اسلام آباد: وفاقی حکومت نے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام ’فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایمونائزیشن‘ میں اہم عہدے پر تعیناتی کر دی، ڈاکٹر خرم اکرم گھمن ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایف ڈی آئی مقرر کیے گئے ہیں۔
وزارت قومی صحت نے ڈاکٹر خرم اکرم گھمن کی بطور ڈائریکٹر ٹیکنیکل فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایمونائزیشن تعیناتی کا نوٹفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر خرم قومی اور عالمی سطح پر شعبہ پبلک ہیلتھ اور ایمونائزیشن کے حوالے سے تجربہ رکھتے ہیں، وہ ایم بی بی ایس سمیت ہیلتھ سروسز اکیڈمی سے پبلک ہیلتھ کے شعبے میں ماسٹرز کر چکے ہیں۔
ڈاکٹر خرم قومی ادارہ صحت اسلام آباد میں امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اٹلانٹا کے تعاون سے ہونے والے فیلڈ ایپیڈیمالوجی اینڈ لیبارٹری ٹریننگ پروگرام کے گریجویٹ بھی ہیں۔
پاکستان میں ملیریا کی نئی دوا کے سلسلے میں بڑی پیش رفت
ڈاکٹر خرم اکرم گھمن خیبرپختونخوا میں روٹین ایمونائزیشن اور پولیو ویکسین کے حوالے سے ہچکچاہٹ اور انکار سے متعلق چلنے والے دو اہم پراجیکٹس کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔
وہ قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کی تین رکنی ماہرین کی ٹیم کا حصہ تھے جہاں انھوں نے ورلڈ کپ کے دوران کرونا کی وبا کے خطرے کے پیش نظر بطور ایپیڈیمالوجسٹ خدمات انجام دی تھیں۔ ڈاکٹر خرم ورلڈ بینک کی پینڈیمک گرانٹ کے ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کے رکن جب کہ گاوی کے جوائنٹ اپریزل مشن میں بطور ایکسپرٹ شرکت کر چکے ہیں۔