن 2018 میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ اور سابق اسٹار کھلاڑیوں نے بھی اپنے اپنے حلقوں میں ووٹ کاسٹ کر کے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹس پر سیاہی لگی انگلی کی تصاویر اپ لوڈ کیں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹائلش بلے باز محمد یونس خان نے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر سیاہی لگی انگلی کی تصویر پوسٹ کی۔

    لیجنڈ کرکٹر یونس خان این اے 339 میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار کو سپورٹ کر رہے تھے، انھوں نے ایک دن قبل کراچی کے حلقے این اے 239 میں بھی ایم ایم اے کے امیدوار کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔

    یونس خان نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر رہنمائی کے لیے بنائی جانے والی ووٹ کی پرچی کا عکس بھی پوسٹ کیا جس پر ان کا نام اور سرکل نمبر درج تھا، انھوں نے ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب بھی دی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اسٹار کھلاڑی اور دنیا کے تیز ترین بولر شعیب اختر نے بھی گھر سے نکل کر ووٹ کاسٹ کرنا ضروری سمجھا، انھوں نے ووٹ ڈالنے کے بعد ویڈیو ٹویٹ کی اور سیاہی لگی انگلی دکھائی۔

    انھوں نے لکھا ’اللہ سے دعا ہے کہ وہ ایسے حکمران لائے جو ملک کے لیے بہتر ہو، قوم کو سلام پیش کرتا ہوں جو بڑی تعداد میں نکلی خصوصاً عورتیں اور نوجوان۔‘

    ویڈیو میں سابق راولپنڈی ایکسپریس نے کہا ’میں شعیب ہوں، ووٹ ڈال چکا ہوں، اپنا فریضہ پورا کرچکا ہوں، میں نے گھر میں بیٹھ کر باتیں نہیں کیں بلکہ ملک کو سنوارنے کے لیے ووٹ دینے گیا، آپ سے بھی گزارش ہے کہ ووٹ کیجیے، ٹائم بہت کم رہ گیا ہے۔‘

    قومی کرکٹ ٹیم کے ایک اور تیز ترین بولر عمر گل نے بھی ووٹ کاسٹ کیا اور ٹویٹر اکاؤنٹ اپ ڈیٹ کرتے ہوئے اپنی تصویر پوسٹ کی اور سیاہی لگی انگلی دکھائی۔

    پشاور سے تعلق رکھنے والے بولر عمر گل نے لکھا ’میں نے پاکستان کی بہتری کے لیے اپنی ذمہ داری نبھا لی اور ووٹ ڈال دیا۔ یہی وقت ہے کہ سب لوگ گھروں سے نکلیں اور پاکستان کے لیے ووٹ دیں۔‘ انھوں نے لکھا کہ ہر ووٹ کی اہمیت ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے نئے باصلاحیت فاسٹ بولر حسن علی نے بھی گھر سے نکل کر انگلی پر سیاہی لگوائی اور ووٹ کاسٹ کرکے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پاکستان کے لیے ووٹ ڈالنے کی ترغیب دی۔

    سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے بولر نے سیاہی لگی انگلی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’میں نے اپنا ووٹ ڈال دیا ہے، کیا آپ نے بھی ڈال دیا ہے؟‘


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • واہگہ بارڈر کا دورہ یادگار رہا: حسن علی

    واہگہ بارڈر کا دورہ یادگار رہا: حسن علی

    لاہور: اسٹار فاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ واہگہ بارڈر کا دورہ یادگار رہا، جو لطف آیا، وہ زندگی بھر نہیں بھلا پاؤں گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹر حسن علی نے اے آر وائی سے بات چیت کرتے ہوئے اپنے دورہ واہگہ بارڈر کو یادگار قرار دیا.

    یادر رہے کہ آج واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں عوام قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور عوام کی بڑی تعداد نے ملی جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی، فاسٹ باؤلر حسن علی نے فوجی جوان کے انداز میں دشمن کو للکار کر حاضرین سے خوب داد سمیٹی.

    اس ضمن میں‌ حسن علی کا کہنا تھا کہ میں نے خود کہا تھا کہ میں اپنا اسٹائل یہاں کرنا چاہتا ہوں، بھارت کو للکار کر ہمیشہ سے اچھا لگا.

    انھوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں پاکستانی ہوں، پاک رینجرزکا شکریہ کہ انہوں نے پوری ٹیم کو دعوت دی، جو جوش و جذبہ یہاں ملا، اسی کے ساتھ انگلینڈ جا کر کھیلیں گے.

    خیال رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کا تربیت کیمپ جاری ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو تفریح کا موقع فراہم کرنے کے لیے واہگہ بارڈر کا دورہ کیا۔


    واہگہ پریڈ، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی شرکت، حسن علی کی دشمن کو للکار


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • واہگہ پریڈ، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی شرکت، حسن علی کی دشمن کو للکار

    واہگہ پریڈ، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی شرکت، حسن علی کی دشمن کو للکار

    لاہور: واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں عوام قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور عوام کی بڑی تعداد نے ملی جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی، فاسٹ باؤلر حسن علی نے فوجی جوان کے انداز میں دشمن کو للکار کر حاضرین کے دل جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق واہگہ بارڈر پر سورج غروب ہونے سے قبل روزانہ کی طرح آج یعنی 21 اپریل بروز ہفتے کو قومی پرچم اتارنے کی پروقار منعقد کی گئی جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشلز اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

    قومی پرچم سرنگوں کرنے کی پریڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی شرکت نے شریک خواتین، بچوں، بزرگوں، نوجوانوں کے مزے کو دوبالا کردیا اور وہ اپنے درمیان پسندیدہ کھلاڑیوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔

    پریڈ کی تقریب میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، فہیم اشرف، اسد شفیق، راحت علی، بابر اعظم، عثمان صلاح الدین، سمیع اسلم، سعد علی، شاداب خان اور حسن علی نے شرکت کی۔

    مزید پڑھیں: یوم پاکستان:‌ واہگہ بارڈر پرپرچم اتارنے کی پروقار تقریب

    ایک موقع پر فاسٹ باؤلر حسن علی کھڑے ہوئے اور فوجی جوان کے ساتھ واہگہ بارڈر پر کھڑے ہوکر مخصوص انداز میں دشمن کی فوج کو للکار کر واپس اپنی نشست پر بیٹھ گئے۔

    پرچم اتارنے کی تقریب میں حصہ لینے والے جوانوں نے اپنے مخصوص انداز سے لوگوں کے جوش و جذبے کو مزید بڑھایا اور شرکاء نے نعرہ تکبیر ، اللہ اکبر کے ساتھ پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کیے۔

    خیال رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کا تربیت کیمپ جاری ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو تفریح کا موقع فراہم کرنے کے لیے واہگہ بارڈر کا دورہ کیا۔

    واضح رہے کہ واہگہ کے مقام پر روزانہ پرچم اتارنے کی تقریب منعقد کی جاتی ہے جس میں عوام شرکت کرتے ہیں تاہم قومی دن کے روز ملک بھر سے محب وطن پاکستانی اس منظر کو دیکھنے کے لیے ضرور پہنچتے ہیں۔ سورج غروب ہونے سے قبل دونوں ممالک کے فوجی اپنے قومی پرچم کو سرنگوں کردیتے ہیں اور اگلے روز علی الصباح پرچم لہرا دیا جاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔