Tag: حفاظتی انتظامات

  • برطانیہ کی سیکیورٹی ٹیم کا کراچی ایئرپورٹ کے حفاظتی انتظامات پر اظہار اطمینان

    برطانیہ کی سیکیورٹی ٹیم کا کراچی ایئرپورٹ کے حفاظتی انتظامات پر اظہار اطمینان

    کراچی : برطانیہ کی سیکیورٹی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ پر کیے جانے والے حفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ٹیم کو سی اے اے حکام نے بریفنگ دی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی جوائنٹ ایوی ایشن سیکیورٹی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر برطانوی ٹیم نے نئی ایوی ایشن پالیسی اور ایئر پورٹس پر سیکیورٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی اور اے ایس ایف نے برطانوی ٹیم کو سیکیورٹی کنٹرول، بنیادی سیکیورٹی، مسافروں اور سامان کی اسکروٹنی کے متعلق بریفنگ دی۔

    برطانوی ڈی ٹی ایف ٹیم کو ایئرپورٹس کے دورے کے دوران جہاز ، عملے اور ان کے سامان کی ہونے والی سرچنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    اس کے علاوہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے برطانوی ٹیم کو طیاروں کی ایئروردنیس، ان کی چیکنگ، کارگو اور فلائٹ کیٹرنگ سروسز کا بھی دورہ کرایا گیا،۔

    برطانوی ٹیم نے سول ایوی ایشن اور اے ایس ایف کی کارکردگی کو سراہا اور پاکستان سے برطانیہ آنے والی پروازوں اور ان کے مسافروں کی اسکریننگ کے مرحلے پر ٹیم نے اظہار اطمینان کیا۔

  • حضرت داتا گنج بخشؒ کے975ویں عرس کی تقریبات جاری، سخت حفاظتی انتظامات

    حضرت داتا گنج بخشؒ کے975ویں عرس کی تقریبات جاری، سخت حفاظتی انتظامات

    لاہور : صوفی بزرگ حضرت داتا علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے عرس کی تقریبات آج تیسرے روز بھی جاری ہیں۔ زائرین کی بڑی تعداد داتا دربار پر جمع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حضرت داتا گنج بخش کے975ویں عرس کی تقریبات کا آغاز گزشتہ روز ہوچکا ہے۔ تقریبات تین روز جاری رہیں گی، عرس کے موقع پر داتا دربار پھولوں سے سج گیا اور داتا دربار کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ دھمال نے سماں باندھ دیا۔

    عرس میں روزانہ ایک لاکھ لٹر دودھ زائرین میں تقسیم کیا جائے گا، مختلف اداروں، صاحب حیثیت اور منتیں پوری ہونے والے افراد کی جانب سے لنگر تقسیم کیا جارہا ہے، عرس کے موقع پر پولیس اہلکار چوکس ہیں جبکہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں

    آپ کا پورا نام شیخ سیّد ابو الحسن علی ہجویری ہے، کنیت ابو الحسن لیکن عوام و خواص سب میں “گنج بخش” یا “داتا گنج بخش” (خزانے بخشنے والا) کے لقب سے مشہور ہیں۔ آپ 400 ہجری میں غزنی شہر سے متصل ایک بستی ہجویر میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد بزرگوار کا اسم گرامی سید عثمان جلابی ہجویری ہے۔

    جلاب بھی غزنی سے متصل ایک دوسری بستی کا نام ہے جہاں سید عثمان رہتے تھے۔ علی ہجویری ، حضرت زید کے واسطے سے امام حسین کی اولاد سے ہیں۔

    حضرت داتا گنج بخش رحمة اللہ علیہ کی ہستی ان اولیائے کرام اور صوفیائے کرام میں سے ایک ہے ۔جنہوں نے بر صغیر پاک و ہند کے ظلمت کدوں کو نورِ اسلام سے منور کیا اور اپنے قول و فعل سے حضور اکرم ﷺ کا اسوہ حسنہ لوگوں کے سامنے پیش کیا۔

    حضرت داتا گنج بخش علی بن عثمان شیخ علی ہجویری عظیم صوفی بزرگ تھے جنہوں نے اپنی زندگی میں ہزاروں انسانوں کو مسلمان کیا۔

  • کراچی ایئرپورٹ حملہ: چارسال بعد بھی حفاظتی انتظامات جوں کے توں

    کراچی ایئرپورٹ حملہ: چارسال بعد بھی حفاظتی انتظامات جوں کے توں

    کراچی : آج سے چار سال پہلے کراچی ائر پورٹ پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کے بعد ایئر پورٹس پر حفاظتی انتطامات کرنے کے حکومتی دعوے محض دعوے ہی ثابت ہوئے، حکومتی اعلان پر آج تک عمل درآمد نہ ہوسکا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایرپورٹ پر دہشت گرد حملے کو ہوئے چار سال بیت گئے، ائر پورٹس کے حفاظتی امور بہتر بنانے کے حکومتی وعدے چار سال بعد بھی وعدے ہی رہے۔

    وفاقی حکومت نے ہوائی اڈوں کی حفاظت کو بہتر بنانے کیلئے پانچ ارب ستر کروڑ روپے خرچ کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ وعدہ ہی کیا جو وفا ہوجائے، 8جون 2014 کو کراچی ایرپورٹ پر دہشت گرد حملہ ایرپورٹس پر ہونے والے تمام دہشت گرد حملوں میں سب سے بڑا اور زیادہ جان لیوا حملہ تھا۔

    تحقیقات کے مطابق کراچی ائرپورٹ پر دہشت گرد حملہ ناکام تو بنا دیا گیا لیکن بہتر ہتھیاروں اور اہم حفاظتی سازوسامان کی کمی کے سبب جانی ومالی نقصان زیادہ ہوا۔

    اس تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ائرپورٹس کی سیکورٹی کو بہتر بنانے کیلئے وفاقی حکومت نے 5 ارب70 کروڑ روپے کے خرچ سے 50  بکتربند گاڑیوں، جدید مشین گنوں، ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹس کے علاوہ ائرپورٹس کی بیرونی حفاظت کیلئے سیکیورٹی کیمرے اور دیگر حساس آلات کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا۔

    تاہم اب تک سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذریعے اے ایس ایف کو صرف ایک ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں، مذکورہ رقم سے50کی جگہ صرف دس بکتربند گاڑیاں ہی خریدی جاسکیں جبکہ پانچ ایرپورٹس کی جگہ صرف لاہور ایرپورٹ کی بیرونی حفاظتی باڑ کو کیمروں اور سینسرز کے زریعہ محفوظ بنایا جاسکا۔


    مزید پڑھیں: ایئرپورٹ حملہ، 19افراد جاں بحق ،25 زخمی،10 دہشتگرد ہلاک


    اے ایس ایف ذرائع کا کہنا ہے کہ بقیہ چار ارب ستر کروڑ روپے کی فراہمی کیلئے ایوی ایشن ڈویژن کے ذریعہ وفاقی حکومت کو متعدد خطوط لکھے گئے لیکن حکومت نے اس بارے میں چار سال سے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سندھ میں بڑے سیلاب کاخطرہ ٹل گیا،وزیرِاعلیٰ سندھ

    سندھ میں بڑے سیلاب کاخطرہ ٹل گیا،وزیرِاعلیٰ سندھ

    سکھر: وزیرِاعلی سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں بڑے سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ہے، حفاظتی انتظامات سے مطمئن نہیں تھا، اس لئے دوبارہ دورہ کرنے آیا ہوں۔

    پنجاب سے سندھ میں داخل ہونے والے سیلاب سے ممکنہ تباہی کے خدشہ کے پیشِ نظروزیرِاعلیٰ سندھ نے حفاظتی اقدامات کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

    سکھر میں آبپاشی ماہرین نے وزیرِاعلیٰ کوبریفنگ میں بتایا کہ آج رات چارسے پانچ لاکھ کیوسک کا ریلا سندھ میں داخل ہوگا، انہیں بتایا گیا کہ سیلاب سندھ میں جن مقامات کو نقصان پہنچا سکتا تھا، وہاں حفاظتی اقدامات سخت کردیئے گئے ہیں، کچے میں رہنے والوں کیلئے کیمپس میں قیام سمیت خوراک کا بندو بست کرلیا ہے۔

    وزیرِاعلی قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ انتظامات میں غفلت برتنے والےمتعلقہ افسرکے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی، انہوں نے دریائے سندھ کے دونوں اطراف کے اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو دن رات نگرانی کرنے کا حکم دیا ہے۔