Tag: حضرت امام حسین

  • حضرت امام حسین کی قربانی انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے، الطاف حسین

    حضرت امام حسین کی قربانی انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے، الطاف حسین

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین اور اہل بیت کی لازوال قربانی تمام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔

    سید الشہدا حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا ہے کہ شہدائے کربلا نے میدان کربلا میں اپنے لہو سے حق پرستی اور تسلیم و رضا کی ایسی تاریخ رقم کی ہے جو رہتی دنیا تک حق کی راہ پرچلنے والوں کیلئے مشعل راہ کی حیثیت سے زندہ رہے گی۔

    الطا ف حسین نے چہلم کے موقع پر تمام فقہوں اورمسالک سے تعلق رکھنے والے عوام سے اپیل کی کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی بر قرار رکھیں اور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

  • چہلم امام حسین، ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری

    چہلم امام حسین، ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری

    شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر شہر شہر ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے، جلوس کے شرکاء نواسہ رسول کی یاد میں نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کر رہے ہیں۔

    نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے رفقاء کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں جلوس اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جارہا ہے، کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس شاہ خراساں سے بر آمد ہوا، جو روایتی گزرگاہوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہ اختتام پذیر ہوگا۔

    جلوس کے شرکاء امام عالی مقام کی یاد میں نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کر رہے ہیں، حیدر آباد سمیت اندرون سندھ بھی نواسہ رسول کی یاد میں جلوسوں کی برآمدگی اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے، شہدائے کربلا کی یاد میں تعزیے علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جارہے ہیں، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوں گے۔

    پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی جلوس نکالے جارہے ہیں اور امام بارگاہوں میں مجالس عزا بھی برپا کی جارہی ہیں، لاہور میں چہلم کا مرکزی جلوس صبح آٹھ بجے الف شاہ حویلی سے بر آمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

    فیصل آباد میں ذوالجناح کا مرکزی جلوس سہ پہر تین بجے امام بارگاہ عزاخانہ شبیر سے برآمد ہوگا، جو اپنے روایتی گزرگاہوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہو جائے گا، راولپنڈی میں چہلم کا مرکزی جلوس عاشق حسین کمیٹی چوک سے برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔

    کوئٹہ میں مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوا ہے، جو روایتی راستوں سے گزرتا ہوا بہشت زینب قبرستان پر اختتام پذیر ہوگا، پشاور سمیت خیبر پختون خوا میں بھی چہلم امام حسین کے موقع پر ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔

  • حضرت امام حسین کا چہلم ،ملک بھرمیں سیکیورٹی کے سخت انتطامات

    حضرت امام حسین کا چہلم ،ملک بھرمیں سیکیورٹی کے سخت انتطامات

    حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں شبیہ علم، ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہونگے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جائیگا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، کم وبیش تمام شہروں میں مرکزی جلوسوں کے مقررہ راستے سیل کردیئے گئے، پولیس، رینجرز اور ایف کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

    نواسہ رسول حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، کراچی میں مرکزی جلوس کی گزرگاہوں اور ان کے درمیان آنے والی دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے، جہاں آٹھ ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، شارپ شوٹرز بھی فرائض انجام دیں گے۔

    مرکزی جلوس شاہ خراسان سے نکلے گا، جو کھارادر امایہ حسینیہ میں اختتام پذیرہوگا، جلوس کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کمرے نصب ہیں جبکہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، لاہور میں بھی چہلم کے جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے سخت انتظامات دیکھنے میں آرہے ہیں جہاں چھ ہزار پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے جبکہ فوج اور رینجرز کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

    لاہور میں مرکزی جلوس صبح آٹھ بجے الف شاہ حویلی سے نکلے، جو روایتی راستوں سے گزرتا ہوا رات کو کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی گزرگاہوں کو خاردار تاریں لگا کر مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے، فیصل آباد میں اکیس سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مرکزی جلوس کی مانیترنگ کی جائے گی اور تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔

    ملتان میں چہلم امام حسین کے جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، جہاں تین مقامات کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، کوئٹہ میں مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا، جو روایتی راستوں سے گزرتا ہوا بہشت زینب قبرستان پر اختتام پذیر ہوگا، مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کیلئے بلوچستان کانسٹیبلری، ایف سی اور پولیس کے تین ہزار اہلکار تعینات گئے ہیں جبکہ جلوس کے راستوں کو سیل کردیا گیا۔

    پشاورمیں بھی سیکیورٹی کے سخت انتطامات کئے گئے ہیں، جہاں مرکزی جلوس کے راستے سیل ہیں جبکہ پاک افغان سرحد بھی چوبیس گھنٹے کیلئے بند کردی گئی ہے، قبائلی علاقوں سے آنے والے راستوں پر سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔