Tag: حفیظ شیخ

  • وزیر اعظم عمران خان سے مشیر خزانہ کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے مشیر خزانہ کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات سے قبل حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا عمل تیز کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مشیر خزانہ نے آئی ایم ایف سے گفتگو پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔

    وزیر اعظم سے ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ نئے بجٹ کی تیاری کی ہدایت جاری کر دی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا عمل بھی تیز کیا جائے گا۔

    حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ بجٹ کے لیے میڈیم ٹرم اسٹریٹجی پیپر کے لیے بنیادی ہدایات دے دیں، آمدنی اور اخراجات کے اہداف کو حتمی شکل دے دی ہے۔ پاکستان آئی ایم ایف سے مذاکرات کا عمل آگے بڑھانا چاہتا ہے،۔

    انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے مشن جلد پاکستان بھیجنے کی یقین دہانی کروائی ہے، پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے مشن ہیڈ سے آج شام بات ہوگی۔ آئی ایم ایف کا مشن جلد از جلد پاکستان آئے گا۔

    خیال رہے کہ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے آج ہی اپنے عہدے کا چارج سنبھالا ہے، چارج سنبھالنے کے بعد سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگہ سے ان کی ملاقات کے دوران ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے حل کے لیے روڈ میپ زیر غور آیا۔

    حفیظ شیخ کو دو روز قبل وزیر خزانہ اسد عمر کے مستعفی ہونے کے بعد مشیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا۔

    18 اپریل کو اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں اعلان کیا تھا کہ وہ اب کابینہ میں کوئی وزارت اپنے پاس نہیں رکھیں گے۔

    ٹویٹر پیغام میں انہوں نے اے آر وائی نیوز کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ کابینہ میں رد و بدل کے عمل میں وزیر اعظم عمران خان چاہتے تھے کہ میں خزانہ کے بجائے توانائی کی وزارت سنبھالوں، تاہم میں نے ان سے درخواست کی ہے کہ مجھے کابینہ میں کوئی عہدہ نہ دیا جائے۔

  • وزارت خزانہ کا قلم دان حفیظ شیخ کو دیے جانے کا امکان

    وزارت خزانہ کا قلم دان حفیظ شیخ کو دیے جانے کا امکان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ میں ردو بدل سے متعلق مشاورت مکمل ہو گئی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کا قلم دان حفیظ شیخ کو دیے جانے کا امکان ہے۔

    وزیر اعظم آفس کے ذرایع کے مطابق وزیر اعظم کی وفاقی کابینہ میں رد و بدل سے متعلق مشاورت مکمل ہو گئی، 5 وزرا کے قلم دان تبدیل کیے جا رہے ہیں۔

    ذرایع نے بتایا کہ وزارتِ خزانہ کا قلم دان حفیظ شیخ کو دینے کا امکان ہے، جب کہ اعجاز شاہ کو وزارتِ داخلہ کا قلم دان دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    ذرایع نے مزید بتایا کہ عمر ایوب توانائی کی وزارت پر برقرار رہیں گے، علی امین گنڈا پور کو وزارت سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ غلام سرور کو امور کشمیر کی وزارت دیے جانے کا امکان ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسد عمرنے وزارت خزانہ چھوڑدی، کوئی نئی وزارت نہیں لیں گے

    واضح رہے کہ آج 18 اپریل 2019 کو تحریک انصاف حکومت کی جانب سے مقرر کردہ وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنا قلم دان چھوڑنے کا اعلان کیا، اپنے ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں رد و بدل کے عمل میں وزیر اعظم عمران خان چاہتے تھے کہ میں خزانہ کی بہ جائے توانائی کی وزارت سنبھالوں، تاہم میں نے ان سے درخواست کی ہے کہ مجھے کابینہ میں کوئی عہدہ نہ دیا جائے۔

    یاد رہے تین دن قبل اے آر وائی نیوز نے خبر دی تھی کہ وزیر اعظم عمران خان نے کارکردگی کی بنیاد پر پانچ وزرا کے قلم دان تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔