Tag: حضور نظام

  • شہزادی نیلوفر کا تذکرہ جنھیں حیدرآباد کا کوہِ نور کہا جاتا تھا

    شہزادی نیلوفر کا تذکرہ جنھیں حیدرآباد کا کوہِ نور کہا جاتا تھا

    شہزادی نیلوفر کی ایک ملازمہ کی موت زچگی کے دوران طبّی سہولیات کی کمی کے سبب ہوئی تھی۔ یہ ان کی پسندیدہ ملازمہ تھی جس کی موت کی خبر سن کر شہزادی کو شدید صدمہ پہنچا تھا۔

    اس افسوس ناک واقعے کے بعد شہزادی نیلوفر نے فیصلہ کیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ زچگی کے دوران سہولیات کی کمی یا پیچیدگی کی صورت میں مناسب اور ضروری سامان کی عدم دست یابی کی وجہ سے کسی بھی حاملہ عورت یا اس کے بچّہ کی زندگی خطرے سے دوچار نہ ہو۔

    شہزادی نیلوفر فرحت بیگم صاحبہ کی والدہ ترکی کے حکم ران خاندان کی فرد تھیں۔ نیلوفر سلطان عبدالمجید خان کی بھانجی اور سلطان مراد خان مرحوم کی پوتی تھیں۔ شہزادی نے 4 جنوری 1916 کو استنبول کے ایک محل میں آنکھ کھولی۔ دو سال کی عمر میں اپنے والد کے سایۂ شفقت سے محروم ہوگئیں۔ اس زمانے میں مرفّہ الحال ریاست حیدرآباد دکن کے سلطان میر عثمان علی خان اسلامی دنیا میں اپنی سخاوت کی وجہ سے پہچانے جاتے تھے۔ وہ دنیا کے امیر ترین شخص تھے جس نے مقاماتِ مقدسہ کی تزئین و آرائش، تعمیر و مرمّت کے لیے ذاتی دولت بے دریغ خرچ کی۔ نیلوفر کی شادی میر عثمان علی خان کے صاحب زادے سے ہوئی تھی۔

    نیلوفر نے اپنے سسر اور نظامِ دکن میر عثمان علی خان کو اپنی خادمہ کی وفات کی خبر دی اور یہ بھی بتایا کہ کس طرح زچگی کے دوران عورتوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں اور نامناسب طبّی سہولیات کی وجہ سے دکن میں اموات کی شرح بڑھ رہی ہے، جس پر ان کی خواہش ہے کہ کام کیا جانا چاہیے، اس موقع پر شہزادی نے جب جدید اسپتال قائم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تو حضور نظام نے انھیں اجازت دی اور ہر قسم کے تعاون و امداد کا وعدہ کیا، اسی کوشش کے نتیجے میں شہزادی نیلوفر کے نام سے اسپتال کا قیام 1949 میں ممکن ہوا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ شہزادی نیلوفر خود لاولد تھیں۔

    1931ء میں شہزادی کا عقد شہزادہ والا شان نواب معظم جاہ بہادر سے ہوا تھا اور 21 سال بعد علیحدگی ہوگئی تھی۔ رخصتی کے بعد شہزادی نیلوفر حیدرآباد دکن آئیں اور یہاں‌ خواتین کی ترقی اور بہبود کے لیے کئی کام کیے جن میں عورتوں کی صحّت، علاج معالجہ اور بچّوں کی نگہداشت کے لیے مراکز کا قیام اور عملہ و سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہیں۔

    شہزادی نیلوفر 12 جون 1989 کو پیرس میں‌ وفات پاگئی تھیں۔

  • یومِ وفات: نظامِ دکن میر محبوب علی خان نے فارسی کی جگہ اردو کو ریاستی زبان کا درجہ دیا تھا

    یومِ وفات: نظامِ دکن میر محبوب علی خان نے فارسی کی جگہ اردو کو ریاستی زبان کا درجہ دیا تھا

    آج ہندوستان کی عظیم اور خوش حال ترین ریاست حیدر آباد دکن کے فرماں روا میر محبوب علی خان کا یومِ وفات ہے جنھوں نے اردو کو ریاست کی زبان کا درجہ دیا اور اس کی سرپرستی اور علم و ادب کے فروغ کے لیے اپنے وسائل اور دولت خرچ کی۔

    دکن کو گنگا جمنی تہذیب کا عملی نمونہ کہا جاتا تھا جس کا خزانہ معمور تھا اور جو تہذیب و ثقافت کا گہوارہ تھی۔ یہاں مختلف زبانیں بولی جاتی تھیں جن میں بڑا طبقہ تیلگو دوسرا کنڑ بولتا تھا اور ایک علاقہ مراٹھی زبان بولنے والوں پر مشتمل تھا۔ نظامِ دکن نے اردو کو سرکاری زبان قرار دے کر ان سب کو آپس میں جوڑ دیا تھا۔ یہ انیسویں صدی کے اواخر کی بات ہے۔

    اردو زبان اور ہندوستان بھر کی عالم فاضل شخصیات، شعرا و ادیب، محقق، ماہرِ لسانیات، لغت نویس، مترجم، معلم الغرض ہر نادرِ روزگار، یکتا و یگانہ نے دربارِ دکن سے عزؑت و توقیر، انعام و اکرام اور وظائف پائے اور یہ سب میر محبوب علی خان کی اردو کی سرپرستی اور اسے سرکاری زبان بنانے کے فیصلے کی بدولت ممکن ہوا تھا۔

    حیدر آباد دکن میں مختلف حکومتیں قائم رہیں۔ اس خطے نے قطب شاہی، بہمنی دور کے سلاطین کے بعد مغل حکم راں اورنگ زیب عالم گیر کا زمانہ دیکھا اور 1724ء میں یہاں آصفیہ سلطنت کی بنیاد رکھی گئی اور بعد میں اس خاندان کے فرماں روا نظام دکن کے نام سے مشہور ہوئے۔

    میر محبوب علی خان اسی خاندان کے چھٹے حکم راں تھے۔ وہ 17 اگست 1866ء کو پیدا ہوئے۔ انھوں نے اپنے عہد میں فارسی کی جگہ اردو کو قبول کیا اور اس کی سرپرستی کی۔ ان کا دور 50 سال سے زائد عرصہ پر محیط ہے جس میں نظامِ دکن نے تعلیمی ادارے، مدرسے اور دارُالعلوم مع اقامت گاہ قائم کیے اور جدید و اسلامی علوم کی تعلیم کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔

    بدقسمتی کہیے یا کم علمی کہ آج ہندوستان کی ایک نہایت خوش حال اور مرفہ الحال ریاست کے اس فرماں روا کا ذکر کم ہی ہوتا ہے جس نے اردو کو اپنے دربارِ خاص میں جاودانی اور پائندگی دی تھی۔

    میر محبوب علی خان کے بعد ان کے بیٹے میر عثمان علی خان حیدرآباد کے آخری بادشاہ تھے اور ان کی تخت نشینی کے بعد دکن ہی نہیں برصغیر میں اردو نے عدیمُ النظیر ترقی کی اور فروغ پایا۔ علوم و فنون، دین و مذہب، تہذیب و ثقافت کا وہ کون سا آفتاب، کیسا گوہرِ آب دار تھا جسے حضور نظام کے دربار سے نوازا نہ گیا۔ میر عثمان علی خان نے اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عظیم درس گاہ جامعہ عثمانیہ کے قیام کی منظوری دی اور اس کے لیے اپنے خزانوں کے منہ کھول دیے جس کا ذریعہ تعلیم صرف اور صرف اردو زبان تھا۔

    میر محبوب علی خان 29 اگست 1911ء کو اس عالمِ فانی سے ہمیشہ کے لیے رخصت ہوگئے تھے۔

  • مصری شہری سے مصافحے کے بعد توبہ استغفار کا ورد!

    مصری شہری سے مصافحے کے بعد توبہ استغفار کا ورد!

    میر محبوب علی خاں، نظامِ دکن کے ایک رفیق خاص اور مصاحب نواب ناصر الدولہ تھے، نظام کے پوتے شاہ زادہ معظم جاہ انھیں ہمیشہ پیا کہہ کر مخاطب کرتے تھے۔

    اعلیٰ حضرت نواب میر محبوب علی خاں صاحب خلد آشیانی کے مرکب میں پیانے ہندوستان کے متعدد سفر کیے تھے۔ مگر ہندوستان کے باہر کبھی جانے کا اتفاق نہ ہوا تھا۔ یہ اتفاق بڑھاپے میں پیش آیا جب پہلی بار پرنس (بادشاہ زادہ معظم جاہ) کے ہمراہ مقامات مقدسہ کی زیارت کو تشریف لے گئے۔

    عبا، قبا اور عمامے کو علمائے ہند کے زیب بر اور زینت سر دیکھ کر پیا جانتے تھے کہ یہ لباس صرف علما اور صلحا ہی سے مختص ہے جس روز بغداد پہنچے، اس کے دوسرے ہی دن ہوٹل میں پرنس کے پاس بیٹھے تھے کہ خادم نے ایک ملاقاتی کارڈ پرنس کے سامنے پیش کیا۔ ملاقاتی ایک جوان عمر کا مصر تھا جس کی سرخ و سفید رنگت پر سیاہ داڑھی بہت زیب دیتی تھی۔

    اسے عمامے اور عبا میں ملبوس دیکھ کر پیا دینی پیشوا سمجھ کر تعظیم بجا لائے، مصافحہ کرکے ہاتھ چومے، آنکھوں سے لگائے، اہلاً و سہلاً، مرحبا کہہ کر خیر مقدم کیا پھر اپنی جگہ نہایت ادب سے بیٹھ گئے۔ مصری تھوڑی دیر فرانسیسی زبان میں پرنس سے باتیں کرکے جانے لگا تو پیا نے پھر اسے احترام سے رخصت کیا۔

    اس کے جانے کے بعد پرنس سے دریافت کیا ”صاحب! یہ کوئی عالم دین تھے یا کسی درگاہ کے متولی؟ چہرہ کیسا نورانی تھا کہ خانہ زاد کا دل روشن ہوگیا۔“ پرنس نے فرمایا ”کاروباری آدمی تھا، میرے پاس اس غرض سے آیا تھا کہ حسینانِ بغداد کوملاحظہ فرمانے کے لیے ایک گھنٹہ مجھے بھی مرحمت فرمایئے تو ایسی صورتیں دکھاؤں کہ حسینانِ ہند یک سر آپ کی نگاہوں سے گرجائیں۔“ پیا نے کہا ”استغفراللہ! اللہ تعالیٰ مجھے معاف فرمائے“ پیا منہ پر طمانچے مار مار کر توبہ اور استغفار میں مصروف تھے…… پھر اس سفر میں پیا نے کسی عالم دین سے بھی مصافحہ نہ کیا۔
    یہ سطور صدق جائسی کی آپ بیتی سے لی گئی ہیں.