منڈی بہاؤالدین : قادر آباد بیراج کو بچانے کیلئے قریبی حفاظتی بند کودھماکے سے اڑا دیا گیا، پانی کا رخ موڑنے کیلئے حفاظتی بند کو توڑا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دریائے چناب میں قادرآباد کے مقام پر پانی کا بہاؤ 9 لاکھ کیوسک سے تجاوز کرگیا ، جس سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب پیدا ہو گیا۔
جس کے بعد قادرآباد بیراج کو بچانے کے لیے قریبی حفاظتی بند کو دھماکے سے اڑا دیا گیا اور پانی کا رخ موڑنے کے لیے اقدامات کیے گئے۔
حکام کا کہنا تھا کہ چکوڑی، کالا شادیاں، باہری، کمھب کلاں سمیت 139 گاؤں زیرِ آب آ چکے ہیں اور آئندہ چند گھنٹوں میں مزید دیہات کے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر ہزاروں افراد کو کیمپوں اور محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
سیلاب کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں قریبی علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، اور عوام کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ خطرے والے علاقوں سے فوری طور پر دور رہیں۔
صدر اور وفاقی حکومت نے بھی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑے جانے کے بعد آبی ریلے نے بہاولنگر، قصور، نارروال، جھنگ اور پاکپتن میں تباہی مچا دی، جس سے متعدد دیہات زیرآب آگئے اور فصلیں ڈوب گئیں۔
دریائے چناب کے ریلوں سے جھنگ کے علاقے بیلہ جبانہ،بستی کھوہ، جان محمد،جبانہ اورمگھیانہ میں فصلیں اوردرجنوں گھرتباہ ہوگئے جبکہ چشتیاں کے مقام پر دریا کے تیز بہاؤسے حفاظتی بند ٹوٹ گیا نشیبی بستیاں متاثر ہیں، جس سے علاقہ مکین سخت مشکلات کا شکار ہیں۔