Tag: حسین لوائی

  • سپریم کورٹ کا انور مجید، عبدالغنی مجید اور حسین لوائی کو اسلام آباد منتقل کرنے  کا حکم

    سپریم کورٹ کا انور مجید، عبدالغنی مجید اور حسین لوائی کو اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم

    لاہور : منی لانڈرنگ کیس میں سپریم کورٹ نے انور مجید، عبدالغنی مجیداورحسین لوائی کواسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دے دیا، چیف جسٹس نے  ریمارکس میں کہایہ لوگ بہت بااثر ہیں،کراچی میں ان کا اقتدار ہے۔ملزمان کواسلام آبادلایاجائےتاکہ آزادانہ تفتیش ہو سکے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ، سماعت میں عدالت نے انور مجید کو پمز اسپتال اسلام آباد اور عبدالغنی مجید اور حسین لوائی کو اڈیالہ جیل منتقل کرتے کا حکم دے دیا۔

    چیف جسٹس نے کہا یہ لوگ بہت بااثر ہیں،کراچی میں ان کا اقتدار ہے ،انہیں اسلام آباد منتقل کیا جائے تاکہ آزادانہ تفتیش ہو سکے، مکمل تفتیش کے بعد دیکھا جائے گاانہیں واپس بھجوایا جائے یا نہیں، جے آئی ٹی بنائی تاکہ جان سکیں کک بیکس کے پیسے کو قانونی کیسے بنایا گیا۔

    ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نےشکایت کی کہ انورمجیدانکوائری میں تعاون نہیں کر رہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا اب جے آئی ٹی کو بااختیار بنادیاہے، دس دن میں تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔

    انور مجید کے وکیل نے استدعا کی ملزم سے کراچی میں ہی تفتیش کی جائے، تو جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیےآپ کے اصرار سے ہم زیادہ غیر مطمئن ہو رہےہیں، اس کے پیچھے کوئی وجہ ہے؟ چیف جسٹس نے کہا انورمجید عام جہاز پر نہیں آسکتے تو ایئر ایمبولینس میں لےآئیں۔

    اومنی گروپ کی بارہ ارب کی نادہندگی کے معاملے پرانور مجید کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ چاربینکوں نےرقم کی واپسی کےلیےطریقہ کارپر رضا مندی کااظہارکردیا ہے۔ ادائیگیاں کیش اورپراپرٹی کی صورت میں کی جائیں گی۔

    عدالت نے وارننگ دی کہ مقررہ تاریخ تک ادائیگیاں نہ ہوئی تو قانون کےتحت کارروائی ہوگی۔

    جے آئی ٹی نے توجہ دلائی کہ اومنی گروپ مارکیٹ ویلیو سے زیادہ اپنی پراپرٹی کاریٹ بتارہا ہے تو عدالت نے حکم دیا کہ جائیداوں کی قیمتوں سے متعلق بینک سربراہان حلف نامے جمع کرائیں۔

    مزید پڑھیں : کیوں نہ نمر مجید کو بھی جیل بھجوادیا جائے، چیف جسٹس کے ریمارکس

    دوران سماعت کیس کے دو گواہوں کے لاپتہ ہونے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، چیف جسٹس نے وکیل سےمکالمے میں کہا وزیراعلیٰ سندھ یا ان کے باس کو کہیں وہ ان افراد کو بازیاب کرائیں، آپ سمجھ رہےہیں نہ میں کیا کہہ رہا ہوں؟

    گذشتہ سماعت میں سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جے آئی ٹی کو دوہفتوں میں پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کاحکم دیتے ہوئے متعلقہ بینکوں کے اعلی حکام اورعبدالغنی مجید کو طلب کرلیا تھا چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اومنی گروپ پربڑاقبضہ ہےکیوں نہ ٹیک اوور کرلیا جائے؟اور کیوں نہ نمر مجید کو بھی جیل بھجوادیا جائے، چیف جسٹس کے ریمارکس پر نمر مجید کی طبیعت خراب ہوگئی تھی۔

    یاد رہے اس سے قبل 15 اگست کو ہونے والی سماعت میں اومنی گروپ کے انور مجید اور ان کے بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا ہے، حفاظتی ضمانت اور بینک اکاؤنٹ بحال کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔ جبکہ عدالت نے انور مجید فیملی کا نام ایگز ٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا حکم بھی صادر کیا تھا۔

  • منی لانڈرنگ کیس: حسین لوائی کو چیئرمین اسٹاک ایکسچینج کے عہدے سے ہٹانے کی ہدایت

    منی لانڈرنگ کیس: حسین لوائی کو چیئرمین اسٹاک ایکسچینج کے عہدے سے ہٹانے کی ہدایت

    کراچی: سیکیورٹی ایکسچینج آف پاکستان نے منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار حسین لوائی کو اسٹاک ایکسچینج کے عہدے سے برطرف کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے حکام نے ایک روز قبل پیر کو ہونے والے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اجلاس میں حسین لوائی کو عہدے سے برطرف نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    پی ایس ایکس بورڈ نے چیئرمین کے معاملے پر دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر چلنے پر اتفاق کیا تھا مگر اُن کی غیر موجودگی میں حکام نے آزاد ڈائریکٹر کو معاملات چلانے کے لیے نامزد کیا تھا۔

    ایس ای سی پی نے پی ایس ایکس کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے حسین لوائی کو عہدے سے برطرف کرنےکی ہدایت اور نوٹی فکیشن جاری کیا جس کے مطابق انہیں ایس ای سی پی کے قانون 2015 کے سیکشن 12 اور انڈر سیکشن 170  عہدے سے برطرف کیے جانے کا حکم دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سندھ کی سیاسی شخصیت کے قریبی دوست سمجھے جانے والے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین اور نجی بینک کے مالک کو فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے منی لانڈرنگ کے الزام میں 6 جولائی کو گرفتار کر کے اگلے روز جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: آصف علی زرداری اورفریال تالپورکوکل ایف آئی اے نے طلب کرلیا

    حسین لوائی نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ وہ بلڈپریشر کے مریض ہیں علاوہ ازیں انہیں کئی بیماریاں بھی لاحق ہیں، ایف آئی اے نے عدالت میں مؤقف اختیار کیاکہ ملزم کا میڈیکل ٹیسٹ کروایا جس میں وہ مکمل تندرست ہیں۔

    عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست منظور کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کیس میں نامزد ملزم کو 11 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے حوالے کردیا تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایف آئی اے کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ 3 بینکوں میں 29 جعلی اکاؤنٹس کی نشاندہی ہوئی جن کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

    حسین لوائی کی گرفتاری پر پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے دو روز قبل ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس کی تین چار سال قبل تفتیش مکمل ہوچکی، جب یہ سارا معاملہ چل رہا تھا تو چیئرمین اسٹاک ایکسچینج کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟

    یہ بھی یاد رہے کہ حسین لوائی کو رواں برس مئی میں ایس ای سی پی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا چیئرمین مقرر کرنے کی منظور ی دی تھی، اس سے قبل وہ انڈپینڈنٹ ڈائریکٹر بھی نامزد ہوچکے ہیں۔

    پی ایس ایکس کی جانب سے منیر کمال کی جگہ حسین لوائی کو بطور چیئرمین منتخب کر کے نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا اور اسی کے ذریعے ایس ای سی پی سے منظوری بھی لی گئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،حسین لوائی

    چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،حسین لوائی

    کراچی: معروف بینکر اور صدر سمٹ بنک حسین لوائی نے کہا ہے کہ رواں سال ملکی معاشی صورتحال تسلی بخش رہی اور بینکنگ سیکٹر کی گروتھ بھی بڑھ گئی۔

    کراچی میں چارٹر اکاونٹس اسٹوڈنٹس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حسین لوائی کا کہنا تھا کہ ملکی معاشی میدان میں کارپوریٹ اداروں کو کوالٹی بہتربنا کر ہی ترقی کی جاسکتی ہے اور نئے چارٹر اکاؤنٹ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں۔

    ملک میں بہترین سروس اور کارکردگی کے لحاظ سے کئی ادارے مثالی بن چکے ہیں جن میں سمٹ بنک اور بحریہ ٹاون پروجیکٹ شامل ہیں ، اس موقع پر دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ کارپوریٹ سیکٹر میں پروفیشنل اور قابل افراد خلاپرکر رہے ہیں اور جلد ملکی معیشت بہتر ہوجائے گی۔

    اس موقع پر پروفیشنل تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ پر زور دیا کہ اپنی تعلیم اور مقاصد کے حصول کو مد نظر رکھ کر مستقبل کی پلاننگ کریں۔

    انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹ کے صدر یعقوب ستار کا کہنا تھا کہ کانفرنس کا مقصد طلبہ کو تعلیم کی اہمیت اور اس کے استعمال کا طریقہ کار کی افادیت فراہم کرنا تھا۔